یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان میں 19 اشیائے ضروریہ پر ریلیف دیا جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے 4000 سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز پر رواں سال رمضان المبارک ریلیف پیکج کے تحت 19 بنیادی اشیائے ضروریہ پر ریلیف دیا جائے گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس پیکج کے تحت عوام الناس اپنا قومی شناختی کارڈ دکھا کر ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی برانچز سے 3,000 روپے تک کی سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام گندم کے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 سے 1350 روپے کے لگ بھگ ہوگی، جب کہ پیکج کے تحت صارفین کو 20 کلوگرام گندم کے آٹے کا تھیلا 950 روپے میں فراہم کیا جائے گا، ایک کلوگرام چینی 85 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں چینی 86 سے 93 روپے میں دستیاب ہوگی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز میں ایک کلو سبسڈائزڈ گھی کی قیمت 260 روپے ہے، اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں خوردنی گھی 470 روپے کا ہے، رمضان کے دوران اسٹورز پر ایک لیٹر تیل کی قیمت 494 روپے کی بجائے 407 روپے ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کے تحت اوپن مارکیٹ میں 250 سے 260 روپے فی کلو بکنے والا سفید چنا یوٹیلیٹی اسٹورز پر 213 روپے میں دستیاب ہوگا، بیسن 190-220 روپے کی بجائے 170 روپے کی قیمت پر فراہم کیا جائے گا، ایک کلوگرام دال چنا 162 روپے، دال مونگ فی کلو170 روپے، دال ماش 268 روپے، دال مسور 215 روپے اور تمام اسٹورز پر اعلی کوالٹی کی کھجوریں 140 روپے فی کلوگرام میں کافی مقدار میں دستیاب ہوں گی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر چائے کی (950 گرام) 1042 روپے میں فراہم کی جارہی ہے، جب کہ اسی برانڈ کی اوپن مارکیٹ میں چائے (950 گرام) 1250 روپے میں دستیاب ہے، مصالحہ جات، ہماری غذا کا لازمی حصہ ہیں جن پر رمضان ریلیف پیکج کے دوران دس فیصد تک خصوصی رعایت دی جائے گی، اس کے علاوہ 1500 دیگر غذائی اور غیر غذائی اشیاء (جام، اچار، ڈیٹرجنٹ، شیمپو ،وغیرہ) پر 15 فیصد رعایت ہوگی۔

کراچی میں جوان بیوی کی بوری بند لاش کاندھے پر لادا شوہر گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) نصرت بھٹو کالونی میں شوہر نے اہلیہ کو قتل کردیا ، ملزم لاش کو بوری میں بند کرکے پھینکنے جارہا تھا کہ موقع پر موجود افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑوں کا شاخسانہ ہے ، جمعرات کو علی الصبح نصرت بھٹو کالونی میں نماز فجر کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے شہریوں نے ایک شخص کو کاندھے پر بوری اٹھائے مشکوک حالت میں دیکھا ، اس سے جب باز پرس کی تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکا ، موقع پر موجود افراد نے جب بوری کو کھول کر دیکھا تو اس میں خاتون کی لاش تھی۔
واقعے سے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا گیا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ او پیرآباد راجہ صنور نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت راحت زوجہ جاوید کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر تقریباً پچیس برس تھی ، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی جبکہ اس کا آبائی تعلق سوات سے تھا۔
مقتولہ راحت اور ملزم جاوید کے درمیان گھریلو جھگڑے روزانہ کا معمول بن گئے تھے اور گزشتہ روز بھی ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ، اس دوران ملزم نے مشتعل ہوکر اپنی اہلیہ کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا ، مقتولہ کے والدین کے سوات سے آنے کے بعد ہی قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا ۔

