آڈیو ٹیپس خصوصی کمیٹی کی کارروائی روکنا آرٹیکل 69 کی خلاف ورزی ہے، رضا ربانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے آڈیو ٹیپس خصوصی کمیٹی کی کارروائی روکنا آرٹیکل 69 کی خلاف ورزی ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ عدلیہ کی پارلیمنٹ کی اندرونی کارروائی میں مسلسل مداخلت افسوسناک ہے، آرٹیکل 69 کہتا ہے کہ عدالتیں پارلیمنٹ کی کارروائی کے بارے میں پوچھ گچھ یا مداخلت نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی پارلیمنٹ کی توسیع ہے، اس لیے اسے استثنیٰ حاصل ہے، اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی متعدد رولنگز موجود ہیں۔
رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ آئین نے تمام اداروں کو اختیارات تقسیم کر دیے ہیں، پارلیمانی اور جمہوری نظام میں ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرنا ہوگا۔

وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے10 جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گے، وفاقی نظامت تعلیمات اداروں کے سربراہان ضروری سٹاف کو بلا سکیں گے۔
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں آج سے 2 ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوگیا ہے۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے گرم علاقوں کے پرائمری سکولوں میں بھی آج سے دو ماہ کی چھٹیوں کا آغاز ہوا ہے۔

نیب ترمیمی ایکٹ 2023 نافذ، چیئرمین نیب کے اختیارات میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین نیب کے اختیارات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نیب ترمیمی ایکٹ 2023 نافذ العمل ہوگیا۔
نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت چیئرمین انکوائریز اورانویسٹی گیشن کو بند کر کے متعلقہ اداروں کو بھجوا سکیں گے، نیب سیکشن 5 کے برعکس قائم تمام کرپشن کیسز بند کر دیئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ترمیمی ایکٹ کے مطابق چیئرمین انکوائریز، انویسٹی گیشن بند کر کے متعلقہ اداروں کو بھجوا سکیں گے۔
نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت چیئرمین نیب کی عدم دستیابی پر ڈپٹی چیئرمین کواختیارات حاصل ہوں گے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی ہو گئی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی لارجربنچ نے کیس کی سماعت کی، حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد صدر مملکت کے دستخط کے بعد قانون بن گیا ہے۔
دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل پر نظرثانی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ کی مشاورت سے اب قانون میں ترمیم ہو گی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا نظرثانی سے قوانین میں ہم آہنگی آئے گی، اٹارنی جنرل نے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اور نظرثانی قانون دونوں میں کچھ شقیں ایک جیسی ہیں، دونوں قوانین کے باہمی تضاد سے بچنے کیلئے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ سپریم کورٹ کے معاملے سے ڈیل کررہے ہیں، ان معاملات پر مشاورت ہو گی تو تنازع ہی نہیں ہو گا، آپ چاہتے ہیں توفل کورٹ والے نکتے پر دلائل سن لیتے ہیں، اگر قانون پر نظرثانی کر رہے ہیں تو یہ ایک اکڈیمک مشق ہو گی، ہم اس تنازع کا پہلا سکوپ طے کر لیتے ہیں، سکوپ طے کرنے سے سماعت کا طریقہ کار بھی فوکس ہوجائے گا۔
بعدازاں عدالت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ کیخلاف درخواستوں پرسماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں ایک ساتھ بڑی کمی کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 37 روپے فی کلو کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 37 روپے کمی کی گئی ہے، ایل پی جی کی نئی قیمت 196 روپے 75 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، قیمتوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد ہے۔
نئی قیمتوں کے تحت گھریلو سلنڈر کی قیمت 438 روپے کمی کے بعد 2322 روپے ہو گئی ہے جبکہ کمرشل سلنڈر 1686 روپے کم ہو کر 8933 روپے میں فروخت ہوگا۔

