سٹاک مارکیٹ میں زبردستی تیزی 100 انڈکس میں 476 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج زبردستی تیز ی رہی اور دن بھر کاروبار کا مثبت رحجان رہا۔
پاکستان سٹا ک مارکیٹ میں آج مجموعی طور پر 100 انڈکس میں 476پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔آج جب کارروبار کا آغاز ہوا تو100 انڈکس 43ہزار984 کی سطح پر تھا۔ آج 100 انڈکس کی بلند ترین سطح 44ہزار557 رہی۔جب دن کا اختتام ہوا تو 100 انڈکس 44ہزار461 کی سطح پر تھا۔

آسٹریلوی کھلاڑی کے خاندان کو بھارت سے دھمکیوں پر پی سی بی کا ردعمل سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ پاکستان میں شامل آسٹریلوی کھلاڑی کے خاندان کو دھمکیاں دینےکے معاملے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے مکمل باخبر ہے، کرکٹ آسٹریلیا اور سکیورٹی ایجنسیز نے پوسٹ کی نوعیت اور کنٹینٹ کی تحقیقات کیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس قسم کی سوشل میڈیا سرگرمی کیلئے جامع سکیورٹی پلانز ترتیب دیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں اور مزید تبصرہ نہیں کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم میں شامل کھلاڑی کے اہلخانہ کو بھارت سے سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ 24 سال بعد پاکستان آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن کی فیملی کو انسٹا گرام پر دھمکیاں دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی کو پاکستان میں کھیلنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی، دھمکیاں انسٹا گرام پر جعلی اکاؤنٹ jyot.isharma391 سے دی گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھمکیوں کے پیچھے بھارتی ریاست گجرات میں مقیم مرائدل تیواڑی نام کا شخص ملوث ہے، مرائدل تیواڑی گجرات میں آئی ایم سی لمیٹڈ میں انوائرمینٹل، ہیلتھ اور سیفٹی آفیسر ہے جس کا ای میل ایڈریس [email protected] اور موبائل فون نمبر 00917060185885 ہے۔

بلیک بیلٹ جوڈو ماسٹر پیوٹن سے فیڈریشن کی اعزازی صدارت چھین لی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن (آئی جے ایف) نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو اعزازی صدرارت سے ہٹا دیا۔
روس اور یوکرین کے درمیان 5 روز سے جنگ جاری ہے اور روسی افواج نے یوکرینی دارالحکومت کیف سمیت کئی شہروں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
امریکا، برطانیہ اور یورپ سمیت کئی ممالک نے روسی صدر، بینکوں اور اداروں پر مالی پابندیاں عائد کی ہیں۔
اب انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اعزازی صدارت کا عہدہ بھی چھین لیا ہے۔
انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوکرین پر حملے کے بعد ولادیمیر پیوٹن کو فیڈریشن کی اعزازی صدارت اور سفیر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
خیال رہے کہ روسی صدر بلیک بیلٹ جوڈو ماسٹر ہیں اور 2019 میں بھی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تھا۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرانے کی بھارتی سازش بے نقاب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی روکنے کے لیے بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں اور سازشوں سے باز نہ آئی لیکن اس بار بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔
24 سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کی طرح دورہ ادھورا چھوڑ کر چلی جائے۔
26 فروری 2022ء کوپاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن کے خاندان کو انسٹا گرام پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے جس میں انہیں پاکستان جانے پر خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکی ملی۔ اس طرح کی حساس معلومات تک رسائی اور ترسیل صرف خفیہ ایجنسیز کے پاس ہی ہوسکتی ہے جس سے صاف ظاہر ھوتا ھے کہ پہلے کی طرح اس بار بھی بھارتی حکومت کے ایما پر یہ سازش تیار ہوئی۔
بظاہردھمکی آمیز پیغامات بھجوانے کے لیے انسٹا گرام پر فیک اکاؤنٹ jyot.isharma391 کااستعمال کیا گیا لیکن تفصیلی تحقیقات کے دوران اس دھمکی آمیز پیغامات کے پیچھے بھارتی گجرات میں مقیم مرائدل تیواڑی کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں۔
مرائدل تیواڑی بھارتی گجرات میں آئی ایم سی لمٹیڈ میں بطور انوائرمینٹل، ہیلتھ اور سیفٹی آفیسر کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے جبکہ موبائل فون نمبر 00917060185885 ہے۔
بھارتیوں کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا یہ طریقہ کار پہلے ہی استعمال کیا جاچکا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی گئیں، آئی پی ایل میں شامل نہ کرنے کی باتیں تو ویسٹ انڈین پلیئر نے سوشل میڈیا پر شیئر کر ہی دی ہیں۔
اس کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اہل خانہ کو بھی اسی طرح دھمکیاں دی گئی تھیں جس کے بعد وہ پہلے میچ سے قبل دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھیں۔
پھر انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنا شیڈول دورہ ملتوی کردیا تھا جس کےبعد آسٹریلیا نے مکمل سیکیورٹی چیکنگ کے بعد پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے 24 سال بعد اپنی ٹیم بھیجی جو راولپنڈی میں اپنے میچز کھیلے گی لیکن ایک بار پھر بھارتیوں نے پرانا طریقہ واردات آزمایا لیکن اس باربغل میں چھری رکھنے والے بروقت بے نقاب ہوگئے۔