اسرائیلی فورسزکی فلسطینی مہاجرکیمپ میں فائرنگ،2نوجوان شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کے فلسطینی مہاجرکیمپ میں فائرنگ سے2 فلسطینی نوجوان شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورسزنے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی مہاجرکیمپ پردھاوا بول دیا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے اورمتعدد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کرتوڑپھوڑ کی اورکئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی کیمپ کا محاصرہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا کے ذریعے عطیات جمع کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سمیت میچز کے ذریعے عطیات جمع کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق اماراتی پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے عطیات جمع کرنے والے کو خبردار کیا ہے کہ دل کو جھنجوڑ دینے والے میسجز سمیت فنانشل سپورٹ، طبی امداد اور مساجد کی تعمیر کے نام پر چندا جمع کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چندہ یا عطیات لے نام پر جمع کی جانے والی رقم کس فرد کو بھیجھی جارہی ہے اور اس کے کیا مقاصد ہیں یہ واضح نہیں ہوتا۔ عطیات مہم کی یہ تمام صورتیں گداگری میں شمار ہوتی ہیں جن پر کم سے کم سے 6 ماہ قید اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ درہم تک جرمانہ ہوگا۔
ابوظبی پولیس نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اس طرح کی اپیلوں سے ہوشیار رہنے اور ان کے ساتھ تعاون نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عبدالقادر باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق لیجنڈری اسپنر عبدالقادر باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے عثمان قادر کو پی سی بی ہال آف فیم کی اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔
عبدالقادر نے پاکستان کی جانب سے 236 ٹیسٹ اور 132 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں۔ ان کو اعزازی پلاک اور ٹوپی پیش کرنے کی یہ تقریب پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے قبل منعقد ہوئی۔
یہ وہ مقام ہے جہاں 1987 میں عبدالقادر نے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کرتے ہوئے 56 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
ورلڈکپ 1987 میں ان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 16 رنز کی اننگز نے پاکستان کو ورلڈکپ 1987 کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں بھی اپنا کردار ادا کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
مرحوم عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے کہا انہیں یقین ہے کہ ان کے والد آج بہت خوش ہوں گے اور وہ دیکھ رہے ہوں گے کہ ان کے ادارے نے کس عزت و احترام کے ساتھ کرکٹ مداحوں کے سامنے انہیں انہی کے پسندیدہ گراؤنڈ میں اس اعزاز سے نوازا ہے۔ ان کے لیے کرکٹ ہی سب کچھ تھی۔ وہ اپنے اہلخانہ کی جانب سے پاکستان اور اس کھیل کے لیے اپنے والد کی خدمات کو تسلیم کرنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک کرکٹ جینیئس تھے جو ہمیشہ اپنے علم اور تجربے کا تبادلہ کرنے پر بہت خوش ہوتے تھے۔ انہیں اپنے فن پر خاص عبور حاصل تھا اور اسی کے ذریعے انہوں نے کرکٹ کو جدت بخشی، جس کے بعد کئی کھلاڑیوں نے ان کی پیروی کی اور اس فن کو ہر طرز کی کرکٹ تک پھیلا دیا۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ عبدالقادر مرحوم کو باقاعدہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنا خود ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ عبدالقادر ہر نسل کے لیے ایک ہیرو ہیں۔
وہ 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1977 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا۔ اپنے دوسرے ہی انٹرنیشنل میچ میں انہوں نے 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں تو انہیں اس کارکردگی کی بنیاد پر وزڈن کرکٹرز ایلمناک میں شامل کرلیا گیا تھا۔ انہوں نے 6 ستمبر 2019 کو وفات پائی۔

