دعویٰ کیا گیا کہ کچھ عناصر خود کو ایرانی صارفین ظاہر کرکے پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا کر رہے ہیں
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ France 24 نے پاکستان کے خلاف چلنے والے ایک مبینہ ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے۔
تاہم حقیقت اس دعوے کے برعکس نکلی۔ فیکٹ چیک سے واضح ہوا ہے کہ یہ ویڈیو من گھڑت ہے اور اسے گمراہ کن انداز میں تیار کیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو 29 مارچ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی، جس میں ایک نیوز اینکر کے ساتھ یہ دعویٰ دکھایا گیا کہ بھارت اور افغانستان میں موجود کچھ عناصر خود کو ایرانی صارفین ظاہر کرکے پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ اس مبینہ مہم کا مقصد پاکستان کے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی کردار کو متاثر کرنا ہے۔
تاہم تحقیق سے معلوم ہوا کہ France 24 نے ایسی کوئی رپورٹ نشر ہی نہیں کی۔ ریورس امیج سرچ کے ذریعے پتا چلا کہ یہ ویڈیو دراصل پروگرام "Scoop” کی ایک قسط سے کاٹ کر تیار کی گئی ہے، جو 27 مارچ کو نشر ہوئی تھی۔ اصل پروگرام میں اسرائیل سے متعلق میڈیا کوریج اور ملٹری سنسرشپ پر بات کی گئی تھی، اور اس میں نہ پاکستان کا ذکر تھا اور نہ ہی کسی مبینہ سوشل میڈیا نیٹ ورک کا۔

