اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات میں 2 روپے 90 پیسے تک کی کمی کی سفارش

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ دسمبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز پیش کردی۔اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 1.9 فیصد یعنی 2 روپے 40 پیسے کمی کی تجویز دی گئی۔اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 0.2 فیصد یعنی 25 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 83 پیسے کمی کی سفارش کی گئی۔ریگولیٹر کی جانب سے یکم دسمبر سے لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) میں 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر کمی کا کہا گیا۔اگر اوگرا کی جانب سے پیش کردہ سمری منظور ہوجاتی ہے تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 41 پیسے سے کم ہوکر 125 روپے ایک پیسے، پیٹرول کی قیمت 114 روپے روپے 24 پیسے کم ہوکر 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت اس منظوری سے 97 روپے 18 پیسے کم ہوکر 96 روپے 35 پیسے ہوجائے گی جبکہ ایل ڈی او 85 روپے 33 پیسے سے کم ہوکر 82 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔تاہم اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری وزارت خزانہ کے بعد وزیراعظم کی منظوری کے لیے جائے گی۔جس کے بعد وزیر خزانہ اس نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کا اطلاع یکم دسمبر سے ہوگا۔خیال رہے کہ حکومت نے 31 اکتوبر کو ماہ نومبر کے لیے اوگرا کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا تھا

آئی ایم ایف ہدف کو پانے کیلئے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل ایک اور ہدف پورا کرنے کے لیے حکومت نے بجلی کی قیمت فی یونٹ قیمت 26 پیسے کا اضافہ کردیا جبکہ نیپرا کی جانب سے فی یونٹ 15 پیسے اضافے کی مظوری دی گئی تھی۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا فیصلہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں کیا گیا جس میں آٹے کی فی من (40 کلو) قیمت میں 15 روپے اضافہ کر کے اسے ایک ہزار 365 روپے کردیا گیا۔علاوہ ازیں اجلاس میں پنجاب کے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) سے چلنے والے 2 بجلی گھروں کو گیس کی 66 فیصد مقدار کی ’ضمانتی ادائیگی اور وصولی‘ سے بھی استثنیٰ دے دیا گیا۔ای سی سی اجلاس کی سربراہی وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کی۔واضح رہے کہ محکمہ توانائی کی سمری پر ای سی سی نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کیے گئے 15 پیسے فی یونٹ اضافے میں مزید 11 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا، تاہم 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے 3 کروڑ میں سے 2 کروڑ صارفین اس اضافے سے محفوظ رہیں گے جبکہ 10 لاکھ میں سے 6 لاکھ صارفین کے لیے بھی یہ اضافہ صرف 7 پیسے فی یونٹ کا ہوگا جبکہ اس کا اطلاق یکم دسمبر سے اگلے ایک سال کے لیے ہوگا۔ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے نے مستقبل میں بجلی کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کو مزید جامع اور سہل بنانے کے لیے اپنی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا، جس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق مخدوم خسرو بختیار، وزیر توانائی عمر ایوب خان، مشیر صنعت و پیداوار عبد الرزاق داؤد اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر شامل ہوں گے

فیصل قریشی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی

اداکار فیصل قریشی نے رواں سال اکتوبر میں اپنے مارننگ شو سلام زندگی کی آخری قسط کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ جلد نئے پروجیکٹس پر کام کرتے نظر آئیں گے اور اب ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے اپنے نئے ڈراموں کی شوٹنگ بھی شروع کردی۔اداکار نے حال ہی میں اعلان کیا کہ وہ مارننگ شو کے بعد بول ٹیلی ویژن کے گیم شو کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے اور اب اداکار کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کسی ڈرامے کی شوٹنگ کررہے ہیں۔اہم فیصل قریشی کی اس ویڈیو کو دیکھ کر مداح کافی پریشان ہورہے ہیں، کیوں کہ اداکار اس ویڈیو میں ایک ایسے سین کی شوٹنگ کررہے ہیں جس میں انہیں تین گولیاں لگی ہیں۔اس سین کو شوٹ کرانے کے بعد اداکار کی ایک تصویر بھی شیئر ہوئی جس میں نقلی گولی لگنے سے ان کی پشت پر زخم بن گیا ہے۔بعدازاں ایک اور ویڈیو میں فیصل قریشی نے بتایا کہ وہ ٹھیک ہیں البتہ ان کے ساتھ موجود ٹیم ممبر کا کہنا تھا کہ وہ صرف جھوٹ بول رہے ہیں اور ان کی پیٹ پر شدید زخم بن گیا ہے۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ، پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پنک بال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنا لیے ہیں۔ جو برنس 4 رنز بنا کر شاہن آفریدی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر 45 اور مارنس لبوشین 18 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو برقرار رکھا ہے جب کہ پاکستانی ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔19 سالہ فاسٹ بولر محمد موسیٰ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں، انہیں نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔  محمد موسیٰ کو سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔حارث سہیل اور عمران خان کی جگہ امام الحق اور محمد عباس کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔

پنجاب: کتے کے کاٹنے سے بچہ جاں بحق حملہ سے مزید6 افراد زخمی

شیخوپورہ(بیورو رپورٹ) سندھ کے بعد پنجاب میں آوارہ کتوں کا وار جاری رہے جہاں کتے کے کاٹنے ے بعد ریبیز میں مبتلا ہونے والا بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ مزید 6 افراد کتوں کا شکار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شیخو پورہ میں کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا 10 سال کا بچہ لاہور کے میو ہسپتا ل میں انتقال کر گیا۔یوسف پارک فیروز والا کے محنت کش اشفاق کے 10 سالہ بیٹے علی احمد کو آوارہ کتے نے کاٹ لیا تھا۔اہلِ خانہ کے مطابق بچے کو شاہدرہ کے ٹیچنگ ہسپتا ل میں لے جایا گیا لیکن وہاں کتے کے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہ تھی۔ ہسپتال کے عملے نے یہ کہہ کر انہیں گھر واپس بھیج دیا کہ بچے کی حالت بہتر ہے، 4 روز بعد بچے کو تیز بخار ہوا، جسے پھر ہسپتا ل لے گئے، جہاں ہسپتا ل انتظامیہ نے اسے ٹی بی کا مرض بتا دیا، اس طرح ہسپتا لوں میں چکر لگاتے رہے، آٹھویں دن لڑکا انتقال کر گیا۔ادھر مرید کے میں بھی کتوں نے 4 بچوں سمیت 5 افراد کو کاٹ لیا ۔ ملتان کے علاقے شجاع آباد میں کتے نے حملہ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا، پولیس نے کتے کے مالک کو حراست میں لے لیا۔

آرمی چیف کی مدت کو متنازعہ بنانے والوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(نیٹ نیوز)حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت کے معاملے کو متنازع بنانے والے تمام ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلی سطح مشاورتی اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سمری بار بار غلطیاں کرنے پر شدید برہمی کااظہار کیا۔عدالتی فیصلے کے بعد اب غفلت کے مرتکب افسران کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

اداروں میں تصادم کی سازش کرنیوالوں کو عبرتناک شکست ہوئی ،عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف مدت ملازمت توسیع کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شدیدمایوسی ہوئی جبکہ ہمارے بیرونی دشمنوں اور اندرونی مافیا کے لئے بھی آج برا دن ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی چیف مدت ملازمت توسیع کیس میں فیصلے پرردعمل دیتے ہوئے کہاکہ آج ان کو شدید مایوسی ہوئی ہوگی جو اداروں میں تصادم چاہتے تھے، ہمارے بیرونی دشمنوں اور اندرونی مافیا کیلئے بھی آج برا دن ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آزادعدلیہ کےلئے 23سال جدوجہد کی ہے، آزادعدلیہ کی تحریک کیلئے2007میں جیل بھی گیا چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کیلئے میرےدل میں بہت احترام ہے، چیف جسٹس آصف سعیدکھوسہ کوعدلیہ کی تاریخ کا عظیم جج سمجھتاہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ہمارے بیرونی دشمنوں اور اندرونی مافیا کے لیے بھی مایوسی کا دن ہے، مافیا نے لوٹ کا مال بیرون ملک چھپایا ہوا ہے، لوٹی ہوئی دولت باہر بھیجنے والے مافیاز اس لوٹ مار کے تحفظ کے لیے ملک کوغیرمستحکم کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 23 سال قبل ہماری پارٹی نے پہلی بار قانون کی بالا دستی اور آزاد عدلیہ کے لیے جدوجہد شروع کی، پی ٹی آئی 2007 میں عدلیہ کی آزادی کی تحریک میں صف اول میں تھی اور میں اس کے لیے جیل بھی گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا بھرپور احترام کرتا ہوں، ان کا شمار پاکستان کے عظیم ججوں میں ہوتا ہے۔