اسرائیل نے امریکا کے ساتھ 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے دفاعی معاہدے کیے ہیں جس کے تحت تل ابیب سی ایچ 53 کے ہیلی کاپٹر اور دو بوئنگ کے سی 46 (فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے) حاصل کرسکے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کی مالیت 3 ارب 10 کروڑ ڈالر ہے۔
وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا یہ معاہدہ اسرائیل کی فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا اور اس میں 6 اضافی ہیلی کاپٹر خریدنے کا آپشن بھی شامل ہے۔
بیان کے مطابق ہیلی کاپٹرز 2026 میں اسرائیل پہنچیں گے۔ چیف میٹریل کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شمعون سنسیپر نے کہا کہ فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے 2025 سے پہلے حاصل نہیں کیے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سی 46 کی ترسیل کو آگے لانے کی کوشش کر رہا تھا اور آخر کار ان میں سے چار چاہتا تھا۔
اسرائیلی میڈیا نے امید ظاہر کی کہ فضا میں رہ کر ایندھن بھرنے والے طیارے ایران کی جوہری تنصیبات پر طویل خطرے والے فضائی حملے کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
جنرل شمعون سنسیپر نے کہا کہ فضائیہ کی موجودہ ایندھن بھرنے کی صلاحیت اس کے مشن کے لیے کافی ہے۔
Monthly Archives: December 2021
سال نو کے موقع پر حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرادیا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے 95 پیسےفی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
ناسا کاخلائی جہاز2022ء میں ’آلو نما‘ سیارچے پر جانے کوتیار
ناسا کا نیا خلائی جہاز 2022ء میں ایک ’آلو نما‘ سیارچے پر جانے کو تیار ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سیارچہ کسی تباہ شدی پرانے سیارے کی باقیات ہوسکتا ہے۔
عالمی ادارے کے مطابق ناسا کا سائک نامی نیا خلائی جہاز اگست 2022ء میں مارس او جیوپیٹر کے درمیان موجود ایک ’آلو نما‘ سیارچے پر جانے کیلئے تیار ہے، اپنے 4 سالہ مشن پر اسپیس کرافٹ سائک معدنیات سے بھرپور اس سیارچے کا معائنہ کرے گا۔
سائنسدانوں کے مطابق یہ آلو نما ایسٹرائڈ کسی تباہ شدہ سیارے کی باقیات ہوسکتا ہے۔ ناسا کا کہنا نے کہ سائک اسپیس کرافٹ کی مدد سے ملنے والی معلومات زمین پر سائنسدانوں کیلئے شمسی نظام کی بناوٹ کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں انتہائی کارگر ثابت ہوسکتی ہیں۔
زمین پر خلائی دوربینوں کی مدد سے دیکھنے پر یہ ایسٹرائڈ کسی دھندلے غبار کی مانند دکھائی دیتا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیزراجا سے ملاقات کے دوران اسلام آبادمیں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کے سیزن اور کرکٹ کے مجموعی ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی اصولی منظوری دی اور چئیرمین پی سی بی کو ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے وزیر اعظم کو اسٹیڈیم کی تعمیر 2025 تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا رواں برس ستمبر میں بلامقابلہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوگئے تھے۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ‘ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر مضبوط کریں گے اور پروان چڑھائیں گے’۔
رمیز راجا کو پی سی بی کا چیئرمین پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف وزیر اعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا۔
شہبازشریف کا نئے سال پر اہل وطن کیلئے دعا اور نیک تمناﺅں کا پیغام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے نئے سال پر اہل وطن کے لئے دعا اور نیک تمناﺅں کا پیغام دیا ہے۔
