ہمیں 20 سالہ افغان جنگ اور فوجی انخلا سے بہت کچھ سیکھنا ہے، امریکا

امریکا کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ سابق افغان صدر اشرف غنی سے آخری بار بات 14 اگست کی رات کو ہوئی تھی اور اس روز بھی انھوں نے آخری سانس تک لڑنے کا عہد کیا تھا لیکن طالبان کے کابل آتے ہی وہ چپکے سے فرار ہوگئے تھے۔
ڈان ڈاٹ کام کے مطابق امریکی ٹیلی وژن سی بی ایس کے ٹاک شو ’’فیس دی نیشن‘‘ میں وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ذاتی طور پر طالبان کے کابل میں داخل ہونے سے ایک رات قبل تک سابق افغان صدر اشرف غنی سے رابطے میں تھے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ 14 اگست کی رات بھی اشرف غنی کو ٹیلی فونک گفتگو میں انتقال اقتدار پر قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ طالبان کے ساتھ تمام قومیتوں پر مشتمل حکومت کی راہ موجود ہے لیکن انھوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ آخری سانس تک لڑیں گے۔
وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے بقول اگلے ہی صبح جیسے ہی طالبان کابل میں داخل ہوئے، اشرف غنی کسی کو بتائے بغیر خاموشی سے اہل خانہ سمیت فرار ہوگئے اور دو روز تک اپنی جائے پناہ تک نہیں بتائی تھی۔
اس سوال کے جواب میں کیا بطور وزیر خارجہ انھوں نے ہر وہ کام کیا جو وہ کر سکتے تھے تو انھوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ نہ صرف پچھلے 2 برسوں میں امریکا طالبان معاہدے کے بعد کیے گئے اقدامات بلکہ دو دہائی کی جنگ کے دوران کے اقدامات کا بھی جائزہ لے رہا ہے کیوں ہمیں ان تجربات سے سیکھنا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے صدر جوبائیڈن کے فوجی انخلا کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے طویل جنگ کا خاتمہ ایک اور امریکی نسل کو افغانستان میں لڑنے اور مرنے سے بچانا تھا اور ایک دن سب ہمارے اس فیصلے کی تعریف کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان سے معروف کرکٹرز سر ویوین ریچرڈز اور ڈیویڈ گوور کی اسلام آباد میں ملاقات۔

وزیر اعظم عمران خان سے معروف کرکٹرز سر ویوین ریچرڈز اور ڈیویڈ گوور کی اسلام آباد میں ملاقات۔

ملکی کرکٹ کے فروغ بلخصوص کم عمر کھلاڑیوں کے لیے سہولیات اور مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال۔

پاکستان میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں۔ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم۔

ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بنانے کی ہدایات دی ہیں تاکہ بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع ملیں۔ وزیر اعظم

دونوں کرکٹرز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حالیہ میچوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی

توبہ توبہ عائشہ کیا ہو گیا ہے تمہیں ۔۔“ عائشہ عمر نے مغربی لباس میں تصویر شیئر کی تو انسٹا گرام پر ہنگامہ برپا ہو گیا

پاکستان کی معروف اداکارہ ’ عائشہ عمر ‘ اپنے منفرد انداز کے باعث شوبز انڈسٹری میں پہنچان رکھتی ہیں تاہم انہیں ڈراموں میں شہرت معروف کردار ’خوبصورت ‘ سے ملی ہے جو کہ انہوں نے ’ بلبلے ‘ میں نبھایا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ کی پاکستان میں بھاری تعداد میں فین فالونگ بھی ہے جنہیں وہ انسٹا گرام پر جاری پیغامات کے ذریعے اپنے آنے والے پراجیکٹس اور رو ز مرہ کی زندگی کے حوالے سے بتاتی رہتی ہیں ۔
اداکارہ عائشہ عمر نے انسٹا گرام پر کالے رنگ کے لباس میں نہایت بولڈ تصویر شیئر کی ہے جسے جہاں بے پسند کیا جارہاہے وہیں سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتاہے کہ ان کی ٹانگیں نظر آ رہیں جس کی وجہ سے ان کے چاہنے والوں کو یہ لباس مناسب نہیں لگا ۔

نیول چیف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا 2 نومبر سے کراچی میں آغاز