سسرال ہو یا والدین شادی شدہ زندگی میں رشتوں کا توازن برقرار رکھنا چاہیے: حبا بخاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ حبا بخاری نے کہا ہے کہ سسرال ہو یا والدین کا گھر، شادی شدہ زندگی میں رشتوں میں توازن برقرار رکھنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حبا بخاری نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ والدین کا انسان کی زندگی میں ایک اہم مقام ہوتا ہے اور یہ کوئی دوسرا نہیں لے سکتا، اسی طرح شوہر کے حوالے سے جو رشتے بالخصوص ساس سسر وغیرہ کا اپنا ایک مرتبہ اور اہمیت ہوتی ہے، ہر رشتے اور تعلق کی ایک اہمیت ہے تاہم کوئی رشتہ دوسرے کی جگہ نہیں لے سکتا۔
حبا بخاری کا کہنا تھا کہ شادی شدہ زندگی میں اہم بات یہ ہے کہ آپ ان رشتوں میں توازن کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ انکی ساس نہایت ہی نفیس اور ساتھ دینے والی خاتون ہیں، ان کے اپنے والدین نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ خاندان کے ارکان کی اہمیت ہوتی ہے۔

‘ساس کھانا تک نہیں دیتی’، انعمتا قریشی کے سسرالیوں پر الزامات

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ انعمتا قریشی نے اپنے سسرالیوں پر ناروا سلوک کے الزامات عائد کر دیئے۔
انعمتا قریشی نے انسٹا گرام پر متعدد سٹوریز پوسٹ کیں جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے خاوند سارنگ کی والدہ اور بہن سمیت رشتے دار ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں جسے وہ بارہا نظر انداز کردیتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے اپنی ساس پر سنگین نوعیت کے لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی ساس انہیں برا کہنے اور بے عزت کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں، ان کی ساس اس سوچ کی مالک ہیں جو اپنی بہوؤں پر حکمرانی کے خواب دیکھتی ہیں اور انہیں آزادانہ زندگی گزارنے کا حق نہیں دیتیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میری ساس مجھے گزشتہ کئی عرصے سے جسمانی و زبانی تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں جب کہ ان کی بہن فرحین قاضی نے میری والدہ پر تشدد کیا جس سے ان کا پاؤں فریکچر ہو گیا۔
انعمتا قریشی نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر کام کے سلسلے میں گھر سے دور ہوتے ہیں اس دوران ان کی ساس ان پر ظلم و ستم ڈھاتی ہیں، یہاں تک کہ انہیں کھانے تک کو نہیں دیتیں اور ساس کی وجہ سے انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے، وہ راشن کی سب چیزیں ان سے چھپائے رکھتی ہیں۔
انسٹا گرام سٹوری پر اداکارہ نے کہا کہ ان کی ساس کا کہنا ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں اس لیے میرے ساتھ گھر نہیں بسایا جا سکتا۔
اپنے شوہر سے متعلق انعمتا نے کہا کہ سسرالیوں کے برے سلوک کے برعکس اس سارے معاملے میں شوہر ان کا ساتھ دیتے ہیں اور وہی ان کی طاقت بنے ہوئے ہیں۔
تاہم اداکارہ نے اپنی سٹوریز میں مداحوں سے اپنے مسائل حل ہونے کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
واضح رہے کہ انعمتا قریشی نے جنوری 2020 میں دیرینہ دوست سارنگ قاضی سے شادی کی تھی، ان کے ہاں شادی کے دو سال بعد جنوری 2022 میں بیٹے سائرس کی پیدائش ہوئی تھی۔