اپنے بیان میں پاکستان شہبازشریف نے کہا کہ یا اللہ آنے والے تمام سال پاکستان اور دنیا کے لئے امن، سلامتی اور خیروبرکت کے سال ہوں، نوازشریف کی قیادت میں 2022 میں جناح کا پاکستان بنانے کی فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم سے وعدہ کرتے ہیں کہ انشاءاللہ انہیں معاشی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ 2022 میں قوم کو نئی امید، نیا حوصلہ اور نئی روشن منزل کی نوید دیں گے، بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اذیتوں، دکھوں اور مہنگائی کا ایک اور سال تمام ہوا، قوم کی زندگی میں ان تلخیوں کا غم ہے، نئے سال پر عہد کریں کہ ہم بابائے قوم کے اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں پر کاربند ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ۔ نوجوان نسل کو پاکستان کی تعمیر، ترقی اور مضبوطی و خوشحالی کے لئے اپنا کردارادا کرنا ہوگا
شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم، تربیت، ہنرمندی اور ذہانت کے حصول کے ساتھ محنت، دیانت اور اچھے اخلاق کی راہ اپنانا ہوگی۔
قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے کہ 2022 اور اس کے بعد آنے والے برسوں میں کشمیر، فلسطین اور مقبوضہ خطوں کے عوام کو آزادی کی نعمت میسرآئے۔
گوجرانوالہ میں سڑک پر کھڑی خاتون سے اجتماعی زیادتی، چاروں ملزمان گرفتار
گوجرانوالہ میں سڑک پر کھڑی خاتون کو 4 ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا جب کہ آئی جی پنجاب کے نوٹس پر چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڈ کے اسٹاپ پر خاتون کھڑی تھی اس دوران کار میں سوار 4 ملزمان نے خاتون کے آگے گاڑی روکی اور اسے زبردستی کار میں بٹھایا اور نامعلوم مقام پر لے گیا جہاں سفاک ملزمان نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں چاروں ملزمان خاتون کو بے ہو شی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے گوجرانوالہ میں خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے کر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔
آئی جی پنجاب کے نوٹس پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث چاروں ملزمان گرفتار کرلئے۔
آئی جی پنجاب نے تفتیش کو جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔
راؤ سردار علی خان نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، ہراساں اور زیادتی کے واقعات پر پنجاب پولیس زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
اومیکرون کے باعث انگلش پریمئیر لیگ کا ایک اور میچ ملتوی
مشہور فٹ بال لیگ انگلش پریمئیر لیگ کا اتوار کو کھیلا جانے والا ایک اور میچ کورونا کے باعث ملتوی ہو گیا۔
انگلش فٹ بال کلب ساؤتھمپٹن اور نیو کاسٹل کے مابین ہونے والا میچ کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
یہ میچ اتوار کو شیڈول تھا مگر نیو کاسٹل یونائیٹڈ کے کیمپ میں مزید نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد میچ ملتوی کر دیا گیا۔
نیو کاسٹل کا ایورٹن کے ساتھ جمعرات کو ہونے والا میچ بھی کورونا کے باعث منسوخ کیا گیا تھا۔
انگلش پریمئیر لیگ میں رواں ماہ کے دوران 17 میچز کورونا کے باعث ملتوی کئے گئے ہیں۔
پریمئیر لیگ انتظامیہ کے مطابق نیو کاسٹل کلب کی انتظامیہ نے درخواست کی تھی کہ میچ ملتوی کیا جائے کیونکہ ہمارے پاس اب میدان میں گیارہ کھلاڑی اتارے کی بھی صلاحیت نہیں رہی۔
پریمئیر لیگ انتظامیہ نے نیو کاسٹل کی درخواست منظور کر لی ہے۔
لیور پول فٹ بال کلب کے مینجر جرگین کلاپ بھی چیلسی کے ساتھ اتوار کو ہونے والے میچ کے بارے میں خدشات کا شکار ہیں۔
لیور پول کلب نے حال ہی میں اپنے کھلاڑیوں کا پی سی آر ٹیسٹ کرایا ہے جس کا رزلٹ آنے والا ہے۔
مینجر جرگین کلاپ نے کہا ہمارے کیمپ میں کورونا کے تین نئے کیسز ہیں جبکہ کچھ اسٹاف ممبران میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو افسوسناک خبر ہے۔
آج پنجاب کے 58 ہزار بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہو رہی ہے ، حمزہ شہباز
