ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:پاکستان آسان شکار نمیبیا سے آج ٹکرائے گا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان آسان شکار نمیبیا کو ترنوالہ بنانے کیلیے تیار ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقابل شکست پاکستان ٹیم نے ابھی تک گروپ ٹو میں شامل تینوں بڑے برج الٹائے ہیں،روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے اعتماد بلندیوںپر پہنچایا، اس کے بعد نیوزی لینڈ اور افغانستان کو بھی زیر کرکے دھاک بٹھائی۔
اب ٹیم کے پاس منگل کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں نمیبیا جیسے آسان شکار کو ترنوالہ بناکر سیمی فائنل تک رسائی پر مہر تصدیق ثبت کرنے کا موقع ہوگا،گرین شرٹس کو ٹاپ آرڈر میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی خدمات حاصل ہیں۔
دونوں ایک عرصے سے تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں،افغانستان کیخلاف بڑی اننگز نہ کھیل پانے والے محمد رضوان اس بار بھرپور کم بیک کیلیے بے تاب ہوں گے،فخرزمان جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر ابھی تک کھل کر صلاحیتوں کے جوہر نہیں دکھاپائے،ان کیلیے بھی چھکے چھڑانے کا اچھا موقع ہوگا۔
ابھی تک جدوجہد کرنے والے محمد حفیظ کی جگہ حیدر علی کو آزمانے کا آپشن موجود ہے، تجربہ کار شعیب ملک مڈل آرڈر میں استحکام کی علامت ہوں گے،آصف علی نے گذشتہ دونوں میچز میں مختصر اننگز میں خود کو میچ ونر ثابت کیا ہے۔
شاداب خان اور عماد وسم اسپن کا جادو جگانے کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کا بھی مظاہرہ کرسکتے ہیں،پیسرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف زبردست فارم میں ہیں،کمزور حریف کیخلاف حسن علی کو بھی ردھم میں آنے کا موقع ملے گا،اگر انھیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تو وسیم جونیئر کو آزمایا جا سکتا ہے،حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
دوسری جانب نمیبیا نے کوالیفائنگ مرحلے میں سری لنکا سے شکست کے بعد نیدر لینڈز اورآئرلینڈ کو زیر کیا، سپر 12مرحلے میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف فتح سمیٹی،اتوار کواسے افغانستان نے آؤٹ کلاس کیا، پاکستان کی بولنگ پاور کو دیکھتے ہوئے نمیبیا کی کمزور ٹاپ آرڈر سے بڑی توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتیں،مڈل آرڈر میں گیرہارڈ ایراسمس،زان گرین اور جے جے سمٹ جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آل راؤنڈز ڈیوڈ ویزا بیٹ اور بال سے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں، روبن ٹرمپلمین پیس بولنگ سے مشکلات پیدا کرنے کے اہل ہیں، جان فریلنک اور جے جے سمٹ بھی ساتھ دینے کیلیے تیار ہوں گے،جان نکول لیگ اسپن سے کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
ابوظبی میں ابھی تک رنز بنانا آسان نہیں رہا، حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں یہاں پہلی اننگز کا اوسط ٹوٹل128رہا ہے،ہدف کا تعاقب کرنے والی 6 ٹیمیں فاتح رہیں، 2بار پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں سرخرو ہوئی ہیں، اسپنرز پچز کا زیادہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں،اوس کے پیش نظر ٹاس جیتنی والی ٹیم پہلے بولنگ کو ترجیح دے گی۔
پاکستان ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار ’’کرکٹ بے بیز‘‘ نمیبیا سے ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل رہی ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل صرف ایک بار 18سال قبل کسی انٹرنیشنل میچ میں مقابل ہوئی تھیں،گرین شرٹس نے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈکپ 2003میں نمیبیا کو 171رنز سے شکست دی تھی۔
آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ مسلسل 3میچز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوگیا، مگر نمیبیا سمیت کسی بھی حریف کو آسان نہیں لے سکتے، ہم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی کپتان کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، ٹیم کا ماحول زبردست بن چکا،کوشش ہوگی کہ فتوحات کا تسلسل برقرار رکھیں، نمبییا سے میچ کیلیے ہم کچھ مختلف نہیں سوچ رہے، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی، اس لیے کوئی خطرہ مول نہیں لیاجاسکتا، تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی سے ہی میچز جیتتے جاتے ہیں اورہماری کوشش ہوگی کہ غلطیوں کو نہ دہرائیں اور عمدہ کھیل پیش کریں۔

