تازہ تر ین

سوڈان: عوام نے فوجی حکومت کو بھی مسترد کردیا

خرطوم(ویب ڈیسک)سوڈان میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں صدر عمر البشیر کی برطرفی کے بعد فوج کی جانب سے ملک کا نظام سنبھالنے پر مظاہرین غم و غصے کا شکار ہیں۔فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق احتجاجی رہنماﺅں نے صدر کی برطرفی کے بعد تشکیل دی گئی ملٹری کونسل کو بھی مسترد کردیا ہے۔مظاہرین نے ملک میں جمہوری نظام کے نفاذ کے لیے سول قیادت اور سوڈان میں جاری تنازعات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے جن کی وجہ سے ملک بدترین غربت کا شکار ہے۔سوڈان میں آج چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے اکثر دکانیں اور دفاتر بند تھے۔جمعے کی نماز کے بعد دارالحکومت خرطوم اور ام درمان میں ہونے والے مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔سوڈان کے آخری منتخب وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت کے سربراہ صادق المہدی کی جانب سے ام درمان کی ایک مسجد میں عوام سے خطاب کا امکان ہے۔یاد رہے کہ 1989 میں عمر البشیر نے صادق المہدی کی حکومت کو برطرف کیا تھا جس کے بعد ملک میں انتخابی عمل رک گیا۔دوسری جانب سوڈان پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے بھی آج ایک احتجاج کی کال دی ہے، یہ جماعت ڈاکٹروں، اساتذہ اور انجینئرز کی بڑی تعداد پر مشتمل ہے جو آزادی اور جمہوریت کی خواہاں ہے۔نوتشکیل کردہ ملٹری کونسل کی جانب سے رات میں نافذ کیے جانے والے کرفیو کا احترام کرنے کا کہا گیا تھا۔تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات فوجیوں نے آرمی ہیڈکوارٹرز کے باہر لگاتار 6 روز سے موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا تھا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی لڑائی کمانڈروں سے ہے جنہوں نے بغاوت کی۔احتجاج میں شریک ایک شخص نے کہا کہ ’ گزشتہ شب اور اس سے پہلے کے دن رات میں کوئی فرق نہیں تھا ‘۔انہوں نے کہا کہ ’ ہم یہ جگہ اس وقت تک نہیں چھوڑیں گے جب تک ہمیں کامیابی نہیں مل جاتی‘۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ ہم نے کرفیو توڑا، ہم یہ اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک ایک سول حکومت نہیں بن جاتی‘۔گزشتہ روز سوڈان کے وزیر دفاع عود محمد ابن عوف نے سرکاری نشریاتی ادارے پر اعلان کیا تھا کہ فوج نے عمر البشیر کو گرفتار کرلیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv