رمضان میں سبسڈی پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے حکومتی مشینری متحرک کردار ادا کرے گی،وزرا ، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کرینگے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی منظوری ،صمصام بخاری

لاہور(صدف نعیم سے)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں شہریوں کو عام مارکیٹ سے سستے داموں کھانے پینے کی چیزیں دستیاب ہوں گی۔ صوبائی حکومت کی متعلقہ مشینری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ رمضان پیکج کے سلسلے میں دیئے جانے والے ریلیف اور سبسڈیز کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ سستے رمضان بازاروں کی تشہیری مہم پر کئے جانے والے کثیر اخراجات کم کر کے وہی رقم سبسڈی اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی بہتر بنانے پر صرف کی جائے گی۔وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کرینگے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی ،آج ایوان وزیراعلیٰ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیدصمصام علی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت منعقد ہ اجلاس میں رمضان پیکیج 2019 کے تحت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رمضان پیکیج کے تحت صوبے کے 309 رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی۔ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، گھی، آئل، انڈے، دالیں ، سبزیاں مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔ صوبائی وزیرنے بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٓٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازار میں 290 روپے میں ملے گا۔ پنجاب حکومت آٹے کے 10 کلو کے تھیلے پر 80 روپے کی سبسڈی دے گی۔ رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے کلو کے حساب سے عام آدمی کو دستیاب ہوگی۔ گھی اور آئل پر 15 سے 20 روپے فی کلو کمی کی جائے گی۔ انڈے 5 روپے فی درجن کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ مرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کا آغاز شعبان کے آخری ہفتے سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے اورچینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ رمضان المبارک میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں رمضان بازار عید بازار میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں عید سے متعلق اشیاء فروخت کی جائیں گی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبہ بھر میں 968 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔ قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے قیمت ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے۔ وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔ رمضان المبارک میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سید صمصام علی بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرائز کرنے کیلئے مدت ملازمت 4 سال سے کم کرکے 3 برس کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق پنجاب کے تمام محکموں پر یکساں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹرڈ پنجاب کے محکموں کے انجینئرز کو ٹیکنیکل الاﺅنس دینے کی منظوری کے علاوہ ہنر مند;223; غیر ہنر مند ورکرز کی کم از کم تنخواہ میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پنجاب میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی جانب سے بعض مدارس اور تعلیمی اداروں کا انتظامی کنٹرول حاصل کئے جانے کے حوالے سے مینجمنٹ پلان اور ایڈمنسٹریٹو پلان بھی منظور کیا گیا۔ اجلاس نے پنجاب کی تمام جیلوں میں بند قیدیوں کی سزا میں 60 روز کی کمی کے فیصلے کی بھی منظوری دی۔ اس فیصلے کا اطلاق سنگین جرائم،جاسوسی، ریاست کے خلاف سرگرمیوں اور دہشت گردی کے جرم میں سزا پانے والے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ بارشوں اور ڑالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا سروے جلد مکمل کیا جائے گا اور کاشتکار بھائیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

ایسٹر دھماکوں میں ایک خاتون سمیت 9 خود کش حملہ آور ملوث تھے، سری لنکا

کولمبو(ویب ڈیسک)سری لنکا پولیس نے کہا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں میں ایک خاتون سمیت 9 خود کش حملہ آور ملوث تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سری لنکن پولیس کے سربراہ اور ڈپٹی وزیر دفاع روان وجے وردنے نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔سری لنکن پولیس چیف نے بتایا کہ ایسٹر کے مو قع پردھماکوں کے الزام میں 60افراد گرفتارکیے جاچکے ہیں جن میں سے ایک شام کا شہری بھی ہے، تحقیقات کےمطابق دھماکوں میں 9 خودکش حملہ آورملوث تھے جن میں سے 8 کی شناخت کی جاچکی ہے۔ڈپٹی وزیردفاع نے بتایا کہ دھماکوں میں ملوث مقامی گروہ کے لیڈر نے شنگریلا ہوٹل میں خودکشی کرلی اور ایک بمبار نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔ برطانوی سیکیورٹی فورسز نے اس خودکش حملہ آور کی شناخت عبدالطیف محمد کے نام سے کی ہے۔اتوار کو مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 8 بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 359 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک شدگان میں سے 39 غیر ملکی تھے۔ انتہا پسند تنظیم داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

