پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹے۔ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ آنے دیں، اس کے بعد حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا حتمی فیصلہ ایک دو روز یا جمعہ تک آ جائے گا، اس سے پہلے میں کیا پیش گوئی کرسکتا ہوں، اگر کوئی حکمت عملی ہماری ہے تو وہ میں میڈیا پر تو نہیں بتاؤں گا۔ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹے، ظاہر بات ہے پارلیمنٹرین تو نہیں چاہتے وقت سے پہلے ان کی چھٹی ہو جائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم اس نظام کا حصہ نہیں رہیں گے، اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ جلد دے دیں گے۔

لوئراورکزئی میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی، 9 افراد جاں بحق

لوئراورکزئی: (ویب ڈیسک) لوئراورکزئی کے علاقے ڈولی میں کوئلےکی کان بیٹھ گئی جس کے باعث 9 کان کن جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کوئلے کی کان میں دھماکا گیس بھر جانے سے ہوا جس کے بعد کان بیٹھ گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 9 کان کن جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت کوئلےکی کان میں 13 افراد موجود تھے۔

وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات، پیشہ وارانہ امور پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم سے پہلی ملاقات ہے۔
وزیراعظم نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو تعیناتی پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاک فوج کی قیادت کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، عوام اورفوج کےدرمیان اعتماد اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے اور امید ہےکہ آپ کی قیادت میں مسلح افواج ملکی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مزید بہترطریقے سے مقابلہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 400روپے کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4ڈالر کے اضافے سے 1760 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
اس کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400روپے اور 314روپے کی کمی واقع ہوئی۔
اس کے نتیجے میں کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،ملتان ،لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی ،اسلام آباد ،پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 161200روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی گھٹ کر 138203روپے کی سطح پر آگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1740روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1491.76 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

پاکستان متحدہ عرب امارات کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی سے ان کی ٹیلیفونک بات چیت ہوئی۔
اس دوران باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی قانونی معاونت کے امور، پاکستان کے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے مراحل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک متحدہ عرب امارات کی معاونت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

