وزیراعظم سے چیئرمین پی سی بی نے ملاقات, پی ایس ایل کے آنے والے سیزن اور کرکٹ کے مجموعی ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا

وزیراعظم سے چیئرمین پی سی بی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ملاقات کی جس میں پی ایس ایل کے آنے والے سیزن اور کرکٹ کے مجموعی ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی اصولی منظوری دی اور پی سی بی چیئر مین کو ہدایت کی کہ اس کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل روئے کار لائے جائیں۔

پی سی بی چیئر مین نے وزیر اعظم کو اسٹیڈیم کی تعمیر 2025 تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

بنگلادیش: خواتین کیلئے ساحل کا حصہ مختص کرنے کا فیصلہ چند گھنٹوں میں واپس

بنگلادیش کی حکومت نے تنقید کے بعد ساحل پر خواتین کیلئے مختص کیا گیا علاقہ واپس لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بنگلادیشی حکومت نے کاکس بازار شہر میں 150 میٹر کا علاقہ خواتین اور بچوں کیلئے مختص کیا تھا جہاں مردوں کے جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کچھ خواتین کی درخواست پر ساحلی علاقے کو مختص کیا گیا تھا جبکہ درخواست میں خواتین کا کہنا تھاکہ ساحل پر جم غفیر میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتیں لہٰذا علیحدہ سے علاقہ مختص کیا جائے۔

تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد حکومت نے فیصلہ چند گھنٹوں میں ہی واپس لے لیا۔

خیال رہے کہ کاکس بازار دنیا کا طویل ترین قدرتی ساحل ہے جو 120 کلومیٹرکے علاقے پر پھیلا ہوا ہے۔

یہ بنگلادیش کا مقبول سیاحتی مقام ہے جہاں ہر وقت سیاحوں کا رش رہتا ہے۔

ضمنی مالیاتی بل پر بحث نہ ہوسکی، قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

قومی اسمبلی کا اجلاس کا غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا، اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر ڈپٹی اسپیکر  قاسم سوری نے اجلاس ملتوی کیا،اجلاس میں ضمنی مالیاتی بل 2021 پر بحث ہونا  تھی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج و شرابہ کیا، کورم کورم کے نعرے لگائے جس کی وجہ سے اجلاس کی کارروائی نہ چل سکی۔

وقفہ سوالات کے آغاز میں ہی قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

 وقفہ سوالات کے آغاز  میں ہی اپوزیشن ارکان نے احتجاج، شور شرابہ اور کورم کورم کے نعرے لگانا شروع کر دیے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد ارکان کو بات کرنے کی اجازت دوں گا۔

کورم کورم کے نعروں کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

انڈر19 ایشیا کپ 2021 کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا اور سری لنکن ٹیم بارش سے متاثرہ میچ کے مقررہ 38 اوورز میں 9 وکٹوں  کے نقصان پر 106 رنز ہی بناسکی۔

سری لنکن ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہااور صرف ایک کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکا۔

یاسرو روڈریگو 19 ناٹ آؤٹ، روین ڈی سلوا 15 جبکہ سدیشاراجاپکسا  اور متھیشا پتھیرانا 14،14 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے وکی اوستوال نے 3 ،کوشال تامبے نے 2 جبکہ ہنگارگیکر، روی کمار اور راج باوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت 32 اوورز میں 102 رنز کا ہدف ملا جو اس نے  باآسانی 22 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل  کرلیا۔

انگکرش رگھوونشی 56 اور شیخ رشید 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہرنور سنگھ 5 رنز بناسکے۔

سری لنکا کی جانب سے واحد وکٹ یاسروروڈریگو نے حاصل کی۔

اومیکرون کا بگ بیش پر حملہ، پاکستانی کھلاڑیوں سمیت درجنوں متاثر

اومیکرون نے بگ بیش لیگ پر حملہ کردیا جس سے درجنوں افراد وائرس میں مبتلا ہوگئے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

غیر ملکی رپورٹس کے مطابق 2021 میں عالمی وبا کورونا کے باعث بہت سے کھیل متاثر ہوئے جن میں کرکٹ سرفہرست ہے ، کورونا کے باعث، پی ایس ایل اور آئی پی ایل سمیت مختلف لیگز متاثر ہوئی اور اس کے علاوہ باہمی سیریز میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آئے۔

حال ہی میں ایشز سیریز کے دوران بھی کورونا کیسز سامنے آئے تھے ، ابتدا میں انگلینڈ ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کے کچھ ارکان کورونا میں مبتلا ہوئے تھے اور اب آسٹریلین بلے باز ٹریوس ہیڈ کورونا کا شکار ہوکر چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے اب آسٹریلین کرکٹ لیگ بگ بیش پر حملہ کردیا ہے جس سے درجنوں افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ مجموعی طور پر 19 لوگوں کی کورونا رپورٹس مثبت آئی ہے جن میں 11 کھلاڑی بھی شامل ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان کھلاڑیوں کا تعلق کن ممالک سے ہے۔

میلبرن اسٹارز کے 7 کھلاڑی اور 8 اسٹاف ممبرز کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس میں پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کورونا سے متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری نہیں کی گئی البتہ تمام کھلاڑی قرنطینہ ہوگئے ہیں۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے علاوہ لاہور قلندرز کے دلبر حسین ، سید فریدون ، احمد دانیال بھی میلبرن اسٹارز کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب سڈنی تھنڈر کے بھی 4 کھلاڑیوں کی کورونا وائرس کی رپورٹس مثبت آئی ہے اور تمام افراد کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے بگ بیش لیگ میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان سمیت متعدد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں فخر زمان ، حارث رؤف ، دلبر حسین  ، محمد حسنین  ، احمد دانیال اور سید فریدون شامل ہیں۔

رضوان اور شاہین آئی سی سی مینز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے نامزد

پاکستانی کھلاڑی محمد رضوان اور شاہین آفریدی  آئی سی سی مینز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے نامزد ہوگئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے  آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کے لیے دو پاکستانی کھلاڑیوں سمیت چار کھلاڑیوں  کو نامز کیا گیا ہے۔

پاکستان کے محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی، کیوی کپتان کین ولیمسن اور انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

محمد رضوان 44 بین الاقوامی میچز میں 56.32 کی اوسط سے 2 سنچریوں کے ساتھ 1915 رنز  بناکر نامزد ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز نے 2021 میں  ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں راج کیا ہے۔وہ رواں برس   ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد بلے بازبن گئے ہیں۔

انہوں نے 29 میچز کی 26 اننگز میں 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1326 رنز بنائے تھے۔ رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنے کھیل کو بہتر کیا اور   9 میچز میں 45.50 کی اوسط سے 455 رنز بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف ناقابل شکست اننگز ان کے سال کی بہترین اننگز ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 36 بین الاقوامی میچز میں 22.20 کی اوسط سے 78 وکٹیں حاصل کیں ۔51 رنز کے عوض 6 وکٹیں ان کا بہترین بالنگ  فیگرہے۔

شاہین نے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں بہترین بلے بازوں کو پچھاڑ ا۔خاص طور پر  ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی  میں ان کی پرفارمنسز یادگار رہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف بالنگ کو ان کا سال  کا بہترین بالنگ اسپیل  قرار دیا گیاہے۔

انہوں نے رواں برس مختصر ترین فارمیٹ پر راج کیا اور  21 میچز میں 23 شکار کیے  جن میں ورلڈکپ کے 6 میچز میں 7 وکٹیں بھی شامل ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے 9 ٹیسٹ میچز میں  17.06 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلش ٹیسٹ کپتان جو روٹ کو 18 بین الاقوامی میچز میں 58.37 کی اوسط سے 6 سنچریوں  کی مدد سے  1855 رنز بنانے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

جو روٹ رواں برس ٹیسٹ کیلنڈر ایئر میں محمد یوسف کا 2006 میں قائم کردہ سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ  توڑنے میں ناکام رہے تاہم وہ 1708 رنز بناکر محمد یوسف اور ویوین رچرڈز کے بعد ٹیسٹ کیلنڈڑ ایئر میں 1700 سے زائد رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

وہ رواں برس دو ڈبل سنچریز بنانے والے واحد بلے باز ہیں۔انہوں نے سال کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف 228 رنز اور اس کی اگلی سیریز میں بھارت کے خلاف 218 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا آپریشن کی سربراہی میں میٹنگ کا انعقاد

ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا آپریشن محمد غفران کی سربراہی میں واسا کی میٹنگ کا انعقاد ہوا ہے۔

واسا کی منعقدہ میٹنگ میں ادارے کے ڈویلپمنٹ ورکس، ڈیسلٹنگ، ون لائن ون سٹریٹ، ڈیجیٹل کمپلینٹ سینٹر، گریٹنگ کی تنصیب کے علاوہ نئی و پرانی مشینری کی پراگرس کا جائزہ لیا گیا۔

میٹنگ میں یہ طے پایا کہ تمام ڈرین اور سیوریج لائنوں کی ڈیسلٹنگ کا آغاز 50 فیصد مشینری کے ساتھ جنوری سے کیا جائے گا جس کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔

محمد غفران کا کہنا تھا کہ ون لائن ون اسٹریٹ کے تحت ایک گلی میں ایک پائپ لائن فعال ہو گی اور پرانی پائپ لائن کو لازمی ڈیڈ کرنا ہو گا۔

ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا آپریشن محمد غفران نے شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے افسران و عملہ پر میٹنگ میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب افسران و عملہ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ای سی سی اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری

ای سی سی اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور مشیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل نیویارک کے قرضے کی ادائیگی 31 دسمبر 2024ء تک بڑھا دی گئی جب کہ ہوٹل کے 142 ملین ڈالر کے قرضے اور سود کی ادائیگی 2 سال میں قسطوں میں کی جائے گی۔

ای سی سی نے 5 ضروری اشیاء پر جنوری کے دوران بھی سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دیدی جب کہ این ایچ اے کے 2022ء کیلئے بزنس پلان کی منظوری دیدی۔

اعلامیے کے مطابق سمبڑیال کھاریاں موٹروے کے منصوبے کیلئے 8 ارب کے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔

زرمبادلہ بھجوانے کے مراعاتی پیکیج کے تحت ایکسچینج کمپنیوں کے نئے ماڈل کی منظوری دی گئی، فاطمہ فرٹیلائزر کے شیخوپورہ پلانٹ کیلئے گیس ریٹ کے تعین کی بھی منظوری دیدی گئی۔

اکتوبر 2021ء سے جنوری 2022ء کیلئے ریٹ 839 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔

این ای ایس سی کیلئے تین کروڑ ڈالر سے زائد کی 2 ساورن گارنٹیز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے کم لاگت گھروں کے منصوبے میں کمرشل بنکوں کی براہ راست مداخلت ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ وزارت میری ٹائم کے ادارے پی این ایس سی کے 19 ذیلی کمپنیوں کیلئے رعائیتوں کی منظوری ہوئی۔

وزارت انرجی کی مالی سال کیلئے ضمنی گرانٹ کی سمری بھی منظورہوئی۔

وزارت داخلہ کے ہیلی کاپٹرز کی مرمت کیلئے 14.62 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری جب کہ ایف سی کے ڈی آئی خان کے منصوبے کیلئے 431.88 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز اومیکرون کے خلاف 85 فیصد مؤثر

جنوبی افریقا کے تحقیقی و طبی ماہرین نے جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز کو اومی کرون کے خلاف 85 فیصد تک مؤثر قرار دے دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے میڈیکل ریسرچ کونسل نے حال ہی میں یہ تحقیق کی ہے جس میں 69 ہزار ہیلتھ ورکرز کو شامل کیا گیا۔
طبی عملے کے اراکین کو ایک ماہ اور پانچ دن کے دوران کورونا ویکسین کی دو خوراکوں کے علاوہ جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز بھی لگائی گئی۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ دو خوراکیں لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کو اومیکرون سے 63 فیصد تحفظ ہوا جبکہ بوسٹر ڈوز لگنے کے بعد یہ شرح بڑھ کر 85 فیصد تک پہنچ گئی۔ افریقی ماہرین کے مطابق اومیکرون کے مریضوں کو بھی بوسٹر ڈوز لگائی گئی۔
تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن ویکسین اور بوسٹر ڈوز اومیکرون اور ڈیلٹا ویریئنٹس کے خلاف 85 فیصد مزاحمت پیدا کرتی ہے۔

اومیکرون سے صحتیابی کے باوجود شہری جان کی بازی ہار گیا

دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ اومیکرون کا شکار ہونے والے شہری صحیتابی کے باوجود دنیا فانی سے کوچ کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 73 سالہ شہری کو رواں ماہ کے اوائل میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا شکار ہوئے تھے تاہم کچھ عرصہ قرنطینہ میں رہنے اور احتیاطی تدابیر برتنے کے بعد وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجھستان کے بزرگ شہری آج صبح جان کی بازی ہار گئے ، حالانکہ وہ اومیکرون سے مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے تھے۔

ریاستی حکام کے مطابق 73 سالہ شہری نجی اسپتال میں نرسنگ اسپتال میں تھے جو ریٹائرڈ ہوگئے تھے اور 15 دسمبر کو انہیں کورونا کی کچھ علامات ظاہر ہوئی تھی جس پر انہوں نے ٹیسٹ کرویا جو مثبت آیا اور پھر انہیں اسپتال لیا گیا ۔