پنویل فارم ہاؤس کیس؛ سلمان خان کو عدالت سے بڑا دھچکا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو عدالت سے بڑا دھچکا لگ گیا۔
سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس کیس میں عدالت نے کہا ہے کہ سلمان خان کا ان کے پڑوسی کے خلاف بدنامی کا دعویٰ درست نہیں کیونکہ سلمان خان یہ ثابت نہیں کرسکے کیتن ککڑ انٹرویو میں ان کے بارے میں بات کررہے تھے۔
سلمان خان نے اپنے پڑوسی کیتن ککڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ ممبئی کی سول کورٹ نے کہا ہے کہ سلمان خان کے پڑوسی کیتن ککڑ کا بیان دستاویزی ثبوت سے ثابت ہوتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ سلمان یہ بھی ثابت نہیں کر سکے کہ کیتن ککڑ مذکورہ ’ہتک آمیز‘ ویڈیو انٹرویو میں ان کے بارے میں بات کر رہے تھے جس کے خلاف سلمان خان نے اعتراض کیا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے اپنے ایک پڑوسی کیتن ککڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا جو سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس کے قریب زمین کے مالک ہیں۔ اداکار نے اپنے پڑوسی پر الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پڑوسی نے ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف ہتک آمیز بیانات دئیے جنہیں بعد میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا گیا۔
قبل ازیں، سلمان خان کی جانب سے کیتن ککڑ کو سوشل میڈیا پر کسی بھی مواد کو پوسٹ کرنے سے روکنے کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جسے گزشتہ ہفتے ممبئی کی ایک عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج انیل لڈھاد نے سلمان خان کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جس میں سلمان خان نے عدالت سے عبوری حکم کی درخواست کی تھی کہ کیتن ککڑ کو ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف کوئی بھی مواد پوسٹ کرنے یا اپ لوڈ کرنے سے روک دیا جائے۔
خیال رہے کہ سلمان خان کے پڑوسی کیتن ککڑ ممبئی کے قریب رائے گڑھ ضلع میں پنویل میں سلمان خان کے فارم ہاؤس کے ساتھ والی ایک پہاڑی پر زمین کے ایک ٹکڑے کے مالک ہیں۔ سلمان خان کے ہتک عزت کے مقدمے کے مطابق کیتن ککڑ نے ایک یوٹیوبر (جس نے ویڈیو کو ایپ پر ڈالا) کو دئیے گئے انٹرویو میں اداکار کے خلاف ہتک آمیز ریمارکس دیے تھے۔
سلمان خان کے وکیل پردیپ گاندھی نے عدالت میں دلیل دی تھی کہ ککڑ نے ویڈیو، پوسٹ اور ٹویٹ میں جھوٹےاور ہتک آمیز الزامات لگائے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ کیتن ککڑ نے سلمان خان کے فارم ہاؤس کے ساتھ ایک پلاٹ خریدنے کی کوشش کی تھی لیکن حکام نے یہ لین دین غیر قانونی ہونے کی بنیاد پر منسوخ کر دیا۔ جس پر کیتن ککڑ نے جھوٹے الزامات لگانا شروع کردیے کہ یہ لین دین سلمان خان اور ان کے خاندان کے کہنے پر منسوخ کیا گیا تھا۔
وہیں دوسری جانب سلمان خان کے پڑوسی کیتن ککڑ کے وکلا نے دعویٰ کیا کہ کیتن ککڑ نے زمین 1996 میں خریدی تھی۔ وہ 2014 میں ریٹائر ہوئے اور وہیں رہنا چاہتے تھے، لیکن سلمان خان اور ان کے خاندان کی وجہ سے اپنی زمین تک نہیں پہنچ سکے۔
جج نے ریکارڈ پر موجود ٹویٹس اور ویڈیوز کا جائزہ لینے کے بعد مشاہدہ کیا کہ سلمان خان نے وضاحت نہیں کی کہ ٹویٹس میں موجود اشارے ان سے کیسے متعلق ہیں۔