سپریم کورٹ نے موبائل فون کارڈز پر تمام ٹیکس بحال کردیے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے موبائل فون کارڈز پر معطل کیے گئے تمام ٹیکس بحال کردیے۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے موبائل فون کارڈز پر ٹیکسز سے متعلق اہم کیس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت ایک اہم قانونی نکتے پر بحث ہوئی کہ کیا 184 تھری کے از خود نوٹس کیس میں ٹیکسز کے معاملات کو سنا جاسکتا ہے یا معطل کیا جاسکتا ہے۔عدالت نے وفاق اور صوبوں کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے کچھ دیر بعد ہی سنادیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں موبائل فون کارڈز پر معطل کیے گئے تمام ٹیکس بحال کردیے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ ٹیکسوں کے معاملے میں کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔چیف جسٹس پاکستان نے اس حوالے سے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ پبلک ریونیو اور ٹیکس معاملات پر مداخلت کیے بغیر مقدمے کو نمٹاتے ہیں۔عدالتی فیصلے کے بعد ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کے وکیل نے عدالت سے استفسار کیا کہ ہم ریکوری کس سے کریں گے؟ اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے، ریکوری کا معاملہ ہم نہیں دیکھیں گے۔عدالتی فیصلے کے بعد اب 100 روپے کے موبائل کارڈ پر 75 روپے کا بیلنس ملے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے موبائل فون کارڈز پر ٹیکسز سے متعلق ازخود نوٹس لیا تھا اور عبوری حکم کے تحت ٹیکسز معطل کردیے تھے۔

عمران خان کوبے خبرسمجھنے والوں سے بڑا بے خبرکوئی نہیں، شیخ رشید

لاہور(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو وزیر اعظم عمران خان کو بے خبر سمجھتا ہے اس سے بڑا بے خبر کوئی نہیں۔لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران وزیرریلوے نے کہا کہ سرسید ایکسپریس کا افتتاح کراچی یا اسلام آباد سے وزیراعظم کریں گے، کال سینٹراور کنٹرول روم پرائیوٹ سیکٹرکو دینے جا رہے ہیں، آئندہ ہفتے معاہدہ پردستخط ہوجائیں گے۔ ریلوے نے مسافرٹرینوں سے 4 ارب روپے کا منافع کمایا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملکی خزانے کے حالات پیچیدہ ہیں، میراخیال ہے کہ چوہدری نثارعلی خان حلف نہیں اٹھائیں گے، وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کے پیچھے کھڑے ہیں، جوسمجھتا ہے کہ عمران خان بے خبرہیں اس سے بڑا بے خبرکوئی نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میں صرف عمران خان کا ترجمان ہوں معیشت اور سیاست پر8 ترجمان اور بھی ہیں، آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو استعمال کیا ہے، آصف زرداری کی سیاست کا منبع وہ جعلی وصیت ہے جوبے نظیربھٹو کے پرس سے نکلی۔ شہبازشریف اور نوازشریف دو مختلف سیاسی بیانیوں کا نام ہے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ جن کے نام پر جعلی اکاﺅنٹ بنے وہ جیل میں ہیں اورجنہوں نے استعمال کیا وہ ضمانت پرہیں اس کا نوٹس لیں۔ فالودہ اور گول گپے والوں کے اکاﺅنٹ سے پیسے برآمد ہوئے، ان کے خلاف کارروائی ہوئی اورجن لوگوں کے تھے وہ ٹی وی پرآتے ہیں۔

میں لمبی جدو جہد کے بعد یہاں تک پہنچا ہوں بلاول بھٹو صاحبہ کی طرح پرچی پر نہیں آیا ، وزیر اعظم