12کروڑ عوام کے صوبے کا مینڈیٹ ختم کرنے کی کوشش کی جا رہیعطا اللہ تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کا خدشہ موجود ہے، سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاک فوج ہمارے ملک کا فخر ہے، پنجاب اسمبلی کو اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، 12 کروڑ عوام کے صوبے کا مینڈیٹ ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پنجاب اسمبلی کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی عمران خان کے کہنے پر صوبائی حکومت چلا رہے ہیں، جمہوری روایات سے رو گردانی نہیں کرنی چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ پنجاب کا ایک وزیر ہمیں انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے ہمیں انصاف نہیں مل رہا لیکن ہمیں پوری امید ہے کہ عدلیہ سے انصاف ملے گا، ہم اراکین کی معطلی کے کیس میں متفرق درخواست دائر کر رہے ہیں، متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبے کی اسمبلی تحلیل ہونے کا خدشہ موجود ہے، کسی رکن کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے خلاف تنقید قابل مذمت ہے، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آ ئی کے اکثریتی اراکین صوبے کی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جس شخصیت کے خلاف بد زبانی کر رہے ہیں انہوں نے خود ہی ان کی مدت ملازمت میں توسیع دی تھی، عمران خان کو اپنے دور میں جو سپورٹ ملی تھی وہ کسی اور لیڈر کو نہیں ملی، عمران خان کے خلاف احتساب کے معاملے میں ہماری کوتاہی ہے کہ اتنی بڑی چوریاں سامنے آنے کے بعد وہ عدالتی حکم امتناع لے آتے ہیں، عمران خان ہر مرتبہ اپنی ٹیکنیکلٹی کو استعمال کر کے احتساب سے بچ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چاروں صوبوں میں الیکشن بیک وقت کرائے جاتے ہیں، یہ کیسی منطق ہے کہ دو صوبوں میں الیکشن کروا دیئے جائیں اور باقی صوبوں کو نظر انداز کر دیا جائے، عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی اور ہے، اسمبلیوں کو کی اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے، ہم جمہوری پراسیس کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی کے لوگ جو غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں ان کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں کوئی گفت و شنید ہونے کا امکان ہے نہ ہو گی، اگر مذاکرات کرنے ہوتے تو کورٹ نہ آتے اور دیگر آپشنز پر بھی غور نہ ہوتا، عمران خان نے کہا تھا کہ پرویز الٰہی پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں اور اب پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے نے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو ہونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پنجاب میں پرویز الٰہی نےغیر قانونی طریقے سے وزارت اعلیٰ حاصل کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، پنجاب حکومت کی کوشش ہے کہ اسمبلی میں جتنے بھی 10 سے 15 ایم پی ایز ہیں انہیں ایکسپیل کیا جائے تا کہ ہمارے نمبرز پورے نہ ہو سکیں، پی ٹی آئی والے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے پرویز الٰہی کو استعمال کر رہے ہیں، ہم بار بار گزارش کرتے ہیں مگر ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، عمران خان کے کہنے پر پرویز الٰہی 12 کروڑ عوام کے صوبے پر شب خون مارنے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ وزیر اعلیٰ پرویز الہی کا اپنا الیکشن ہی غلط ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہم اعلیٰ عدلیہ کا ہمیشہ احترام کرتے آئے ہیں، ہمارا حق سننا اور اس کا تحفظ کرنا عدلیہ کی ذمہ داری ہے، ہماری پٹیشن التوا کا شکار ہے، پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے اور ہمارا کام اس کو روکنا ہے جس کے لئے ہمارا ہاؤس میں جانا اور عدم اعتماد لانا ضروری ہے اور اس کے لئے جتنے بھی آئینی طریقے موجود ہیں ان کو استعمال کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری پٹیشنز پر جلد سماعت کی جائے اور استدعا ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، ہم ہائیکورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری پٹیشن پر جلد سماعت کی جائے، عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے ہمارا پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنا ضروری ہے، پنجاب حکومت کو جمہوری روایات سے رو گردانی نہیں کرنی چاہیے۔

حکومت کے پاس پیسے ہی نہیں تو بینکوں میں کیسے رکھے گی،اسحاق ڈار

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی بینکنگ نظام کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو بھی بھنور سے نکالنا ہے۔سود کیخلاف اپیلیں واپس لینا میری ترجیحات میں شامل تھیں،شرعی عدالت کے سود کے خاتمے سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی نے کہا حکومت اپنا پیسہ اسلامی بینکوں میں رکھے،حکومت کے پاس تو پیسے ہی نہیں تو بینکوں میں کیسے رکھے گی۔آمدنی سے زیادہ اخراجات پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک سے سودی نظام کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامک بیکنگ نظام کامیاب ہے۔بینکنگ نظام کے ذریعے دہشتگروں کی معاونت روکی جاسکتی ہے،دنیا بھر میں کوشش کی جارہی ہے کہ ہرفرد کو بینکاری نظام سے منسلک کیاجائے۔ بینکاری کا نظام زندگی کی ضرورت بن چکا ہے،اس وقت اسلامی بینک کے پاس 5 ہزار ارب کے ڈیپازٹ موجود ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسلامک بینکاری نظام میں چند سال میں 10 گنا سے بھی زیادہ وسعت آئی ہے،اسلامک بینکاری کو ایک کامیاب نظام کے طور پر رائج کرنا ہے،اسلام میں سود لینے یا دینے پر پابندی ہے،سود سے بچنا پاکستان کیلئے بہت اہم ہے،بینکاری کا نظام ضرورت بن چکا ہے،پاکستان کو بدترین معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