ہیلووین کے موقع پر امریکا میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک، 52 زخمی

امریکا میں ہیلووین کے موقع پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوگئے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ہیلووین تہوار کے موقع پر گزشتہ ہفتے امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوگئے۔ زیادہ تر واقعات گھروں میں یا ان جگہوں پر پیش آئے جہاں ہیلووین پارٹی کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔
امریکی حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی لہر کے دوران فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، رواں سال ابھی تک فائرنگ کے نتیجے میں 599 افراد ہلاک ہوئے جب کہ گزشتہ سال 611 اور 2019 میں 417 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

سی ٹی ڈی کوہاٹ پر حملہ؛ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک

دیر بالا میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کے اہلکار ہنگو کی تحصیل ٹل اور مضافات میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے بعد واپس جارہے تھے کہ جہازو میدان کے قریب دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہوگئے، جس کے بعد سی ٹی ڈی نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران علاقے سے 4 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔ دہشت گردوں سے 4 عدد ایس ایم جی، 16 عدد چارجر، 04عدد بنڈولیر اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت صادق اللہ عرف القائدہ ، احمد رحیم عرف سعود، صمیم سعید عرف استاد اور مصطفی خان عرف ملا سے نام سے ہوئی ہے۔ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر حاتم گروپ سے ہے، جو دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔

گزشتہ 15 سال کے دوران دنیا بھر میں 1200 صحافی قتل کیے جاچکے ہیں: رپورٹ

ااقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے مطابق 2006 سے 2020 کے درمیان دنیا بھر میں 1200 صحافی قتل کیے جا چکے ہیں جب کہ قتل ہونے والے ہر 10 صحافیوں میں سے 9 کے قتل کے کیس حل نہیں ہو سکے۔
2 نومبر کو دنیا بھر میں مختلف تنظیمیں اپنے اپنے ملکوں میں صحافیوں کے قتل کے حل نہ ہونے والے مقدمات پر بات کرتی ہیں اور ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی ہیں، 2 نومبر کو صحافیوں کی سلامتی سے متعلق یونیسکو کی شش ماہی رپورٹ پر بھی بات کی جاتی ہے۔
یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ہر 6 ماہ بعد ایک رپورٹ جاری کرتے ہیں جس میں مختلف ملکوں میں صحافیوں کے خلاف جرائم کی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔
پاکستان ان ممالک میں شامل ہوچکا ہے جہاں صحافی ناصرف غیرریاستی عناصر کے ہاتھوں غیرمحفوظ ہیں بلکہ انہیں حکومتی اداروں کی جانب سے بھی دباؤ کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ نے رکن ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ صحافت سے وابستہ افراد کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدمات کریں، صحافیوں کے خلاف ہونے والے تشدد کے واقعات پر افسوسناک بات یہ ہے کہ جرائم کرنے والوں کو سزا کا خوف ہی نہیں۔
صحافیوں کے خلاف جرائم سے تحفظ کا عالمی دن
2013 میں مالی میں دو فرانسیسی رپورٹرز کے قتل کے بعد اقوام متحدہ نے ہر سال 2 نومبر کو صحافیوں پر تشدد کے خلاف عالمی دن منانے کا اعلان کیا۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں پر ہونے والے پرتشدد واقعات میں ہر 10 میں سے 9 کیسز میں مجرمان قانون کے شکنجے سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
ہر سال 2 نومبر کو اس دن کو منانے کا مقصد صحافیوں پر ہونے والے پر تشدد واقعات کو اجاگر کرنا ہے تاکہ نہ صرف صحافیوں کے خلاف تشدد بند ہوسکے بلکہ مجرموں کوکیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔

لالیگا: رائیو ویلیکانو اور سیلٹا ویگو کے درمیان میچ بغیرکسی گول کے برابر

اسپینش فٹبال لیگ لالیگا میں رائیو ویلیکانو اور سیلٹا ویگو کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔
رائیو ویلیکانو اور سیلٹا ویگو کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دلچسپ رہا ، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کیے ۔
اس کےعلاوہ سیلٹا ویگو نے 7 اور رائیو ویلیکانو نے 4 کارنر بھی حاصل کیے لیکن ا س کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔
ڈرا میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر رائیو ویلیکانو 20 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ سیلٹا ویگو کا 14واں نمبر ہے۔

کوہلی اور انوشکا شرما کی 10 ماہ کی معصوم بچی کو ریپ کی دھمکی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی جانب سے مسلمان کھلاڑی محمد شامی کی حمایت کرنے پر انہیں ان کی 10 ماہ کی بیٹی کی ’ریپ‘ کی دھمکی دے دی گئی۔

متعدد بھارتی ٹوئٹر صارفین نے بتایا کہ پاکستان سے شکست کے بعد انتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے بھارتی ٹیم اور خاص طور پر مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ان کی حمایت کرنے کے بعد ویرات کوہلی کو دھمکی دی گئی۔

محمد شامی کو اس وقت سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں غدار وطن کہا گیا تھا جب کہ بھارتی ٹیم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 24 اکتوبر کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شکست کے بعد بھارت میں انتہاپسندوں نے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو غدار کہتے ہوئے انہیں پاکستان چلے جانے کے طعنے بھی دیے تھے۔

محمد شامی پر تنقید پر کئی سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات سامنے آئی تھیں اور ویرات کوہلی نے بھی ان کا دفاع کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیا تھا۔

ویرات کوہلی کی جانب سے بھی محمد شامی کا ساتھ دیے جانے پر ایک انتہاپسند نے انہیں ان کی بیٹی کے ’ریپ’ کی دھمکی دی۔

کانٹینٹ کریئٹر اور صحافی اینڈرے بورگس نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ محمد شامی کی حمایت کرنے کے بعد ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی 10 ماہ کی بیٹی ’ومیکا‘ کو ’ریپ‘ کی دھمکی دی گئی۔

انہوں نے بچی کو دی جانے والی دھمکی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سب کچھ اس ہندوستان میں ہو رہا ہے، جسے ہم نے خود ایسی نفرت کی جانب بڑھایا‘۔

تیسرا نیب آرڈینیس: شہباز شریف، زرداری ،مریم، عباسی کو NO ریلیف

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کا تیسرا ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کردیا گیا۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت دھوکا دہی اور فراڈ کے کیسز واپس نیب کے سپرد کردیے گئے ہیں جب کہ  مضاربہ کیسز بھی واپس نیب کو سونپ دیے گئے ہیں۔

نیب آرڈیننس سے آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز اور شہبازشریف کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا، پہلے سے قائم تمام منی لانڈرنگ کے کیسز ویسے ہی چلیں گے۔

آرڈیننس کے مطابق اس کا اطلاق 6 اکتوبر سے ہوگا اور 6 اکتوبر سے پہلے کے فراڈ کے تمام مقدمات نیب سن سکے گا،جعلی اکاؤنٹس کے پرانے مقدمات آرڈیننس کے تحت جاری رہ سکیں گے۔

آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل سے واپس لے لیا گیا، چیئرمین نیب کی مدت ملازمت 4 سال ہوگی اور نیب چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار صدرمملکت کو ہوگا۔

آرڈیننس کے مطابق چیئرمین نیب کو ہٹانے کیلئے وہی بنیاد ہوگی جو سپریم کورٹ کے جج کیلئے ہوتی ہے۔

