کوہلو میں بم دھماکا، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کوہلو: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کوہلو کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کے باعث ایک افراد جاں بحق ہو گیا جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوہلو کے مرکزی بازار میں ہونے والا دھماکا مٹھائی کی دکان میں ہوا، اس دوران 20 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جس کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث دکان زمین بوس ہو گئی، اس دوران کئی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

منی لانڈرنگ کیس: مونس الٰہی کیخلاف چالان سماعت کیلئے منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کے معاملے پر لاہور کی بنکنگ کورٹ نے ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کا چالان سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 11 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
بنکنگ جرائم کورٹ کے جج اسلم گوندل نے چالان سماعت کے لیے منظور کیا، ایف آئی اے کی جانب سے چودھری مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے عدالت پیش کیا، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سمیت نامزد ملزمان کو طلب کرلیا۔
عدالت نے 11 اکتوبر کو ملزمان کو پیش ہونے کا سمن جاری کردیا، دیگر ملزمان میں پرویز الٰہی، مظہر عباس، واجد بھٹی، نواز احمد کو نامزد کیا گیا، ایف آئی اے نے گزشتہ روز مونس الٰہی کے خلاف چالان جمع کروایا تھا۔

عوامی حمایت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوامی حمایت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ پاکستان میں ہر کیس کے پیچھے بڑا چہرہ ہوتا ہے اور لوگ چہرہ دیکھتے ہیں، کیس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 50 کروڑ سے کم کرپشن کی کھلی چھٹی ہے اور یہ مٹھائی بھی اپنے گھرمیں بانٹتے ہیں۔ جہاں ہر چیز بکتی ہو، وہاں قوم نہیں بنتی کیونکہ عوامی حمایت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ کمیشن خور مافیا ہمیشہ این آر او لے لیتا ہے جبکہ جیلیں صرف غریبوں کے لیے بنی ہیں۔

شریف، زرداری خاندان کے بیرون ملک پیسوں کا پاکستانیوں کو علم ہی نہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شریف، زرداری خاندان کے باہر موجود پیسوں کا پاکستانیوں کو علم ہی نہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف درخواست دے چکے ہیں اور ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ شہباز شریف نے کہا تھا والد غریب اور محنت کش آدمی تھے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی 1998 تک کمپنیاں بڑھ کر 27 ہو گئیں جبکہ شہباز شریف سمیت 7 بھائیوں نے محنت کی اور اتفاق فاؤنڈری کی بنیاد رکھی اور حکومت پاکستان کی طرف سے فاؤنڈری چلانے کے لیے 50 کروڑ روپے قرض دیا گیا لیکن جہاں 7 بھائیوں کی ایک فیکٹری تھی وہاں 27 کمپنیاں بن گئیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ 1990 میں نواز شریف وزیر اعظم بنے تو انہوں نے اسلام آباد لاہور موٹروے بنانے کا سوچا اور اسلام آباد لاہور موٹروے اس وقت ایشیا کا سب سے مہنگا کنٹریکٹ تھا لیکن اس دوران گفتگو شروع ہوئی کہ ملک کا پیسہ لندن جا رہا ہے اور شریف خاندان کی منی لانڈرنگ میں اہم کردار اسحاق ڈار کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 15 ملین ڈالر منتقل کیے گئے اور 1994 کو تحقیقات کا عمل شروع ہوا اور مشرف دور میں پہلا ریفرنس دائر ہوا۔ 2000 میں یہ ریفرنس عدالت پہنچا ہی تھا کہ سعد حریری اور ایک نمائندہ پاکستان آئے اور جب پیسہ پاکستان سے گیا تو اس کے دو حصے ہوئے۔ ایک حصہ پارک لین میں پرآپرٹی خریدی گئی دوسرا پاکستان واپس آیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت آئی تو رحمان ملک نے حدیبیہ تحقیقات شروع کیں اور شہباز شریف نے حلف لیا اور 2 دن بعد ہی منی لانڈرنگ کیس کا وکیل تبدیل ہو گیا۔ 3 اپریل 2016 کو جرمن اخبار نے بڑا اسکینڈ ل شائع کیا جس میں پتہ چلا کہ دنیا کے کئی حکمرانوں نے پانامہ میں شیل کمپنیاں بنائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی بیٹیوں اور بیٹوں نے پاکستان میں تعلیم حاصل کی اور جب شریف خاندان کے بیٹوں سے حساب کا پوچھا تو کہا گیا کہ ہم پاکستانی شہری نہیں۔ جعلی آفشور کمپنیاں بنا کر حکمرانوں نے بیرون ملک جائیدادیں خریدیں اور شریف، زرداری خاندان کے باہر پڑے پیسے کا پاکستانیوں کو علم ہی نہیں۔

بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے اس طرح صرف دو روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے بلاجواز سرچ آپریش کیا جس کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کے پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی گئی اور موبائل، نیٹ سروس منقطع کردی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ بدھ کے روز بھی ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ بھی قابض بھارتی فوج نے 19 نوجوانوں کو شہید کیا تھا جن میں سے 8 کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز ان میں سے کسی بھی نوجوان پر دہشت گردی کے الزام کو ثابت نہیں کرپائی تھی۔
واضح رہے کہ مودی کی فاشسٹ حکومت نے سیاہ قانون کے ذریعے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت خو ختم کرکے اسے تین حصوں میں تقسیم کیا اور وفاقی اکائیاں تسلیم کی تھیں جس کے بعد سرچ آپریشن کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کا عمل جاری ہے۔

امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی حکومت نے ایران پر نئی پانبدیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں ایران پرمزید پابندیاں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئی پابندیوں کا مقصد ایران کو غیر قانونی طریقے سے تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے روکنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک ایران 2015 میں کئے گئے جوہری معاہدے پر مکمل عمل نہیں کرتا ایران پر پابندیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔امریکا نے چین ، متحدہ عرب امارات ، ہانگ کانگ اور بھارت میں متعدد ایسی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ایران کی ’فرنٹ کمپنیوں ‘ کے طورپر کام کررہی ہیں۔

امیشا پٹیل نے عمران عباس کیساتھ تعلقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے پاکستان کے اداکار عمران عباس کے ساتھ تعلقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
بھارتی میڈیا ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ نے پاکستانی اداکار کے ساتھ تعلقات کی افواہوں کو احمقانہ اور بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میرے اچھے دوست ہیں۔ میں نے خبریں سنی ہیں اور صرف اس پر ہنسی ہوں، ساری باتیں بہت ہی احمقانہ اور بیوقوفی پر مبنی ہیں، اپنے دوست (عمران عباس) سے کچھ دیر بعد ملی ہوں، محض یہ ایک ملاقات تھی۔
یاد رہے کہ کچھ روز پہلے امیشا پٹیل اور عمران عباس کی بحرین میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد امیشا پٹیل نے انسٹاگرام پر ویڈیو اپ لوڈ کی تھی۔ ویڈیو میں دونوں سٹار نے 2001 ء میں ریلیز ہونے والی امیشا پٹیل اور بوبی دیول کی فلم ’کرانتی‘ کے گانے ’دل میں درد سا جگا ہے‘ پر ایکٹنگ کی ہے۔
ویڈیو کے اپ لوڈ ہونے کے بعد تاثر دیا جا رہا تھا امیشا پٹیل اور عمران عباس ایک دوسرے کو ’ڈیٹ‘ کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو بہت پہلے سے جانتے ہیں، عمران کو تب سے جانتی ہوں جب ہم امریکا میں اکٹھے پڑھتے تھے، ہم ابھی تقریب میں ملے تھے جس کے بعد ہم نے بعد میں بھی ملاقات کی اور پھر ویڈیو بنائی، یہ میرا اور اس کا پسندیدہ گانا ہے، لہذا یہ ایک حادثاتی ویڈیو تھی۔

بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے جزیرہ خرید لیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک جزیرے کے مالک بن گئے ہیں۔
گلوکار نے گزشتہ روز اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کشتی میں بیٹھ کر اپنے جزیرے کی سیر کرتے نظر آہے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ میرے خوبصورت جزیرے پر خوش آمدید ، یہاں آنے کے لئے آپ کو کشتی کا استعمال کرنا پڑے گا ۔
میکا سنگھ نے ویڈیو کے کیپشن میں یہ بھی لکھا کہ ان کی ملکیت میں جزیرے کے ساتھ ساتھ 7 کشتیاں اور 10 گھوڑے بھی ہیں۔

پاکستانی روپیہ مزید تگڑا، امریکی ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے جس کے باعث ملک بھر میں پاکستانی روپیہ مزید تگڑا ہو رہا ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر مزید ایک روپے 53 پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 228 روپے 10 پسے پر فروخت ہو رہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 230 روپے کا ہو گیا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکی ڈالر 10 روپے 9 پیسے سستا ہو چکا ہے اور بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 1300 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی ڈیمانڈ بھی رک گئی ہے جبکہ بینکوں کی سخت مانیٹرنگ اور غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی روپیہ کے استحکام کا باعث بن رہا ہے۔

