وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی وکالت کا لائسنس پھر معطل

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کا لائسنس دوسری بار معطل کر دیا۔گزشتہ دنوں فروغ نسیم نے سپریم کورٹ میں ا?رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پیروی کیلئے وزرات قانون سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزرات سے استعفے کے باعث پاکستان بار کونسل نے بیرسٹر فروغ نسیم کا لائسنس بحال کردیا تھا تاہم اب ایک بار پھر ان کی وکالت کا لائسنس معطل کردیا گیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کے اعلامیے کے مطابق فروغ نسیم نے دوبارہ وفاقی وزیرِ قانون کا قلمدان سنبھال لیا ہے جس کے باعث دوبارہ ان کا لائسنس معطل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ فروغ نسیم نے استعفے کے 3 روز بعد وزیر قانون کے عہدے کا حلف اٹھالیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان ایک بار پھر وزیر اطلاعات پنجاب مقرر

لاہور (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ صوبائی وزیر اطلاعات بنا دیا گیا ہے۔پنجاب کے وزیر انڈسٹریز میاں اسلم اقبال کی جانب سے اطلاعات کے محکمہ کی اضافی ذمہ داریوں سے معذرت کے باعث صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ وزارت اطلاعات کا قلمدان بھی دے دیا گیا ہے۔میاں اسلم اقبال کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حلقے کی مصروفیات کے باعث دو وزارتوں کے ساتھ انصاف نہیں کر پا رہا، اطلاعات کے محکمے کی اضافی ذمہ داریاں چھوڑنے کے بارے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے۔میاں محمد اسلم کی جانب سے وزارت اطلاعات کی ذمہ داریوں سے معذرت کے بعد فیاض الحسن چوہان کو وزیر اطلاعات بنانے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران فیاض الحسن چوہان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اس دوران انہوں نے ہندو برادری کے خلاف بھی توہین آمیز جملہ کہا تھا۔فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے جس کا وزیراعظم عمران خان نے سختی سے نوٹس لیا تھا اور انہیں وزرات سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔

مواخذے کی کارروائی: ٹرمپ کا کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی کے لیے بنائی گئی کانگریس کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔کانگریس کی جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین جیروڈ نیڈلر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یا تو کانگریس کے روبرو پیش ہوں یا پھر مواخذے کی کارروائی کے عمل سے متعلق شکایات بند کر دیں۔کانگریس کمیٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 4 دسمبر کو طلب کرتے ہوئے یکم دسمبر تک مہلت دی تھی کہ بتایا جائے آپ مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے پیش ہوں گے یا نہیں؟اب وائٹ ہاؤس قانونی مشیر پیٹ کپولون کی جانب سے جیروڈ نیڈلر کو لکھے گئے خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مواخذے کی کارروائی کے لیے کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے۔پیٹ کپولون کی جانب سے لکھے گئے جوابی خط میں کانگریس کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے انکوائری میں شفافیت کے بنیادی اصولوں کو نطرانداز کیا، وائٹ ہاؤس کو تیاری کے لیے مناسب وقت بھی نہیں دیا گیا اور نا ہی گواہوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ وضاحت بھی نہیں کی گئی کہ آیا ٹرمپ مواخذے کی کارروائی کے لیے دوسری سماعت پر پیش ہوں گے یا نہیں؟برطانوی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کانگریس کمیٹی کی جانب سے دوسری بار طلب کرنے پر علیحدہ سے جواب دے گا تاہم تاحال ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار طلبی کا کوئی نوٹس جاری نہیں ہوا ہے۔

بھارت ،افغانستان سے حملے ،فوجی جوان شہید ،کیپٹن ،میجر سمیت 7زخمی،2دہشتگرد مارے گئے

