پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملک کا ہر طبقہ نالاں ، جلد بوریا بستر گول ہو جائے گا: امیر مقام

پشاور میں مسلم لائرز فورم کے زیر اہتمام ا حتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئےامیر مقام نے کہاکہ کالے کوٹ کا میدان میں نکلنا عمران خان اور اس کے حواریوں کے سیاسی موت کا پروانہ ثابت ہوگا، وکلاء نے ہمیشہ آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ، روزمرہ کی اشیائے ضرورت لوگوں کی دسترس سے باہر ہے اور اب عوام دو وقت کی روٹی کے لئے دربدر کی ٹوکریں کھا رہے ہیں، پٹرول ، آٹا، چینی، پٹرول اور ادویات لوگوں کی پہنچ سے دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر اشیاءکی قیمتیں بڑھ رہی ہےاور مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے، حکومت نے ہر جگہ کرپشن اور لوٹ مار کی دھوم مچا دی ہے، فارن فنڈنگ کیس عمران کی غلط کاریوں کا شاخسانہ ہے اور اسرائیل اور انڈیا سے ان کو فنڈز ملے،اس کا مقصد ملک کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام کی سازش ہے، اب اس کی ملک دشمن اور عوام دشمن پالیسیوں سے معلوم ہوا کوہ ملک کو غیر یقینی کی کیفیت میں دھکیل دینا چاہتا ہے مگر ہم اس کا ہاتھ روک کر قوم کو اس نا اہل حکومت سے نجات دلائیں گے۔
امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت پر غلط کیسیز درج کیے گئے مگروہ تمام مقدمات میں سرخرو ہوگئے ہیں، لندن کی عدالت نے بھی ان کو بری کردیا ہے، عمران خان اپنی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے،قوم جذبہ جہاد کے تحت اس ناکام اور نا اہل حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے تاکہ عمران خان اور اس کی نالا ئق حکومت سے نجات حاصل ہو ۔

عدالتیں سعد رضوی کو رہا کرتی ہیں تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عدالتیں سعد رضوی کو رہا کرتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
وزیراعظم سے 31 سے زائد علماء نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ثروت اعجاز قادری، پیر خالد سلطان باہو، پیر عبدالخالق، ڈاکٹر محمد زبیر، حامد سعید کاظمی، پیر محمد امین، پیر خواجہ غلام قطب فرید، پیر نظام سیالوی، صاحبزاہ حافظ حامد رضا ، مفتی وزیر قادر، میاں جلیل احمد شرقپوری، پیر مخدوم عباس بنگالی، پیر سید علی رضا بخاری، صاحبزادہ حسین رضا سمیت دیگر علماء بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے موجودہ ملکی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے رحمت اللعالمین اتھارٹی سے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران علماء نے وفاقی وزراء کے بیانات پر اعتراضات کرتے ہوئے کہا کہ بیانات مذاکرات کو سبوتاژ کرسکتے ہیں، وزیراعظم وزراء کو اس معاملہ پر سخت بیانات دینے کی ہدایت کریں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران علماء کرام نے سعد رضوی کی رہائی سے متعلق بات کی تو حکومت نے فیصلہ عدلیہ پر چھوڑ دیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر عدالتیں سعد رضوی کو رہا کرتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا، فرانس کے سفیر کو نکالنا مسئلے کا حل نہیں، دنیا کو توہین رسالتﷺ سے متعلق سمجھانا ہوگا، دنیا کو بتانا ہوگا توہین رسالت سے اربوں مسلمانوں کے دل دکھتے ہیں، عشق رسول سارے مسلمانوں میں موجود ہے، حکومت لانگ مارچ پر تشدد نہیں کرنا چاہتی، فائرنگ مظاہرین کی جانب سے کی گئی، پولیس نے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ 12 رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھائے گی۔ تمام علماء کرام ملک کی بڑی شخصیات ہیں۔ علمائے کرام نے پر امن حل کے لیے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔ مظاہرین سے درخواست ہے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ریاست کی عملدراری پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر کرائسس سے نکلنا جانتے ہیں، ان کی باڈی لینگویج میں ہمیشہ سکون ہوتا ہے، وہ پر امید ہیں جلد کوئی راستہ نکلے گا، رٹ کی بحالی کے لئے ریاست کا اپنا موقف ہے، مظاہرین کے نقصان اور پولیس کے شہداء کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا مذکرات کا نتیجہ نکلے گا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم نے بتایا ہے وہ کوئی خون خرابا نہیں چاہتے لیکن ملکی سلامتی اور حکومتی رٹ پر بھی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا، مظاہرین سے درخواست ہے وہ تشدد کا راستہ اختیات نہ کریں، مذاکرات کی کامیابی تک اگر آگے نہیں بڑھتے تو کوئی تشدد نہیں ہوگا۔
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے احتجاج سے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے، امسال دھرنے سے تاحال پونے 4 ارب کا نقصان ہو چکا ہے، کالعدم تنظیم 2017 سے تاحال 35 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا چکی ہے، جب کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود 4 پولیس اہل کار شہید اور ڈھائی سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے تاحال تقریباً 360 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا، سڑکوں کی بندش سےسبزیوں اور پھلوں کی منڈیوں تک ترسیل معطل ہے، اربوں کاسامان سڑکوں پر کھڑے ٹرکوں میں خراب ہو رہا ہے۔ شر پسند عناصر کے خلاف 620 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔

جمشید چیمہ کا ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کافیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید اقبال چیمہ نے این اے 133 ضمنی الیکشن پر ریٹرننگ افسر کی طرف سے دیے گئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ میں امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ افسر نے مسترد کر دیئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سینیٹر اعجاز چودھری، جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید اقبال چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ خوشی ہو گی (ن) لیگ خود کہے کہ ہم اپنے اعتراضات واپس لیتے ہیں، (ن)لیگ آئیں،بائیں،شائیں کرنے،تکنیکی وجوہات کے پیچھے چھپنے کے بجائے الیکشن لڑے۔ اعجازچودھری صاحب چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا الیکشن میں حصہ لے، کسی کی کوئی سازش یا بدنیتی نہیں ہے، پارٹی میں ٹکٹ کا فیصلہ جمہوری اندازمیں ہوا۔ اپنی مرضی سے وفاق سے وزیراعظم سے یہ سیٹ مانگ کر الیکشن لڑنے آیا ہوں، جب ٹکٹ کا فیصلہ ہوگیا تو پھر اعجازچودھری نے الیکشن مہم کو لیڈ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک چھوٹا حادثہ ہے، الیکشن کمیشن بڑا حادثہ بنانے کی کوشش نہ کرے، الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے کہاکہ (ن)لیگ ٹیکینکلی وجوہات کے پیچھے چھپنے کے بجائے مقابلہ کرے، تجویز کنندہ کا ووٹ کسی اور حلقے میں منتقل کرنے پرالیکشن کمیشن جواب دے، کس وجہ سے تجویزکنندہ کا ووٹ دوسرے حلقے میں گیا، ہم عدالت جائیں گے،تکنیکی وجوہات کومسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی کھانے پینے کی اشیا مہنگی کردی گئیں

یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف برانڈز کی کھانے پینے کی اشیا مہنگی کر دی گئی ہیں۔
مختلف برانڈز کے 950 گرام چائے 100 سے 210 روپے تک مہنگی کردی گئی، کافی کے 100 گرام جار کی قیمت 50 روپے تک بڑھا دی گئی، بچوں کا 500 گرام فارمولا دودھ 60 روپے تک مہنگا ہوگیا، ایک کلو کپڑے دھونے کے پاوڈر کی قیمت میں 10 روپے تک اضافہ ہوگیا۔
کسٹرڈ کا 300 گرام کا پیکٹ 5 روپے مہنگا کر دیا گیا، کارن فلور 300 گرام 20 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، شہد کی 250 گرام کی قیمت میں 95 روپے تک اضافہ ہوگیا، ایک لیٹر ملٹی پلپرز کلئینر کی قیمت 46 روپے تک بڑھا دی گئی، پیکٹ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر کے فوری اطلاق کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو ایف آئی اے اہلکار برطرف

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملے کے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار احمد چوہان نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث امیگریشن عملے کے دو اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا، اہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے۔
ایف آئی اے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کے دو اہلکار ہیڈ کانسیٹبل شاہد حفیظ اور محمد اسد انسانی اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔
جعلی دستاویزات پر شہریوں کو بیرون ممالک بھیجنے والے دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، امیگریشن کے دونوں اہلکار تحقیقات کے دوران الزامات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، ایف آئی اے حکام کا کہنا تھاکہ نوکریوں سے برطرف ایف آئی اے اہلکاروں کے ساتھ منسلک ایجنٹس کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

کورونا وبا کے بعد ’جی-20‘ کا پہلا اجلاس اٹلی میں جاری

کورونا وبا کے بعد پہلی بار دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے فورم ’’جی ٹوئنٹی‘‘ کے سربراہان کا ون ٹو ون غیر معمولی اجلاس اٹلی کے شہر روم میں جاری ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی میں جی-20 ممالک کے سربراہان کے اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 18 ممالک کے سربراہان شریک ہیں جب کہ روس اور چین کے سربراہان کسی وجہ سے روم نہ پہنچنے کے باعث آن لائن شرکت کر رہے ہیں۔
دو روز تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں عالمی معیشت کی بحالی، موسمیاتی تبدیلی، کورونا ویکسین، سپلائی چین اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ جیسے دنیا کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کئی عالمی رہنما الگ الگ ملاقاتيں بھی کر رہے ہيں جب کہ ايک روز قبل جمعے کو بھی رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور وزرائے صحت نے بھی ملاقاتیں کی تھیں اور کئی اہم فيصلے کيے گئے تھے۔
واضح رہے کہ جی ٹوئنٹی میں یورپی یونین سمیت 19 ممالک شامل ہیں جن میں امریکا، برطانیہ، روس، چین، سعودی عرب، ترکی، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، جنوبی افریقا اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

مسلم لیگ ن نے این اے 133 ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا

پاکستان مسلم لیگ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج کو بنیاد بنا کر پنجاب حکومت کی طرف سے این اے 133 کے ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک اور نصیر بھٹہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے بہانہ بنایا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج کے دوران الیکشن نہیں ہوسکتا۔ صوبائی حکومت کے اس مطالبے کومسترد کرتے ہیں، شہرسے200کلومیٹردوراحتجاج کا بہانہ بنایا جارہا ہے۔ جب الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا تب امن وامان کی صورتحال انہیں یاد نہیں آئی، انتخابات کوملتوی نہیں ہونا چاہیے، اگرکورونا کے دوران انتخاب ہوسکتے ہیں تواب کیوں نہیں، این اے133میں پانچ دسمبرکوالیکشن ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے بنانے جانے والے قوانین چیلنج ہونگے، ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوارہے، ہماری بہن شائستہ پرویزملک کی جیت یقینی ہے، ای وی ایم سے ان کوالیکشن کرانے کا حق نہیں ہے۔
سابق وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اکھاڑہ سج چکا، اب حکومت بھاگنا چاہتی ہے، ساڑھے تین سالوں میں صوبے کو کھنڈربنادیا گیا ہے، جھوٹے بہانوں کوالیکشن شیڈول پراثراندازنہیں ہونا چاہیے۔ یہ الیکشن سے فراریا کچھ اورچاہتے ہیں۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک نے کہا کہ جمشید اقبال کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کوآج منہ کی کھانا پڑی،ان کے امیدوارکوحلقے کی حدود تک کا نہیں پتا تھا، انہوں نے اپنی اے ٹی ایم کواکھاڑے میں اتارا تھا، ان کی نالائقی کا جواب آج آراو نے دیدیا ہے

رواں سال ملکی معاشی ترقی 5 فیصد رہنے کی توقع ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہاہے کہ مشکلات کے باوجود رواں سال پاکستان کی 5فیصد کی معاشی ترقی متوقع ہے۔
چھٹے بینکاری ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ معیشت کی مشکل صورتحال میں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ جون 2021 میں معیشت 3 فیصد ترقی کرے گی لیکن حقیقی معنوں میں 4فیصد ترقی ہوئی۔ کورونا کے دوران اگر اسٹیٹ بینک مختلف اسکیمیں متعارف نہ کراتا تو معیشت 4فیصد کی شرح سے ترقی نہ کرتی، رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی 5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے گزشتہ مالی سال کے لیے 3.4ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی پیشگوئی کی تھی لیکن اسکے برعکس مالی سال کے اختتام پر یہ 7ارب ڈالر رہیں، رواں سال پاکستان کی 5فیصد کی معاشی ترقی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ہاؤسنگ فنانس اور بالخصوص کم قیمت گھروں کی فنانسنگ کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جسکی بدولت گھروں کے قرضے 300 ارب روپے بڑھ گئے ہیں۔ کم لاگت کے مکانات کے لیے 200 ارب روپے مالیت کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں سے بینکوں نے چھوٹے گھروں کے لئے 80ارب روپے کے قرضے منظور کیے ہیں اور 19 ارب روپے کے قرضوں کا اجراء بھی کردیاگیاہے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 1300 روپے کی کمی