وانا(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں لمبی جدو جہد کے بعد یہاں تک پہنچا ہوں بلاول بھٹو صاحبہ کی طرح پرچی پر نہیں آیا میں نہ ان کو این آر او دوں گا نہ معاف کروں گا۔ وانا میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے اکثر سیاستدانوں کو پختوانخوا اور قبائلی علاقوں میں فرق نہیں پتا، میں قبائلی علاقوں کو مکمل طور پر سمجھتا ہوں، میں نے قبائلی علاقے کے رہن سہن اور روایات پر کتاب لکھی ہے، وزیرستان کے عوام نے1947 تک آزادی کی جنگ لڑی، انگریزوں کے سب سے زیادہ فوجی وزیرستان میں مارے گئے تھے، کشمیر کے مسلمانوں پرجب ظلم ہوا تو قبائلی لوگ کشمیرمیں جنگ لڑنے گئے، قبائلی لوگوں نے 1965 میں فوج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی۔وزیر اعظم نے وانا کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پارلیمنٹ میں ہمیشہ قبائلی عوام کی آواز بنا، میں نے قبائلی علاقوں میں فوج بھیجنے کی مخالفت کی کیونکہ قبائلی عوام ہماری فوج ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کےنقصان سےآگاہ ہوں، قبائلی عوام کو اپنی روایات کے برعکس گھر بار چھوڑنے پڑے، یہاں سے لوگ گھر چھوڑ کر کراچی اور پختونخوا گئے اور واپسی میں انہیں تباہ گھر ملے، میں آپ کے دکھ اور درد کو سمجھتا ہوں، میرے ہوتے ہوئے آپ کو انصاف ملے گا۔آصف زرداری اور اس کا بیٹا، شریف برادران اور ان کے بچے سن لیں کہ میں یہاں لمبی جدو جہد کے بعد یہاں تک پہنچا ہوں، میری زندگی مقابلہ کرتے گزری ہے، جو لمبی جدوجہد کرکے اوپر آتا ہے اس کو کوئی خوف نہیں ہوتا، میں بلاول بھٹو صاحبہ کی طرح پرچی پر نہیں آیا، یہ سب چاہتے ہیں کہ عمران خان پر زور ڈال کر این آراو لیا جائے، میرا اقتدار میں آنے کا مقصد صرف ان کرپٹ عناصر کو شکست دینا تھا، میں نہ ان کو این آر او دوں گا اور نہ معاف کروں گا۔مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی بہت سستی قیمت ہے، انہیں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنادو اور ڈیزل کا پرمٹ دے دو۔اس سے قبل جنوبی وزیرستان کے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیرستان کی تکلیفوں اور روایات سے باخبر ہوں، محسود قبیلے اور وزیرستان کی تاریخ جانتا ہوں، قبائل نے ملک کے لیے جو قربانیاں دی سب جانتاہوں، میں یہاں اس لیے آیا ہوں کہ آپ کے مسائل حل کیے جائیں، قبائلی علاقوں کی تمام تاریخ جانتا ہوں اور قبائلی علاقے جب ضم ہو جائیں گے مجھے علم ہے کیا مسائل درپیش ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں جو چیزیں قبائلی علاقے کو نہیں ملی فراہم کریں گے، قبائلی لوگ روزگار کیلئے ملک سے باہر اور دیگر صوبوں میں جاتے ہیں، جب تک ملک کے تمام علاقوں کو اوپر نہ اٹھایا جائے ملک ترقی نہیں کرسکتا، قبائلی عوام نے ہمیشہ پاکستان کیلئے قربانیاں دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہرسال قبائلی علاقے پر اتنا پیسہ خرچ کیاجائے گا جو ماضی میں نہیں ہوا، قبائلی علاقے پر ہرسال 100ارب خرچ کرِیں گے، ہمارے قبائلی علاقوں کے بچوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع چاہئیں، غریب طبقے کو اٹھانے والا ملک کبھی شکست نہیں کھاتا۔ وزیر اعظم نے قبائلی علاقے میں صحت کارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ پر قبائلی عوام 7 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ کرسکیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں امیر امیرتر اور غریب غریب تر ہوگیا جب کہ اندرون سندھ، جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک چلانے کیلئے ہمارے پاس پیسہ کم ہے تاہم عوام فکر نہ کریں یہ ملک بہت امیر ہے، ہم اس کو اٹھالیں گے اور پیسہ بھی آرہا ہے، بس تھوڑا سا صبر کرنا ہوگا اور تبدیلی نظر آنا شروع ہوجائے گی۔

شریف فیملی کے خلاف 3 ارب کی منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل کرلیے، مشتاق چینی کے بیٹے یاسر مشتاق کے نام پر بھی غیر ملکی کرنسی منتقل ، نیب