صبا قمر کا سپر ہٹ بالی ووڈ فلمیں ٹھکرانے کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ صباء قمر نے سپر ہٹ بالی ووڈ فلمیں ٹھکرانے کا انکشاف کیا ہے۔
پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کی ہر دور میں دنیا قدردان رہی ہے، ہمارا ڈرامہ ہو یا فلمیں، پاکستانی اداکاروں کی پرفارمنس کو ہر ملک میں پسند کیا جاتا ہے، یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ کئی بھارتی اداکار اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستانی ڈراموں کو دیکھ کر ہی اداکاری سیکھی ہے۔
سرمائے کے حجم کے اعتبار سے بالی ووڈ کی انڈسٹری بہت بڑی ہے اور بیشتر بھارتی فلم ساز چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے باصلاحیت اداکاروں کو اپنی فلموں میں کاسٹ کریں، تاہم پاکستانی فنکاروں نے جب بھی بھارتی فلموں میں کام کیا ہے تو انہوں نے اپنے قد کو اونچا رکھتے ہوئے ہی فلموں کا انتخاب کیا ہے۔
فن اور امن کے فروغ کے لیے پاکستانی فنکار ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں، تاہم بہت سے پاکستانی فنکار ایسے ہیں جنہوں نے بالی ووڈ کی بڑی پیشکش چھوڑ دیں۔
پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی سپر سٹار صباء قمر چھوٹی سکرین سے بڑے پردے تک بھرپور اداکاری کی صلاحیتیں دکھاتی آئی ہیں، صباء کی اداکاری میں جذبات اس قدر نمایاں دکھائی دیتے ہیں کہ ناظرین ان کے ہر کردار میں کھو جاتے ہیں۔
صباء کو ایک نہیں بلکہ متعدد بار بالی ووڈ فلموں کی پیشکش ہوئی، صبا قمر کو بھارتی اداکار سیف علی خان کے ساتھ فلم ’’لو آج کل‘‘، ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم ’’دلی 6‘‘ اور ایکتا کپور کی فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش کی گئی، تاہم صبا نے ان تمام فلموں کو ٹھکرا دیا تھا۔
معروف ادکارہ صباء قمر کا موقف تھا کہ ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ پاکستانی شوبز انڈسٹری رہی ہے۔
صباء نے کہا ہے کہ ان کی سوچ یہی تھی کہ اگر انہیں بالی ووڈ کے سپرسٹارز جیسے کسی ’’خان‘‘ یا ’’کپور‘‘ کے ساتھ کام کی پیشکش کی جاتی تو وہ اسے قبول کرتیں۔
یاد رہے کہ 2017ء میں صبا نے بھارتی اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں شاندار اداکاری کی تھی، اس فلم میں صباء کی اداکاری کو اس قدر پسند کیا گیا کہ بھارت سے انہیں متعدد فلموں کی پیشکش ہوئی تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کو دیکھتے ہوئے صبا نے کسی بالی ووڈ فلم ساز کی پیشکش قبول نہیں کی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کیلئے سری لنکا کو موزوں قرار دے دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ کیلئے سری لنکا کو موزوں قرار دے دیا، بھارت چاہتا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں۔
ایشین کرکٹ کونسل کی ابتدائی میٹنگ میں یو اے ای وینیو کو مسترد کرنے کی بات چیت ہوئی جبکہ بھارت پاکستان کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر انکاری ہے، بھارت نے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم نہ کیا تو ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت بھی مشکوک ہو جائے گی۔
ادھر اے سی سی پاکستان کے بغیر ایشیا کپ کی تیاریوں کیلئے دیگر بورڈز کے ساتھ اجلاس کر رہا ہے، ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے تاہم بھارت پاکستان کے بغیر دیگر ایشیائی ممبر بورڈ کے ساتھ پلان بی پر بھی کام کر رہا ہے۔
آئی سی سی کا وفد پاکستان میں پی سی بی کو منانے لاہور آیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کبھی بھی ہمارے میچز نیوٹرل وینیو پر نہیں رکھے گا، حکومت نے اجازت دی تو ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائیں گے۔

سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز، راشد خان پہلے 2 میچز سے باہر ہوگئے

کابل: (ویب ڈیسک) سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان پہلے 2 میچز سے باہر ہوگئے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکا کیخلاف ایک روزہ میچز کی سیریز سے قبل راشد خان انجری کا شکار ہوگئے ہیں، راشد خان کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں جنہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ راشد خان تیسرے ون ڈے میچ میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہمبنٹوٹا میں شیڈول 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ رواں ماہ کی 2 تاریخ کو، دوسرا 4 اور تیسرا میچ 7 جون کو کھیلا جائے گا۔

فرنچ اوپن ٹینس: نواک جوکووچ اور کارلوس الکاراز تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے

پیرس : (ویب ڈیسک) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نواک جوکووچ اور ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز فرنچ اوپن ٹینس میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ہنگری کے ٹینس کھلاڑی مارٹن فوکسووکس کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7)،0-6 اور 3-6 سے شکست دی۔
تیسرے راؤنڈ میں نواک جوکووچ کا مقابلہ سپین کے حریف کھلاڑی الیجینڈرو ڈیوڈووچ فوکینا سے ہوگا۔
ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی حریف تارو ڈینئیل کو 1-6، 6-3، 1-6 اور 2-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کارلوس الکاراز کا مقابلہ کینیڈین حریف کھلاڑی ڈینس وکٹورووچ شاپووالوف سے ہوگا۔
دوسرے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں برطانوی ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری، اطالوی کھلاڑی فابیو فوگنینی،یونانی کھلاڑی سٹیفانوس،پاؤلش ہوبارٹ ہرکاز،روسی کھلاڑی آندرے روبلوف اور روسی کے ہی کیرن خچانوف نے کامیابی حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

