میٹھا کھانا کیا واقعی مزاج کو خوشگوار بناتا ہے؟

لندن(ویب ڈیسک)اکثر افراد کا خیال ہے کہ کچھ میٹھا کھانا مزاج کو خوشگوار بناتا ہے جبکہ اس کی دوری چڑچڑے پن کا باعث بنتی ہے مگر کیا یہ واقعی درست ہے؟تو اس کا جواب سائنس نے بتا دیا ہے اور میٹھے کی خواہش یا شوگر رش اور مزاج پر اثرات کے درمیان کوئی تعلق موجود نہیں۔برطانیہ کی واروک یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران 13 سو کے قریب بالغ افراد پر ماضی میں ہونے والی 31 طبی تحقیقی رپورٹس کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ چینی کا میٹھا مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب نہیں بلکہ یہ لت لوگوں کو ذہنی طور پر سست اور زیادہ تھکاوٹ کا شکار بنادیتی ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ یہ خیال کہ چینی کا استعمال مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے، دنیا بھر میں بہت مقبول ہوچکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ میٹھے مشروبات کا استعمال ذہنی طور پر زیادہ الرٹ ہونے یا تھکاوٹ سے لڑنے کے لیے کرتے ہیں۔اس تحقیق کے دوران محققین نے چینی کے مزاج پر مختلف اثرات جیسے غصہ، ذہنی ہوشیاری، ڈپریشن اور تھکاوٹ وغیرہ کا جائزہ لیا۔انہوں نے یہ بھی دیکھا کہ چینی کی مقدار اور قسم کس طرح مزاج پر اثرات مرتب کرتی ہے جبکہ وہ ذہنی اور جسمانی سرگرمیوں پر مددگار ثابت ہوتی ہے یا نہیں۔انہوں نے دریافت کیا کہ میٹھا کھانے سے مزاج پر کسی قسم کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے چاہے لوگ جتنی بھی چینی کھالیں۔انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ درحقیقت یہ لت مثبت کی بجائے منفی اثرات کا باعث بنتی ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں لوگ زیادہ تھکاوٹ کے شکار اور ذہنی طور پر کم ہوشیار ہوجاتے ہیں۔محققین کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ تحقیق کے نتائج سے میٹھے کے بارے میں عرصے سے موجود خیال کے بارے میں لوگوں کی رائے تبدیل ہوگئی جبکہ چینی کا استعمال کم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل نیوروسائنسز اینڈ بائیو بی ہیوریل میں شائع ہوئے۔

ماہرہ خان نے فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں اپنے گانے کی پہلی جھلک جاری کردی

کراچی(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ ماہرہ خان نے آنے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں شامل اپنے گانے کی پہلی جھلک جاری کردی۔ماہرہ خان نے اپنے مداحوں کے لیے گیت ’مورے سیاں‘ کی یہ پہلی تصویر ٹویٹر پر جاری کی ہے جس میں ماہرہ ایک خوب صورت جگہ کے وسط میں سرخ عروسی جوڑا زیب تن کیے بیٹھی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ اُن کا یہ انداز اور لباس امراﺅ جان ادا سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ماہرہ خان نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بہت کچھ اظہا رکرنا چاہتی ہوں لیکن میں اپنے اس گانے کے بارے میں صرف یہی کہوں گی یہ محبت اور لگن کا پھل ہے اس گانے کی یہ جھلک میری اور عاصم رضا کی طرف سے آپ لوگوں کے لیے ہے۔واضح رہے کہ عاصم رضا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں شہریار منور اور مایا علی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ ماہرہ خان اس فلم میں معاون اداکارہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم رواں سال عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

مسلح افواج کو ”مودی جی کی فوج“ کہنے کا سلسلہ بند کرایا جائے، سابق بھارتی جرنیلوں کا مطالبہ

نئی دلی(ویب ڈیسک) سابق بھارتی جرنیلوں نے صدر رام ناتھ کوند سے انڈین آرمی کے سیکولر اور غیر سیاسی ہونے کی صفت کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو فوج کا نام استعمال کرنے سے روکنے اور تادیبی کارروائی کی استدعا کی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 8 سابق چیفس سمیت 150 سے زائد سابق بھارتی فوجیوں نے صدر رام ناتھ کوند کو خط تحریرکیا ہے جس میں انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوجی کارروائیوں کا کریڈٹ لینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔سابق جرنیلوں نے لکھا کہ حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے مسلح افواج کو ’مودی جی کی فوج‘ کہنے کا سلسلہ بند کر وایا جائے جس کے لیے الیکشن کمیشن کو سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ دیگر سیاسی پارٹیاں بھی فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔سابق بھارتی فوجیوں نے صدرکو لکھے خط میں سیاسی جماعتوں کے ورکرز کے فوجی یونیفارم پہننے اور بھارتی سپاہیوں کی تصاویر والے پوسٹرز لگانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوج سیاست سے پاک ادارہ ہے اور اس کی نیک نامی کو برقرار رکھنے کے لیے بحیثیت صدر اپنا کردار ادا کریں۔

بلوچستان میں ایک ہی دن میں دوسرا دھماکہ ،تشویشناک خبر آگئی

چمن(ویب ڈیسک ) بلوچستان میں ایک ہی دن میں دوسرا دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کے جاں بحق اور 7افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔دوسرا دھماکہ چمن کے علاقے مال روڈ پر ہوا جبکہ اس سے قبل کوئٹہ میں ہزار گنجی کے قریب فروٹ منڈی میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2بچو ں سمیت 20افراد جاں بحق اور 48زخمی ہوئے تھے۔دونوں دھماکوں کے نتیجے میں 21افراد جاں بحق جبکہ 55زخمی ہو گئے۔تفصیل کے مطابق چمن کے علاقے مال روڈ کے فلسطین چوک پر موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنیں گئیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کر کے ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل صبح سویرے کوئٹہ میں ہزار گنجی کے قریب فروٹ منڈی میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت20افراد شہیداور 48زخمی ہو گئے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح سویرے فروٹ منڈی میں اس وقت دھماکہ ہوا جب لوگ خریداری میں مصروف تھے،جاں بحق افراد میں سے 8 کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔

انضمام الحق کو ایم سی سی کی طرف سے تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی

لاہور(ویب ڈیسک)انضمام الحق اور مارک بوچر کو ایم سی سی کی طرف سے تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی۔کلب نے دونوں کھلاڑیوں کو یہ ممبر شپ ان کی کرکٹ کے میدان میں گرانقدر خدمات کو دیکھتے ہوئے دی ہے۔ سابق قومی کپتان انضمام الحق 120 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 سینچریوں کی مدد سے 50.16 کی اوسط کے ساتھ 8830 رنز بنائے۔ انہوں نے 22 نومبر1991 میں لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں ڈبیو کیا اور سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں میں اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو1992 میں کرکٹ کا پہلی بار عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔انضمام الحق نے اپنے کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 378 ایک روزہ میچوں میں شرکت کی اور 11739 رنز بنائے، 2007 کے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا تاہم پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننے سے پہلے انہوں نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں نبھائیں۔جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین مارک بوچر کو ٹیسٹ کرکٹ میں 500 کیچز پکڑنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 147 ٹیسٹ، 295 ایک روزہ اور 25 ٹوئنٹی 20میچوں میں جنوبی افریقن ٹیم کی نمائندگی کی۔وہ ان دنوں جنوبی افریقہ میں ٹائٹنز ٹیم کے کوچ ہیں۔ مارک بوچر سے پہلے ایلن ڈونلڈ، جونٹی رہوڈز، شان پولک اور ڈیرل کلینن کو بھی ایم سی سی کی اعزازی ممبر شپ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔واضح رہے انضمام الحق سے پہلے عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس اور شاہد آفریدی بھی ایم سی سی کی تاحیات اعزازی ممبر شپ کا اعزاز رکھتے ہیں۔