راولاکوٹ، بنوں، میرانشاہ، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر رکھ چکری اور راولاکوٹ سیکٹر پربلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو افسر زخمی ہوگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی چوکیوں پر مارٹر گولے بھی داغے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ے ایک کیپٹن اور ایک میجر زخمی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2افسران زخمی ہوگئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میرانشاہ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید پانچ زخمی ہوگئے ہندی خیل میں بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی ، فورسز نے بھی جوابی فائرنگ شروع کر دی فائرنگ کے نتیجے میں لانس نائیک عمران شہید، نائیک تسلیم، افتخار،سپاہی سلیم، عصمت اور ذیشان زخمی ہو گئے ہیں اُدھر ہندی خیل جانی خیل لاری اڈہ دینی مدرسہ کے قریب سے بارودی مواد بر آمد کیا گیا سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر بی ڈی ایس ا سکواڈ کو طلب کیا پولیس بی ڈی پارٹی نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا ہے اور آمد ورفت کے راستے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2دہشتگرد مارے گئے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے 31سالہ محمد عمران کا تعلق جمرود سے تھا۔

مودی سرکار نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ،پٹرول پاکستان سے دو گنا مہنگا

نئی دہلی (نیٹ نیوز)بھارت میں سرکاری تیل کمپنیوں نے اتوار کے روز بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث وہاں پٹرول پاکستان سے بھی زیادہ مہنگا ہوگیا ہے۔انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پٹرول کی قیمت 5 پیسے بڑھائی گئی ہے جس کے باعث اس کی قیمت 74 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس کی قیمت 65 روپے 78 پیسے پر رقرار ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد انڈیا میں پٹرول سال 2019 کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔اگر پاکستان سے انڈیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو وہاں ایک لٹر پٹرول پاکستانی روپوں میں 161 روپے 84 پیسے کا فروخت ہورہا ہے،یعنی پاکستان میں پٹرول انڈیا کے مقابلے میں بہت زیادہ سستا ہے۔پاکستان میں ہفتے کے روز پٹرول کی قیمت میں 25 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 113 روپے 99 پیسے ہوگئی ہے۔ اگر دونوں ملکوں میں پٹرول کی قیمتوں کا ڈالر کے حساب سے تقابل کیا جائے تو بھی انڈیا میں پاکستان کے مقابلے میں پٹرول مہنگا بک رہا ہے۔بھارت میں ڈالر کی قیمت 71 روپے 75 پیسے ہے اور اس حساب سے وہاں پٹرول کی قیمت 1 ڈالر اور 4 سینٹ بنتی ہے۔ پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت 154 روپے 94 پیسے ہے اور اس حساب سے یہاں پٹرول کی قیمت 74 سینٹ بنتی ہے، یعنی انڈیا میں پاکستان کے مقابلے میں پٹرول 30 سینٹ مہنگا فروخت ہورہا ہے۔

کاشانہ سکینڈل، خاتون انچارج سے چارج واپس ،گھر خالی کرالیا گیا

اسلام آباد (آن لائن) کاشانہ لاہور کی انچارج کی جانب سے صوبائی وزیر کا نوعمر لڑکیوں کو حراساں اور زبردستی شادیاں کرانے کا سیکنڈل بے نقاب کرنے پر پنجاب حکومت نے فوری طور پر خاتون سے نوکری کا چارج واپس لیکر انہیں سرکاری گھر بھی خالی کرنے کا حکم یدیا ہے ۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ کاشانہ لاہور میں خاتون آفیسر افشاں لطیف نے سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کی جانب سے نوعمر لڑکیوں کی زبردستی بوڑھے افراد سے کرانے کا انکشاف کیا تو پنجاب حکومت کی صفوں میں بھونچال سا آگیا اور وزیر اعلیٰ نے فوری نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دیا مگر بااثر صوبائی وزیر نے اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے خاتون آفیسرکے شوہر کو پولیس سے گرفتار کروا لیا اور مذکورہ خاتون سے سرکاری گھر فوری خالی کرانے کا حکم بھی دیدیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افشاں لطیف نے کرپٹ مافیا اور حکومت کے اندر کالی بھیڑوں کے خلاف ڈٹ جانے کی ٹھان لی ہے تاہم کچھ عناصر ایسے بھی ہیں جو کہ افشاں لطیف کو مجبور کر رہے کہ وہ اپنا بیان واپس لے لیں اور نوکری کریں تاہم ایسا کرنے سے وہ انکاری ہیں۔

