چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات

لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک، آسٹریلیا تعلقات، دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی اور ملاقات کے دوران جمہوریت کے فروغ و استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی کے حوالے سے تحریک انصاف کے فلسفہ و منشور پر مفصل گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران انسانی حقوق کے عالمی چارٹر، پاکستان میں بنیادی حقوق خصوصاً خواتین اور سیاسی کارکنان کے حقوق کی کیفیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کے معیار، معاشی چیلنجز اور تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری جیسے امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

سپریم کورٹ : آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازلاحسن، جسٹس منیب اختر ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئر مین عمران خان اور دیگر کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف درخواستوں پر نیا بینچ بنانے کی استدعا کی تھی۔
وفاقی حکومت کی درخواست میں بینچ کے 3 ممبران پر اعتراض کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر آڈیو لیکس کیس نہ سنیں اور تینوں معزز ججز 5 رکنی لارجر بنچ میں بیٹھنے سے انکار کر دیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 20 مئی کو ججز کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم افغان پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے آڈیو لیکس کمیشن کو کام سے روک رکھا ہے۔

عمران خان مختلف کیسز میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج مختلف کیسز میں نیب اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، سابق وزیراعظم زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم زمان پارک لاہور سے سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے، عمران خان کے ہمراہ ایلیٹ فورس کی سکیورٹی بھی موجود ہوگی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہمراہ ان کے وکلاء کی ٹیم بھی اسلام آباد ہائیکورٹ جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی نیشنل کرائم ایجنسی ( این سی اے ) 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں درخواست ضمانت پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں ڈویژن بینچ عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کی دیگر دو درخواستوں پر بھی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔
عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت دوپہر 2 بجے ہوگی جبکہ عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی پر نکالی گئی ریلی پر درج مقدمہ اور نامعلوم مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر ہوگی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی آج 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گی اور وہ احتساب عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کریں گی۔
دوسری جانب عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان اور بیلا روس کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ کیے اور مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلیے ویزا سے استشنیٰ کا معاہدہ ہوا جس کے تحت سرکاری، سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کیلیے ویزے کی شرط ختم ہوجائے گی۔
مزید برآں وزیرخارجہ بلاول بھٹواوربیلا روس کےوزیرخارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جائے گا، سفارتی پاسپورٹس کےحامل افراد کوویزا سےاستثنیٰ کےمعاہدہ سےدونوں ملک مستفید ہوں گے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں بیلا روس کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بہترین مہمان نوازی پروزیرخارجہ کا شکرگزارہوں ،پاکستان کے ساتھ معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