ڈاکٹر آر ایل سمن نے بتایا کہ بھارتی شہری کو کچھ دن اسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا اور 21 دسمبر کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا تھا لیکن 25 دسمبر کو ان کی طبعیت دوبارہ خراب ہونا شروع ہوئی جس پر ہمیں یہ پتہ چلا وہ کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون میں مبتلا ہیں۔

اسپتال حکام نے کہا کہ 25 دسمبر کو ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ لیا گیا جو منفی آیا جب کہ وہ کورونا وائرس کی دونوں ویکسین لگواچکے تھے لیکن اس کے باوجود انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔

ڈاکٹر سمن نے مزید کہا کہ کل رات بزرگ شہری کی طبیعت اچانک بگڑگئی جس کے بعد انہیں وینٹیلیٹر پر رکھا گیا لیکن انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جس کے بعد ان کی ہلاکت ہوگئی۔

ملک بھر میں چینی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ

ملک بھر میں چینی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ شوگرملزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کو یاد دہانی کرانے کے باوجود گنے کے مڈل مینوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ ہو سکی۔

شوگرملزایسوسی ایشن پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب کو باربار یاددہانی کرانے کے باوجود گنے کے مڈل مینوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ گنے کی فی 40 کلو گرام 300 روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

شوگر ملز ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ شوگر ملوں کو مطلوبہ مقدار میں گنا نہیں مل رہا جو کرشنگ کے عمل کو متاثر کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مڈل مین کو کنٹرول نہ کیا گیا تو پیداواری لاگت بڑھنے کے باعث چینی کی قیمت کو بھی کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔

2021 کا آخری ہفتہ بھی عوام کیلئے مہنگا،22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

سال 2021 کا آخری ہفتہ بھی عوام کے لئے مہنگا ثابت ہوا اور دسمبر کے آخری ہفتے میں بھی بیشتر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

22 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، مہنگائی کا پارہ 20 فیصد کی سطح عبور کرگیا جب کہ کم آمدنی والے افراد کیلئے مہنگائی کی سطح 22 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی 4روپے 25 پیسے مہنگی ہوگئی۔

ایک ہفتے کے دوران ویجی ٹیبل گھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 8 روپے 77 پیسے مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 59 پیسے کا اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران انڈے 2روپے 69 پیسے مہنگے ہوئے جب کہ رواں ہفتے لہسن، جلانے کی لکڑی، چائے کی پتی بھی مہنگی ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران صرف 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

رواں ہفتے ٹماٹر فی کلو 24 روپے 68 پیسے سستے ہوئے جب کہ ایک ہفتے کے دوران آلو اور پیاز کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔

رواں ہفتے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی سمیت 22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

یوکرائن بحران، روس کو پابندیوں اور تعلقات کے خاتمے کی امریکی دھمکی

امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرائن کی سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے حوالے سے گزشتہ شب وڈیو کانفرنس پر بات چیت کی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے اِس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ ورچوئل ملاقات 50 منٹ تک جاری رہی اور اس دوران یوکرائن سمیت امریکا روس تعلقات میں کشیدگی کا سبب بننے والے موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق مذاکرات میں بائیڈن نے پیوٹن سے یوکرائن کے معاملے میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی اور یہ بھی واضح کیا کہ روس کے یوکرائن پر مزید قبضے کی صورت میں امریکا اور اس کے اتحادی جواب دیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا 10 جنوری کو متوقع امریکا روس سکیورٹی مذاکرات اور نیٹو روس مذاکرات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

روس صدارتی دفتر کریملن نے بھی پیوٹن بائیڈن ملاقات کے بعد بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ورچوئل ملاقات کا مرکزی موضوع دونوں رہنماؤں کی 7 دسمبر کی ورچوئل ملاقات میں زیرِ بحث موضوع، روس کے سکیورٹی ضمانتوں کا مطالبہ تھا۔

ملاقات میں صدر پیوٹن نے امریکا اور نیٹو کو بھیجے گئے مسودہء تجاویز کے اُصولی مؤقف کی تفصیلی وضاحت بھی کی۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے کہا کہ یورپ اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے روس اور امریکا پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور واشنگٹن یوکرائن کی سرزمین پر ہتھیاروں کی تنصیب کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے کہا کہ یوکرائن تنازع میں روس کی جانب سے کشیدگی میں امکانی اضافہ روس کی بڑی غلطی ہوگی جس کے ردعمل میں روس پر وسیع پیمانے پر پابندیاں لگانے اور یہاں تک کہ روس امریکا تعلقات مکمل طور پر منقطع ہونے کا عندیہ بھی ظاہر کیا ہے۔

بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی اور اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