بھارت میں گلیشیئر پھٹنے سے ہولناک سیلاب، سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ

اتراکھنڈ: ھارت میں ہمالیائی گلیشیئر اچانک پھٹ کر دریا میں گر گیا جس سے ہولناک سیلاب کی کیفیت پیدا ہوگئی جو آس پاس کے گھروں کو بہا لے گیا جب کہ چیف سیکرٹری نے سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے تپوون میں اچانک گلیشیئر کے پگھل کر گرنے سے بھیانک حادثہ پیش آگیا ہے، دھولی ندی نے بڑے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرلی ہے اور بھپرا ہوا پانی راستے میں آنے والی ہر شے کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا جس میں کئی گھر تباہ ہوگئے اور سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

ضلع میں ایمرجنسی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے اور انتظامیہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے شہریوں کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کی ہدایت کر رہی ہے۔ دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھتی جارہی ہے اور چمولی سے ہری دوار تک خطرہ بڑھ گیا ہے، سیلابی ریلے کے ڈیم سے ٹکرانے پر ڈیم کے دروازوں کو کھولنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ادھر اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری اوم پرکاش نے سیلابی ریلے میں 150 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، تاہم ابھی تک درست اعدد و شمار سامنے نہیں آئے ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے ٹوئٹر پر اطلاع دی کہ ندی کے پانی کی سطح بڑھ گئی تھی تاہم اب بہاؤ کم ہوتا جا رہا ہے اور یہ خوش آئند بات ہے۔

سیلابی ریلے کے باعث قریبی علاقے میں زیر تعمیر ٹنل کے اندر 16 مزدور پھنس گئے جنہیں امدادی کارکنان نے ریسکیو آپریشن میں بحفاظت نکال لیا۔

دوسرا ٹیسٹ: رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 370 رنز کا ہدف

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت 298 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

جس کے بعد قومی ٹیم نے پہلی اننگز کے 71 رنز کی برتری کے باعث جنوبی افریقی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 370 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کیریز پر موجود حسن علی زیادہ دیر تک دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور 143 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو محمد رضوان کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے یاسر شاہ آئے اور ان دونوں کھلاڑیوں نے مل کر 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 196 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 23 رنز اسکور کیے۔

196 پر 8 وکٹیں گنوا دینے کے بعد قومی ٹیم کے اگلے آنے والے کھلاڑی نعمان علی تھے جو کھانے کے وقفے تک محمد رضوان کے ہمراہ کیریز پر موجود تھے۔

چوتھے دن جب میچ میں کھانے کا وقفہ ہوا تو قومی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنا لیے تھے۔

وقفے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد رضوان نے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔

یہی نہیں بلکہ محمد رضوان اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت بھی قائم کی اور نعمان علی 293 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو صرف 4 رنز بنا سکے، یوں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 298 رنز اسکور کیے۔

قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگ میں محمد رضوان نے سب سے زیادہ 115 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے، ان کے علاوہ نعمان علی 45، اظہر علی 33 اور فہیم اشرف 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

دوسری اننگ میں جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے جیورج لنڈی نے 5 کھلاڑیوں جبکہ کیشو ماہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ربادا کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا سکی تھی۔

اس طرح قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کی ٹیم پر 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

پہلی اننگز میں فاسٹ باؤلر حسن علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 جنوبی افریقی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اس دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اس نے کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سینٹ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے، حکومت خود ٹافیوں کی طرح این آر او بانٹ رہی ہے، بلاول بھٹو

پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت گھبرا گئی، اپنے ارکان پر عدم اعتمادکر دیا،آرڈیننس کی بھرپورمخالفت کرینگے ۔اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز کی ملاقات میں آرڈیننس کے ذریعے سینیٹ الیکشن شوآف ہینڈ سے کرانے کے اقدام کی شدید مخالفت کافیصلہ کیا گیا ،دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آئینی ترمیم کے بغیر سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل نہیں کیا جا سکتا،مریم نواز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پتا چل جائے گا کہ کون کس کے ساتھ کھڑا ہے ، تحریک عدم اعتماد کا آپشن مسترد نہیں کیا،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آرڈیننس کے معاملے پر عدالت بھی جانا پڑا تو جائیں گے ۔ملاقات میں اپوزیشن کے لانگ مارچ کے طریقہ کار اور دورانیے پر گفتگو ہوئی۔طے پایا کہ لانگ مارچ سے متعلق تمام تجاویز کا سٹیئرنگ کمیٹی میں جائزہ لیکر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ دونوں رہنمائو ں کی ملاقات میں لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر پہلا پڑا ؤفیض آباد پر ڈالنے کی تجویز سامنے آئی ، ملاقات میں سینیٹ الیکشن میں مشترکہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی ۔تحریک عدم اعتماد پہلے پنجاب سے لائی جائے یا بلوچستان سے ، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ صدارتی آرڈیننس کے آئینی اور قانونی پہلوئوں کا جائزہ لیکر اسے عدالت میں چیلنج کرنے بھی مشاورت ہوئی ۔ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پی ڈی ایم کے فیصلوں سے گھبراہٹ کا شکار ہے ،آرڈیننس جاری کر کے اپنے ہی اراکین پارلیمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے ، سپریم کورٹ کو متنازع بنانے کیلئے اسے ریفرنس بھیجاگیا، تحریک انصاف کی دھاندلی کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔عمران خان جب بھی بات کرتے ہیں کوئی نہ کوئی غلطی کر بیٹھتے ہیں گزشتہ روز جو بات انہوں نے کی اگر ہم کرتے تو سکیورٹی رسک بن جاتے ، حکومت ٹافیوں کی طرح این آر او بانٹ رہی ہے ،عمران خان پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں ،ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ۔ حکومت آرڈیننس جاری کرکے سینیٹ انتخابات کو اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانا چاہتی ہے اور خفیہ بیلٹنگ کے حق کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ،یہ سیاسی اشار ہ ہے کہ حکومت پی ڈی ایم کے فیصلوں کی وجہ سے گھبراہٹ کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ڈی ایم کے سینیٹ الیکشن لڑنے کے اعلان سے گھبرائی ہوئی ہے اور اب اداروں کو متنازعہ بنا کر عمران خان کیلئے دھاندلی کرائی جارہی ہے ۔ وہ پورے ملک کو بتارہے ہیں کہ ہم انتخابات سے قبل ہر حربہ استعمال کرتے ہوئے سینیٹ انتخابات میں عمران خان کیلئے دھاندلی کریں گے ۔ جمہوری ملک میں آئین میں تبدیلی کا ایک پارلیمانی طریقہ کار ہوتا ہے ، اگر حکومت نے آئین میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے تو اس پر سنجیدگی سے کوشش کر نی چاہئے تھی ۔ ا س پر اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش کی گئی نہ مختلف جماعتوں سے کوئی سنجیدہ بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جمہوری طریقہ کار نہیں اپنایا اور سپریم کورٹ کو متنازع بنانے کا قدم اٹھاتے ہوئے اسے ریفرنس بھیجا۔ حکومت نے سپریم کورٹ کو ایسی پوزیشن میں ڈالا ہے جہاں وہ جو بھی فیصلہ لے وہ متنازع فیصلہ ہوگا۔ آئین میں ترمیم صرف پارلیمان کرسکتی ہے ۔جہاں یہ ریفرنس عدالت میں تھا وہیں اچانک کمیٹی کے ذریعے اسے قومی اسمبلی میں لایا گیا، قومی اسمبلی میں بات تک نہیں کرنے دی گئی اور اراکین پارلیمنٹ پر حملے کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس شرمناک واقعے کے بعد ایک اور قدم اٹھایا گیا ہے جس سے ہمارے ادارے ، پارلیمان اور سپریم کورٹ کو متنازع بنایا جائے گا۔ جب ایک معاملہ عدالت میں ہے تو اس قدم کو اٹھانے کا مقصد کیا ہے ، حکومت مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے اداروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ تحریک انصاف کی دھاندلی کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، حکومت بچگانہ حرکت کرکے نہ صرف ادارے بلکہ پورے سینیٹ انتخابات کو متنازع بنانے جارہی ہے ۔ حکومت کا ارادہ سلیکٹڈ پارٹی کے حق میں سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کرنا ہے ۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ دھاندلی جیسے مسئلوں کو ہمیشہ کیلئے حل کریں اور ان میں اصلاحات لائی جائیں۔ تحریک عدم اعتماد کسی بھی وزیر اعظم کو ہٹانے کیلئے جمہوری طریقہ کار ہے ۔پی ڈی ایم اراکین پارلیمنٹ کے استعفوں کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ اراکین کے استعفے سیاسی جماعتوں کی قیادت کے پاس موجود ہیں اور یہ معاملہ آج بھی پی ڈی ایم میں زیر بحث ہے ۔ سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لیتے تو تحریک انصاف کو بھرپور اکثریت مل جاتی اس وجہ سے ہم نے انتخابات میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ توہوا کہ عمران خان کا پسینہ نکل رہا ہے اور وہ چھلانگیں مار کر آئین تبدیل کرنے کی کوشش میں ہیں، سینیٹ انتخابات قریب ہیں، سب دیکھیں گے کہ کیا ہوگا۔18ویں آئینی ترمیم کو بدلنے کے سوال پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 1973 کے آئین کو تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع سے چل رہا ہے ، ہم نے شروع سے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کی سازش چل رہی ہے ۔ اب تک یہ کوشش ناکام رہی ہے اور آئندہ بھی ناکام رہے گی تاہم جس طرح سے آرڈیننس کے ذریعے عمران خان سینیٹ ا لیکشن میں اوپن بیلٹ کی کوشش کر رہے ہیں اسی طرح سے وہ آئین کو تبدیل کرنے کا سوچتے ہیں تو ایسا نہیں ہوسکتا۔پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کی حکومت سے ملاقات بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں اپنے ممبران پر فخر کرتا ہوں کہ اتنے دباؤ کے باوجود بھی انہوں نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا۔ ہم سب پی ڈی ایم کے فیصلے کے پابند ہیں ۔عمران خان کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا اور وہ دن جلد آئے گا۔ ہم پی ڈی ایم کو سافٹ لائن پر نہیں لائے ،ہم صرف اور صرف عوام کی طاقت پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو جمہوریت کا سبق نہ سکھایا جائے ،ہم مل کر فیصلے کر رہے ہیں،کوئی دبا ؤنہیں ۔ آصف زرداری نے کوئی ایسا بیان نہیں دیا تھا کہ بلوچستان حکومت کو گراؤنگا۔بلاول نے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور دیگر دو کوہ پیماؤں کے لا پتا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، ایک بیان میں بلاول بھٹونے کہا کہ محمد علی سدپارہ پاکستان کے قابل فخر ہیرو ہیں، علی سدپارہ نے ملاقات میں کے ٹو سر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، علی سدپارہ کی تلاش اولین ترجیح ہونی چاہیے ،بلاول بھٹو نے کہا کہ علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے دعاگو ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے سینیٹ انتخابات کیلئے صدارتی آرڈیننس مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت پارلیمنٹ کی بے توقیری کررہی ہے ۔آرڈیننس کا نفاذ صرف نئے پاکستان ہی میں ممکن ہے ۔ اپنے بیان میں اے این پی سربراہ نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہونے کے باوجود آرڈیننس کا فیصلہ گھبراہٹ اور نااہلی کا اعتراف ہے ۔آئینی ترمیم کے بغیر سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔آرڈیننس کے ذریعے آئین میں ترمیم نہیں کی جاسکتی، ان میں ہمت ہے تو قانون سازی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈر ہے کہ انکی نااہلی عیاں ہوجائیگی۔