عوام کی حمایت سے بننے والی حکومت ہی مسائل سے نکال سکتی ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر عوام کی حمایت سے بننے والی حکومت ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے کیونکہ پاکستان کو بڑے فیصلوں سے بچایا جاسکتا ہے، میں اپنے حقیقی آزادی کے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا اور غلامی سے بہتر موت کو قبول کروں گا اور آزادی کیلئے جان تک قربان کر دوں گا۔
لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کا علم ہے کہ عدلیہ شدید دباؤ میں ہے اور ججز کے پاس نامعلوم نمبروں سے کالز آرہی ہیں، ججز کو فون کر کے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ تمہاری فائلیں ہمارے پاس پڑی ہیں اگر حکم نہ مانا تو کھول دی جائیں گی مگر مجھے عدلیہ سے امید ہے کہ وہ ہی ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ایف آئی اے سمیت تمام اداروں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور وہ سب کچھ بھول کر اب تحریک انصاف کے خلاف مقدمات دیکھ رہے ہیں، پولیس اس رویے اور گرفتاریوں پر خوش نہیں ہے جبکہ ایماندار سرکاری افسران بھی اس رویے پر ناخوش ہیں، گھر مسمار، کاروبار بند کرنے اور بچوں کو دھمکیاں دینے جیسے مظالم کے باوجود لوگ ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے کہہ دیا ہے اگر دباؤ زیادہ ہے تو چھوڑ دو مگر امیدوار کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو خیرباد کہا تو عوام ہمیں تسلیم نہیں کریں گے، ملک کی تاریخ میں کبھی ایسا سیاسی دباؤ نہیں ڈالا گیا، سارے ادارے مل کر یہ کام کر رہے ہیں اور ان دانستہ اقدامات کی وجہ سے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے جبکہ جرائم روکنے والے اداروں کو تحریک انصاف کو ختم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں بات چیت کرنے کو تیار ہوں مگر مجھے یہ سمجھا دیں کہ میرے بعد کیا ہو گا؟ یہ ایک پارٹی بنا کر ووٹر کو تقسیم کریں گے اور اُس میں پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو شامل کریں گے، یہ مخلوط حکومت قائم کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کو تو عوام ووٹ ہی نہیں دیں گے، مخلوط حکومت ملکی مسائل کا حل نہیں، یہ اب تیسری بار بھی مجھ پر حملہ کریں گے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے سکیورٹی افسر کرنل عاصم کو بھی اٹھا لیا گیا ہے اور وہ چار روز سے لاپتہ ہے، عوام گھبرائیں نہیں کیونکہ آپ سے زیادہ خطرہ مجھے ہے، عوام کو بھی اب کھڑا ہونا پڑے گا کیونکہ اگر ہم جبر کے آگے خاموش ہو گئے تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی، آزادی کیلئے جدوجہد کرنے کے دوران آنے والی موت عظیم ہے، ہمیں حقیقی آزادی پر ڈٹ جانا ہوگا۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما راجہ یاسر ہمایوں کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ہمایوں نے بھی سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
سابق صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔
دوسری جانب تحریک انصاف پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری کامران بنگش نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری، نجی اور عسکری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے۔
سابق صوبائی وزیر کامران بنگش نے مزید کہا ہے کہ پاک فوج کی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاک فوج کے خلاف ہر قسم کے اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

جناح ہاؤس حملہ: جے آئی ٹی کا عمران خان کا تحریری جواب قبول کرنے سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) جناح ہاؤس حملہ کیس کی جے آئی ٹی کی جانب سے نمائندوں کے ذریعے عمران خان کا تحریری جواب قبول کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے ملزم کی لیگل ٹیم کو نہیں بلایا گیا تھا جس کے باعث جے آئی ٹی سربراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے عمران خان کے مقرر کردہ نمائندوں کی ملاقات نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے موقف اپنایا کہ لیگل ٹیم ملنے کی مجاز نہیں ہے، لیگل ٹیم سے ملاقات طے نہیں تھی، عمران خان کے پیش نہ ہونے پر قانون کے مطابق اگلا نوٹس جاری کیا جائے گا۔

آنے والے چیف جسٹس مسلم لیگ (ن) کو انصاف دینا چاہتے ہیں: جاوید لطیف

سرگودھا: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والے چیف جسٹس آئین اور قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں اور وہ مسلم لیگ (ن) کو انصاف دینا چاہتے ہیں۔
سرگودھا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکے کرنے والے کو ہائی جیکر بنا کر سزا دی گئی، قاضیوں نے یہ فیصلے کیے تھے، سی پیک کا منصوبہ شروع کرنے والے کو نااہل کیا گیا، 2014 میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس پر حملے کرنے والوں کو روکا نہ گیا، اگر قاضی اس وقت فیصلے درست کرتے تو 9 مئی کا واقعہ نہ ہوتا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ 9 مئی کیلئے ایک سال ٹریننگ دی گئی، ان کو لالچ دے کر ورغلایا گیا، اداروں میں بیٹھے چند لوگوں نے سہولت کاری کی تھی، عالمی ایجنڈے کو تقویت دی، پیٹ پر پتھر باندھ کر سی پیک کو روکنے کی سازش تھی، آئندہ چند روز میں انکشافات کر کے پاکستان مخالف عالمی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کام کرنے والوں کو سامنے لائیں گے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے چیف جسٹس آئین اور قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں، وہ مسلم لیگ (ن) کو انصاف دینا چاہتے ہیں، ملک کے سپریم چیف صرف نواز شریف ہیں، سارے چیف اکٹھے ہو کر بہتر طریقے سے ملک چلا سکتے ہیں اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا، 9 مئی کے کردار سامنے لائیں گے تو 2017 والے کردار از خود بے نقاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو بحران میں ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، امپورٹڈ کون، غیر ملکی قوتوں کا آلہ کار وہی لوگ ہیں، مسلم لیگ (ن) الگ الیکشن لڑے گی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے الیکشن نہیں لڑیں گے، میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں کی جائیں گی تو حالات بہتر نہیں ہوں گے، موجودہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر کی گئی ہے۔

سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

گلگت: (ویب ڈیسک) سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرا دی گئی۔
سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک صوبائی وزیر جاوید منوا اور سینئر صوبائی وزیر راجہ زکریا نے جمع کرائی، سپیکر قانون ساز اسمبلی سید امجد زیدی اور ڈپٹی سپیکر نذیر احمد ایڈوکیٹ کے درمیان ڈھائی سال کا معاہدہ طے ہوا تھا۔
ڈپٹی سپیکر نذیر احمد ایڈوکیٹ کی جانب سے مذاکرات ناکام ہونے پر عدم اعتماد جمع کرائی گئی، پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے سپیکر قانون ساز اسمبلی امجدی زیدی کو منانے کی کوشش ناکام ثابت ہوئی جس کے بعد عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔

جامشورو: مکان کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق

جامشورو: (ویب ڈیسک) خستہ حال مکان کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 بچے دم توڑ گئے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ کوٹری کے علاقے ببر سٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں طوفانی برسات اور تیز آندھی کے باعث مکان کی دیوار گرگئی، اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالے بچوں میں 7 سالہ عاصمہ، 10 سالہ فرحانہ اور 11 سالہ محمد یوسف شامل ہیں جبکہ گل محمد اور محمد نواز خان سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو بلاول میڈیکل کالج ہسپتال کوٹری منتقل کردیا۔

ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، مشکلات کو سامنے رکھ کر بجٹ تیار کریں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، مشکلات کو سامنے رکھ کر بجٹ تیار کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریفیں کر رہے تھے، جب بھی پاکستان ٹیک آف کرتا ہے توعجیب سانحہ ہو جاتا ہے، ہمیں بلیم گیم میں نہیں پڑنا بلکہ ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مشکل ترین فیصلے کیے، ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، مشکل وقت ہے مل کر کام کرنا ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اکانومی سوئچ آن آف کر کے ٹھیک نہیں ہوگی بلکہ اس کی بہتری میں وقت لگے گا، ہم سب کو پتا ہے کہ اکانومی کا پہیہ بہت سلو ہے، تنگی ہے تو اسی کے مطابق چلنا ہے، کوشش ہے کہ بجٹ عوام اور کاروبار دوست بنائیں۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں علی محمد خان اور شہریار آفریدی کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنماؤں علی محمد خان اور شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو تیسری بار خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے، پولیس نے علی محمد خان کی گرفتاری کی وجوہات نہیں بتائیں، علی محمد خان کو کچھ دیر قبل ہی لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر رہا کیا گیا تھا۔
علی محمد خان کی رہائی کے حوالے سے اڈیالہ جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر مملکت علی محمد خان کو نظری بندی کی مدت پوری ہونے پر رہا گیا، تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے احکامات پر رہا ہوئے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو پولیس نے اڈیالہ جیل سے رہائی ملنے کے بعد حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق شہریار آفریدی کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما کو پندرہ روز نظر بندی کے بعد رہا کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر گرفتار خواتین پر تشدد کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے: آئی جی پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوتی ہے، سوشل میڈیا پر خواتین سے متعلق جعلی پوسٹیں لگائی جا رہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ گرفتار خواتین پرتشدد کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جھوٹی اور ماضی کی تصاویر ٹوئٹس کی جا رہی ہیں، تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ ایسی ٹوئٹس نہ کی جائیں، عوام اپنے اداروں پر اعتماد رکھیں، جھوٹ کا سہارا کب تک لیں گے اور اپنا تھوکا کب تک چاٹتے رہیں گے، جیل کے اندر اور باہر کیمرے لگے ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹرانوش چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ کل جیل کے اندر جا کر خواتین سے ملاقات کی، جیل کے اندر خواتین والی سائیڈ پر مرد حضرات نہیں جا سکتے، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے حوالے سے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