تیسرے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت زر ضمانت کے تعین کا اختیاربھی نیب عدالت کو دے دیا گیا ہے۔

6 اکتوبر کو نیب آرڈیننس جاری ہونے سے نیب قوانین میں ابہام سامنے آئے تھے اور آرڈیننس میں جرم کی مالیت کے برابر مچلکے جمع کرانے کی شرط رکھی گئی تھی جب کہ نیب آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب کو ہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کو دیا گیا تھا جس کے بعد وزارت قانون نے نیب آرڈیننس کی وضاحت کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔

عوامی سواری عوام کی پہنچ سے دور،موٹر سائیکلوں کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ

عوامی سواری عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی،ہنڈا نے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر خود ساختہ طور پر اضافہ کردیا ہے۔
موٹرسائیکل بنانے والی معروف کمپنی اٹلس ہنڈا نے ایک مرتبہ پھر موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں ساڑھے 6 ہزار روپے تک اضافہ کیاہے۔
پاک وہیلز کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کمپنی کی سب سے مشہور بائیک ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 4000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد بائیک کی نئی قیمت 98900 روپے ہو چکی ہے جبکہ پرانی قیمت 94900 روپے تھی۔ اسی طرح سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں بھی 4000 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد بائیک کی قیمت 97000 روپے سے بڑھ کر 101500 روپے ہو چکی ہے۔
ہنڈا پرائیڈر کی قیمت میں بھی 5000 روپے اضافے کے بعد نئی 130500 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ پرانی قیمت 125500 روپے تھی۔
ہنڈا سی جی 125 کی قیمت 147000 روپے سے بڑھ کر 152000 روپے ہو گئی ہے۔ یعنی اس بائیک کی قیمت میں بھی 5000 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ہنڈا سی جی 125 ایس ای کی قیمت میں بھی 5000 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد بائیک کی قیمت 177000 روپے سے بڑھ کر 182000 روپے ہو چکی ہے۔
ہنڈا سی بی 125 ایف کی قیمت میں 6000 روپے اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد بائیک کی قیمت 218500 روپے ہو چکی ہے جبکہ پرانی قیمت 212000 روپے تھی۔
ہنڈا سی بی 150 ایف کی نئی قیمت 273000 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ پرانی قیمت 267000 روپے تھی یعنی اس بائک کی قیمت میں بھی 6500 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
ہنڈا سی بی 150ایف کی قیمت میں بھی 6500 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد بائیک کی قیمت 271000 روپے سے بڑھ کر 277500 روپے ہو گئی ہے۔
بائیکس کمپنیز مسلسل قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی کوئی معقول وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ قیمتوں میں اضافہ عام لوگوں کی قوت خرید کو متاثر کرے گا کیونکہ موٹر سائیکل عام لوگوں کی سواری ہے۔ حکومت کو قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف دیا جا سکے۔

ترک صدر اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی پر کانفرنس چھوڑ کر وطن لوٹ گئے

ترک صدر طیب اردوان اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کے فوری بعد موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کو منسوخ کرکے وطن واپس چلے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان ’’جی 20 اجلاس‘‘ میں شرکت کے لیے اپنی اہلیہ سمیت اعلیٰ حکام کے ہمراہ روم پہنچے تھے جہاں ترک صدر نے اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔
تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی۔ ایف 16 جنگی طیاروں کی فراہمی اور امریکی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کی دھمکی کے معاملات بھی تبادلہ خیال کیا گیا لیکن کوئی حل نہیں نکل سکا۔
اس کے بعد ترک صدر نے طیب اردوان گلاسکو میں اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس COP26 میں شرکت طے تھی تاہم ترک صدر اپنے وفد کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کے بجائے اپنے ملک واپس لوٹ گئے۔
ترکی کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم کانفرنس میں شرکت کو منسوخ کرکے واپس وطن لوٹ جانے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہیں۔