سائنسدانوں نے مریخ پر پانی کی موجودگی کے نئے شواہد تلاش کر لئے

شیفیلڈ: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں سائنسدانوں کے ہاتھ ایسے نئے شواہد آئے ہیں جو مریخ میں مائع پانی کی موجودگی کے امکانات کے متعلق بتاتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کی رہنمائی میں کی جانے والی تحقیق میں پہلی بار ایسے شواہد سامنے آئے جن کےمطابق مریخ کے جنوبی قطب میں برف کے نیچے مائع پانی موجود ہے۔
یونیورسٹی آف شیفیلڈ سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے دوسرے مصنف ڈاکٹر فرانسس بُچر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ تحقیق مریخ پر مائع پانی کی موجودگی کے حوالے سے بہترین اشارہ دیتی ہے کیوں کہ زمین پر گلیشیئر کے نیچے موجود جھیلوں کو ڈھونڈنے کے لئے جن دو اہم اشاروں کو دیکھا جاتا ہے، وہ مریخ پر پائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنے ٹھنڈے درجہ حرارت میں مائع حالت میں رہنے کے لیے جنوبی قطب کے نیچے موجود پانی کو انتہائی نمکین ہونے کی ضرورت ہوگی، جس کے سبب اس میں کسی مائیکروبائل کی زندگی مشکل ہوگی تاہم یہ چیزسائنس دانوں کو پُر امید کرتی ہے کہ ماضی میں جب یہاں کا موسم کم مشکل ہوگا تو یہاں زندگی کے قابل زیادہ ماحول ہوتے ہوں گے۔
بین الاقوامی تحقیقی ٹیم جس میں فرانس کی یونیورسٹی آف نونٹ اور آئرلینڈ کی یونیورسٹی کالج ڈبلن کے محققین بھی شامل تھے، نے آئس کیپ کے اوپر کی سطح کی اسپیس کرافٹ لیزر ایلٹی میٹر پیمائشوں کا استعمال کیا۔
جس کے بعد محققین نے بتایا کہ یہ اشکال کمپیوٹر ماڈل کی ان پیش گوئیوں سے مشابہت رکھتی ہیں جن میں بتایا گیا کہ آئس کیپ کے نیچے موجود پانی کس طرح سطح کو متاثر کرتا ہے۔
مریخ کے قطبین پر زمین کی طرح پانی کے برف کی موٹی تہہ ہیں، جن کا کُل حجم اندازاً گرین لینڈ کی برف کی چادر کے برابر ہے۔

12 بہن بھائیوں کا 1058 برس کی مجموعی عمر کا عالمی ریکارڈ

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اسپین میں 12 بہن بھائیوں نے 1058 سال کی مجموعی عمر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
اسپین کے جزیرے گرین کینیریا کے علاقے مویا میں پرورش پانے والے ہرنینڈیز-پیریز بہن بھائیوں کی عمر 76 سے 97 سال کے درمیان ہے۔
سات بھائیوں اور پانچ بہنوں پر مشتمل اس خاندان نے گینیز ورلڈ ریکارڈ کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے سوچا نہیں تھا کہ ہم عالمی ریکارڈ توڑیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ سب جون میں ہونے والی ایک خاندانی بیٹھک کے دوران ایک مذاق سے شروع ہوا۔ پھر ایک اخبار میں آرٹیکل ’12 بہن بھائی جن کی عمر 1000 سال سے زیادہ ہے‘ دیکھنے کے بعد ہم نے معلومات حاصل کی اور گینیز ورلڈ ریکارڈ تک پہنچے۔
ان بہن بھائیوں میں سب سے بوڑھے جوز ہرنینڈیز-پیریز اس دسمبر میں 98 برس کے ہوجائیں گے۔ جبکہ سب سے چھوڑے بھائی لوئس ہرنینڈیز-پیریز گزشتہ اپریل میں 76 برس کے ہوئے۔

فلوریڈا میں طوفانی ہواؤں نے صحافی کا رپورٹنگ کرنا مشکل بنا دیا

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان نے تباہی مچارکھی ہے ایسے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے صحافی نے اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔
کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان ایان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا، 241 میل فی گھنٹہ کی رفتار چلنے والی ہواؤں نے ہر طرف تباہی مچا دی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک صحافی طوفانی ہواؤں میں بھی اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دے رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ جیسے ہی طوفان کی صورتحال بتا رہا ہوتا ہے تو درخت اڑتا ہوا آ کر لگ جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ لڑ کھڑا جاتا ہے پھر ایک پول کا سہارا لے کر اینکر سے کچھ سیکنڈ کا وقت مانگتا ہے تاکہ خود کو سنبھال سکے۔
اس دوران اینکر کی جانب سے پوچھا جاتا ہے کہ ’جم‘ آپ خیریت سے ہیں۔‘ جس کے جواب میں وہ بتاتا ہے کہ میں ’ٹھیک ہوں،
وائرل ویڈیو کو ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں اور صحافی کے اقدام کی تعریف کررہے ہیں۔