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11ڈالر کی کمی سے 1783 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
اس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1300 روپے اور 1114روپے کی کمی واقع ہوئی ۔
کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،ملتان ،لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی ،اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 117300روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 100566روپے ہوگئی.
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1440 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1234.56روپے پر مستحکم رہی۔

کرنٹ لگنے سے بچے کی ہلاکت پر لواحقین کا کے الیکٹرک پر ہرجانے کا دعویٰ

اورنگی ٹاؤن میں کے الیکٹرک کی مبینہ غفلت سے 6 سالہ بچے کی ہلاکت پر لواحقین نے مقامی عدالت میں کے الیکٹرک کیخلاف ایک کروڑ 44 لاکھ کا ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
دعوی سول کورٹ میں دائر کیا گیا۔ عثمان فاروق ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر دعوی میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 17 جنوری کو کے الیکٹرک کی غفلت کی وجہ سے 2 بچے شدید زخمی ہوئے۔ بچے بالکونی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک دھمکا ہوا۔ واقعے میں 6 سالہ بچہ کریم موقع پر جاں بحق جبکہ 4 سالہ سعد شدید زخمی ہوگیا تھا۔
دعوی میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک کی 11 ہزار وولٹیج کی تاریں گھر کی بالکنی میں لگی ہوئیں تھیں۔ خطرناک تاروں سے شہریوں کو محفوظ رکھنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے۔ کے الیکٹرک کی کھلی تاروں کی وجہ سے بچے کی ہلاکت ہوئی۔ کے الیکٹرک والے متاثرین کی داد رسی تک نہیں آئے۔ کے الیکٹرک لواحقین کو معاوضہ دینے کا ذمے دار ہے

سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں زلزلہ آیا ، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
زلزلے کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
یاد رہے 7 اکتوبر کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید زلزلہ کے باعث 22 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز ہرنائی سے 15 کلو میٹر دور کا علاقہ تھا۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا کہنا تھا کہ زلزلے سے ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور زلزلے کے باعث دو سو سے زائد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے

بھارتی ریاست تریپورہ میں ہندو انتہا پسندوں کے مسلمانوں کی املاک اور مساجد پرحملے

بھارت کی ریاست تریپورہ میں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ، ایک ہفتے کے دوران ہندو انتہا پسندوں نےکئی مساجد کی بے حرمتی کی اور مسلمانوں کی املاک جلادیں۔

بنگلا دیش کی سرحد سے متصل بھارتی ریاست تریپورہ  گذشتہ ایک ہفتے سے تشدد کی لپیٹ میں ہے جہاں بسنے والے مسلمانوں پر حملے کیے جارہے ہیں اور ان کے کاروبار سمیت مساجد پر بھی حملےکیے گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  ہندو انتہا پسندوں کی جانب سےکم ازکم ایک درجن مساجد میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے یا انھیں جلایا گیا اور متعدد مقامات پر مسلمانوں کے گھروں اور کاروبار پر حملےکیے گئے۔

سوشل میڈیا پر مسجدوں اور مسلمانوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔

مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات پر اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئےکہا ہےکہ ہندو مذہب کے نام پر نفرت اور تشدد کرنے والے ہندو نہیں، منافق ہیں، حکومت کب تک اندھی اور بہری ہونے کا ڈرامہ کرتی رہےگی۔

دوسری جانب تریپورہ ہائی کورٹ نےمسلم اقلیت پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

قومی ویمن کرکٹر سر پرگیند لگنے سے زخمی ہوگئیں

کراچی: قومی ویمن کرکٹر بسمہ امجد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی اکیڈمی میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی ریجنل اکیڈمی سندھ میں ٹریننگ کیمپ کے دوران سر پر گیند لگنے سے  بسمہ امجد زخمی ہوگئی تھیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے کے بعد بسمہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے علاج پر 54 ہزار روپے بل بن گیا تاہم بورڈ آفیشلز کی جانب سے بل کی ادائیگی سے انکار پر ویمن کرکٹر رونے لگیں جس پر کسی اور نے ان کا بل ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد اب پی سی بی کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں پی سی بی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ سندھ ریجنل اکیڈمی میں خواتین کے تربیتی کیمپ کے دوران بسمہ امجد کو سر پر چوٹ لگ گئی تھی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ  وہ ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر بسمہ امجد کی صحت اور علاج کے اخراجات کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