دو لاکھ عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں: سعودی وزارت حج وعمرہ

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے دو لاکھ سے زائد عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے نے سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کردہ اعداوشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ حج سیزن کےآغاز سے اب تک دولاکھ سے زیادہ حج زائرین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 25 ہزارحج زائرین امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ جبکہ 7 ہزار سے زیادہ زمینی راستے سے مدینہ پہنچے ہیں۔
مدینہ پہنچنے والوں میں سے سب سے زیادہ حج زائرین کا تعلق انڈونیشیا سے ہے جبکہ اس حوالہ سے بھارت دوسرے ، پاکستان تیسرے اور بنگلہ دیش چوتھے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ 20 ہزار سے زیادہ حج زائرین مسجد نبوی کی زیارت کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوچکے ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے اقدامات
دوسری جانب سعودی وزارت صحت نے کہاہے کہ حج سیزن کو امراض سے پاک بنانے کے لیے وزارت صحت کے اقدامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں حج سیزن کے دوران عازمین حج کو صحت خدمات کی فراہمی کے لیے 14 ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں پر ہیلتھ سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں ۔
امراض کے سدباب کے لیے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پراحتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں، صحت انتظامات حج سیزن کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے پہلی دفاعی لائن ہے۔
وزارت نے کہا کہ کوشش ہے حج سیزن کے دوران متعدی اور وبائی امراض کو پھیلنے سے روکا جائے ، ایک طرف امراض سے بچاؤ کی حکمت عملی تیار کی ہے تو دوسری جانب بیماریوں میں مبتلا افراد کو علاج کی سہولتوں فراہم کی جارہی ہیں۔
وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ عازمین حج کے سامان کے حوالے سے بھی کچھ پابندیاں لگائی گئی ہیں، عالمی ادارہ صحت کی رپورٹوں کے تناظر میں صحت پالیسی پر نظرثانی کی جاتی رہتی ہے۔

اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم اور سعودی رجوہ آل سیف کی شادی آج ہوگی