L’Oréal Parisکے ”اسٹینڈ اپ“انیشیٹیو کا سڑکوں پر ہراسانی(Street Harassment) کے خلاف فوڈ پانڈا سے اشتراک

لاہور: (ویب ڈیسک) اور فوڈ پانڈا پاکستان نے پاکستان میں سڑکوں پر ہراسانی کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہونے کیلئے شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔اس شراکت داری کا اعلان حال ہی میں کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے ذریعہ کیا گیا،اس انیشیٹیو میں فوڈ پانڈا کے رائیڈرز کی تربیت بھی شامل ہے۔تقریب میں L’Oréal Paris کی ترجمان اقرا ء عزیز نے L’Oréal Pakistan اور فوڈ پانڈا کی ٹیموں کے ساتھ شرکت کی۔
فوڈ پانڈا پاکستان، تقریباً 50,000 رجسٹرڈ رائیڈرز کے ساتھ، پاکستان کا سب سے بڑا ای کامرس اور آن لائن فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم ہے، جو ملک بھر میں ہزاروں ڈلیوری رائیڈرز اور دیگر فری لانسرز جیسے ہوم شیفس کو بہترین اقتصادی مواقع فراہم کرتا ہے۔
L’Oréalنے25نومبر2021کوایک مقامی این جی او پارٹنر بیداری کے تعاون سے پاکستان میں اسٹینڈ اپ کا آغاز کیا،
L’Oréal نے اس انیشیٹو کے ایک حصہ کے طورپر فوڈ پانڈا پاکستان کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے،تاکہ مختلف شہروں میں ان کے رائیڈرز کو تربیت فراہم کی جاسکے۔اس شراکت داری کے تحت L’Oreal Paris اور فوڈپانڈا پاکستان ایک ایسا طریقہ کار تیار کرینگے،جس کا مقصد کمیونٹیز کے ایک بڑے حصہ کی تربیت کرنا ہے،اس طرح سڑکوں اور کام کے ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔
Stand Up Against Street Harassment ایک ایسا پرجوش پروگرام ہے،جو L’Oreal Paris نے بین الاقوامی سطح پر شروع کیا،اور اس کا مقصد سڑکوں پر جنسی ہراسانی سے نمٹنے کیلئے اپنے دفاع کی تکنیکوں اور دیگر اہم حربوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے2021کے آخر تک Right To Be’s 5D طریقہ کار کے ساتھ 10لاکھ افراد کو تربیت فراہم کرنا ہے۔
5ڈیزDirect, Distract, Delegate, Document, Delay))پانچ آسان اور موثر ٹولز ہیں،جو سڑکوں پر ہراسانی کا شکار یا مشاہدہ کرنے والے لوگوں کی مدد کیلئے محفوظ طریقہ سے کام کرتے ہیں۔اب تک1لاکھ80ہزار سے زائد لوگوں کو اس اقدام کے تحت تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔
L’Oréal Pakistanکے کنٹری منیجر قومی نصیر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ”ہم نے اس اہم اقدام پر رائیڈرز کمیونٹیز کے ساتھ کام کرتے ہوئے فوڈ پانڈا کے ساتھ شراکت داری کا عزم کررکھا ہے،ہماری کوشش ہے کہ تعاون کی اس رفتار کو برقرا رکھا جائے اور اس شراکت داری کو بے مثال بلندیوں تک پہنچایا جائے۔“
فوڈپانڈا پاکستان کے سی ای او منتقیٰ پراچہ کا کہنا تھا کہ”یہ شراکت داری کسٹمر کی بہترین خدمت کے ہمارے مشترکہ مقصد کا ثبوت ہے اور
اسے حاصل کرنے کا اس سے بہترین کوئی طریقہ نہیں ہے کہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو شامل کیا جائے،جیسے جیسے ہم مارکیٹ کو مزید ترقی دے رہے ہیں،ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے L’Oreal Pakistan کے ساتھ ملکر اپنی رسائی کو بڑھانے کیلئے یہ قدم اٹھایا اورہم دل سے اس مقصد کی حمایت کرتے ہیں۔