ہالی ووڈ اسٹار بروس ولزخطرناک دماغی بیماری میں مبتلا؛ ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے سپر اسٹار بروس ولز کو خطرناک دماغی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ان کی فیملی نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار فلموں سے ریٹائر ہورہے ہیں۔
ہالی ووڈ کی سپرہٹ ’’ڈائے ہارڈ‘‘ فرنچائز، ’’12 منکیز‘‘،’’دی سکستھ سینس‘‘ اور ’’ان بریک ایبل‘‘ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کرنے والے 67 سالہ اداکار بروس ولز کو ’’افیسیا‘‘ نامی خطرناک بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے بعد اداکار کی فیملی نے اعلان کیا ہے کہ بروس ولز اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں۔
افیسیا دماغ کی خطرناک بیماری ہے جو کہ دماغ کے مخصوص حصوں کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے انسان کے بولنے کی صلاحیت کو بے حد متاثر کرتی ہے۔ اس بیماری کی بڑی وجوہات فالج اور سر کا صدمہ ہیں۔ اس کے علاوہ افیسیا بیماری دماغ کے ٹیومر یا دماغ کے انفیکشن کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے۔
اداکار بروس ولز کے خاندان نے انسٹاگرام پر جاری مشترکہ بیان میں مداحوں کو ان کے صحت کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکار کے اس مشکل وقت میں مداحوں کی جانب سے دی جانے والی محبت، شفقت اور حمایت کی قدر کرتے ہیں۔

سامان کیوں واپس نہیں ملا؛ ناراض مسافرنےائیرلائن کی ویب سائٹ ہیک کرلی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ائیرپورٹ پرغلطی سے دوسرے مسافرسے تبدیل ہونے والا سامان نہ ملنے پرناراض مسافرنے ائیرلائن کی ویب سائٹ ہیک کرلی۔
بھارت میں نجی ائیرلائن سے سفرکرنے والے ایک سوفٹ انجینئرنندن کمار کا سامان غلطی سے دوسرے مسافرسے تبدیل ہوگیا اورائیرلائن کوبار باریاد دہانی کے باوجود سامان واپس نہ مل سکا۔
ائیرلائن کے رویے سے ناراض نندن کمار نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لینے کی ٹھانی اورائیرلائن کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا۔
مسافرنے ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد اس مسافرکی تفصیلات حاصل کیں جوغلطی سے سامان لے گیا تھا اوررابطہ کرکے اس سے اپنا سامان واپس لے لیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویب سائٹ ہیک کرنے کی تفصیل بھی خود ہیکرنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پرشئیرکیں اورائیرلائن کوان کے سسٹم اور ویب سائٹ کی خامیوں کو دورکرنے کے بارے میں مشورے بھی دئیے۔