سرکاری سکول چھوڑنے والے 6لاکھ بچوں میں لاہور دوسرے رحیم یار خان پہلے نمبر پر

صوبہ بھر میں سرکاری سکول چھوڑ جانے والے چھ لاکھ بچوں میں ضلع لاہور دوسرے نمبر پر جبکہ رحیم یار خان پہلے نمبر پر رہا ۔

ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں سرکاری سکول چھوڑ جانے والے بچوں میں ضلع لاہور دوسرے نمبر پر ہے جبکہ سکول چھوڑ جانے والے ڈسٹرکٹ میں رحیم یار خان پہلے نمبر پر رہا، صوبہ بھر میں سکول چھوڑ جانے والے طلبا میں زیادہ تعداد لڑکوں کی ہے، رحیم یار خان میں 22 ہزار اور لاہور میں 18 ہزار سے زائد بچے سکول چھوڑ گئے ہیں، صوبہ بھر میں کورونا وائرس کے باعث چھ لاکھ طلبا سکول چھوڑ چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے دس لاکھ بچوں کے داخلوں کا ہدف دے رکھا ہے، مذکورہ ہدف آئندہ پانچ ماہ کے دوران مکمل کیا جائے گا، لاہور کے سکولوں میں اس وقت سوا چھ لاکھ طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں۔

