پیپلز پارٹی کے تمام اراکین پارلیمنٹ نے استعفے پہنچا دیے ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تمام اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسبلی نے انہیں استعفے پہنچا دیے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج ملیر ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ملیر ندی کے بائیں کنارے تعمیر ہونے والا 39 کلومیٹر پر محیط ملیر ایکسپریس وے کا 6 لین روڈ ہو گا.

ملیر ایکسپریس وے کورنگی روڈ ڈی ایچ اے سے شروع ہوگا اور اس کا اختتام کاٹھور پر ہوگا جبکہ اس پر پیدل چلنے والوں کے لیے نو مقامات ہوں گے۔

سنگ بنیاد کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے اور نظریے کو آگے لے کر چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کے 1993 کے منشور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی سوچ کو متعارف کرایا تھا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اسی نظریے کو آگے لے کر چلی ہے اور اس سلسلے میں جو کام کیے ہیں وہ سارے صوبوں اور وفاق سے بھی بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھر کول مائننگ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پراٹنرشپ کا کامیاب منصوبہ ہے جو تھر میں انقلاب لے کر آیا، تھر کی عورتیں آج اس منصوبے کی وجہ سے انجینئرز سے لے کر ٹرک ڈرائیور بھی بن گئی ہیں، وہاں کے عوام کو اس کی بدولت روزگار کے مواقع ملے، پورے علاقے میں معاشی ترقی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے کوئلے سے نہ صرف بجلی پیدا کررہے ہیں بلکہ سندھ تھر کول سے پورے پاکستان کو بجلی دے رہے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا منصوبہ کراچی کے عوام، مزدوروں، کاروبار اور کاروباری افراد، سفید پوش طبقے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا، اس منصوبے سے کراچی کے عوام کو فائدہ پہنچائیں گے اور کراچی کی کاروباری برادری سے بات کر کے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت سے اعتراضات ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ سمیت سارے صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا، آپ نے تو این ایف سی ایوارڈ 18ویں ترمیم سے پہلے دیا تھا، ترمیم کے بعد آپ نے صوبوں کو زیادہ ذمے داری دی ہے لیکن اس کے لیے نئے این ایف سی ایوارڈ کا بندوبست نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو صوبوں کا اپنا پیسہ ہے وہ انہیں نہیں دیا جاتا، اس میں سالہا سال کٹوتی ہوتی ہے جس سے پاکستان کے تمام صوبے متاثر ہوتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ وفاق میں ایک ایسی حکومت مسلط کی گئی ہے جو نہ صرف ناجائز بلکہ نالائق اور نااہل بھی ہے اور ان کی نالائقی کا بوجھ پاکستان کے عوام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین سال ہونے کو ہیں اور سنا ہے کہ وزیر اعظم صاحب اب بھی ٹریننگ پر ہیں، نجانے یہ ٹریننگ کب مکمل ہو گی اور اس ٹریننگ کی تکمیل کے دوران عوام کو جو بوجھ اٹھانا پڑے گا، وہ کس سے پوچھیں گے کہ اگر وہ تیاری نہیں کررہے تھے تو 7سال سے خیبر پختونخوا میں کیا کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جو 22سال کی جدوجہد ہم سنتے آ رہے ہیں، اگر تیاری نہیں کررہے تھے تو پھر اس وقت کیا کررہے تھے، آپ نے تو 90دن میں کرپشن ختم کرنا تھی، آپ نے اپنے پہلے 100دن میں پاکستان کی مشکلات کو ختم کرنا تھا اور 3سال بعد آپ کہہ رہے ہیں کہ ٹریننگ چل رہی تھی، یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ کی درخواست نہیں کررہے لیکن اگر ہمارا وزیر اعظم تھوڑا بہت اہل ہوتا تو حالات آج ایسے نہیں ہوتے، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پاکستان آج جی ڈی پی اور ترقی میں افغانستان اور بنگلہ دیش