لاہور(ویب ڈیسک) نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک شریف فیملی کے متعلق 3 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے شواہد حاصل کرلئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب نے رمضان شوگر مل کے مینجر اور شریف فیملی کے فرنٹ مین محمد مشتاق عرف چینی کی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ہے، تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی منتقلی کے دستاویزی ثبوت اور ہانگ گانگ میں قائم گرین لینڈ، دوبئی میں براسل، ایم پی ٹریڈنگ اور الودی کمپنی کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے، جب کہ سوفٹ میسجز، آر فارمز، اور بینکوں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شریف فیملی کو ٹیلی گراف کے ذریعے ایک لاکھ سے 2 لاکھ 50 ہزار امریکن ڈالر منتقل ہوئے، شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے وقار ٹریڈنگ کے نام سے کمپنی بنا رکھی ہے جو شریف فیملی کے ذاتی ملازم سید طاہر نقوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ملازم کی کمپنی وقار ٹریڈنگ میں بھاری رقوم بزریعہ کراس چیک جمع ہوتے رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتاق چینی کے بیٹے یاسر مشتاق کے نام پر بھی غیر ملکی کرنسی منتقل ہوتی رہی ہے جب کہ نیب نے اب تک شریف فیملی کے متعلق 3ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے شواہد حاصل کیے ہیں۔

میں نے امریکہ اور برطانیہ کے دورے بطور پاکستانی سفارتکار کئے،گورنر پنجاب چوہدری سرورکی چینل۵سے خصوصی گفتگو

لاہور(صدف نعیم سے)میں نے جس بھی امریکی اور کینیڈین سیاست دان سے ملاقات کی خواہش کی انہوں نے مجھے وقت دیا،مجھے گورنر پنجاب نہیں بلکہ سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ ہونے کی وجہ سے پذیرائی ملی،میں نے پاک بھارت کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر بات کی،ہم نے پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک تشکیل دیا ہے،سرور فاﺅنڈیشن بھی ان پچاس این جی اوز کے نیٹ ورک کا حصہ ہے،میں سرور فاﺅنڈیشن کی اندرون و بیرون ملک فنڈ ریزنگ نہیں کروں گا، بیرون ملک اکٹھے کئے گئے تمام عطیات آب پاک اتھارٹی کے حوالے کئے جائیں گے،وفاق اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،آب پاک اتھارٹی تشکیل پانے سے ثابت ہوا کہ میرا کسی سے اختلاف نہیں،عمران خان کی ساکھ قومی اور عالمی سطح پر شاندار ہے،میں نے سرور فاﺅنڈیشن سے علیحدگی اختیار کر لی ہے،پنجاب میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ا ور نہ ہی میں نے استعفیٰ دیناہے۔

چین سے ن لیگ دور میں ہونے والے معاہدہ سے 14 ارب ڈالر نقصان ہوا، مشیر تجارت

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مشیر تجارت عبد الرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ چین سے ن لیگ دور میں ہونے والا معاہدہ غیر متوازن تھا جس سے 14 ارب ڈالر نقصان ہوا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی سید حسین طارق نے پوچھا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں چین سے ہوئے آزاد تجارتی معاہدے سے پاکستان کو 12ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ن لیگ کے بعد اب تحریک انصاف کی حکومت چین کو آزدانہ تجارت میں رعایات دینے جارہی ہے، بتایا جائے ہم پاکستان کے لئے کام کررہے ہیں یا چین کے لئے؟مشیر تجارت عبد الرزاق داﺅد نے جواب دیا کہ چین سے ن لیگ دور میں ہونے والا آزاد تجارت معاہدہ غیر متوازن تھا جس کی وجہ سے 12 کی بجائے 14ارب ڈالر کا نقصان ہوا، موجودہ حکومت نے چین سے آزاد تجارت کا معاہدہ متوازن کرلیا ہے، اب پاکستان کو آسیان ممالک جیسی سہولیات چین سے حاصل ہوگئی ہیں اور پاکستان کی 313 اشیا کو چین کے لئے ڈیوٹی فری قرار دے دیا گیا ہے۔عبد الرزاق داﺅد نے کہا کہ یکم جولائی سے اب تک درآمدات میں ساڑھے تین ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے اور تجارتی خسارا بھی کم ہوگیا ہے، جون تک 5 سے 6 ارب ڈالر تک درآمدات میں کمی ہو جائے گی، اگرچہ اب تک برآمدات نہیں بڑھ سکی ہیں تاہم امید ہے کہ اب برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