سوڈان: عوام نے فوجی حکومت کو بھی مسترد کردیا

خرطوم(ویب ڈیسک)سوڈان میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں صدر عمر البشیر کی برطرفی کے بعد فوج کی جانب سے ملک کا نظام سنبھالنے پر مظاہرین غم و غصے کا شکار ہیں۔فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق احتجاجی رہنماﺅں نے صدر کی برطرفی کے بعد تشکیل دی گئی ملٹری کونسل کو بھی مسترد کردیا ہے۔مظاہرین نے ملک میں جمہوری نظام کے نفاذ کے لیے سول قیادت اور سوڈان میں جاری تنازعات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے جن کی وجہ سے ملک بدترین غربت کا شکار ہے۔سوڈان میں آج چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے اکثر دکانیں اور دفاتر بند تھے۔جمعے کی نماز کے بعد دارالحکومت خرطوم اور ام درمان میں ہونے والے مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔سوڈان کے آخری منتخب وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت کے سربراہ صادق المہدی کی جانب سے ام درمان کی ایک مسجد میں عوام سے خطاب کا امکان ہے۔یاد رہے کہ 1989 میں عمر البشیر نے صادق المہدی کی حکومت کو برطرف کیا تھا جس کے بعد ملک میں انتخابی عمل رک گیا۔دوسری جانب سوڈان پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے بھی آج ایک احتجاج کی کال دی ہے، یہ جماعت ڈاکٹروں، اساتذہ اور انجینئرز کی بڑی تعداد پر مشتمل ہے جو آزادی اور جمہوریت کی خواہاں ہے۔نوتشکیل کردہ ملٹری کونسل کی جانب سے رات میں نافذ کیے جانے والے کرفیو کا احترام کرنے کا کہا گیا تھا۔تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات فوجیوں نے آرمی ہیڈکوارٹرز کے باہر لگاتار 6 روز سے موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا تھا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی لڑائی کمانڈروں سے ہے جنہوں نے بغاوت کی۔احتجاج میں شریک ایک شخص نے کہا کہ ’ گزشتہ شب اور اس سے پہلے کے دن رات میں کوئی فرق نہیں تھا ‘۔انہوں نے کہا کہ ’ ہم یہ جگہ اس وقت تک نہیں چھوڑیں گے جب تک ہمیں کامیابی نہیں مل جاتی‘۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ ہم نے کرفیو توڑا، ہم یہ اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک ایک سول حکومت نہیں بن جاتی‘۔گزشتہ روز سوڈان کے وزیر دفاع عود محمد ابن عوف نے سرکاری نشریاتی ادارے پر اعلان کیا تھا کہ فوج نے عمر البشیر کو گرفتار کرلیا۔

ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان 18اپریل کو ہوگا

لاہور(ویب ڈیسک)عالمی کپ کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جہاں قومی ٹیم ورلڈ کپ 2019 کے لیے 23اپریل کو روانہ ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ سے قبل 13 سے 22 اپریل تک قومی ٹیم کی تیاریوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔13اپریل کو بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد نواز کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ ہو گا، ان کا یہ ٹیسٹ اسٹیٹ بینک کی درخواست پر لیا جا رہا ہے جو انہیں پیٹرنز ٹرافی گریڈ 2 راولپنڈی میں آرمی کے خلاف میچ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔15اپریل کو ورلڈ کپ کے بقیہ 22ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم میں لیے جائیں گے جبکہ 16 اور 17اپریل کو وہ 22ممکنہ کھلاڑیوں میں شرکت کریں گے۔پھر 18اپریل کو شام ساڑھے 5 بجے چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق ورلڈ کپ سمیت دورہ انگلینڈ کے لیے 15رکنی ٹیم کا اعلان کریں گے جبکہ انگلینڈ کی سیریز کے لیے دو ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ورلڈ کپ کے لیے کردہ قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن 20اپریل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا جس کے بعد عالمی کپ کی ٹیم کے 7کھلاڑی پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔22اپریل کو قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ پاکستانی ٹیم 23 اپریل کو دورہ انگلینڈ پر روانہ ہو گی اور 27اپریل کو کینٹ کے خلاف پریکٹس میچ سے قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز کرے گی۔پاکستانی ٹیم 5مئی کو انگلینڈ کے خلاف ٹی20 میچ کھیلے گی اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 8مئی سے ہو گا۔ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم 24مئی کو افغانستان کے خلاف وارم میچ سے تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ایک میچ کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 3جون کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔7 جون کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جائے گا اور پھر 12جون کو پاکستان کو آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہو گا۔عالمی کپ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کا مقابلہ 16جون کو ہوگا جس کے بعد جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ سے میچ بالترتیب 23 اور 26 جون کو ہوگا۔ایونٹ میں گرین شرٹس کے سب سے آسان میچز آخر میں ہیں جہاں وہ اپنے آخری دو میچوں میں افغانستان اور بنگلہ دیش سے بالترتیب 29 جون اور 5 جولائی کو مدمقابل ہو گی۔