سے پیچھے ہے، مہنگائی کی شرح میں ہم افغانستان اور بنگلہ دیش سے آگے ہیں اور یہ صرف اس لیے ہے کہ ہمارے وزیر اعظم میں وہ استعداد نہیں ہے کہ وہ پاکستان جیسے ملک کو چلا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جب کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا تھا تو وزیر اعظم نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ میں کیا کروں اور آج جب پاکستان کے غریب عوام تاریخی غربت، تاریخی بیروزگاری اور تاریخی مہنگائی کا سامنا کررہے ہیں تو ان کا وہی جواب ہے کہ میں کیا کروں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اگر آپ کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے تو آپ یہی کر سکتے ہیں کہ استعفیٰ دیں اور گھر چلے جائیں، ہمارے پاس حل ہے، ہم جانتے ہیں کہ عوام کو ان مشکل حالات سے کیسے نکالا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بدترین عالمی معاشی کساد بازاری اور دو سیلابوں کا سامنا کرنے کے باوجود یہ نہیں کہا تھا کہ ہم کیا کریں، ہم نے درآمدات کو برآمدات میں تبدیل کر دیا تھا تاکہ کسان خوشحال ہو سکے، یہی وجہ تھی کہ ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ان مشکل معاشی صورتحال میں شروع کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت ریونیو اور وسائل پیدا کرنے میں دیگر صوبوں سے آگے بھی ہے اور سروسز پر سیلز ٹیکس باقی صوبوں سے کم ہونے کے باوجود پیداوار زیادہ ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم وفاق کی طرح نیب، بلیک میل، تشدد اور ظلم سے وسائل پیدا کرنے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جن کا سالوں سال کا نااہلی کا ریکارڈ ہے وہ ہمیں لیکچر دے رہے ہیں کہ ہم نالائق صوبائی لوگ ہیں جو ریونیو پیدا نہیں کر سکتے، وہ غیر آئینی قدم اٹھا رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ صوبے کی نگرانی کریں گے، جس دن صوبے حساب مانگنا شروع کردیں گے، آپ کے پاس کچھ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کی ضرورت سے زیادہ گیس پیدا کرتے ہیں، ہمارا آئینی حق ہے، آئین کے مطابق آپ کا سب سے پہلے اور پھر باقی پاکستان کا حق ہے لیکن جہاں سے گیس نکلتی ہے وہاں کے عوام کے گیس کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہاں کے عوام کے لیے گیس نہیں ہے، کراچی جیسے شہر میں عوام اپنا چولہا نہیں جلا سکتے، جب تک ہم ایسے بنیادی مسائل حل نہیں کریں گے اس وقت تک پاکستان کی معیشت کیسے چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک کام رہتا ہے، ہم نے اس نالائق، نااہل کو بھگانا ہے، ہم نے وہ حالات پیدا کرنے ہیں جس سے ایک عوامی حکومت آ سکتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ اور پیپلز پارٹی کے تمام اسمبلی اراکین پر فخر ہے کہ انہوں نے مجھ تک اپنے استعفے پہنچائیں ہیں، مجھے معلوم ہے کہ میرے ہر رکن کے گرد کافی قوتیں کام کررہیں، دباؤ ڈال رہے ہیں، جعلی کیسز بنا رہے ہیں مگر آپ سب حوصلے اور ہمت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ سچ کے راتے میں کھڑے ہوتے ہیں تو ایسی کوئی قوت آپ کو ڈرا نہیں سکتی مگر میں ان قوتوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ میرے لوگوں کے ساتھ یہ سلوک بند کرو، میں جانتا ہوں کہ کون یہ کررہا ہے، کیوں کر رہا ہے، مجھے مجبور نہ کریں کہ میں ان سب کو ایک ایک کر کے قوم کے سامنے بے نقاب کروں۔

ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دے دیا۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ایم کیوایم سے کیے ایک وعدے پرعمل نہیں کیا، ایک مطالبہ پورا نہیں کیا، وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے خدشات کے باوجود مردم شماری کو منظور کر لیا،ہمیں بتایا جائے ہم حکومت میں کیوں ہوں؟

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا،حکومت میں رہ کر احتجاج کا آپشن استعمال نہیں ہوسکتا،حکومت سے علیحدہ ہونے کا بھی آپشن ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ نے مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اس حوالے سے اختلافی نوٹ جمع کرایا اور ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرامین الحق نے نئی مردم شماری فوری طور پر کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔[

وزیر داخلہ کا پاسپورٹ کی مدت 5سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاسپورٹ کی مدت 5 سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کا اعلان کردیا جو آئندہ سال یکم جنوری سے جاری ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ غریب کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کا ورک ویزا ختم ہوجاتا ہے، پاسپورٹ کی مدت 5 سال ہوتی ہے لیکن پہلی تاریخ سے 10 سال کا پاسپورٹ جاری ہوگا لیکن ہم تین ہزار سے زیادہ فیس نہیں بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سارے مشرق وسطیٰ کے مزدوروں کو 5 سال کے بجائے دس سال کا ویزا ملے گا اور یہ عمران خان کی طرف سے آپ کے لیے نیا تحفہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 28اپریل سے ہم نیا ای پاسپورٹ جاری کرنے جارہے ہیں، 120 دن کا ہمارا ہدف ہے، نیا ای پاسپورٹ لانچ کریں گے تاکہ اس میں سارا ڈیٹا آئے اور ملک کی عزت ہو۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آج سے ہی پاسپورٹ ایس ایم ایس سروس سارے پاکستان میں شروع ی جا رہی ہے، جس کا کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جس کا پاسپورٹ ختم ہونے والا ہو گا، اس کو چھ ماہ پہلے اطلاع دے دیں گے کہ آپ اپنا پاسپورٹ بنوا لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یکم جنوری سے دنیا کے 191 ملکوں کے لیے ای سروس شروع کررہے ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے مجھے آن لائن پاسپورٹ سروس شروع کرنے کی ہدایت کی ہے لیکن اس میں 120 دن سے زیادہ وقت لگے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اسمگل شدہ تیل اور پیٹرول بیچنے والوں کو 7 دن کے اندر خرید و فروخت بند کرنے کا حکم دیا جائے، یہ 2 سے 3 ارب ڈالر کا بنتا ہے اور اگر انہوں نے بند نہ کیا تو وزارت داخلہ ان کے پیٹرول پمپ بند کردے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 120 دن کے اندر ہم ایکسپریس پاسپورٹ بھی جاری کردیں گے جس کی بدولت آپ صبح پاسپورٹ دے کر شام میں حاصل کر سکیں گے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری بھی کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم چین کے معاملات دیکھ رہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ سی پیک میں موجود چینیوں کو وزارت داخلہ نہ آنا پڑے۔

دوران گفتگو شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ کی بلیک لسٹ کو کم کرنے کی ہدایت دی ہے، 66ہزار لوگ ایف آئی اے میں بلیک لسٹ ہیں اور 34ہزار لوگ پاسپورٹ میں بلیک لسٹ ہیں، میں نے انہیں کہا ہے کہ جن لوگوں کا مجرمانہ ریکارڈ ہے یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، ان کو بلیک لسٹ میں رکھیں، تاہم اس فہرست کو 25 ہزار کریں، باقی 75ہزار کم کریں۔

تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ والوں کی معاشی صورتحال بہت بری ہے، انہوں نے 7 ارب کا بجٹ مانگا جبکہ انہیں 2ارب روپے ملے ہیں، حفیظ شیخ سے ملاقات کر کے مالی صورتحال بہتر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ پاسپورٹ کی مدت 10سال کرنے کے لیے تیار نہیں تھا، وہ کہہ رہے تھے کہ فیس بڑھائیں کیونکہ ہمیں پاسپورٹ امیگریشن میں بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔

گفتگو کے دوران ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کسی کی سیکیورٹی واپس نہیں لی، مولانا فضل الرحمٰن اس فساد کی اصل جڑ ہیں، میرا کام بتا دینا تھا، کل ایسا نہ ہو کہ وہ مجھ ہی پر مقدمہ کر دیں، جیسے بینظیر بھٹو شہید کا بھی بتایا گیا تھا اور جن لوگوں نے بتایا تھا کہ آپ کی سیکیورٹی کو خطرہ ہے انہی پر مقدمے کروا دیے گئے، لہٰذا میرا کام تھا کہ بحیثیت وزیر انہیں بتا دوں گا کہ 20 افراد کی فہرست میں ان کا نام سب سے اوپر ہے‘۔

پی ایس ایل 2021: کھلاڑیوں کے چناؤ کیلئے ٹیموں کی ترتیب طے پاگئی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے حوالے سے ٹیموں کی ترتیب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق دو دفعہ کی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پی ایس ایل2021 کی ڈرافٹنگ میں سب سے پہلے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

ملتان سلطانز اور پی ایس ایل 2020 کی فائنلسٹ ٹیم لاہور قلندرز بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر اپنے کھلاڑیوں کو منتخب کرے گی۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر دستیاب کھلاڑیوں سے چناؤ کریں گی، دونوں ٹیمیں 2017 اور 2019 کے ایڈیشنز میں چمپیئن رہ چکی ہیں۔

رواں برس پہلی مرتبہ پی ایس ایل چمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والی کراچی کنگز کو سب سے آخر میں چھٹے نمبر پر کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع ملے گا۔

پی سی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ٹیموں کے نمبرز کا فیصلہ لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں تمام 6 ٹیموں کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا گیا۔

بیان کے مطابق اگلے 17 راؤنڈز کا فیصلہ اعداد و شمارکے ذریعے کیا گیا۔

پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل 2021 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے حوالے سے مکمل تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

اعلامیے میں کیٹیگریز اور کھلاڑیوں کے ناموں کے حوالے سے تفصیلات نہیں دی گئی ہیں تاہم پی ایس ایل 2020 میں سرفہرست کھلاڑیوں کو پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں شامل کیا گیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کھلاڑیوں کی تجدید کے عمل میں کھلاڑیوں کی گزشتہ ایڈیشنز سمیت قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میں کارکردگی اور کرکٹرز کی ٹی20 فارمیٹ میں مقبولیت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی بنیادی کیٹیگری گولڈ مقرر کی گئی ہے اور نئے قوانین کے مطابق ہر ٹیم گزشتہ ایڈیشن میں شامل زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو آئندہ ایڈیشن کے لیے برقرار رکھ سکے گی۔

پی سی بی نے کہا تھا کہ کیٹیگری مرحلے کے مکمل ہونے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے 24 سال سے کم عمر کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ 24 سال سے کم عمر کھلاڑی 2 سال سے زائد عرصہ ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ نہیں رہ سکتے، تاہم 2 سالوں میں 4 یا اس سے کم میچ کھیلنے والے کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار رہ سکتے ہیں۔

’4 جنوری کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ کریں گے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 4 جنوری کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ 4 جنوری کو بین الصوبائی وزراء کی میٹنگ میں حالات کا جائز ہ لیا جائے گا اور تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

پی ٹی ایم کی تحریک پر ان کا کہنا تھاکہ کہ پی ڈی ایم کے اندرونی اختلافات ختم نہیں ہورہے اور جی یو آئی کے اندرونی مسائل شروع ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب جیونیوز کے پروگرام ’ جیوپاکستان‘ میں گفتگو کرتےہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نےکہا کہ کورونا وائرس میں کمی ابھی نہیں آرہی اور مجھے نہیں لگتا 11 جنوری سے اسکول کھل سکیں گے۔

انہوں نےکہا کہ این سی او سی میں تجویز دی تھی کہ اسکولوں کو قرض دیا جائے تاکہ وہ چلتے رہیں ، وفاقی حکومت کو نجی اسکولوں سے بات کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد حکومت نے ملک بھر میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے جنہیں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 11 جنوری سےکھولنے کا اعلان کیا گیاہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی نسبت ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ تجربہ کار ہے، محمد رضوان

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان کا کہنا تھا کہ  آج ٹیم نے چار گھنٹے سے زائد پریکٹس کی ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ  پاکستان شاہینز کی فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ ہمارے بالرز اور بیٹسمین دونوں ہی اچھے ردھم میں لگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی نسبت ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ تجربہ کار ہے۔ شان مسعود، اظہر علی، فواد عالم اور حارث سہیل جیسے بیٹسمین  جبکہ محمد عباس، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی جیسے بالرز موجود ہ

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ  بابراعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی، لیکن انجری کے باوجود بابراعظم جس طرح ٹریننگ سیشنز میں موجود رہتے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ بابر اعظم باہر بیٹھ کر بھی ہر بیٹسمین کو اپنا تجربہ شیئر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  نیوزی لینڈ کے ساتھ اچھا مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ ہم محنت پوری کریں گے، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

بھارت ہجرت کرنے والے ہندو واپس آنا چاہتے ہیں، سربراہ اقلیتی کمیشن

اسلام آباد: قومی کمیشن برائے اقلیت (این سی ایم) کے چیئرمین چیلا رام کیولانی کا کہنا ہے کہ ہندو اقلیتی برادری کے اراکین جو پاکستان سے ہجرت کرکے بھارت چلے گئے تھے وہ اب ہمسایہ ملک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے واپس آنا چاہتے ہیں۔

 کمیشن کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مذہبی اقلیتوں پر ظلم و ستم بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل کو ریاست کو حل کرنا ہوگااورکمیشن اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

چیلا رام کیولانی کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں ملک میں تمام اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور حکام کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے’۔

اجلاس میں بھارتی حکومت اور احتجاج کرنے والے سکھ کسانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی مذمت کی گئی، مزید یہ کہ اراکین کمیشن نے نوٹ کیا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن مذہبی اقلیتوں یہاں تک کہ نچلی ذات کے ہندو ہمیشہ وہاں اپنے حقوق سے محروم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرنی چاہیے، ‘ہمارے پاس ان ہندوؤں جو پاکستان سے بھارت ہجرت کرچکے ہیں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وہ وہاں انسانی حقوق کی پامالی، امتیازی سلوک، بد سلوکی اور خواتین اور بچوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جرائم کی وجہ سے وطن واپس لوٹنا چاہتے ہیں’۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس کے چیئرمین کی سربراہی میں کمیشن کے اراکین نے سکھر میں قائم سدھو بیلا آشرم کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ آشرم کی عمارت اور دیگر بنیادی ڈھانچہ خستہ حال ہیں۔

علاوہ ازیں اجلاس نے متفقہ طور پر تجویز دی کہ متعلقہ ایجنسیاں آشرم کی جلد مرمت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ یہ بھی ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے خاتمے میں مدد کریں۔

مزید برآں قومی اقلیتی کمیشن بل 2020 کے مسودے پر بحث کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت جاری ہے اور اس کے بعد مسودہ بل منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو قائد اعظم کے وژن اور آئین پاکستان کے مطابق ملک میں ان کے حقوق دیئے جائیں گے۔

برطانوی کرونا جنوبی افریقہ اور ہانگ کانگ پہنچ گیا ،امریکہ میں بھی آنے کی افواہ

نیا کورونا وائرس، برطانیہ کے بعد جنوبی افریقہ اور ہانگ کانگ بھی شکار
ہانگ کانگ آنیوالے 2طالبعلموں میں کورونا کی نئی قسم کی تشخیص
کورونا کی نئی نسل’’B.1.1.7‘ زیادہ خطرناک،تیزی سے پھیل رہا ہے، جنوبی افریقہ
برطانیہ میں سامنے آنیوالی کورونا کی نئی قسم امریکا پہنچنے کا امکان، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول
نئے کورونا وائرس کی وجہ سے موت کی شرح میں اضافہ ہوگا،ڈبلیو ایچ او
کورونا وائرس کی نئی نسل پرانے سے 70فیصد زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے‘بورس جانسن

کرونا کے دوران ریاست با جماعت نماز اور جمعہ پر پابندی لگا سکتی ہے:گرینڈ اما م جامعہ الازہر

ریاست مشترکہ نمازوں پر پابندی عائد کر سکتی ہے، گرینڈ امام جامع الازھر
وبائی بحران کے دوران ریاست کی طبی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے،امام احمد الطیب
انسانی زندگی کی حفاظت اور خطرات سے بچائواسلام کاعظیم تصور ،گرینڈ امام
کورونا وباء کے دوران بزرگ اجتماعوں میں جانے سے گریز کریں، ہدایت
مسلم امہ کوملکر اسلام کے صحیح تصور کی جانب بڑھنا ہوگا، خبریں سے خصوصی گفتگو

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے نیب کو بند کرنے کا مطالبہ کردیا

کرپشن صرف سرکاری اداروں میں ہوتی ہے ، نیب کا بزنس مین سے کوئی تعلق نہیں ، چینی سفیر نے کہا کہ نیب کا کردارختم ہونے تک وہ کوئی معاہدہ نہیں کریں گے ، قومی احتساب بیورو کو اب بند کرنا ہوگا ، سلیم مانڈوی والا کا اسلام آباد چیمبر اینڈ کامرس کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب کو بند کرنے کا مطالبہ کردیا ، انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب کو عفریت بنا دیاہے ، قومی احتساب بیورو کو اب بند کرنا ہوگا ، کرپشن صرف سرکاری اداروں میں ہوتی ہے ، نیب کابزنس مین سے کوئی تعلق نہیں ہے ، چینی سفیر نے کہا کہ نیب کا کردارختم ہونے تک وہ کوئی معاہدہ نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادایوان صنعت وتجارت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نیب پر میں نے پوزیشن لی ہے کیوں کہ روزانہ کوئی نا کوئی ایسی کال ضرور موصول ہوتی ہیں جو لوگ نیب کا شکار ہورہے ہیں ، لوگ نیب کی وجہ سے ملک چھوڑ کر امریکا اور یورپ چلے گئے حالاں کہ نیب کابزنس مین سے کوئی تعلق نہیں ہے کیوں کہ کرپشن تو سرکاری اداروں میں ہوتی ہے اس لیے نیب کا سرمایہ کاروں کو بلانے کا کوئی اختیار نہیں ہے ، کسی صورت کاروباری طبقےکو نیب کا شکار نہیں ہونے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب درآمدات اور برآمدات کو دیکھنے والے کون ہوتے ہیں؟ نیب کیا آئین سے بالاتر ہے کہ جس کو ہم پارلیمنٹ میں نہیں بلاسکتے ان میں اگرجرات ہے تو پارلیمنٹ میں آئیں کیوں کہ نیب انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ، انسانی حقوق کے اداروں سے نیب پر بات کی تو کہتے ہیں اس سے پاکستان بدنام ہوگا۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کاروباری طبقے کے لیے یہ ایک موقع ہے کہ وہ کھڑے ہوجائیں کیوں کہ نیب نجی کاروبار میں مداخلت کرنے کے لیے نہیں بنا ، حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل حل نہیں کر رہی ، اس لیے تاجر برادری کے مسائل ہم کمیٹی کے ذریعے حل کریں گے۔

یورپی گلوکار ایکسنٹ پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر کے فين ہوگئے

یورپین گلوکار ایکسنٹ کو پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر کا فن بھاگيا۔

یورپین گلوکار ایکسنٹ پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر کے فن پرفريفتہ ہوگئے یہ جان کر عائشہ عمر شرماگئیں۔

ايکسنٹ عائشہ عمر سے کبھی نہيں ملے مگر ان کے مداح ہيں۔ ان کا کہنا تھا کہ بالکل وہ ایک جینیس خاتون ہیں، بہت باصلاحیت ہیں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کبھی ملے ہیں عائشہ عمر سے؟ تو انہوں نے کہا کہ نہیں کبھی نہیں

عائشہ عمرنے بھی ملاقات کی خواہش ظاہر کردی مگر کرونا کی وجہ سے فی الحال ورچوئل ملاقات چلے گی۔

یورپین گلوکارايکسنٹ اور پاکستانی فنکارہ عائشہ عمر مل کرکچھ ايسا پرفارم کرنا چاہتے ہيں کہ دونوں کے فين خوش ہوجائيں

اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل، عام انتخابات کا اعلان

تل ابيب: اسرائیل میں بجٹ منظوری کی ناکامی کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی جس کے بعد عام انتخابات آئندہ سال مارچ میں کرائے جانے کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر یاریو لیون نے ٹی وی پر پارلیمان کے تحلیل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد عام انتخابات کرائے جائیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی مخلوط حکومت کو گزشتہ رات 12 بجے تک پارلیمنٹ سے بجٹ بل پاس کرانا تھا تاہم ناکامی پر پارلیمان تحلیل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بجٹ بل کے حق میں 47 اور مخالفت میں 49 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ گزشتہ 2 سالوں میں یہ چوتھی بار ہوا ہے کہ جب اسرائیلی حکومت کو عام انتخابات کا اعلان کرنا پڑا، اسرائیلی قانون کے مطابق پارلیمان کی تحلیل کے 90 روز میں انتخابات کا انعقاد ضروری ہے جس کے بعد اب مارچ میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

نااہل حکمران نے اپنی نااہلی کا خود اعتراف کرلیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم تو کہتے تھے کہ یہ نااہل حکومت اور حکمران ہے، اب انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ میرے پاس تو ٹیم ہی نہیں ہے کہ اچھی حکمرانی دکھا سکوں۔

مردان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘قوم نے آج ناجائز، نالائق اور نااہل حکمران کے خلاف علم جہاد بلند کیا ہے، مسلمان جب حق کے لیے آواز بلند کرتا ہے تو اس وقت تک نہیں بیٹھتا جب تک فتح یا شہادت حاصل نہ کر لے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آج پوری قوم کرب میں ہے، ایک ناجائز تسلط کا اسے سامنا ہے، ان جابروں اور آمروں کے خلاف اللہ کی نصرت آپ کے ساتھ ہے، ہم تو کہتے تھے کہ یہ نااہل حکومت اور حکمران ہے، اب انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ میرے پاس تو ٹیم ہی نہیں ہے کہ اچھی حکمرانی دکھا سکوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ٹھیک کردوں گا، تبدیلی آجائے گی، نوجوانوں کو روزگار ملے گا لیکن اب کہتے ہیں کہ میرے سامنے جب اعداد و شمار پیش کیے جاتے تھے تو مجھے وہ سمجھ ہی نہیں آتے تھے، جب حساب کتاب کا علم نہیں تو کس نے کہا تھا کہ حکومت میں آؤ’۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘ آج غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، جتنے دن یہ حکومت رہے گی ملک ڈوبتا چلا جائے گا، اس نااہل حکومت کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں، معیشت تباہ کردی اور ہمیں انڈے اور کٹے دکھا رہا ہے کہ اس سے معیشت ٹھیک ہوگی لیکن آج انڈے بھی 240 روپے فی درجن پر پہنچ گئے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان کہتا ہے کہ مجھے حساب دینا ہوگا، میں کہتا ہوں ابھی تو تم میرے احتساب کے شکنجے میں ہو، ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے تمہیں اندازہ ہی نہیں ہے، جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو آپ جانیں اور عمران خان جانے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان خطے میں تنہا ہوچکا ہے، چین اور سعودی عرب ہم سے ناراض ہیں، جب سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے تو چین سےکہا کہ پیسے تو دے دو جس نے آپ کو بھاری شرح سود پر قرض دیا ہے’۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ‘ہمیں پوری قوت کے ساتھ اس سیلاب کو آگے بڑھانا ہے اور اسلام آباد جانا ہے، جب تک اس حکومت کا تختہ نہیں الٹیں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے’۔