رواں برس یوکرین سے روسی فوج کو نکالنا مشکل ہوگا : امریکا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ رواں برس روسی افواج کو یوکرینی علاقوں سے نکالنا کافی مشکل ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں امریکا کے رامسٹین ائیر بیس میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر جنرل مارک ملی نے کہا کہ یوکرین کیلئے یہ انتہائی مشکل ہوگا کہ وہ رواں سال ہی اپنی زمین روسی قبضے سے آزاد کروا لے۔
جرمنی میں یوکرین کی دفاعی امداد کیلئےاجلاس میں شریک 50 ممالک کے دفاعی حکام یوکرین کو جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس لیپرڈ-2 ٹینک فراہم کرنے کے حوالے سے ہونے والی بحث میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تاہم یوکرین کی دفاعی امداد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔
اجلاس کے آغاز میں یوکرین کے صدر زیلنسکی نے شرکاء سے مزید اسلحہ فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے شروع کی گئی جنگ ہمیں مزید تاخیر کی اجازت نہیں دیتی۔
اس موقع پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ نئی فوجی امداد سے یوکرین کو روس کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی، یوکرین کی حمایت کے لیے ہمار عزم طویل مدتی ہے۔
دوسری جانب سینیئر امریکی حکام کی جانب سے یوکرین کو امریکی اسلحے کی سپلائی اور فوجی تربیت کے تکمیل سے قبل روس کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام سے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے یوکرین کے لیے 2.5 بلین ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان بھی کیا ہے جس میں سینکڑوں بکتر بند گاڑیاں اور یوکرین کے فضائی دفاع کے لیے سپورٹ شامل ہے۔
اس امدادی پیکج میں 59 بریڈلی فائٹنگ وہیکلز، 90 سٹرائیکر آرمرڈ پرسنل کیریئرز، 53 بارودی سرنگوں سے بچنے والی گاڑیاں اور 350 اعلیٰ صلاحیت والی ملٹی مشن وہیلڈ گاڑیاں شامل ہیں۔
مجموعی طور پر امریکہ روسی فوجی آپریشن کے آغاز سے لے کراب تک یوکرین کو 27.4 بلین ڈالر سے زیادہ کی سیکورٹی امداد مختص کرچکاہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 24 فروری کو روسی صدر پوتن نے یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔

اردن کا امریکا سے نئے ایف 16 طیارے خریدنے کیلئے معاہدہ

عمان: (ویب ڈیسک) اردن کی فضائیہ نے امریکا سے نئے ایف 16 طیارے خریدنے کیلئے اربوں ڈالر کا معاہدہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نےان طیاروں کی فروخت کی منظوری گزشتہ برس فروری میں دی تھی ۔
دارالحکومت عمان میں اردن کے ایئرفورس کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد حیاست اور امریکی مشن کے ڈپٹی چیف روہت نیپال نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اردن کی خبر ایجنسی کے مطابق عرب ملک کی فضائیہ نے بیان میں کہا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی صلاحیت میں اضافے ، جنگ کی تیاری اور امریکا کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کیا جائے گا اور خطے میں دہشتگردی کی روک تھام اور امن کے فروغ کیلئے کام ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق ان طیاروں کی مالیت کا تخمینہ 4.21 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ، اردن کی فضائیہ کے پاس 44 ایف 16 طیارے ہیں ، فضائیہ ان طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کے بجائے امریکا سے 16 نئے ویریئنٹ کے طیارے خرید رہی ہے۔

امریکا : پولیس اہلکاروں پر آگ بجھانے والا سپرے کرنیوالی خاتون گرفتار

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن بین الاقوامی ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر فلائٹ اٹینڈنٹ اور پولیس اہلکاروں پر آگ بجھانے والا سپرے کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جینیفر نامی خاتون نے آگ بجھانے والے آلہ کا استعمال کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے اندر سپرے کیا جسکے نتیجے میں وہاں موجود لوگوں کی حالت غیر ہوگئی۔
پولیس حکام نے جب خاتون کو روکنے کی کوشش تو جواباً خاتون نے ان پر بھی سپرے چھڑک دیا تاہم اہلکار اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام نے مزید بتایا کہ سپرے کے باعث تین فلائٹ اٹینڈنٹ کو سانس لینے میں دشواری کا مسئلہ پیش آیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا گیا جبکہ خاتون کو اس واقعے کے بعد کلیٹن کاؤنٹی جیل بھیج دیا گیا ہے۔

نیٹو اتحادی یوکرین کو ’’ لیپرڈ ٹینک ‘‘ بھیجنے پر اتفاق کرنے میں ناکام

برلن : (ویب ڈیسک) جرمنی میں منعقدہ اجلاس کے دوران امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین کو جرمن جنگی ’’ لیپرڈ ‘‘ ٹینکوں کی فراہمی کے معاملے پر اتفاق کرنے میں ناکام ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تقریباً 50 ممالک کے نیٹو اور دفاعی رہنماؤں نے جمعے کے روز جرمنی میں امریکن رامسٹین ایئر بیس پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاءیوکرین کو جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس لیپرڈ-2 ٹینک فراہم کرنے کے حوالے سے ہونے والی بحث میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تاہم دفاعی امداد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے ایک بار پھر جرمنی پر دباؤ ڈالا کہ وہ ماسکو کی افواج کو پیچھے ہٹانے کے لیے جرمن ساختہ لیپرڈ 2 ٹینکوں کی یوکرین کو فراہمی کے لیے مثبت اقدامات کرے۔
جرمنی کے وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے اس بات کی تردید کی کہ برلن یکطرفہ طور پر یوکرین کو لیپرڈ 2 ٹینکوں کی فراہمی کو روک رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر اتحادیوں کے درمیان اتفاق رائے ہو جائے تو ان کی حکومت اس معاملے پر تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے تفصیل بتائے بغیر کہا کہ ٹینکوں کی فراہمی کی اچھی وجوہات ہیں اور اس کے خلاف بھی اچھی وجوہات ہیں، اور تقریباً ایک سال سے جاری جنگ کی تمام صورت حال کو دیکھتے ہوئے تمام نفع و نقصان کو بہت احتیاط سے وجوہات پر تولا جانا چاہیے، بہت سے ایسے اتحادی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اس نقطہ نظر سے متفق ہیں جو میں نے یہاں پیش کیا ہے۔
پسٹوریئس نے کہا کہ ٹینک بھیجنے کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے تاہم ہم جلد از جلد اپنے فیصلے کر لیں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ مختصر مدت میں کوئی فیصلہ ہو جائے گا، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ فیصلہ کیسا لگے گا۔
رپورٹس کے مطابق ٹینک فراہم کرنے پر راضی نہ ہونا اس طرح کے ہتھیاروں کی فراہمی پر نیٹو کے اندر بڑھتی ہوئی تقسیم کا اشارہ دے سکتا ہے، لیپرڈ ٹینکوں کو خاص طور پر موزوں دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ بڑے پیمانے پر استعمال میں ہیں۔

اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

پشاور: (ویب ڈیسک) اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام کی منظوری دے دی گئی۔
واضح رہے کہ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی جانب سے گزشتہ روز گورنر کے پی کو نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، دونوں رہنماؤں نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات گزشتہ روز پشاور میں ہوئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی کا کہنا تھا کہ دو، تین نام ان کے تھے، دو نام ہمارے پاس تھے، ہم نے مشورہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں نہیں ڈالیں گے، تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن اور وزیراعلیٰ نے بیٹھ کراہم فیصلہ کیا۔
انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر محمود خان، پرویز خٹک اور سپیکر کا مشکور ہوں۔
اعظم خان
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے۔
یاد رہے کہ 18 جنوری کو خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے جس کے بعد صوبائی اسمبلی کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت 17 جنوری کو اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی گئی تھی۔

منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو کلین چٹ دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کو کلین چٹ دے دی۔
منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت سپیشل جج سینٹرل نے کی، سپیشل پراسیکیوٹر فاروق باجوہ اور تفتیشی افسر ضمنی چالان سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کیخلاف چالان عدالت پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو کہا کہ چالان کو متعلقہ اتھارٹی کی منظوری کے بعد پیش کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایف آئی اے نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی کک بیکس کے شواہد نہیں ملے جس پر جج نے سلیمان شہباز کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ ضمانت واپس لینا چاہتے ہیں،؟ جس پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کے کیس میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔
سلیمان شہباز اور طاہر نقوی نے عدالت سے ضمانت کی درخواست واپس لے لی، عدالت نے سلیمان شہباز کو ٹرائل میں چار فروری کو طلب کر لیا ہے۔

کراچی : ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے کورنگی نمبر چار گرلز کالج کے سامنے ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔
کراچی پولیس کے مطابق حادثے کے دوران جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے تاہم ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کیلئے الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس آج متوقع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کیلئے الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس آج متوقع ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی مدت گزشتہ شب 10 بجے ختم ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن مشاورت کے بعد نگران وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گا۔ یہ بھی پڑھیں:پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن 2 روز میں نگران وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کرنے کا پابند ہے، گزٹ نوٹیفکیشن کی کاپی، صدر، وزیراعظم اور گورنر کو بھی بھجوائی جائے گی۔ یاد رہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے محسن رضا نقوی، احد چیمہ ، نوید اکرم چیمہ اور احمد نواز سکھیرا نامزد ہیں۔