عمان : (ویب ڈیسک) اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم اور سعودی دوشیزہ رجوہ آل سیف کی شادی کا وقت آن پہنچا، یہ شادی اردن سمیت پورے خطے اور دنیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم اور سعودی رجوہ آل سیف کی شادی کی مرکزی تقریب آج شام عمان کے زہران پیلس میں منعقد ہو گی ، شاندار شادی کی تقریب کی لائیو کوریج شام 4:00 بجے شروع ہوگی۔
اس تقریب میں دنیا بھر سے معزز مہمان، سربراہان مملکت، سیاسی و سفارتی شخصیات اور قریبی دوست اور شاہی خاندانوں کے افراد شرکت کریں گے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی تقریب میں شرکت کریں گے ۔
دنیا بھر کی مختلف معزز شخصیات کی جانب سے شہزادے کو تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ، مستقبل کے حکمران شہزادہ حسین کی اہمیت کے پیش نظر یہ خاص موقع شاہی خاندان اور اردن کے لوگوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
گزشتہ روز اردن کے سربراہ شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے ولی عہد کی شادی کی خوشی میں ہاشمی کورٹ میں عشائیہ دیا ، شاہ عبداللہ دوم نے اس موقع پر بیٹے کو ’’ہاشمی تلوار‘‘کا تحفہ دیا ہے۔
اردن کے شاہی پروٹوکول کے مطابق شادی کی تقریب میں “سرخ جلوس” نکالا جائے گا ، “سرخ جلوس” اردن کے دارالحکومت عمان میں قصر زہران سے قصر الحسینیہ تک گلیوں میں گھومے گا جہاں ہزاروں اردنی شہری جلوس کے راستے میں شادی کا جشن منائیں گے۔
یہ جلوس 20 لینڈ روور کاروں پر مشتمل ہوتا ہے، ان کاروں میں سے 14 جلوس میں شریک اور 6 ریزرو کاریں ہوتی ہیں، 10 موٹر سائیکلیں بھی جلوس میں شامل ہوتی ہیں۔
سرخ جلوس کی اس شاندار روایت کی جڑیں 25 مئی 1946 کو اپنی آزادی کے بعد اردن کے قیام سے ملتی ہیں، اسے سرکاری ہاشمی جلوس ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جو اہم تقریبات اور سفارتی استقبالیہ کے دوران بادشاہوں کے ساتھ جاتا ہے۔
شاہی جوڑے کی شادی کے دن اُردن میں سرکاری چھٹی ہوگی جبکہ تقریب میں پوری دنیا سے بڑے نام شرکت کریں گے ، دارالحکومت میں عرب گلوکاروں کا ایک مفت کنسرٹ بھی ہوگاا ور بعض تقریبات میں شرکت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس چلائی جائے گی ، جبکہ تمام صوبوں میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
ولی عہد حسین بن عبداللہ کون ہیں؟
شہزادہ حسین 28 جون 1994 کو اُردن کے دارالحکومت عمان میں پیدا ہوئے، وہ شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کے بڑے بیٹے ہیں، اُن کے ایک بھائی شہزادہ ہاشم اور دو بہنیں، ایمان اور سلمیٰ، ہیں۔
شہزادہ حسین نے سنہ 2012 میں اُردن میں کنگز اکیڈمی سے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی جس کے بعد انھوں نے 2016 میں امریکہ کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے بین الاقوامی تاریخ میں اپنی ڈگری حاصل کی۔
سال 2017 میں، انھوں نے رائل ملٹری اکیڈمی سے گریجویشن کیا، وہی اکیڈمی جہاں سے اُن کے والد شاہ عبداللہ دوم اور ان کے دادا شاہ حسین بن طلال نے گریجویشن کیا تھا اور اب وہ اُردن کی مسلح افواج میں کپتان کے عہدے پر فائز ہیں۔
شہزادہ حسین کو 2 جولائی 2009 کو ولی عہد نامزد کیا گیا تھا۔
22 ستمبر 2017 کو شہزادہ حسین نے لگ بھگ 20 سال کی عمر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی جس کے بعد سلامتی کونسل کے کسی اجلاس کی صدارت کرنے والے اب تک کے سب سے کم عمر شخص بن گئے۔
گذشتہ چند برسوں کے دوران شہزادہ حسین اپنے والد کے ہمراہ اُردن کے اندر اور بیرون ممالک دوروں پر آتے جاتے رہے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ وہ چھوٹی عمر سے ہی اپنے والد کے ساتھ کئی سرکاری اور فوجی سرگرمیوں میں نظر آتے تھے۔
رجوہ آل سیف: اردن کے ولی عہد کی منگیتر
28 اپریل 1994 کو ریاض میں پیدا ہونے والی رجوہ خالد بن مساعد السیف کا تعلق سعودی عرب کے ایک ممتاز خاندان سے ہے جس کی جڑیں سبا قبیلے سے ملتی ہیں۔
شاہ عبدالعزیز آل سعود کے دور سے ہی ان کا خاندان سعودی عرب کے وسطی علاقے نجد میں واقع سدیر کے شہر العطار میں مشہور اور معزز سمجھا جاتا ہے ، ان کے والد آل سیف انجینئرنگ کنسلٹنٹس کے نام سے ایک معروف کمپنی کے مالک ہیں۔
رجوہ نے سعودی عرب میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نیویارک کی سائراکیز یونیورسٹی میں فن تعمیر میں ڈگری حاصل کی ، اس کے علاوہ انہوں نے امریکہ میں فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن اینڈ مرچنڈائزنگ سے بصری مواصلات میں پیشہ ورانہ ڈگری بھی حاصل کی ہے۔
رجوہ آل سیف اپنے منفرد ثقافتی پس منظر، متنوع صلاحیتوں اور وسیع علم کی وجہ سے مستقبل کی ملکہ اردن کے طور پر شاہی ذمہ داریوں کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہیں۔
اس جوڑے کی منگنی کا باقاعدہ سرکاری اعلان گذشتہ سال 10 اگست کو کیا گیا تھا ۔