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آج پنجاب کے 58 ہزار بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہو رہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کے 58 ہزار بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہو رہی ہے ، مسلم لیگ ن نے پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ان نمائندوں کے جائز آئینی حقوق کی بھرپور جنگ لڑی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے 30 ماہ تک مقامی حکومتوں کے اختیارات کو غصب کیا گیا ، پنجاب کے عوام سے ان کے منتخب نمائندے بیک جنبش قلم چھین لئے گئے جسے بعد میں سپریم کورٹ کے حکم پر بحال کیا گیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود 7 ماہ تک بلدیاتی نمائندوں کو بحال کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا جاتا رہا ، افسوس حکومت نے وقتی مفاد اور چھوٹے سیاسی فائدے کے لئے عوام کا بیڑا غرق کر دیا اور جمہوریت کے اہم درجے کی راہ میں روڑے اٹکائیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی ادارے موجود ہوتے تو گورننس کے فقدان پر بھی بند باندھا جا سکتا تھا اور مہنگائی بھی ایک حد تک کنٹرول ہوتی ، میں جمہوریت کے استحکام اور حقیقی معنوں میں جمہوریت کے فروغ کے لئے بلدیاتی اداروں کی مظبوطی کا علمبردار ہوں اور اس کے لئے آئندہ بھی ہر فورم پر جدوجہد کرتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی بطور اپوزیشن لیڈر پنجاب میں صوبے میں ایک ایسے بلدیاتی نظام کا حامی ہوں جس میں نمائندے مکمل بااختیار ہوں ، مسلم لیگ ن کے مطالبے پر بلدیاتی قانون کے حوالے سے ایوان کی اسپیشل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے بلدیاتی قانون اور نمائندوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
سال کی بہترین ڈلیوری کون سی، فیصلہ آپ خود کریں
سال 2021 شائقین کرکٹ کے لیے 2020 کی نسبت سنسنی اور تفریح سے بھرپور رہا ہے۔
شائقین کرکٹ کو رواں برس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سمیت کئی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔
جہاں بالرز اور بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کیا وہیں فیلڈنگ کے شعبے میں بھی شاندار نظارے دیکھنے کو ملے۔
تاہم یہاں ہم آپ کو سال 2021 کی دو ایسی ڈلیوریز دکھانے جارہے ہیں جو اپنی نوعیت کی منفرد ڈلیوریز ہیں جس کے بارے میں گیند باز خود کہتے ہیں کہ ایسی گیند ہوجانا کوئی معجزہ ہی ہے۔
پاکستان کے اسٹار فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی کامیابی کی اس سیڑھی پر قدم رکھ چکے ہیں جہاں پورے کیریئر میں بھی پہنچنا بہت سے کھلاڑیوں کا خواب ہی رہ جاتا ہے۔
رواں برس شاہین شاہ آفریدی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں بھارت کے خلاف ان کی شاندار بالنگ کے تو خود بھارتی کھلاڑی بھی معترف ہوئے ہی لیکن لوکیش راہول کو بولڈ کرنے کا چرچا اب بھی کرکٹ ماہرین اور شائقین کی زبان زد عام ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے لوکیش راہول کو کی جانے والی گیند دنیا کے کسی بھی بلے باز کے لیے کھیلنا یقیناًناممکن تھی یہی وجہ ہے کہ اسے 2021 کی بہترین ڈلیوری قراردیا جارہا ہے۔
دوسری جانب اپریل میں انگلش کاؤنٹی کے میچ میں انگلینڈ کے لیگ اسپنر میٹ پارکنسن نے آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن کی 1993 کی ایشیز سیریز میں بال آف دی سینچری قرار دی گئی جیسی گیند کروا کر ماہرین کرکٹ سےخوب داد سمیٹی۔
میٹ پارکنسن نے وہ گیند مانچسٹر کے اسی اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کی جہاں 1993 میں شین وارن نے کی تھی۔
مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین حملے میں زخمی
پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ میں زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے بلال یاسین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔
بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بلال یاسین کو 2 گولیاں پیٹ اورایک ٹانگ پر لگی ہے اور ان کی تشویشناک ہے۔
مِنی بجٹ بل پر ووٹ ہو گا تو اپوزیشن کے تمام نمبرز پورے ہوں گے، نوید قمر
پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آکسیجن اور سانس لینے پر ٹیکس نہیں لگایا، کیا معلوم یہ آئندہ سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دیں۔
نوید قمر نے کہا کہ جون میں مزید نزلہ گرنے والا ہے، عوام کو اس حد تک دیوار سے نہ لگائیں کہ ملک چلانا مشکل ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ کل حکومت نے ایکسپائرڈ آرڈیننسز کو توسیع دی، مِنی بجٹ بل پر ووٹ ہو گا تو اپوزیشن کے تمام نمبرز پورے ہوں گے۔