عمران خان کو بے خبر سمجھنے والوں سے بڑا بے خبر کوئی نہیں

لاہور(صدف نعیم سے)گورنر ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیاسی امور پر بات چیت کی گئی، شہباز شریف اور نواز شریف دو مختلف سیاسی بیانیوں کا نام ہے،شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہا ہے،، سپریم کورٹ سے استدعا کرتا ہوں کہ جن کے نام جعلی اکاﺅنٹ ہے وہ جیل میں جنہوں نے بنائے وہ ضمانتوں پر ہے،آصف زرداری سیاست کا منبہ جعلی وصیت ہے جو بے نظیر کے پرس سے نکلی،آصف زرداری بلاول بھٹو کو استعمال کیا ہے،عمران خان ہی پی ٹی آئی ہے عمران خان کا نام حکومت ہے،چوہدری نثار کو حلف اٹھاتے بھی نہیں دیکھ رہاہوں، میں کسی کی باڈی لینگویج کا ذمہ دار نہیں ہوں، میں صرف عمران خان کا ترجمان ہوں معیشت اور سیاست پر اس کے آٹھ ترجمان اور ہیں،چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ جن کے نام پر جعلی اکاﺅنٹ بنے وہ جیل میں ہے اور جنہوں نے استعمال کیا وہ ضمانت پر ہیں نوٹس لیں۔

جمہوریت میں اختلافات ہوتے ہیں نئی بات نہیں، وزیراعلیٰ کے ساتھ ہیں،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی مقامی ہوٹل میں ”اللہ کے رنگ“ کے عنوان سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

لاہور(صدف نعیم سے)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مقامی ہوٹل میں ”اللہ کے رنگ“ کے عنوان سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جب چاہیں کابینہ تبدیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا ایک مﺅقف ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مضبوط کرنا ہے اس سلسلے میں پارٹی قائد چودھری شجاعت حسین نے واضح کر دیا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں، جب کسی کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کر لیں تو بہت سی چیزوں کو درگزر کر کے چلنا پڑتاہے۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مجھے 40 سال سیاست میں ہوگئے ہیں ہر جمہوری پارٹی میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں یہ سیاست کا حسن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ مونس الٰہی نے بھی واضح کیا ہے کہ ن لیگ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی ہونی ہے۔ نئے صوبے کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں نئے صوبے کی بات چلتی ہے تو ہمارے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ بہاولپور صوبہ کی بات کرتے ہیں جو بالکل ٹھیک ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں گورنر بننے کا کوئی ارادہ نہیں میں جہاں ہوں خوش ہوں۔ تصویری نمائش کی آرگنائزر غزالہ جاوید اور حکیم عزیز الرحمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فن پاروں میں عشق حقیقی اور تصوف کے رنگوں کو عیاں کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی ہے، اس فن کو مزید آگے بڑھنا چاہئے۔ مصورہ غزالہ جاوید نے سپیکر کو بتایا کہ ان تمام فن پارون کو بنانے کے لئے برش کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ یہ ہاتھ سے بنائی گئی ہیں۔

ٹیم مہنگے ترین کوچنگ سٹاف کے ہمراہ ورلڈکپ مہم سرکریگی

لندن(نیوز ایجنسیاں) موجودہ پاکستانی ٹیم میں تاریخ میں پہلی بار سب سے زیادہ غیر ملکی شامل ہیں، ان میں مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، ٹرینر گرانٹ لوڈن، فیلڈنگ کوچ بریڈ برن، فٹنس ٹرینر کلف ڈی کون اور ویسٹ انڈین مساجر شامل ہیں۔روانگی سے قبل مکی آرتھر سے جب ورلڈ کپ کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا جواب تھا کہ اس کا انحصار پاکستان کرکٹ بورڈ پر ہوگا۔یاد رہے کہ مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ اسٹاف کا معاہدہ ورلڈ کپ تک کا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ کی سب مہنگی کوچنگ ٹیم ہے۔ پی سی بی نے دو سال سے غیر ملکی سپورٹ اسٹاف کے ساتھ ٹیم کی تیاری پر کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں۔