دوسری جانب جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین رانا لیاقت علی نے سرکاری سکولوں میں دس لاکھ نئے بچوں کا داخلہ زمینی حقائق کے برعکس قرار دے دیا، کہتے ہیں داخلوں کیلئے نئے سکول بنانے کے ساتھ 77 ہزار اساتذہ، 3 ہزار سربراہ اور ہزاروں درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی کی جائے۔

عثمان بزدار کا راجن پور کا طوفانی دورہ،15ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع راجن پور کا طوفانی دورہ کیا اور اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ۔راجن پو رمیں پناہ گاہ اور لنگر خانے کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ راجن پو رکے دور افتادہ مقام ماڑی بھی گئے او رماڑی کو سیاحتی مقام قراردینے کا اعلان کیا-رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ گئے اور معززین علاقہ سے ملاقات کی ۔وزیراعلٰی نے کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری میں مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہامیں آپ کے پاس ضلع راجن پور کیلئے بڑا ڈویلپمنٹ پیکیج لے کر حاضر ہوا ہوں، جس کے تحت مختلف سیکٹرز کے درجنوں بڑے منصوبے 15 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ،یہ تمام منصوبے انشاء اللہ2 سال میں مکمل کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاضلع راجن پو رکے عوام کیلئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال نعمت کے مترادف ہے اور اس پراجیکٹ کو 8 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جبکہ یہاں 7 مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا جن کی لاگت تقریباً ایک ارب روپے سے زائد ہے ۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا،جو100کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی۔انہوں نے کہا جام پور سے کشمور تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔بزدار نے راجن پو رمیں پناہ گاہ اورلنگر خانے کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ اور لنگر خانے میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیااور لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا،وزیراعلیٰ بزدار اورپناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھایا۔وزیراعلیٰ راجن پور میں رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ گئے ۔عثمان بزدار نے کہاکہ راجن پور کے لوگو ں کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے اوراسے مرتے دم تک نبھاؤں گا۔کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری میں مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز نے انہوں نے ملاقات کی ، وزیراعلیٰ نے کہاکہ فلاح عامہ کی سکیموں کو اپنی نگرانی میں مکمل کراؤں گا۔عثمان بزدارماڑی کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں،بزدارنے ماڑی کو سیاحتی مقام قراد دینے ، باڈر ملٹری پولیس میں بھرتیو ں اور کوٹے میں اضافے اور ماڑی میں ریسٹ ہاؤس بنانے کا اعلان کیا۔بزدار نے کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔عثمان بزدار اپنی رہائش گاہ سے بغیر پروٹول کے ملتان ائیرپورٹ پہنچے ،انہوں نے راجن پور کے مختلف علاقوں کا تقریباً 9 گھنٹے کادورہ کیا ۔عثمان بزدار آج ڈیرہ غازی خان میں مصروف دن گزاریں گے ،وزیراعلیٰ سخی سروربھی جائیں گے جہاں وہ محکمہ آبپاشی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔

اداکاروں کے اداکار کرسٹوفر پلمر چل بسے

اداکاروں کے اداکار کا اعزاز رکھنے والے ہولی وڈ کے معروف اداکار کینیڈین نژاد 91 سالہ کرسٹوفر پلمر 91 برس کی عمر میں متعدد صحت کے مسائل کے باعث چل بسے۔

’بگنرز، للی ان لو، آئی وٹنیس، ریڈ بلڈڈ امریکن گرل، منی، وولف، 12 مانکیز، دی انسائڈر، سریانا، انسائڈ مین، آل ریڈی ڈیڈ، پریسٹ اور باؤنڈریز‘ سمیت 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے اداکار گزشتہ چند کچھ عرصے سے علیل تھے۔

کرسٹوفر پلمر نے 2012 میں فلم ’بگنرز‘ میں شاندار اداکاری دکھانے کی وجہ سے فلمی دنیا کا معتبر ترین ایوارڈ ’آسکر‘ جیتا تھا اور وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے معمر ترین اداکار بنے تھے۔

کرسٹوفر پلمر نے مجموعی طور پر شوبز کو زندگی کا بہت بڑا حصہ دیا اور انہوں نے 9 دہائیوں کی زندگی میں سے 7 دہائیاں اداکاری کرتے گزاریں۔