ملکی وے کہکشاں خاندان کا نیا فلکیاتی رکن دریافت

لائپزگ، جرمنی: (ویب ڈیسک) ہماری اپنی کہکشاں کو ہم ’ملکی وے‘ کے نام سے جانتے ہیں جو اب سے 12 ارب سال قبل بننا شروع ہوئی تھی۔ تب سے اب تک بہت سی کہکشائیں اور اجرامِ فلکی اس میں ضم ہوتے رہے ہیں اور اس کا حصہ بنتے رہتے ہیں۔
لیکن اب یورپی خلائی ایجنسی کے گایا خلائی جہاز نے بتایا ہے کہ اب تک یہ سلسلہ جاری ہے اور اس ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے ملکی وے کے ماضی، حال اور مستقبل کی تشکیل بھی کی جاسکتی ہے۔ اس سے ملکی وے کا شجرہ یا فیملی ٹری کی تعمیر کی جاسکتی ہے اور اسے سمجھا جاسکتا ہے۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ بہت ساری چھوٹی چھوٹی کہکشاؤں نے مل کر ملکی وے کو اس طرح بنایا ہے جیسا کہ وہ آج ہمیں دکھائی دیتی ہے۔
میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ، جرمنی کے شعبہ فلکیات سے وابستہ خیاتی ملہان اور ان کے ساتھیوں نے گایا خلائی جہاز کے ڈیٹا کا بغور جائزہ لیا ہے۔ اس میں انہیں ملکی وے کے قریب چھوٹی کہکشاؤں کی تلاش تھی۔ یہ کہکشائیں ملکی وے کے ہالے (ہیلو) کے اطراف میں واقع ہیں جس میں نوعمرستاروں کی ایک طشتری موجود ہے اور مرکز میں ابھار میں بوڑھے ستارے موجود ہیں۔ واضح رہے کہ بوڑھے ستارے ملکی وے کو قدرے روشن رکھتے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق جب باہر کی کہکشائیں ملکی وے کی طرف آتی ہیں تو ثقلی امواج کی بنا پر بکھرنے لگتی ہیں۔ اگر یہ عمل دھیرے دھیرے ہوتو ان کہکشاؤں کی شکل روشنی کے بہاؤ یا ستاروں سے بنی پٹی جیسی ہوجاتی ہے۔ روشی کی اس لہر یا پٹی کو کہکشانی ہالے سے الگ کرکے آسانی سے دیکھا اور مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔ اور اگر یہ عمل تیزی سے ہونے لگے تو اس میں چھوٹی کہکشاں کے ستارے ہالے میں تیزی سے بکھرنے لگتے ہیں اور کوئی بہت واضح علامات سامنے نہیں آتیں۔
لیکن یاد رہے کہ ملکی وے سے جڑنے والی کہکشاں چھوٹی یا بڑی اس میں ستاروں کے علاوہ ہزاروں، لاکھوں یا شاید کروڑوں ستاروں کے کثیف گچھے(گلوبیولر اسٹار کلسٹر) اور دیگر چھوٹی کہکشائیں بھی ہوسکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں نے اس کا بھی مطالعہ کیا ہے۔
اب تک ستاروں کے 170 گچھے، ستاروں کی 41 روشن پٹیاں، اور 46 چھوٹی کہکشائیں دریافت کی ہیں جو ملکی وے کے اندر یا اطراف میں موجود ہیں۔ پھر ان کی جسامت، توانائی اور مومینٹم کی بنا پر انے 6 گروپ میں بانٹا گیا۔ ہر گروپ ملکی وے سے مدغم ہورہا تھا۔
لیکن ایک اور اجنبی گروہ کو پونٹس کا نام دیا گیا ہے جسے ملکی وے کی ثقلی قوت نے منتشر کرکے رکھ دیا ہے۔ خیال ہے کہ 8 سے 10 ارب سال قبل وہ ملکی وے میں گرنا شروع ہوا تھا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بظاہر سادہ دکھائی دینے والی ملکی وے کہکشاں بہت پیچیدہ ہے اور پونٹس کہکشاں ایک اجنبی کہکشاں ہے جو اب ملکی وے کے قریب آکر اس کی تشکیل کررہی ہے۔

عمران خان خط سے اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ خان صاحب خط جلسے میں لہرا کر آج تک استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان خط سے اداروں کو دباؤ میں لانے اور متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں حکومت بنانے کیلئے تیار ہیں، انتخابی اصلاحات کا عمل جلد مکمل کریں گے، اصلاحات کے بعد ہم سب چاہتے ہیں کہ جلد انتخابات ہوں، جمہوریت اور اداروں کی غیر جانبداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کمیٹی اجلاس بلانے کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں دیا گیا، خط کے حوالے سے آپ جو پوچھنا چاہتے ہیں وہ 3 دن بعد پوچھیں، ہمارا خیال ہے خط وزیراعظم کے کسی وزیر نے خود سفیر سے لکھوایا ہے۔

ویڈیو: طارق جمیل کے صاحبزادے والد کے ہم شکل، چاہنے والے بھی حیران

لاہور : (ویب ڈیسک) معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا یوسف جمیل کی ایک سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔انسٹاگرام پر یوسف طارق جمیل کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں یوٹیوبر شاہ ویر جعفر ی اور زید علی سے ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں شاہ ویر کو مولانا طارق جمیل کے گھر میں ان کے صاحبزادے سے ملاقات کرتے دیکھا گیا جس میں یوٹیوبر بھی یوسف کی مولانا طارق جمیل سے خاصی مشابہت پر حیران ہیں۔
دوران ملاقات شاہ ویر نے یوسف سے کہا کہ مولانا طارق جمیل سے خاصی مشابہت رکھتے ہیں جس پر ان کے صاحبزادے نے ہنستے ہوئے جواب دیا طارق جمیل سے ان کی شکل ہی ملتی ہے۔
یوسف جمیل کا مزید کہنا تھا کہ وہ والد کو مولانا کے بجائے بابا کہہ کر پکارتے ہیں۔