کیا اب ڈونلڈ لو ٹھیک ہو گیا؟، فیصل واوڈا کا فواد کی امریکی سفیر سے ملاقات پر ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے فواد چودھری کی امریکی سفیر سے ملاقات پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ کیا اب یہ ڈونلڈ لو ٹھیک ہو گیا ہے؟۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تھی جبکہ پی ٹی آئی نے سازش کے ذریعے اپنی حکومت ختم کرنے کا الزام ڈونلڈ لو پر عائد کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے لکھا کہ کیا یہ وہی امریکی سفیر ڈونلڈ لو ہے جس نے سازش سے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی؟ کیا اب یہ ڈونلڈ لو ٹھیک ہو گیا ہے؟ کیا اب ڈونلڈ لو سازش سکے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت واپس لانے والا ہے؟۔
اپنے ٹوئٹ میں سابق وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ حکومت گرانے کا بیانیہ پہلے ٹھیک تھا یا اب والا؟ بھائی یہ ماجرا کیا ہے؟۔

فلسطین مشرق وسطیٰ کا بنیادی مسئلہ ہے: چینی صدر

بیجنگ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا۔ چین کے صدر مملکت شی جن پنگ نے متعلقہ سرگرمی کے نام تہنیتی پیغام بھیجتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کےجائز حقوق کی بحالی کی حما یت کی ہے۔
چینی نشریاتی ادارے کے مطابق شی جن پنگ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کا بنیادی مسئلہ ہے اس مسئلے کاجامع اور منصفانہ حل خطے کے امن و استحکام اور عالمی انصاف کے لیے ضروری ہے۔ فلسطین اور اسرائیل کے پرامن تعلقات ، خطے کی دو بڑی اقوام عرب اور یہودیوں کی مشترکہ ترقی کے لیے بہت ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کےجائز حقوق کی بحالی، امن مذاکرات کو فعال طور پر فروغ دینے اور فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کو فروغ دینے کی مضبوطی سے حمایت کی ہے،عالمی برادری کو غیر متزلزل طور دو ریاستی حل پر قائم رہنا چاہیے، فلسطین کے مسئلے کو ترجیج دینی چا ہیئے اور آزاد ملک قائم کرنے میں فلسطین کی مدد کرنی چا ہیئے، چین فلسطین کے لیے انسانی اور ترقیاتی امداد فراہم کرتا رہے گا اور فلسطین کی معاشی و معاشرتی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مدد دیتا رہے گا۔

رونالڈو نے سعودی کلب جوائن کرلیا، مگر کتنے ملین ڈالر کا معاہدہ ہوا؟

دوحا: (ویب ڈیسک) پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب کے ساتھ 207 ملین ڈالر میں معاہدہ کرلیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے رواں ماہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب کے ساتھ 207 ملین ڈالر سالانہ کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رونالنڈو النصر کلب کے ساتھ ڈھائی سال کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ 40 سال کی عمر تک فٹبال کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں، دوسری جانب پرتگال کے کپتان رونالڈو کا یہ آخری ورلڈکپ قرار دیا جارہا ہے۔
گزشتہ ہفتے سی بی ایس اسپورٹس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ الناصر کلب رونالڈو کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا خواہاں ہے تاہم اس وقت معاہدے کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
قبل ازیں رونالڈو نے ایک انٹرویو کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ کی انتظامیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ کلب کے منیجر ٹین ہیگ نے انہیں کلب چھوڑ کر جانے پر مجبور کرنے کی کوشش کی جبکہ کلب کی کارکردگی میں بہتری نہ آنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

پیشانی پر ’میں چور ہوں‘ لکھوانے والا نوجوان چوتھی مرتبہ گرفتار

ساؤ پاؤلو: (ویب ڈیسک) برازیل میں اپنی پیشانی پر خود کو چور اور احمق لکھوانے والا نوجوان چند روز قبل ایک واردات کے بعد چوتھی مرتبہ گرفتار ہوا ہے۔
اس کا نام روان روشا ڈا سِلوا ہے جس کی پیشانی پر ٹیٹو گُدا ہے اور اس پر لکھا ہے کہ ’ میں ایک چور اور احمق ہوں۔‘ یہ نوجوان اب چوتھی مرتبہ رنگے ہاتھوں اس وقت پکڑا گیا جب وہ ایک گھر میں نقب لگارہا تھا۔ جون 2017 میں اس نے ایک چوری کی تھی اور گرفتار ہوا تھا جس کے بعد اس کی پیشانی پر یہ جملہ لکھا گیا تھا۔ اس واردات میں روان نے ایک سائیکل چوری کی تھی۔
اگرچہ اب بھی ٹیٹو کے نقوش کچھ مدھم ہوچکے ہیں لیکن قریب سے دیکھنے پر پڑھے جاسکتے ہیں جو برازیلی زبان میں ہیں۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ چوری میں ناکامی کے بعد روان کے ماتھے پر اسے چور لکھا گیا تھا۔ روان نے بتایا کہ ٹیٹو بنانے والے دو افراد نے اسے زبردستی بٹھاکر اس کی پیشانی پر اسے چور اور احمق لکھا ہے۔ تاہم پولیس نے ٹیٹو بنانے والوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔ کیونکہ ٹیٹو بناتے وقت فن کار اس کا مذاق اڑارہے تھے اور اس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
تاہم روان ایک سال بعد ہی سال 2018 میں دوسری مرتبہ گرفتار ہوا اور 2019 میں تیسری مرتبہ گرفتار ہوا تھا ۔ اس بار اس نے کوٹیا شہر میں چوری کی واردات کی لیکن وہ 27 نومبر کو قانون کی گرفت میں آگیا۔ تاہم پولیس نے اپنی نگرانی میں اس کی تربیت اور فلاح پر کام کیا اور لیزر سے سر پر لکھی تحریر بھی مٹانے کی کوشش کی ہے۔
پولیس کے مطابق آخری بار وہ نشے کےلیے سامان چرارہا تھا کہ گرفتار ہوا۔

اغوا ہونے والی بیٹی 51 سال بعد والدین کو مل گئی

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکا میں یکساں ڈی این اے کی تصدیق کے بعد ایک خاتون اپنے والدین کو 51 برس کے طویل عرصے بعد دوبارہ مل گئی۔
ٹیکساس کے خاندان کے مطابق ان کی بیٹی کا ڈی این اے ، شجرہ بتانے والی سروس 23 اینڈ می سے معلوم کیا گیا ہے اور اس طرح پانچ عشرے قبل اغوا ہونے والی بیٹی اپنے گھر لوٹ آئی ہے۔
1971 میں میلیسا ہائی اسمتھ کی عمر صرف 22 برس تھی جب اس کی آیا اسے لے کر فرار ہوگئی تھی۔ تاہم اس واقعے کے بعد میلیسا کا نام بدل کر میلانی رکھ دیا گیا جو اس پورے واقعے اور اپنے حقیقی والدین سے یکسر ناآشنا تھی۔
میلیسا کو یہ بھی معلوم نہ تھا کہ اس کے حقیقی والدین اب تک اس کی تلاش میں ہیں اور آخرکار انہوں نے فیس بک پر رابطہ کیا جسے وہ ایک جھوٹ ہی سمجھی تھیں۔ ان کے والد نے پیغام دیا تھا کہ ’ہم 51 برس سے اپنی بیٹی کو تلاش کررہے ہیں۔‘
اس کے بعد میلیسا نے اپنے پالنے والوں سے پوچھا کہ کیا کوئی بات اس سے چھپائی گئی ہے؟ انہوں نے اس کی تصدیق کی کہ وہ حقیقت میں میلیسا ہی ہے۔ ٹیکساس میں بہت سے بچوں میں ڈی این اے شناخت کا سامان تقیسم کیا گیا ہے تاکہ کوئی ممکنہ گمشدہ بچہ سامنے آسکے۔
جب ہفتے کے روز میلیسا اپنی حقیقی ماں سے ملی تو انہوں نے پیدائشی نشان کی بنا پر اسے پہچان لیا جو کمر کے اوپری حصے پر تھا اور انہیں یقین ہے کہ میلیسا ان کی وہی بچی ہے جو 22 ماہ کی عمر میں ان سے بچھڑ گئی تھی۔ جب میلیسا اپنے والدین سے ملیں تو بہت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔
پولیس نے اس واقعے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مکمل تفتیش کے بعد بچی کے اغواکاروں کو کٹہرے تک لے کر آئیں گے۔