کرسٹوفر پلمر کو ان کی شاندار اداکاری کے باعث اداکاروں کا اداکار بھی کہا جاتا تھا، کیوں کہ 7 دہائیوں میں انہوں نے کئی جونیئرز اداکاروں کو منفرد انداز میں اداکاری کرنے کے گر سکھائے۔

کرسٹوفر پلمر نے 1950 سے قبل ہی اداکاری کا آغاز کردیا تھا، تاہم ان کی پہلی فلم اسٹیج ٹرک 1958 میں ریلیز ہوئی، جس کے بعد ان کی ایک کے بعد ایک فلم ریلیز ہوتی گئی۔

کرسٹوفر پلمر کو ہولی وڈ کے سنہرے دور یعنی 1960 سے 1980 کا ایکشن ہیرو بھی کہا جاتا ہے اور انہوں نے کئی فلموں میں نہ صرف ایکشن کردار ادا کیے بلکہ انہوں نے منفی کرداروں میں بھی اپنی پہچان بنائی۔

کرسٹوفر پلمر نے 4 شادیاں کیں اور ان کی چار میں سے تین شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔

کرسٹوفر پلمر کو چاروں بیویوں میں سے پہلی بیوی اداکارہ ٹیمی گرامز سے 1957 میں بیٹی اداکارہ امانڈا پلمر ہوئیں، جو اس وقت 63 سال کی ہو چکی ہیں۔

کرسٹوفر پلمر کی بیٹی نے والد کی طرح اگرچہ متعدد معاشقے کیے مگر انہوں نے باضابطہ طور پر کوئی شادی نہیں کی۔

کرسٹوفر پلمر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے شوہر نے رہائش گاہ پر ہی زندگی کے آخری لمحے گزارے۔

خبر رساں ادار کے مطابق کرسٹوفر پلمر کی اہلیہ Elaine Taylor اور اداکار کے قریبی دوستوں نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے چلے جانے کو زندگی کا بڑا نقصان قرار دیا۔

کرسٹوفر پلمر کی موت پر ہولی وڈ کی متعدد شخصیات نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ اداکاروں کے بھی اداکار تھے۔

ورچوئل آن لائن ایکسپو اور ”خبریں “ کے مابین ملکر کام کرنے کا معاہدہ

لاہور (ویب ڈیسک)ورچوئل آن لائن ایکسپو اور خبریں کے مابین مل کر کام کرنے کا معاہدہ ہوگیا۔ معاہدے پر ورچوئل ایکسپو کے چیف ایگزیکٹو نعیم ثاقب نے خبریں کے گروپ مارکیٹنگ ہیڈ میاں اکبر علی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ایڈیٹر خبریں گروپ/سی ای او چینل۵ امتنان شاہد بھی موجود تھے۔ ورچوئل ایکسپو کا بنیادی مقصد کرونا وباءکےدور میں تعمیراتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ورچوئل ایکسپو میں کسی بھی وقت بغیر کسی محنت کے سامل ہوا جاسکتا ہے۔ ورچوئل ٹریفک پارکنگ ماحولیاتی آلودگی اور ایندھن کے خرچ جیسے مسائل سے پاک اور ہر وقت لوگوں کی دسترس میں ہے۔ نمائش میں شرکت کیلئے وقت کی قید نہیں کوئی بھی کسی بھی وقت آن لائن فارم پر نمائش میں شرکت کرسکے گا۔ نمائش میں پراپرٹی، الیکٹرانکس، فارما، گارمنٹس، انجینئرنگ، مشینری اور فوڈ سمیت مختلف سیکٹرز سے وابستہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کا ڈسپلے کرسکیں گی۔ ورچوئل ایکسپو منصوبہ جات اور مصنوعات کی رسائی پوری دنیا تک آسانی ممکن ہے خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانی جو وطن عزیز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان آنے سے قاصر ہیں یا مصروف ہیں وہ ورچوئل ایکسپو کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ویب www.vexpo.pk کے ذریعے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

کرونا سے برطانیہ لاشوں میں تبدیل، عارضی مردہ خانوں میں گنجائش ختم، ہز اروں لاشیں تدفین کی منتظر