۔ اس بار پاکستانی ٹیم کے دو سنیئر کھلاڑی شعیب ملک اور محمد حفیظ اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلنے انگلینڈ پہنچے ہیں۔سرفراز احمد نے روانگی سے قبل مختصر بیان میں کہا ہے کہ ٹیم کے لیے دعا کریں ٹیم بھرپور جذبے اور عزم سے میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی اور شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔ پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرتے رہیں، ٹیم پاکستان توقعات پر پورا اترے گی۔2015 کے ورلڈ کپ کی ٹیم کے اہم کھلاڑی مصباح الحق، یونس خان، شاہد خان آفریدی، عمر اکمل، راحت علی، ناصر جمشید، وہاب ریاض، محمد عرفان، سہیل خان اور احمد شہزاد موجودہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں اور پاکستان کرکٹ کے افق سے غائب ہیں۔ہیڈ کوچ وقار یونس کی جگہ مکی آرتھر نے لی ہے۔

حفیظ ورلڈکپ میں بطوراوپنرکھیلنے کے خواہشمند

لاہور (نیوزایجنسیاں)قومی کرکٹ ٹیم کے آل رانڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میں اوپنر ہوں اور اوپنر کی حیثیت سے ہی کھیلنا چاہتا ہوں جبکہ میں ایک ایسا کھلاڑی ہوں جو ہر طرح کے حالات میں ایڈجسٹ ہونا جانتا ہوں۔نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے مجھ سے نمبر چار پر اینکر کا کردار ادا کرنے کو کہا ہے کیونکہ ٹیم میں اب نئے اوپنرز آ گئے ہیں جو دن بہ دن بہتر ہو رہے ہیں اور اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں۔ میں پاکستان ٹیم کیلئے کھیلتا ہوں اور جو بھی ٹاسک دیا جاتا ہے اسے بھرپور انداز میں نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔محمد حفیظ نے 2003 میں ایک اوپنر کی حیثیت سے ون ڈے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن 2015سے انہیں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کروانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ میں گزشتہ 16,17 سال سے اوپنر کی حیثیت سے کھیل رہا ہوں، اس لئے میں ہمیشہ زیادہ سے زیادہ اوور کھیلنا چاہتا ہوں۔

تاکہ ذمہ داری اٹھاتے ہوئے پاکستان کیلئے میچ جیت سکوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کریز پر سیٹ ہونے کے بعد آپ کو ایک ایسی عمدہ اننگز کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے جو مخالف ٹیم پر برتری حاصل کرنے میں مدد کر سکے۔ آپ صرف کریز پر ٹھہر کر ہی میچ نہیں جیت سکتے بلکہ آپ کو ایک اننگز بلڈ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اور میرے خیال سے ایسا کرنے کیلئے ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں۔

عاطف اسلم نے بھارتی میوزک کمپنیوں کے بارے خاموشی توڑ دی

کراچی (شوبزڈیسک)گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی انتہا پسندوں کی ہٹ دھرمی اور بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کی جانب سے یوٹیوب سے اپنے گانے ہٹائے جانے پر بالآخر خاموشی توڑدی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں مجھے لوگوں سے بہت زیادہ پیار ملتاہے، مجھے ذاتی طور پر اس کی وجہ بالکل نہیں معلوم کہ میرے گانے یوٹیوب سے کیوں ہٹائے گئے اور پھر انہیں کیوں اپ لوڈ کیا گیا۔ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں میرے چاہنے والے بہت زیادہ ہیں، جن کی تعداد نمبرز میں بھی بہت زیادہ ہے لہذا مجھے لگتا ہے کہ شاید یہ مداحوں کا جواب ہے۔لاکھوں لوگوں کی جانب سے چینل کو ان سبسکرائب کرنے کے بعد یہ خبر آئی کہ ٹی سیریز میوزک کمپنی نے اپنے یوٹیوب چینل پر دوبارہ پاکستانی گلوکاروں کے گانے لگادئیے ہیں۔ عاطف اسلم نے ایک پراسرار خاموشی اختیار کیے رکھی لیکن اب انہوں نے پہلی بار لب کشائی کی ہے۔