شمالی کوریا میں کم جونگ ان دوبارہ سپریم لیڈر منتخب

پیانگ یانگ(ویب ڈیسک) شمالی کوریا کی پارلیمنٹ نے ایک بار پھر کم جونگ ان کو ملک کا سپریم لیڈر منتخب کر لیا جب کہ ملک کے کئی اہم عہدوں پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا میں کئی برسوں کے بعد اعلیٰ قیادت میں تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ شمالی کوریا کی 14 ویں سپریم اسمبلی کے پہلے اجلاس میں کم جونگ ان کو نظریاتی اقدامات، حکمت و دانائی سے بھر پور فیصلوں اور تجربے کار قیادت کے باعث ایک بار پھر ریاست کا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔سپریم اسمبلی کے انتخاب کے بعد کم جونگ ان ریاستی امور کے کمیشن کے ’چیئرمین‘ کے طور پر برقرار رہیں گے تاہم اب اس عہدے کو چیئرمین کے بجائے ’کوریائی عوام کے سپریم نمائندے‘ کا نام دیا گیا ہے۔سپریم اسمبلی نے ایک اہم تبدیلی ’چوئے ریانگ ہئے کو سپریم پبلک اسمبلی کا صدر نامزد کر کے کی ہے، آئینی طور پر یہ عہدہ بے اختیار سربراہ مملکت کے برابر ہوتا ہے تاہم اب بھی طاقت کا اصل مرکز کم جونگ ان ہی ہوں گے۔سپریم اسمبلی نے ملک کا نیا ’پریمیئر‘ بھی منتخب کیا، اس عہدے پر کم جے ریانگ اپنے پیشرو پاک پونگ جو کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ کم جے ریانگ ایک عرصے سے حکمراں پارٹی کے اہم عہدوں پر منصب فائز رہے ہیں۔ یہ عہدہ محدود اختیارات کے ساتھ وزیراعظم کے منصب کے برابر ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن کا نریندر مودی کے چینل کی نشریات بند کرنے کا حکم

نئی دہلی(ویب ڈیسک)بھارتی الیکشن کمیشن نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کے چینل ’نامو ٹی وی‘ کی نشریات بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نامو (نریندر مودی )ٹی وی کو مواد نشر کرنے سے قبل منظوری لینی چاہیے تھی۔انتخابات کے پیش نظر بھارت میں اب الیکشن قوانین عمل میں آچکے ہیں جس کے تحت کوئی بھی سیاسی مواد ، اشتہار، فلم اور حتیٰ کہ سوشل میڈیا پر بھی انتخابی مہم چلانے سے قبل الیکشن کمیشن سے منظوری لینا ضروری ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ شب جاری کیا گیا حکم نریندر مودی کی دوسری مدت کے لیے چلائی جانے والی مہم کے لیے 48 گھنٹوں میں دوسرا دھچکا ہے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے نریندر مودی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ریلیز پر انتخابات کے اختتام تک پابندی عائد کی تھی۔نامو ٹی وی پر 24 گھنٹے نریندر مودی کی ریلیاں، تقاریر اوران کے حق میں بنائے گئے گانے اور رقص بھی نشر کیے جارہے ہیں۔تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے چینل کی نشریات بند کرنے کے حکم کے باوجود نامو ٹی وی کی نشریات بدستور جاری ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ نامو ٹی وی نے انتخابی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چینل بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اسپانسرڈ ہے اور ’ تمام سیاسی اشتہارات اور سیاسی مواد پر مبنی ریکارڈ کیے گئے پروگرامز کو نشر کرنے سے قبل تصدیق کروانا لازمی ہے‘۔خیال رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا آغاز 11 اپریل سے ہوچکا ہے جو 7 مراحل میں 19 مئی تک جاری رہیں گے اور نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔

پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے، ترقی پانے والوں میں میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا، نعمان محمود، اظہرعباس اور فیض حمید شامل ہیں۔میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا اس وقت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ اس سے قبل بھی وہ اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، میجر جنرل اظہرعباس اس وقت کمانڈنٹ انفنٹری کوئٹہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔میجر جنرل فیض حمید اس وقت آئی ایس آئی میں خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ اس سے قبل وہ جی او سی پنو عاقل بھی رہ چکے ہیں، میجر جنرل نعمان محمود بھی اس وقت آئی ایس آئی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پاکستانی تاریخ میں قتل کیس کا پہلا بین الاقوامی آن کیمرہ ٹرائل

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کی تاریخ میں پہلا بین الاقوامی ٹرائل ہوا اور کوٹ لکھپت جیل میں قتل کیس کی آن کیمرہ سماعت کو ناروے کی عدالت سے منسلک کردیا گیا۔لاہور میں پاکستانی نژاد نارویجن خاتون کے قتل کیس کی سماعت کے لیے عالمی کیمرہ ٹرائل کا انعقاد ہوا تو خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان کو ناروے کی عدالت میں پیش کیا گیا۔لاہور کے علاقے شاہدرہ کی رہائشی ثوبیہ کو اس کے شوہر اسحاق نے اپنے ملازم کے ذریعے قتل کروادیا تھا تاہم پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ قتل کی تحقیقات کے لیے اوسلو کی تفتیشی پولیس اور گواہ ناروے سے لاہور آئے اور تحقیقات کیں۔ناروے کی عدالت میں قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی تو کوٹ لکھپت جیل میں آن کیمرہ سماعت کو ناروے کے شہر اوسلو کی عدالت سے منسلک کیا گیا اور بذریعہ انٹرنیٹ ملزم کو ناروے کی عدالت میں پیش کیا گیا۔اس موقع پر کوٹ لکھپت جیل میں ملزمان، پراسکیوشن اور گواہان بھی موقع پر موجود تھے۔ اس ٹرائل کے انعقاد میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے مدد کی۔واضح رہے کہ ملزم اسحاق پر اپنی نارویجن بیوی ثوبیہ کو چوکیدار کی مدد سے قتل کروانے کا الزام ہے اور دونوں میاں بیوی کے پاس ناروے کی شہریت ہے۔

20 ہزار پاکستانیوں کا نیوزی لینڈ کی النورمسجد بنا کر شہداءکو خراج عقیدت

جھنگ(ویب ڈیسک) پاکستان میں 20 ہزار افراد نے انسانی مسجد بنا کر سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔یاد رہے کہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی مسجد النور سمیت 2 مساجد پر آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے فائرنگ کر کے 50 نمازیوں کو شہید اور 48 کو زخمی کردیا تھا۔دہشت گرد فائرنگ کی ویڈیو براہ راست سوشل میڈیا پر نشر کرتا رہا اور مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد باہر سڑک پر موجود مسلمانوں کو بھی نشانہ بناتا رہا، واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا جسے بعدازاں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی۔اس سانحہ کو ایک ماہ مکمل ہونے پر نیوزی لینڈ سے اظہار یکجہتی اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مسلم انسٹیوٹ کے تحت 20 ہزار افراد نے مل کر کرائسٹ چرچ کی مسجد جیسی انسانی مسجد بنائی اور یک آواز ہو کر دنیا کو بتایا کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے۔پنجاب کے ضلع جھنگ کے علاقے شورکوٹ میں شرکاءنے مسجد کی شکل میں کھڑے ہو کر پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حدیہ درود بھی پیش کیا۔اس موقع پر چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی کا کہنا تھا کہ مسجد بنانے کا مقصد نیوزی لینڈ کے عوام کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی ہے۔