برطانوی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہزاروں افراد کی لاشیں آخری رسومات کی منتظر ہیں۔ ملک بھر کے تمام سرد خانے بھر چکے ہیں۔ مساجد، چرچوں سمیت ایئر پورٹس اور اسپورٹس میدانوں میں بنائے جانے والے عارضی مردہ خانوں میں بھی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔ جبکہ کورونا میں مرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ لندن کے میئر صادق خان نے صورتحال کو انتہائی گمبھیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاشوں کو دفن یا نذر آتش کرنا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ آخری رسومات کا اہتمام کرنے والے برطانوی نجی اداروں کی تنظیم کی رکن ڈیبور اسمتھ نے بتایا کہ تابوت تیار کرنے والے کارکنان موجودہ صورت حال میں سخت پریشان ہیں۔ درجنوں کارکنان ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لندن سمیت برطانیہ بھر میں وبا سے ایک لاکھ تیس ہزار لاکھ سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہزاروں لاشیں تاحال تدفین کی منتظر ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے صورت حال کو انتباہی قرار دیا ہے اور عالمی ماہرین سے مشورہ طلب کیا ہے کہ اس منظر نامہ میں کیا اقدامات اٹھائے جائیں؟ لندن سے موصول رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی کارکنان بھی بہت پریشان ہیں۔ کیونکہ ان کو روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں نئے مریضوں کی دیکھ بھال کرنی پڑ رہی ہے۔ دوسری جانب کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اپنے عزیزوں کی آخری رسومات میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکتے۔ سینکڑوں لواحقین نے تصدیق کی ہے کہ کئی کئی ماہ پہلے ہلاک ہونے والے ان کے عزیزوں کی لاشوں کی تاحال تدفین نہیں کی جاسکی ہے۔ بین اسٹون نامی ایک برطانوی شہری نے بتایا کہ اس کے والد کی لاش کو تابوت میں بند کرکے ایک اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھا گیا تھا۔ لیکن تین ماہ ہونے کو آئے ہیں اور اب تک ان کی لاش کو دفن نہیں کیا جاسکا ہے۔ برطانوی جریدے ’’گارجین‘‘ سے بات کرتے ہوئے برٹش مسلم کونسل نے بتایا ہے کہ لندن کی مختلف مساجد کی انتظامیہ نے کار پارکنگ سمیت دیگر احاطوں میں عارضی مردہ خانے بنائے تھے،

نیو یارک اسمبلی: کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور،دفتر پاکستان اور کشمیر کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا

نیویارک کی اسمبلی میں 5 فروری کو کشمیر ڈے سے متعلق قرارداد منظور ہونے پر دفتر خارجہ نے اسے ‘خوش آئند پیش رفت’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نہیں چھپا سکتا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ‘قرارداد کشمیری عوام کی ہمت اور استقامت کو سراہتی ہے اور ان کی منفرد ثقافتی اور مذہبی شناخت کو تسلیم کرتی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست نیویارک تمام کشمیریوں کے لیے مذہب، تحریک اور اظہار رائے کی آزادی سمیت انسانی حقوق کی حمایت کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ قرارداد کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں بین الاقوامی حمایت جاری رہنے کا ایک اور مظہر ہے جس کا ذکر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں شامل ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ قرارداد اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نہیں چھپا سکتا’۔

ترجمان دفتر خارجہ نے نیویارک اسمبلی رکن نادر سیوگ اور امریکی پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کا اس سلسلے میں مدد کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

نیو یارک، امریکا کی پہلی ریاست بن گئی جہاں 5 فروری 2021 کو ‘یوم کشمیر-امریکا’ منانے کا اعلان کیا گیا۔

نیویارک کی ریاستی اسمبلی نے صوتی ووٹ کے ذریعے ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے 5 فروری کو ‘یومِ کشمیر امریکا’ منایا جائے گا۔

یہ ایک اہم پیشرفت ہے جو امریکی- پاکستانی وکالت گروپ کی برسوں کی کوششوں کا نتیجہ تھی۔

اس قرارداد میں کہا گیا کہ ‘نیویارک کی ریاست تمام کشمیریوں کے لیے مذہب، تحریک اور اظہار رائے کی آزادیسمیت انسانی حقوق کو حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے’۔

سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کا صدارتی آرڈیننس جاری

صدر مملکت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کےلیے آرڈیننس پر دستخط کردیے جس کے بعد آرڈیننس جاری کردیا گیا۔

آرڈیننس کو الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 نام دیا گیا ہے جبکہ آرڈیننس کو سپریم کورٹ کی صدارتی ریفرنس پر رائے سے مشروط کیا گیا ہے۔

آرڈیننس کے مطابق اوپن ووٹنگ کی صورت میں سیاسی جماعت کا سربراہ یا نمائندہ ووٹ دیکھنے کی درخواست کرسکے گا۔