DeafTawk، GSMAاور Jazzکے اشتراک سے MWC22بارسلونا میں سماعت سے محروم برادری کی شمولیت ممکن بنائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پہلی بار بین الاقوامی سطح پر قوت سماعت سے محروم برادری کی شمولیت کے ساتھ دنیا کی سب سے با اثر کنیکٹیویٹی انڈسٹری ایونٹ میں Deaf Tawk، GSMAاور Jazzکے اشتراک سے، موبائل ورلڈ کانگریس بارسلونا (MWC22 Barcelona) کا جس میں براہ راست اشاروں کی زبان میں بات کرنے کی خدمات فراہم کرنے کیلئے 28فروری سے 3مارچ 2022تک بارسلونا میں Fira Gran Viaمیں انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی سماعت سے محروم افراد پر مشتمل ٹیک ایونٹ ہے اور دنیا کی سماعت سے محروم کمیونٹی جو نئی ٹیکنالوجیز اور اسٹارٹ اپس کے بارے میں جاننے کے خواہش رکھتے ہیں تک پہنچنے کا ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔ یہ اقدام سماعت سے محروم کمیونٹی کو4روزہ ایونٹ میں دنیا بھر کی معروف کمپنیوں کے ٹیک انٹرپرینیور، لیڈرز، اور ڈومین ماہرین سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ Deaf Tawkتمام MWC22بارسلونا کینوٹس، D4Tسیشنز، اور 4YFNسیشن کیلئے لائیو ترجمانی فراہم کرے گا جو سہولیات سے محروم طبقات تک پہنچنے کا ذریعہ بنے گا۔

MWC22بارسلونا دنیا کا سب سے با اثر کنیکٹیویٹی انڈسٹری کا ایونٹ ہے۔ یہاں، سینئر فیصلہ ساز،تخلیق کار اور جدت پسند لوگ مستقبل کی تشکیل کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں۔ دنیا بھر سے معروف کمپنیاں اس کانفرنس میں شامل ہوکر انڈسٹری کی کامیابی کیلئے دوبارہ مل کر، تصور کرکے اور ایجادات کرتی ہیں۔ کانفرنس میں 1500سے زائد نمائش کنندگان اور 1000مقررین کی موجودگی ایونٹ کی عالمی رسائی اور موجودگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر Deaf Tawkکے سی ای او علی شبیر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم GSMAاور Jazzکی حمایت کو تسلیم کرتے ہیں جو سماعت سے محروم افراد کو سب سے بڑے ٹیک ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرے گا۔ ہم MWC22بارسلونا میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے سماعت سے محروم برادری کی شمولیت کیلئے واقعی پر جوش ہیں اور مستقبل کو مزید جامع بنانے کیلئے بھی پر عزم ہیں۔

Jazzکے سی ای او عامر ابراہیم نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے پریمیئر ایکسلریٹر پروگرام Jazz xlr8کے تحت شروع ہونے والے Deaf Tawkکو دیکھ کر خوشی ہوئی، جس نے بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کو اشاروں کی زبان میں بات پہنچانے کی سہولت کے ذریعے عالمی سطح پر قوت سماعت سے محروم افراد کو شامل کیا ہے۔ خوشی ہے کہ ہم تکنیکی جدت اور ہمدردی کے اس امتزاج کو فعال کرسکتے ہیں اور اس سفر کو آگے بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں۔

GSMAموبائل فار ڈیولپمنٹ کی ہیڈ آف ڈیجیٹل انکلوژن، Claire Sibthorpe کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے انوویشن فنڈ سے گرانٹ حاصل کرنے والے DeafTawk، MWC22بارسلونا میں سماعت سے محروم افراد کیلئے مزید جامع اور قابل رسائی تجربہ فراہم کرنے میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔ یہ خاص افراد کیلئے ڈیجیٹل شمولیت میں اضافہ اور ایک دلچسپ موقع ہمارے ویژن کے مطابق ہے۔