کراچی:کراچی میں 15 ویں چیف آف نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا 2 نومبر سے آغاز ہو گا جس میں مقامی کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2 سے 6 نومبر تک کراچی میں منعقد ہوگی جس میں کل 23 میچز کھیلے جائیں گے ۔ چیمپئن شپ میں 10 مقامی اور 14 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن کا تعلق امریکہ، کویت، ہانگ کانگ اور مصر سے ہے ۔

تمام میچز پاکستان نیوی روشن جان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے،چیمپئن شپ کی کل انعامی رقم 20 ہزار امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔

ویژن ایف او کے تحت ایف ایم پورٹل کا افتتاح

وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویژن ایف او کے تحت ایف ایم پورٹل کا افتتاح کریا ہے۔

ایف ایم پورٹل کا آغاز 187 ممالک میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آسانی اور سہولت پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے مسائل کے فوری حل، تاثرات، شکایات اور تجاویز کیلئے اس پورٹل کو بروئے کار لا سکیں۔

یہ پورٹل وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر خارجہ کے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایجنڈے اور پبلک ڈپلومیسی انیشی ایٹو کے مطابق شروع کیا گیا ہے اور اس ایپ کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی مدد سے تیار کیا ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے اس ایپ کی تیاری میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی معاونت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اسے اہم قومی خدمت قرار دیا۔

ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ میں ہمارے قونصلیٹ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اینڈرائیڈ ایپ لانچ کی ہے اسی طرح، عمان اور کویت میں ہمارے مشنز کی طرف سے سفارت خانے کے پورٹل ایپس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو بڑھایا جا سکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ نے دبئی اور گردونواح میں مقیم پاکستانیوں کو مختلف خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک اینڈرائیڈ ایپ پاک ان دبئی بھی لانچ کی ہے۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میری ہدایت پرتمام مشنز اپنی اپنی کمیونٹیز کے پاکستانی ممبران کے ساتھ، ماہانہ ای کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آج مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کے تمام 114 مشنز، آن لائن جڑے ہوئے ہیں اور ٹویٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر فعال اور متحرک ہیں۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،اسپیشل سیکرٹری رضا بشیر تارڑ، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینیئر افسران بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔

کبھی طاقت کے استعمال اور انتشار کا حامی نہیں رہا، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ،  اجلاس میں کالعدم مذہبی جماعت  کے احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  ملک میں کسی قسم کی قتل و غارت نہیں چاہتا،  بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا،  حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھے، کبھی طاقت کے استعمال اور  انتشار کا حامی نہیں رہا۔وزیراعظم عمران خان نے  رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس میرٹ پر دئیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے،  ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگوکی گئی۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔

وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ احتجاج کے باعث املاک کو نقصان پہنچا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صوبے میں امن وامان پر خصوصی نظر رکھی جائے، امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔

ڈالر کی قیمت میں کمی

انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 0.36 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 171.65 سے کم ہو کر 171.29  روپے  پر بند ہوا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستانی معیشت کو مستحکم گروتھ پر گامزن کردیا ہے ، فرخ حبیب

فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستانی معیشت کو مستحکم گروتھ پر گامزن کردیا ہے۔

 وزیر مملکت فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت کو مستحکم گروتھ پر گامزن کردیا ہے۔ ملکی برآمدات میں ، ذرعی پیداوار میں، ٹیکس وصولی میں ، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں  اور ترسیلات ذر میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا تھا کہ پہلے یہ فیصلہ کیا جائے کہ شہباز شریف پی ڈی ایم اصل ہے یا مریم صفدر والی پی ڈی ایم اصل ہے؟ جس پارٹی کی قیادت کا فیصلہ نہیں ہو رہا وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک چلائیں گے؟