توانائی جمع کرکے بیٹری سازی میں مددگار31,618 سالمات کا ڈیٹا بیس تیار

ایمسٹر ڈیم، ہالینڈ: (ویب ڈیسک) ہالینڈ کے ماہرین نے کئی برس کی سائنسی تحقیق، کوانٹم کیمیائی عمل اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے 31,618 ایسے سالمات (مالیکیول) دریافت کئے ہیں جو ممکنہ طور پر بیٹری میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ڈچ انسٹی ٹیوٹ آف ہائی انرجی ریسرچ (ڈی ایف ایف ای آر) نے ایسےہزاروں سالمات کی نشاندہی کی ہے جو ریڈوکس فلو بیٹریوں میں استعمال ہوسکتےہیں۔ ان سے بہترین بیٹریاں بنائی جاسکتی ہیں۔ اس ضمن میں ایک ڈیٹا بیس بنایا گیا ہے۔ سپرکمپیوٹر نے بھی بتایا ہے کہ ایک سالمے میں کم سے کم سینکڑوں ایسے خواص ہے جو مستقبل میں توانائی کی طلب میں استعمال ہوسکتے ہیں۔
ڈیٹا بیس میں شامل اکثر سالمات کے کیمیائی خواص کا ذکر تو ہے لیکن بہت سارے سالمات ایسے بھی ہیں جن کے خواص سے خود ماہرین نابلد ہیں۔ تاہم یہ تحقیق سائنٹفک ڈیٹا نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے اور اس ڈیٹابیس تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
لیکن اگلے مرحلے میں ماہرین نے چار مرحلوں پر مشتمل طریقے سے ان سالمات کے خواص جاننے کی کوشش کی۔ پہلے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹراورالگورتھم سے مدد لے کر دو اقسام کے سالمات کی کئی مجازی (ورچول) اقسام بنائیں۔ ان میں کوائنونس اور ایز مالیکیول الیکٹرون دینے اور قبول کرنے میں بہترین ثابت ہوئے جو بیٹری سازی کے لیےایک اہم کیفیت ہے۔ پھر ماہرین نے کمپیوٹرپر 24 کوائنونس اور 28 ایزا ایرومیٹکس سالمات کا جائزہ لیا اور ان میں مزید پانچ ذیلی گروہ کے سالمات بھی شامل کئے گئے۔ اس طرح کل 31,618 مختلف سالمات سامنے آئے۔
دوسرے مرحلے میں ماہرین نے سپرکمپیوٹر پر ہر سالمے کی لگ بھگ 300 مختلف خاصیتوں کی کھوج کی۔ اس ضمن میں کوانٹم کیمسٹری سے مدد لی گئی۔ اس کےبعد مشین لرننگ سے پوچھا گیا کہ کونسا سالمہ پانی میں حل ہوسکتا ہے ۔ چوتھے اور آخری مرحلے میں ریڈ ڈی بی (ریڈوکس ڈیٹا بیس)کے نام سےایک ڈیٹا بیس بنایا گیا جسے اب انسان اور کمپیوٹر دونوں ہی پڑھ سکتے ہیں۔
تحقیق سے وابستہ ڈاکٹر سلیمان نے بتایا کہ جب مشین لرننگ اور نظری (تھیورٹیکل) ماڈل مل کر کسی سالمےکے متعلق ہمارے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی تصدیق میں کمپیوٹر سے مدد لی گئی ہے۔ اب اس ڈیٹا بیس سے دنیا بھر کے ماہرین اور طالبعلم فائدہ اٹھاسکتےہیں۔