حکومت کو جی ایس ٹی چھوٹ واپس لینے کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی، چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد: یئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ حکومت کو جی ایس ٹی پر چھوٹ واپس لینے کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کو جی ایس ٹی چھوٹ واپس لینے کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی، آئی ایم ایف کا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ ریونیو بڑھائیں اور اصلاحات کریں، ماضی میں جب بھی آئی ایم ایف کا مطالبہ آتا ہم نئے ٹیکس لگا دیتے ہیں مگر پالیسی سطح کی تبدیلیوں پر کسی نے توجہ نہ دی کیونکہ یہ غیر مقبول فیصلے تھے، آئی ایم ایف کو ٹیکس ریونیو کے اعدادوشمار سے مطلب ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ آئی ایم ایف زیادہ پالیسی سطح کی اصلاحات پر زور دیتا ہے، آئی ایم ایف کا مطالبہ تھا کہ تمام اشیاء پر 17 فیصد جی ایس ٹی لگائیں، اگر کسی کو سہولت دینا ہے تو سبسڈی کے ذریعے دی جائے، آئی ایم ایف کا مطالبہ ٹیکس تفریق کو ختم کرنے کا تھا، ہمارا فوکس بھی ٹیکس تفریق و تضاد کو دور کرنے پر ہے، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ٹیکس کو اپنا ریوینیو اکٹھا کرنے تک رکھیں۔
چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ منی بجٹ کے ذریعے جو اصلاحات متعارف کروائی ہیں وہ تاریخی ہیں، 200 سے زائد مالیت کے درآمدی موبائل فون پر 17 فیصد جی ایس ٹی لاگو کرنے کی تجویز ہے، پاکستان میں ٹیکسوں کی جتنی مراعات ہیں اس حساب سے پاکستان کو دینا سب سے بڑا صنعتی ملک ہونا چاہیے مگر مراعات کے باوجود پاکستان دنیا کا بڑا صنعتی ملک نہیں ہے، یہی آئی ایم ایف کہتا ہے کہ جب ایسا نہیں ہے تو پھر یہ تفریق ختم کی جائے، جی ایس ٹی کی چھوٹ واپس لینا حکومت کا غیر مقبول فیصلہ ہے جس کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔
چئیرمین ایف بی آر نے کہا کہ یہ فیصلے ملکی معیشت کیلئے اور ڈاکومنٹیشن کیلئے ضروری تھے، حکومت کے پاس ریونیو زیادہ آئے گا تو ٹارگیٹڈ سبسڈی زیادہ دی جاسکے گی، آئی ایم ایف کے پروگرام سے نکل جائیں تو پھر ایک ہی بجٹ پیش ہوا کرے گا۔
اسلام آباد میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد میں اومی کرون کی تصدیق
اسلام آباد: دارالحکومت اسلام آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ایک ہی خاندان کے 15 افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ شہر میں اومی کرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 66 تک پہنچ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں اومی کرون وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ اومی کرون وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ کے پیشِ نظر ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء نے باضابطہ ایڈوائزری جاری کردی۔
ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ایک ہی گھر کے 15 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی، شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد اومی کرون کا شکار ہوئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 66 ہوگئی۔
ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں اومی کرون کا پہلا کیس 25 دسمبر کو سامنے آیا تھا جبکہ گذشتہ روز تک اسلام آباد میں اومی کرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد محض 32 تھی۔
ڈاکٹر زعیم ضیاء کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہری نئے سال کی تقریبات میں غیر ضروری شرکت سے گریز کریں، اومی کرون وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، نئے سال کی آمد پر غیر ضروری سفر اور ایس او پیز کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں، شہری رش والے مقامات، شادی بیاہ، شاپنگ مالز، مارکیٹ جانے سے گریز کریں، ویکسین شدہ افراد ہی فیملیز کے ساتھ باہر جائیں، ماسک و سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے، شہری خود کو اور اپنے پیاروں کو ویکسین ضرور لگوائے۔