پنجاب میں دھند، بلوچستان میں آج سے شدید ترین سردی کی لہر کا امکان

لاہور، کوئٹہ: (ویب ڈیسک) شمالی بلوچستان میں کوژک ٹاپ، پرانا چمن، شیلا باغ اور توبہ اچکزئی میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، آج سے شدید ترین سردی کی لہر کا امکان ہے۔ کوژک ٹاپ کے مقام پر برفباری کے باعث کئی گاڑیاں پھنسنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سینکڑوں گاڑیوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ شدید ترین سردی کے باعث کوئٹہ، چمن شاہراہ پھر سے منجمد ہوئے گئی جبکہ کوئٹہ، زیارت شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں ایک بار پھر دھند نے زور پکڑ لیا ہے، شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے سے کئی مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردئیے گئے۔ موٹروے پولیس کے مطابق ملتان موٹروے فیض پور سے جڑانوالہ تک اور موٹروے ایم 11 محمود بوٹی سے شاہدرہ، کالا خطائی انٹر چینج تک ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہیں۔ موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینارتک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی محمود بوٹی سے کالا خطائی انٹر چینج تک بند ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونیوالی خاتون دم توڑ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملیر بکرا پیڑی کے قریب گھر میں سلنڈر پھٹنے سے شدید زخمی ہونے والی خاتون جان کی بازی ہار گئی ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کا نام شاہینہ اور عمر 40 سال ہے، خاتون گیس سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر میں سلنڈر بلاسٹ ہونے سے 2 مرد اور 3 خواتین سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوئے تھے، زیر علاج زخمیوں میں اورنگزیب، پیر محمد، ثانیہ اور صونیہ شامل ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 19 کیسز رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 250 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 250 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 19 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.45 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 09 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب اور کے پی میں انتخابات، نواز شریف نے 32 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے سلسلہ میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ 32 ممبران پر مشتمل ہے، پارلیمانی بورڈ کی قیادت قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
بورڈ میں سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف، احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، میاں جاوید لطیف بھی شامل ہیں، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا سے امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی پارلیمانی بورڈ میں شامل ہوں گے، پارلیمانی بورڈ انتخابات میں امیدواروں کا انتخاب اور پارٹی ٹکٹ تقسیم کرے گا۔
اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے بتایا تھا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت نوازشریف خود کریں گے اور وہ پاکستان میں ہوں گے، انتخابات کیلئے امیدواروں کے انٹرویو بھی قائد مسلم لیگ ن خود کریں گے اور پاکستان میں انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔

زرداری صاحب روئیں یا ہنسیں، کراچی میں ہمارا مینڈیٹ قبول کرنا ہوگا، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ زرداری صاحب روئیں یا ہنسیں، کراچی میں ہمارا مینڈیٹ قبول کرنا ہوگا، مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے، عوام سیاسی و معاشی دہشت گردوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آپ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کریں، اگر پیپلزپارٹی کام کرنا چاہتی ہے تو لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، خیرپور اور حیدرآباد کو آباد کریں، چودہ سال سے پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے، سندھ میں آج بھی غربت ناچ رہی ہے، پیپلزپارٹی کراچی کی ترقی میں رکاوٹ نہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب، ہمارے مینڈیٹ کو خوشی یا رونے سے قبول کرنا ہی پڑے گا، ساری دنیا بھی ساتھ مل جائے آپ کراچی کے مینڈیٹ کو ہضم نہیں کرسکیں گے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں، اگرآپ نے ہماری بات نہ سنی تو پھر لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریزہو جائے گا، پھروہ ہوگا جس کا آپ تصورنہیں کرسکتے، زرداری اپنے حصے اور ہم اپنے حصے کا کام کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ اسحاق ڈارنے ڈالر کو 200 روپے تک لانے کا وعدہ کیا تھا، آج ڈالر 277 تک چلا گیا ہے، ان کو صرف ایک ہی کام بھیک مانگنا آتی ہے، مسائل کا حل صرف اورصرف جماعت اسلامی ہے، اللہ نے موقع دیا تو سودی نظام کو دفنا کر دم لیں گے اور عدل و انصاف کا نظام لائیں گے۔
امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو مہنگائی اور کرپشن کا تحفہ دیا ہے، ملک سیاسی، معاشی اور اخلاقی طور پر ڈیفالٹ ہوگیا ہے، آج ملک میں عوام کا کوئی والی وارث نہیں، آج ایل سیز نہیں کھل رہیں، 6 ہزار کے قریب کینٹینرز کھڑے ہیں، دس کلو آٹے کے لئے لوگ ذلیل ہو رہے ہیں، پاکستان میں اس وقت احتساب کے دروازے بند ہیں، اسرایئل کا وزیراعظم کرپشن کرے تو جیل، پاکستان میں نیب کے پر کاٹ دیے گئے ہیں۔