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ ڈی جی خان کے عوام شوباز شریف کی اصلیت سے واقف ہیں، جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ذمہ داری ہی یہ لوگ ہیں، آج جو مگرمچھ کے آنسو بہاتے نظر آرہے ہیں جب اقتدار میں تھے تو ڈی جی خان انہیں یاد نہیں آیا، ان لوگوں نے پسماندہ علاقوں کا نہ صرف حق مارا بلکہ کسانوں کے نام پر اربوں کی کرپشن کی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نہ صرف زرعی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے بلکہ کسانوں کو 1100 ارب اضافی فراہم کیے گئے، ن لیگ کے ہر منصوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے بے شمار چیلنجز کے باوجود نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام، کسان کارڈ، ہنرمند جوان سمیت متعدد سماجی ترقی کے منصوبے شروع کیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 12 ویں کھلاڑی کو دن میں اقتدار کے خواب آرہے ہیں، پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر ہونے پر فضل الرحمان کو ذہنی بے سکونی ہے، فضل الرحمان کے اپنے کمائی کے ذرائع کیا ہیں؟ ان کے اثاثوں کا سوال ہو تو اداروں پر حملہ آور ہوتے ہیں، بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی فضل الرحمان اپنا ایک کارنامہ گنوا دیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے بے لوث سفیر اور دلیر وکیل ہیں، ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، جب ملک میں ڈرون حملے ہوتے تھے تو اس وقت فضل الرحمان پر اسرار طور پر کیوں خاموش تھے؟

موسمیاتی تبدیلی : عالمی شخصیات سرجوڑ کر بیٹھ گئیں

عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا شدید موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے ، ان ہی تبدیلیوں کے شدید خطرات کے پیش نظر عالمی شخصیات سرجوڑ کر بیٹھ گئیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی سطح کی سربراہی کانفرنس گلاسکو میں آج سے شروع ہوگی، کانفرنس کوپ 26میں 120 ممالک کے وزرائےاعظم اور سربراہان مملکت شریک ہونگے۔ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا قائدانہ کردار ہے، ملک ترقی یافتہ ممالک کی اگلی صف میں آگیا۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کی سربراہی میں پاکستانی وفد گلاسکو پہنچ گیا۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم دنیا بھر کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرینگے، پاکستانی وفد10بلین ٹری،متبادل توانائی، الیکٹریک وہیکل پالیسی منصوبوں پربات کرے گا۔ وزیرموسمیاتی تبدیلی کوئلہ جلانے پر پابندی کے مثبت اثرات سےبھی آگاہ کریں گے، وزیراعظم کو سربراہی کانفرنس میں کلیدی خطاب کیلئےخصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملکی حالات کے پیش کانفرنس میں شرکت سےمعذرت کی تھی۔ اس حوالے سے سائنسدانوں نے بریفنگ میں بتایا ہے کہ راستہ نہ بدلا گیا تو کرہ ارض کو بدترین نتائج بھگتنے پڑسکتے ہیں، گلاسگو میں موسمیاتی تبدیلی پرعالمی سربراہی کانفرنس یکم سے12نومبرتک جاری رہے گی۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، معاہدہ اسی ہفتے ہوجائے گا، مشیر خزانہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومت کے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 6 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ کی بحالی کے معاملات طے ہوگئے ہیں اور معاہدہ اسی ہفتے ہوجائے گا۔

پاکستان سنگل ونڈو لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک سے متعلق قانون کے لیے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے جس کے لیے ہمارے پاس حکومت میں دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مذاکرات میں آئی ایم ایف کو ہم نے یہی بات سمجھانے کی کوشش کی ہے‘۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ڈیڈ لاک اس وقت ٹوٹ گیا جب دونوں فریقین نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو خود مختاری دینے کے معاملے پر اپنے اپنے موقف میں کچھ لچک دکھانے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ آئی ایم ایف اسلام آباد کی جانب سے اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دینے کے اپنے وعدے سے پیچھے ہٹنے سے خوش نہیں تھا جس کی وجہ سے واشنگٹن میں قائم قرض دینے والی ایجنسی آئی ایم ایف نے 6 ارب ڈالر کے قرض کی سہولت کی بحالی کو روک دیا تھا۔

مارچ 2021 میں پاکستان نے اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دینے کے حوالے سے فنڈ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جس کی آئی ایم ایف بورڈ نے بھی منظوری دی تھی۔

شوکت ترین کی سربراہی میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے فنڈ حکام کے ساتھ بات چیت کے کئی دور کیے ہیں تاکہ انہیں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں اور ایوان بالا میں حکمران پاکستان تحریک انصاف کی عددی طاقت سے آگاہ کیا جا سکے جہاں اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دینے کے لیے آئین میں ترمیم ہونی ہے۔