لاہور کو سموگ سے بچانے کے لیے60ہزار کنال اراضی پر جنگلات اگانے کا فیصلہ

لاہور (جنرل رپورٹر) اسموگ کے بچاﺅ کے لئے لاہور میں 60 ہزار کنال زمین پر جنگلات اگانے کا اعلان کیا ہے درختوں کی کٹائی لاہور کی فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ گزشتہ 10 سال میں 70 فیصد درخت کم ہوئے، یہی وجہ ہے کہ اسموگ کا بچوں پر نتہائی برا اثر پڑ رہا ہے۔ لاہور کی فضا آلودگی کے نرغے سے نہ نکل سکی، لاہور ایک بار پھر دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا ۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا علاقہ 525 ائیر کوالٹی انڈیکس کیساتھ سرفہرست۔ میاں میر کالونی میں 516 فضائی آلودگی کا تناسب ریکارڈ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقہ میں 422شملہ پہاڑی 381، اپر مال 353 اے کیو آئی ریکارڈ محکمہ موسمیات کے مطاببق بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق گزشتہ روز ہوا کی رفتار 8کلو میٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 52فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے۔کراچی میں سرد موسم کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں صبح کے وقت ہلکی دھند چھائی رہی، کراچی میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا کی رفتار 6 ناٹیکل مائیل ہے جبکہ ہوا کی رفتار میں تیزی متوقع ہے۔صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ذیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کمپاؤنڈ کی دیوار گھروں پر آ گری، 15 افراد ہلاک

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں کے باعث ایک کمپاؤنڈ کی دیوار گھروں پر گرنے سے 15 افراد ہلاک ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو اور پڈوچیری میں چند روز سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چنئی سمیت متاثرہ علاقوں میں اسکول اور کالجز بند جب کہ یونیورسٹیوں میں امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث میٹوپالیالم کے قریب نادور گاؤں میں ایک کمپاؤنڈ کی دیوار تین گھروں پر آ گری جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور اب تک 9 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق بحر ہند پر کومورن کے قریب سائیکلون کی وجہ سے ساحلی تامل ناڈو میں وسیع پیمانے پر بارشیں متوقع ہیں۔چند روز قبل بھی تامل ناڈو میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات سے کم از کم 3افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ریاستی حکومت نے عوام سے کہا ہے کہ ادارے مکمل طور پر تیار ہیں لہذا عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔چنئی کی ریاستی حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے 176 امدادی مراکز قائم کیے ہیں جب کہ چنئی کارپوریشن کو یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے کشتیاں بھی فراہم کی جائیں گی

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: دوسری اننگز میں بھی پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی قومی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔پنک بال ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لیے ہیں اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 126 رنز درکار ہیں۔کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 248 رنز درکار تھے اور شان مسعود اور اسد شفیق وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کا اسکور 123 رنز پر پہنچا تو شان مسعود 68 رنز بنا کر ناتھن لیون کا شکار ہو گئے، اسد شفیق بھی ناتھن لیون ہی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، انہوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔خیال رہے کہ برسبین ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی

زمین کے تنازع پر وڈیرے کا خاتون پر تشدد ،ظلم کی انتہا پولیس تماشا دیکھتی رہی ،ضیا شاہد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مظفر گڑھ کی اربن واٹر سپلائی سکیم کو ضلع کونسل مظفر گڑھ یا میونسپل کارپوریشن کے والے کرنے کی متعدد بار کوشش کر چکے ہیں جبکہ روزنامہ خبریں نے نامکمل سکیم کو حوالے کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ آغا باقر نے کہا ہے کہ مظفر گڑھ جیسے علاقوں کو فنڈز ٹرانسفر ہونے چاہئیں اگر 42 کروڑ کے فنڈز اگر ٹرانسفر ہو بھی گئے تو اب بنیادی حقوق کے تحت بڑے اور چھوٹے شہروں کے درمیان نہیں ہونا چاہئے۔ پانی کی جب باات کرتے ہیں تو آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت سپریم کورٹ کے فیصلے اس پر موجود ہیں کہ کسی بھی شخص کی زندگی ہے اور اس کی آزادی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کسی علاقے کو یا کسی شہری کو پانی مہیا نہیں کرتے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اس کی زندگی چھین رہے ہیں۔ پانی بنیادی ضرورت ہے۔ جمشید دستی اس طرح سامنے نہیں آتے جس طرح آتے تھے جنہوں نے یہ سکیم منظور کروائی تھی اور 42 کروڑ ہضم کر کے اور دس سال بعد پائپوں کو زنگ لگ جاتا ہے۔ راﺅ قاسم ٹرانسفر ہو گئے نیب انکوائریاں ہوں گی وہ کہے گا گرفتار کر لیں۔ بالآخر جتنے فنڈز ہوں گے وہ دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔ کس سے فریاد کریں گے کسی سے منصفی چاہیں گے۔اس قوم کے ساتھ یہ حادثہ ہے کہ یہ پہلی سکیم نہیں ہے۔ ایسے منصوبے میں جب پیسہ جاری نہیں ہوتا تو منصوبے رک جاتے ہیں اور لگا پیسہ بھی ضائع ہو جاتا ہے۔ آغا باقر نے کہا کہ آئین تو آرٹیکل 4 میں ہے! کسی کی جائیداد نہیں چھینی جا سکتی زمین کے تنازعہ کا فیصلہ کرنا پولیس کا نہیں عدالت کا کام ہے۔ انسانی حقوق کی صورتحال بہت خراب ہے اس کیس میں مظلوم خاتون کے نازک اعضا کو نشانہ بنایا جاتا انتہائی ظالمانہ فعل ہے۔ سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر معین بڑی اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں ان سے ذاتی درخواست کروں گا کہ اس کیس کو دیکھیں اور انصاف دلائیں۔ یہ مظلوم عورت بلک بلک کر خود یہ ہونے والے ستم کی کہانی سنا رہی ہے پولیس نے ملزمان کو بیگناہ قرار دے دیا عدالتوں میں بھی خوار ہو گی اور ہر چند پیسے دے کر اسے خاموش کرا دیا جائے گا یہی ہمارا نظام ہے۔ اس فیوڈل نظام میں غریب کی جان و مال پر اس کا اپنا ہی اختیار نہیں ہے۔ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے تبدیلی کی بات کرنے والے حکومت کو جواب دینا چاہئے یہاں لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک تو آج بھی جاری ہے۔
ضیا شاہد نے کہا ہے کہ 42 کروڑ کی لاگت سے بننے والی اربن واٹر سپلائی سکیم 10 سال میں بھی نہ بن سکی۔ پائپ ناکارہ ہو گئے۔ یہ بدانتظامی کے ایک بڑی مثال ہے اس ملک کے ہر ادارے میں، ہر محکمے میں موجود ہے۔ موجودہ حکومت نے کوشش ہے یہ جو تبدیلیاں کی ہیں گزشتہ روز کے اخبارات کی یہ سرخیاں ہیں۔ ایک اخبار نے لکھا ہے کہ سونامی آ گیا تبادلوں کا۔ ایک نے لکھا تبادلوں کا جھکڑ آ گیا۔ یہ اس لئے ہے کہ سمجھا جاتا ہے کہ پہلے افسر کام صحیح نہیں کرتے تھے اس لئے نئے افسر لے آئے ہیں لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ وہی افسر ہیں ان کو ایک کو اے کو بی، بی کو سی کی جگہ رکھا گیا ہے نہ تو کسی چکرٹ کو سزا دی جاتی ہے نہ پکڑا جاتا ہے احتساب کا لفظ صرف ان معنوں میں استعمال ہوتا ہے کہ فلاں اتنے پیسے رشوت کھا گیا۔ یہ بھی احتساب ہے کہ ایک آدمی جس کی ڈیوٹی تھی جس کی اس کو تنخواہ دی جا رہی تھی اس نے کیا کیا۔ یہ جو آرمی چیف کی توسیع میں جو ڈرامہ ہوا اس میں آپ دیکھیں تیسری دفعہ سمری بنی اس میں پے درپے غلطیاں ہوئیں اور ججوں نے مذاق اڑایا کہ یہ حکومت کی کارکردگی ہے۔ یہ تو نئے ہیں کہ انکوائری جائے گی کب پتہ چلے گا۔ نتیجہ آنے پر زیادہ سے زیادہ ایک آدمی کو تبدیل کر کے دوسری جگہ بھیج دیا جائے گا وہ بھی جا کرسٹے لے لے گا۔ اس سٹوری کو مثال بنا کر خصوصی انکوائری ہونی چاہئے۔ لمبا انکوائری کو نہیں کھینچنا چاہئے۔ خواہ وہ لوگ وہاں سے جاب چھوڑ چکے ہیں ریٹائر ہو چکے ہہوں۔ جس عرصہ میں کوئی بدانتظامی ہوئی ہے دس سال بعد وہ شخص ذمہ دار ہے۔ رپورٹر نے سٹوری میں نام تک لکھے ہیں وہ لکھتا ہے کہ ریلوے کو 10 کروڑ دے دیئے گئے جبکہ درمیان میں ریلوے لائن آتی ہی نہیں تھی جس کو کراس کرنا مقصود ہوتا یہ جنگل کا قانون ہے۔ میں تو اس سٹوری کو بھی شک کی نظر سے دیکھتا ہوں کہ یہ جو پانی کے پائپ ہوتے ہیں جو زیر زمین بچھائے جاتے ہیں اس میں بھی رپورٹر نے ایک جملے میں کہہ دیا ہے کہ دس سال میں بغیر استعمال کئے زیر زمین پائپ ضائع ہو گیا۔ ٹھیک ہے پانی چلتا ٹھیک ہے ورنہ زنگ آ جاتا ہے۔ مبالغہ بھی بہت ہوتاہے کہ لوہے کے پائپ جو سپیشل میٹریل کے ہوتے ہیں وہ گل گئے یا ختم ہو گئے۔ البتہ یہ بات درست ہے کہ نامکمل سکیمیں حوالہ کرتے ہیں تا کہ ہمارا چیک بن جائے۔
علی پور چٹھہ میں زمین کے تنازعہ پر وڈیرے نے ساتھیوں کے ہمراہ خاتون کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، نازک اعضاءپر ضربیں لگاتے رہے۔ تیار فصل اٹھا کر لے گئے پولیس کارروائی کے بجائے ملزمان کی سرپرست بن گئی مدرسہ چٹھہ کی رہائشی ریحانہ فردوس زوجہ ناصر عباس نے بتایا کہ جاگیر ولد محمد خان ولد مظفر چٹھہ، ساتھی محسن ولد محمد اکبر اور ساتھی خواتین نے ان کی زرعی زمین ہتھیانے کیلئے آتشیں اسلحہ سمیت ان کے ڈیرے پر ہلہ بول دیا پولیس کی موجودگی میں وحشیانہ تشدد کیا گیا، ایس ایچ او فرحت نواز چٹھہ اے ایس آئی افضل گجر نے انکوائری کیلئے تھانہ بلوا کرشوہر اور بیٹے کو حوالات میں بند جبکہ ملزمان کو اڑھائی لاکھ روپے رشوت لے کر بے گناہ قرار دے دیا۔ زمین ذاتی ملکیت ہے جس پر نو سال سے کاشتکاری کر رہے ہیں ریکارڈ محکمہ مال میں موجود ہے۔ اس کیس پر بات کرتے ہوئے ضیا شاہد نے کہا کہ ظلم کی داستان ہے، یہ زمین کا تنازع ہے تاہم تشدد کسی صورت نہیں کیا جا سکتا، ہمارے پسماندہ دیہاتی علاقوں میں سب سے زیادہ بے وقعت خواتین ہیں۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ اگر میرے بنائے پاکستان میں غریب کو روٹی اور چھت مظلوم کو انصاف نہیں ملتا تو ایسا پاکستان نہیں چاہئے۔ آج پاکستان میں ایک خاتون اس طرح رو رو کر انصاف مانگ رہی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں انسانی حقوق کی کیا صورتحال ہے۔