آرڈیننس میں واضح کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ سے سینیٹ انتخابات آئین کی شق 226 کے مطابق رائے ہوئی تو خفیہ ووٹنگ ہوگی۔

علاوہ ازیں آرڈیننس کے مطابق عدالت عظمیٰ نے سینیٹ انتخابات کو الیکشن ایکٹ کے تحت قرار دیا تو اوپن بیلٹ ہوگی اور اس کا اطلاق ملک بھر میں ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے جاری نے والے آرڈیننس کا عکس ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 23 دسمبر کو صدر مملکت کی منظوری کے بعد سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کر دیا تھا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس بھجوانے کی وزیرِ اعظم کی تجویز کی منظوری دے دی اور ریفرنس پر دستخط کیے تھے۔

عدالت عظمیٰ میں دائر ریفرنس میں صدر مملکت نے وزیر اعظم کی تجویز پر سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی تجویز مانگی ہے۔

ریفرنس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ آئینی ترمیم کے بغیر الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے کے لیے رائے دی جائے۔

عمران خان کا اماراتی ولی عہد سے رابطہ، تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم عمران خان کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوَں نے پاک یو اے ای تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کورونا کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماوَں نے کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ شیخ محمد بن زید ابوظبی کے ولی عہد ،یو اے ای افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر ہیں۔

سابق امریکی صدر کا پاکستانی ناول نگار کی تصنیف پر فلم بنانے کا اعلان

سابق امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما کے پروڈکشن ہاؤس نے پاکستانی ناول نگار محسن حامد کی تصنیف ’ ایگزیٹ ویسٹ ‘ پر فلم بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اوباما کے پروڈکشن ہاؤس’ ہائیر گراؤنڈ پروڈکشن‘ نے نیٹ فلیکس کے لیے چھ نئے پراجیکٹس کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایگزیٹ ویسٹ نامی کتاب میں ایک ایسے نوجوان جوڑے کی کہانی بیان کی گئی ہے جو عالمی پناہ گزینوں کے بحران کے بیچ دوسرے مقامات اور زمین تک پہنچنے کے لئے جادوئی دروازے تلاش کرتے ہیں۔

فلم میں مرکزی کردار پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد ادا کریں گے۔

ناول’ایگزٹ ویسٹ‘ 2017 میں شائع ہوا، امریکا کے سابق صدر براک اوباما اسے اپنا پسندیدہ ناول قرار دے چکے ہیں۔

آن لائن اسٹیمنگ ویب نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ سابق امریکی صدر کے پروڈکشن ہاوس کی جانب سے یہ فلمیں اگلے چند سالوں میں ریلیز کی جائیں گی لیکن انہوں نے فلم ریلیز کرنے کی حتمی تاریخیں نہیں بتائی۔

خیال رہے کہ اوباما نے 2018 میں نیٹ فلکس کے ساتھ ملٹیئر پروڈکشن ڈیل پر دستخط کیے تھے۔

اس حوالے سے مشیل اوباما کا کہنا تھا کہ کہانی بیان کرنے کی طاقت نے ہمیشہ ہمیں متاثر کیا ہے۔ یہی وہ طاقت ہے جس کے ذریعے ہم سوچ کو مختلف انداز دیتے ہوئے اپنے اردگرد موجود لوگوں پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نےمزیدکہا کہ نیٹ فلکس ہی وہ بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ہم اپنے آئیڈیاز کو بہتر طور پر لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔

انگلش کپتان جو روٹ نے انضمام الحق کا ریکارڈ توڑ دیا

چنئی: انگلش کپتان جو روٹ نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرکے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا ریکارڈ توڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان جو روٹ اپنے 100ویں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، جو روٹ نے بھارت کے خلاف چنئی ٹیسٹ میں 218 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 184 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

جو روٹ نے اپنے کیریئر میں یہ پانچویں ڈبل سنچری اسکور کی، انگلش کپتان نے گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 228 اور 186 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

تیس سالہ جو روٹ نے 2012 میں بھارت کے خلاف میچ سے ڈیبیو کیا تھا، وہ کپتان بننے کے بعد تین ڈبل سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ وہ واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے اپنے 100ویں ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کی تھی۔

انگلش ٹیم نے بھارت کے خلاف چنئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنالیے، بھارتی بولرز انگلش بیٹسمینوں کے آگے بے بس دکھائی دئیے۔