پی ایس ایل کی کامیابی کا سہرا تماشائیوں کے سرہے،رمیز راجا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی کامیابی کا سہرا تماشائیوں کے سر ہے۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے بیان میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل غیرمعمولی حد تک کامیاب رہی جس کی بڑی وجہ کراچی اورلاہور میں بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم آنا تھا۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ اپنے کیرئیرکے دوران لاہورمیں کبھی اتنا زبردست اورپرجوش کراؤڈ نہیں دیکھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تمام شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایونٹ اورایونٹ کی ایچ ڈی پروڈکشن کوکامیاب بنایا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس کے منافع کی مد میں 71 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا منافع ہے جس کی وجہ سے ہر فرنچائز نے تقریباً 90 کروڑروپے کمائے ہیں۔
چئیرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو تمام فرنچائز کے ہوم وینیوز پرلے جانے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ فینز کی تعداد بڑھائی جاسکے۔
رمیز راجا نے تمام اسپانسرز، کھلاڑیوں، فرنچائزز، طبی عملے، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز، مقامی اور صوبائی انتظامیہ، کمنٹیٹرز اور براڈکاسٹنگ کے عملے اورگراؤنڈ اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔

کنگنا رناوت کا یوٹرن، عالیہ بھٹ کی فلم کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

ممبئی: (ویب ڈیسک) متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے یوٹرن لیتے ہوئے عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔
کچھ روز قبل تک عالیہ بھٹ کو’پاپا کی پری‘ اوران کے والد مہیش بھٹ کو’ مافیا ڈیڈی‘ کہہ کرطنز کا نشانہ بنانے والی کنگنا رناوت نے یوٹرن لیتے عالیہ بھٹ کی نئی فلم کی تعریفوں کے انبار لگا دئیے۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگوبائی کاٹھیا واڑی ‘ کی ریلیز سے کورونا پابندیوں کی وجہ سے وینٹیلیٹرپرپہنچنے والی بالی وڈ فلم انڈسٹری کوسہارا ملے گا۔
کنگنا کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کردار کے گرد گھومتی عالیہ بھٹ کی نئی فلم لوگوں کوسینما گھروں تک لائی جوحوصلہ افزا بات ہے۔ اس سے فلم انڈسٹری کوبڑا سہارا ملے گا۔
کنگنا رناوت عالیہ بھٹ کی فلم ’ گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ پرسخت تنقید کرتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم اس لئے بنائی گئی ہے کہ مافیا ڈیڈی چاہتے ہیں کہ لوگ یہ دیکھیں کہ ان کی پری کواداکاری کرنا بھی آتی ہے۔

سابق ملکۂ حسن نے یوکرین کے دفاع کے لیے اسلحہ اٹھا لیا

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین سے تعلق رکھنے والی سابق ملکۂ حسن روس کے خلاف اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے اسلحے کے ساتھ میدان میں آگئیں۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے حکم پر دو روز قبل روسی فضائیہ نے یوکرین کے متنازع علاقے پر بمباری کی اور پھر فوج نے کیف کی جانب پیش قدمی شروع کی۔ روسی فوجیوں کے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں داخل ہونے کے بعد یوکرینی صدر میدان میں آئے اور انہوں نے ملک کے دفاع کا اعلان کیا۔
یوکرین کی حکومت نے شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں گھروں پر رہنے کی ہدایت کی جبکہ یہ بھی کہا ہے کہ جو شخص ملکی دفاع میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو اُسے حکومت اسلحہ فراہم کرے گی۔
دو روز قبل یوکرین نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی افواج کیف تک پہنچ گئیں ہیں تاہم صدر کے ویڈیو پیغام کے بعد عوام دفاع کے لیے نکلے اور انہوں نے پیوٹن فوج کو پسپائی پر مجبور کیا۔
عوام اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اب شوبز شخصیات بھی اپنے ملک کے دفاع کے لیے میدان میں آرہی ہیں، اسی تناظر میں 2015 میں مس یوکرین کا ایوارڈ جیتنے والی حسینہ انستاسیا لینا نے بھی انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ کیف کے جنگ سے متاثر ہونے والے علاقے میں جدید اسلحے کے ساتھ پوزیشن لیے کھڑی ہیں۔
سابق ملکۂ حسن کی تصویر پر چاہنے والوں نے کمنٹس کیے اور یوکرین کے دفاع کے لیے کھڑنے ہونے کا اعلان بھی کیا جبکہ متعدد صارفین نے روس کی فوجی پیش قدمی پر سخت تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔

روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 36 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 177 روپے 11 پیسے سے بڑھ کر177 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سے روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