رمیز راجہ کا کرکٹ ٹیم کو آئندہ آسٹریلیا نہ جانے کا مشورہ

کراچی: (ویب ڈیسک)سابق اوپنر رمیز راجہ کا آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس سے دل ٹوٹ گیا، انھوں نے مستقبل میں کینگروز کے دیس نہ جانے کا مشورے دے دیا۔اپنے یوٹیوب چینل پر معروف کمنٹیٹر نے کہا کہ اگر آپ کے پاس ایسے پلیئرز نہیں جو ٹیسٹ میچز جیت سکیں تو پھرآسٹریلیا کا سفر نہیں کرنا چاہیے، ای ین چیپل کا یہ کہنا بھی درست ہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کا مقابلہ نہیں کرسکتی اور بڑے بے جوڑ مقابلے رہے، آسٹریلوی شائقین نے وارنر کی ٹرپل سنچری پر زیادہ خوشی کا اظہار نہیں کیا اور الزام لگایا کہ پاکستان نے مقابلہ نہیں کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ بابراعظم کے سوا کسی اور کا فٹ ورک درست نہیں رہا، انھوں نے اپنی وکٹیں حریف بولرز کو تحفے میں پیش کیں۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ؛ فالو آن کا شکار پاکستان کو دوسری اننگز میں بھی مشکلات

ایڈیلیڈ: (ویب ڈیسک )آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد پاکستان کو دوسری اننگز بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن جب پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تھا اور اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا تھا، کریز پر بابر اعظم اور یاسر شاہ موجود تھے۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان کے باقی ماندہ کھلاڑی بھی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جلد ہی پویلین لوٹ جائیں گے لیکن اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 105 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔194 رنز پر پاکستان کو ساتواں نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، بابر اعظم نے 95 رنز بنائے۔بابر اعظم کے بعد شاہین آفریدی بھی آئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی چلے گئے۔ محمد عباس نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی اور وکٹ بچاتے ہوئے یاسر شاہ کو کھیلنے کا موقع دیا۔یاسر شاہ اور محمد عباس نے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اسی دوران یاسر شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی۔281 رنز پر محمد عباس کی مزاحمت دم توڑ گئی ، وہ 23 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے لیکن یاسر شاہ کے ساتھ مل کر انہوں نے 87 قیمتی رنز جوڑے، ان کی شراکت سے یہ ٹاپ آرڈر کو بیٹنک کا بھرپور سبق سکھایا۔عباس کے بعد موسیٰ خان نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی لیکن 302 رنز پر یاسر شاہ آو¿ٹ ہوگئے ، انہوں نے 113 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
بابر اعظم اور یاسر شاہ کی دلکش اننگز کے باوجود پاکستان فالو آن سے بچ نہ سکا اور اسے پہلی اننگز میں 287 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
فالو آن کے بعد دوسری اننگز
پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 287 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو شان مسعود اور امام الحق میدان میں اترے، 2 رنز پر امام الحق اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔ کپتان اظہر علی بھی 11 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔20 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم بھی آو¿ٹ ہوگئے۔واضح رہے کہ دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

امریکا میں طیارہ حادثے میں 9 افراد ہلاک

ڈکوٹا:(ویب ڈیسک) ریاست جنوبی ڈکوٹا میں طیارہ حادثے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
امریکی ریاست جنوبی ڈکوٹا میں طیارہ حادثے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 بچے اور پائلٹ بھی شامل ہے جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ طیارے میں 12 افراد سوار تھے جو ریاست ڈکوٹا کے شہر شیمبر لین سے ہوتا ہوا ریاست ایڈاہو جارہا تھا۔امریکی حکام کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد زمین پر آگرا جب کہ حادثے کی وجہ خراب موسم بتائی جارہی ہے، امریکی قومی بورڈ برائے مواصلاتی حفاظت کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم شدید خراب موسم کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست جنوبی ڈکوٹا میں شدید برف باری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے جب کہ کچھ علاقوں میں طوفان کا بھی سامنا ہے۔