9 مارچ کو وفاقی کابینہ نے ایک بل کی منظوری دی جس کا مقصد مرکزی بینک کو قیمتوں پر قابو پانے اور مہنگائی سے لڑنے کے لیے خود مختاری فراہم کرنا تھا۔

اس فیصلے کے فوراً بعد دو اہم اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کو روک دیں گے۔

نیشنل بینک پر سائبر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ایف بی آر اور نیشنل بینک کے بعد مزید سائبر حملوں کا خدشہ ہے، دشمن ملک ہمارے پڑوس میں بیٹھا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’سرکاری ملازمین کی تنخواہیں لیٹ نہیں ہوں گی، صورت حال پر قابو پا لیا گیا ہے‘۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں‘۔

مہنگائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے اور عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ہیں‘۔

پنجاب میں ڈینگی کی تشویشناک صورتحال ، 3 بڑے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ ختم

لاہور : پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافے کے بعد لاہور کے 3 بڑے اسپتالوں میں بیڈز ملنا بند ہوگئے ، سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر 3،3مریضوں کا علاج جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کرگیا ، لاہور کے تین بڑے اسپتالوں جناح ، سروسز اور جنرل اسپتال میں تمام بیڈ بھر گئے

سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر 3،3مریضوں کا علاج جاری ہے جکہ سروسز اسپتال کی ایمرجنسی اور وارڈز میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہوگئی ہے۔

چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے مزید تین مریض انتقال کرگئے اور 445نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور سے 345، راولپنڈی سے 33 ، گوجرانوالہ سے 16 ، شیخوپورہ اور فیصل آباد سے8، 8 کیسز سامنے آئے۔

سیکریٹری صحت عمران سکندربلوچ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 2444مریض زیرعلاج ہیں ، جن میں سے لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 1590مریض داخل ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ت رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے باعث 48 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کےلیےسہولتوں کی کمی پرتحریک التوا جمع کرادی گئی ہے ، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوان لیگ کی ربعیہ نصرت نے جمع کرائی۔

جس میں کہا گیا ہے کہ سروسز اسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کےلیےمختص بیڈز ختم ہوگئےہیں ، ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔

معاہدے میں خیانت ہوئی تو بڑی طاقت سے میدان میں آئیں گے، مفتی منیب الرحمٰن

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم نے مذاکرات کسی خوف میں نہیں بلکہ جرت مندی سے کیے اور اگر معاہدے میں کوئی خیانت ہوئی تو بڑی طاقت سے میدان میں آئیں گے۔

وزیر آباد میں کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ لبرل بہت پریشان ہیں کہ جو خواب انہوں نے دیکھا تھا اس کی تعبیر نہیں ملی، جنہوں نے کہا کہ رِٹ قائم کرنی چاہیے تو میں نے کہا یہ معاملہ حکمت سے طے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جو مذاکرات کیے کسی خوف میں نہیں بلکہ جرأت مندی سے کیے، معاہدہ خود لکھا ہے اور مجھے یقین ہے یہ معاہدہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا، ہم یہ معاہدہ کرکے چین کی نیند نہیں سوئیں گے اور اس کی چوکیداری کریں گے، یہ وہ معاہدہ نہیں ہوگا جس پر دن میں دستخط کیے اور رات کو ٹی وی پر جاکر کہا کہ اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ یہ سفر کا آغاز ہے اختتام نہیں ہے، چند دن میں کالعدم کا نام تحریک لبیک سے ختم کر دیا جائے گا اور یہ ایک مضبوط سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ہمیں حب الوطنی نہ سکھائے، ہم سے بڑا محب وطن کوئی نہیں اور جو کہتے تھے کہ علما نے پاکستان کی مخالفت کی اصل میں ان کے آباؤ اجداد نے جائیدادیں لی تھیں اور جو کہتے ہیں اکاؤنٹ، بھارت سے چل رہے تھے ان کو اپنے بیان پر پشیمان ہونا چاہیے۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور سراج الحق سمیت اپوزیشن کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان سب کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے حکومت کو طاقت سے استعمال سے روکے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج سے بڑا محب وطن ادارہ کوئی نہیں، ہمیں ہر حال میں اللہ کے دین اور پاکستان کا دفاع کرنا ہے، ہم پولیس اور افواج پاکستان کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