پاکستان سے جذباتی تعلق کی وجہ سے فلم ’کلنک‘ سائن کی، سنجے دت

ممبئی(ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے فلم ’کلنک‘ سائن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی وجہ سے انہوں نے اس فلم میں کام کرنے کی ہامی بھری۔کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’کلنک‘ کا پاکستان کے ساتھ گہرا تعلق بتایا جارہا ہے۔ پہلے فلم کی مرکزی اداکارہ عالیہ بھٹ نے یہ بیان دے کر پاکستانی اوربھارتی میڈیا میں خوب توجہ حاصل کی کہ انہوں نے فلم میں اپنے کردار روپ کو بہترین انداز میں اداکرنے کے لیے پاکستانی ڈراما سیریل ’زندگی گلزار‘ ہے کے کردار کشف سے رہنمائی لی جسے اداکارہ صنم سعید نے ادا کیاتھا اور اب فلم ’کلنک‘ میں پاتریاچ بلراج چوہدری کا اہم کردار ادا کر رہے بالی ووڈ کے سنجو بابا کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم ’کلنک‘ پاکستان کے ساتھ جذباتی تعلق کی وجہ سے سائن کی۔سنجے دت نے حال ہی میں ایک بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1993 میں جب وہ فلم ’گمراہ‘ میں کام کررہے تھے اس وقت پروڈیوسریش جوہر(کرن جوہر کے والد)نے انہیں فلم ’کلنک‘ کی کہانی سے متعلق بتایا۔ یش اور کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی ’دھرما پروڈکشن‘ بالکل میری فیملی کی طرح ہے لہٰذا گزشتہ برس کرن جوہر نے جب دوبارہ مجھ سے اس فلم کے حوالے سے بات کی تو میں نے فلم میں کام کرنے کی ہامی بھرلی۔سنجے دت نے فلم میں کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’کلنک‘ میں میرے کردار کانام بلراج ہے جو کہ میرے والد سنیل دت کا اصل نام ہے۔ برصغیر کی تقسیم کے وقت میرے والد پاکستان سے بھارت آئے تھے لہٰذا اس سے میرا جذباتی تعلق ہے۔اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آچکی ہے کہ یش جوہر نے فلم ’کلنک‘ کے سیٹ کی تیاری کے لیے 15 سال قبل پاکستان کے شہر لاہور کا دورہ کیا تھا تاہم وہ یہ فلم مکمل نہ کرسکے اور اب ان کے بیٹے کرن جوہر نے اپنے والد کا خواب پورا کرنے کے لیے فلم ’کلنک‘ بنائی ہے۔ فلم میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، سوناکشی سنہا، آدیتیہ رائے کپور کے علاوہ تقریباً دو دہائیوں بعد سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

آصف رضا میر امریکی ٹی وی ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے

کراچی(ویب ڈیسک) لیجنڈ اداکار آصف رضا میر امریکا کے مشہور ٹیلی ویژن چینل کی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔گزشتہ چند روز سے خبریں زیر گردش تھیں کہ آصف رضا میر نے امریکی مشہور ٹیلی ویژن چینل سے ایک مقبول ترین سیریز کے لئے معاہدہ کیا ہے تاہم ان خبروں کی تصدیق اُن کی اہلیہ ثمرا رضا نے کردی ہے۔ثمرا رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اسٹوری کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آصف رضا میر نے ایک سیریز کے لئے کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یہ سیریز 10 اقساط ہر مشتمل ہے تاہم انہوں نے سیریز کی کہانی اور آصف رضا میر کے کردار کے بارے میں نہیں بتایا۔گینگ آف لندن کے نام سے مشہور یہ سیریز اب صرف لندن کے نام سے آن ایئر ہو گی جس کی کہانی بین الاقوامی گینگ کے گرد گھومتی ہے جو لندن پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ آصف رضا میر کے ہمراہ اس سیریز میں معروف امریکی اداکار رے پنتھکی اور ڈیوڈ بریڈلے اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

مہوش حیات نے شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی

کراچی(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ مہوش حیات نے بالآخر شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی اور کہا ہے کہ جو بھی میرا شوہر ہو اسے میرے خودمختار ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ذرائع کواپنی شادی سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں اپنے کام سے شادی کر چکی ہوں کیوں کہ ابھی بہت کام ہیں جوکہ میں کرنا چاہتی ہوں اور کچھ حاصل کرنا چاہتی ہوں، میں ایک خود کفیل شخصیت ہوں اور اپنی مالی مدد خود کر سکتی ہوں‘۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھے شادی کے لائق میری پسند کا کوئی لڑکا ملتا ہے تو وہ غیر معمولی صلاحیتیوں کا مالک ہو اور اسے میرے خود مختار ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔مہوش حیات نے اپنے ڈریم پراجیکٹ کے حوالے سے بھی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایکشن سے بھرپور فلم میں کام کرنا پسند کروں گی جو کہ خواتین سپر ہیرو کے حوالے سے ہو، دراصل ہالی ووڈ کے پاس بہت سی سپر ہیرو خواتین ہیں اس لیے ہمارے پاس بھی ایک تو ہونی چاہیے۔

ورلڈ کپ 2019 اور پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے میزبان انگلش ٹیم کا اعلان

لندن(ویب ڈیسک) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔نیوزی لینڈ آسٹریلیا، بھارت اور بنگلا دیش کے بعد انگلینڈ نے بھی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ انگلش ٹیم کی قیادت ایون مورگن کریں گے۔میزبان ٹیم میں جارحانہ اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیرسٹو کے ساتھ الیکس ہیلز کو رکھا گیا ہے، تجربے کار جو روٹ، جو ڈینلے اور آئن مورگن مڈل آرڈر سنبھالیں گے، جوز بٹلر، بین اسٹوکس اور معین علی کو ہارڈ ہٹر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، عادل رشید اسپلشسٹ اسپنر جب کہ مارک ووڈ،کرس ووکس،ڈیوڈ ویلے اور لیام پلنکٹ اور ٹام کرن فاسٹ باولنگ کے فرائج سر انجام دیں گے۔ویسٹ انڈیز نڑاد انگلش فاسٹ باﺅلر جوفرا آرچر کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم وہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں پہلی بار انگلش یونی فارم میں ان ایکشن ہوں گے۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹی 20 میں سیم بلنگز اور جیمز ونسے کو موقع دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ انگلش ٹیم 30 مئی کو افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

دنیا میں ورلڈ کپ ٹیموں کا اعلان ہورہا ہے اور یہاں تماشا لگاہوا ہے، وسیم اکرم

کراچی(ویب ڈیسک) سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دنیا میں ورلڈ کپ ٹیموں کا اعلان ہورہا ہے اور یہاں تماشہ لگایا جا رہا ہے۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل دنیا کی دوسری بڑی لیگ بن گئی ہے، آئندہ سال پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور پاکستان میں میچز کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ یہ کتنی بڑی لیگ بن گئی ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ کچھ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگرڈیپارٹمنٹ کرکٹ بند ہوگئی تو کیا ہوگا، معلوم نہیں ایسا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے، کرکٹ کمیٹی میں ہونے کے باوجود مجھے بھی کچھ نہیں معلوم، پوری دنیا میں غلط تاثرجا رہا ہے، دنیا بھرمیں ٹیموں کا اعلان ہورہا ہے اور یہاں تماشہ لگایا جا رہا ہے، دیکھنا ہوگا کہ وزیراعظم عمران خان کا کیا ،ری ایکشن آتا ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ وسیم خان نوجوان ہیں اوران میں ٹیلنٹ بھی موجود ہے، وسیم خان کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے، ایسا نہ ہو کہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کر نے والے بھی اسکواڈ کا حصہ بن جائیں۔سابق کپتان وسیم اکرم نے کرکٹ کمیٹی پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا کرکٹ کمیٹی بھی ہے، مجھے تو نہیں پتا کہ یہاں کوئی کرکٹ کمیٹی بھی ہے۔

شعیب ملک ٹیم کے ”غیر اعلانیہ“ نائب کپتان ہونگے

کراچی(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں شعیب ملک پاکستانی ٹیم کے ”غیراعلانیہ“ نائب کپتان ہوں گے۔پی سی بی نے تاحال ورلڈکپ میں کسی کو نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ نہیں کیا،ذرائع کے مطابق شعیب ملک کو غیراعلانیہ طور پر یہ ذمہ داری سونپی جائے گی، دورئہ جنوبی افریقہ میں جب سرفراز احمد پرپابندی عائد ہوئی تو آل راﺅنڈر نے ہی قیادت سنبھالی تھی۔چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پانچویں میں ٹیم کو شکست ہوئی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2سے ناکامی ہاتھ آئی،یو اے ای میں آسٹریلیا سے سیریز میں جب سرفراز احمد کو آرام دیا گیا تب بھی شعیب ملک کو ہی کپتان مقرر کیا گیا، مگر ابتدائی تینوں میچز میں ناکامی کے بعد وہ انجرڈ ہو گئے اور بقیہ دونوں مقابلوں میں عماد وسیم نے ذمہ داری سنبھالی۔گزشتہ دنوں کرکٹ حکام نے نائب کپتان کے تقرر پر غور کیا تاہم تاحال اعلان پر اتفاق نہیں ہوا، سرفراز احمد اگر کسی وجہ سے کوئی میچ نہ کھیل پائے تو شعیب ملک قیادت کریں گے۔ البتہ اس بات کا امکان کم ہے کہ جمعرات کو جب اسکواڈ کا اعلان کیا جائے تو ان کے نام پر نائب کپتان درج ہو، اس سے قبل 2015کے ورلڈکپ میں بھی باضابطہ طور پر کسی کو مصباح الحق کا نائب مقرر نہیں کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق بورڈ حکام مستقبل میں کسی نوجوان کرکٹر کو نائب کپتان بنا کر گروم کرنے پر غور کر رہے ہیں، البتہ ورلڈکپ جیسے ایونٹ میں ضرورت پڑنے پر شعیب ملک کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔واضح رہے کہ آل راﺅنڈر میگا ایونٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کافی پہلے اعلان کر چکے ہیں، وہ اپنے آخری ٹورنامنٹ کو عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتے ہیں مگر حالیہ فارم اتنی اچھی نظر نہیں آ رہی۔

ورلڈ کپ اسکواڈ میں عابد علی اور محمد حسنین کی شمولیت کیلیے آواز بلند

لاہور(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے ورلڈکپ اسکواڈ میں عابد علی اور محمد حسنین کی شمولیت کیلیے آوازبلند کر دی۔ایشین ایوارڈ سے نوازے جانے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے، 1992 کا میگا ایونٹ اسی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا، اس وقت عمران خان کوبھی کئی نوجوان کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں۔مشتاق احمد نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز پاکستان ٹیم کے لئے سازگار ہیں، امید ہے کہ سلیکشن کمیٹی ایک اچھا اسکواڈ منتخب کرے گی اور ہیڈکوچ مکی آرتھر بہتر پلاننگ کے ساتھ ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔انھوں نے کہا کہ عابد علی اور محمد حسنین بہترین مہارت اور صلاحیت رکھنے والے کرکٹرز ہیں، صرف فٹنس کی بنیاد پر انھیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، عابد علی اور محمد رضوان کو ساتھ لے کر جانا ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتا ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ کنڈیشنز جیسی بھی ہوں اننگز کے درمیان میں اسپنرز اچھی کارکردگی دکھائیں تو فرق ڈال سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انگلش کپتان ایون مورگن کی جانب سے گرین شرٹس کو فیورٹ قرار دینا دباﺅ میں لانے کی کوشش ہو سکتی ہے،انھوں نے پاکستانی کرکٹرز کو مشورہ دیاکہ 16 جون کو بھارت کے خلاف میچ میں دل و دماغ سے خوف نکال کر میدان میں اتریں، مقابلے میں اہم کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا ہوگا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ عمران خان جس نظام کی بات کر رہے ہیں اسے سمجھنے کی ضرورت ہے، مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں اور پاکستانی ہونے کے ناطے سوچیں تو ریجنز اور ڈومیسٹک کا اسٹرکچر بہتر سے بہتر ہوتا چلا جائے گا۔

بھارتی بحریہ کا جنگی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ

نئی دلی(ویب ڈیسک) بھارتی بحریہ کا ایک جنگی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں اہلکاروں نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی بحریہ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں موجود پائلٹ نے عملے کے دو اراکین کے ساتھ پیرا شوٹ کی مدد سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی جنہیں سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا۔بھارتی بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگی ہیلی کاپٹر بحریہ عرب میں تعینات تھا جس میں معمول کی پرواز کے دوران فنی خرابی پیدا ہوگئی، تینوں اہلکار بروقت چھلانگ لگا کر خود کو بچانے میں کامیاب رہے۔ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ بھارت کے فضائی اور بحری بیڑوں میں موجود طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی مسلسل گرتی کارکردگی اور پائلٹس کے غیر پیشہ ورانہ رویے کے باعث حادثات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ مگ طیاروں کے گرنے کے بعد اب ہیلی کاپٹر بھی حادثے کا شکار ہو رہے ہیں۔

قطر میں شادی نہیں مذاکرات ہو رہے ہیں، طالبان کا کابل حکومت کی 250 رکنی ٹیم پر ردعمل

دوحہ(ویب ڈیسک) طالبان نے افغان امن مذاکرات کے لیے کابل حکومت کی جانب سے 250 رکنی ٹیم کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں شادی نہیں ہے بلکہ مذاکرات ہورہے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امن مذاکرات کے لیے کابل حکومت کی تیار کردہ 250 اراکین کی فہرست پر تمسخرانہ اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کابل کے ہوٹل میں ہونے والی شادی کی تقریب نہیں جس کی ضیافت کا دعوت نامہ بھیجا گیا ہو بلکہ یہ خلیجی ریاست کا منعقد کردہ مذاکراتی اجلاس ہے۔افغان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کابل حکومت کی جانب سے 250 افراد پر مشتمل مذاکراتی ٹیم کا اعلان دراصل مذاکراتی عمل کو تاخیر کا شکار بنانے کی دانستہ سازش ہے، کابل حکومت کی خواہش ہے کہ قطر مذاکرات کی میزبانی سے انکار کردے یا کسی بھی طرح مذاکرات ملتوی ہو جائیں اور کابل حکومت کو افغانستان میں اپنی من مانی کرنے کے لیے مزید وقت مل جائے۔کابل حکومت نے موقف اختیار کیا کہ افغان طالبان نے کابل انتظامیہ سے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا تھا اور طالبان کے مطالبے پر قطر میں ہونے والے طویل مذاکراتی دور میں کابل حکومت کو شامل نہیں کیا گیا تھا جس کے باعث 19 اپریل کو ہونے والے مذاکرات میں یہ 250 افراد افغانستان کے عام شہری ہونے کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ کابل حکومت نے 19 اپریل سے قطر میں شروع ہونے والے افغان امن مذاکرات کے لیے 250 افراد کی فہرست مرتب کی ہے جن میں 50 خواتین بھی شامل ہیں۔

انڈونیشیا میں صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ

جکارتہ(ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک انڈونیشیا میں صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔انڈونیشیا کے 19 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ملک کے نئے صدر کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں جب کہ پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوا تاہم دارالحکومت جکارتہ میں پولنگ دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئی۔ صدر جوکو وِدو دو اور سابق جنرل پَرابووو سبیانتو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے 8 لاکھ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 45 ہزار امیدوار میدان میں ہیں۔انڈونیشین انتخابات میں پارلیمان کی 575 اور مقامی حکومتوں کی 19 ہزار 817 نشستیں ہیں اور انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے 4 لاکھ 43 ہزار پولیس اور 4 لاکھ 20 ہزار فوجی اہلکار تعینات ہیں۔یاد رہے کہ انڈونیشیا کی کل آبادی 26کروڑ 40 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور اس کے 33 صوبے ہیں۔

ٹرمپ نے یمن میں امریکی مداخلت ختم کرنے کی قرارداد ویٹو کردی

واشنگٹن(ویب ڈیسک) ٹرمپ نے یمن جنگ میں امریکی مداخلت اور سعودی عرب کی حمایت کو ختم کرنے کی کانگریس میں پیش کی گئی قرارداد کو ویٹو کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں صدر ٹرمپ سے یمن جنگ میں امریکی فوج کی مداخلت ختم کرنے اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی حمایت ترک کر کے یمن تنازع میں غیر جانبدار رہنے کی استدعا کی گئی تھی۔یہ قرارداد حکمراں اور اپوزیشن جماعت کے اراکین کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی تاہم امریکی صدر نے آئین میں حاصل اپنے خصوصی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے قرارداد کو ویٹو کردیا، قرارداد ویٹو ہونے کے بعد یمن میں امریکی فوج کی مداخلت اور سعودی عرب کی حمایت جاری رہے گی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے اقدام کی تائید میں موقف اختیار کیا کہ اگر اس قرارداد کو ویٹو نہ کیا جاتا تو خطے میں موجود امریکی شہریوں اور فوجیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے اور یہ قرارداد اپوزیشن کی جانب سے میرے اختیارات میں کمی کی ایک کوشش بھی تھی۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے 4 سالہ دور صدارت میں خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے کانگریس کی منظور کردہ کوئی قرارداد دوسری مرتبہ ویٹو کی ہے۔

سعودی عرب میں اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے جرم میں 2 بھارتیوں کے سر قلم

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں لوٹ مار کی رقم کی تقسیم کے تنازع پر اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے جرم میں 2 بھارتی شہریوں کے سر قلم کر دیئے گئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالتی حکم کی تعمیل میں ریاض میں ستوندر کمار اور ہرجیت سنگھ نامی 2 بھارتیوں کے اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے الزام میں سر قلم کر دیئے گئے۔ عدالت نے رواں برس 28 فروری کو سزا سنائی تھی۔دونوں ملزمان کو شراب نوشی اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں 2015 کو حراست میں لیا گیا تھا جہاں ملزمان نے اپنے ساتھی عارف امام الدین کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا۔ تینوں کے درمیان لوٹ مار کی رقم کی تقسیم پر جھگڑا ہوا تھا۔سعودی عرب میں بھارتی سفارت خانے کے ترجمان نے شکایت کی کہ بھارتی شہریوں کے سرقلم کرنے سے قبل سفارت خانے کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ سعودی قوانین کے باعث دونوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہیں کی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے جی 13 میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا۔ وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا ہے، ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑی جدوجہد کے بعد ہم اس مقام تک پہنچے ہیں جب سے حکومت میں آیا دل میں کوئی کنفیوژن نہیں، میراخواب پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا تھا، کیوں کہ فلاحی ریاست کمزور طبقے کی ذمہ داری لیتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کے پہلے دن ہی کہا گیا کہ حکومت ناکام ہوگئی ہے، میرا ویژن بڑا کلیئر ہے کہ مجھے کیا کرنا ہے، ہاؤسنگ اسکیم پورے پاکستان میں شروع کریں گے، یہ آسان کام ہوتا تو 70 سال میں کوئی بھی کردیتا۔ گزشتہ سالوں میں ملک میں بڑے پیمانے پر تاریخی لوٹ مار کی گئی، ماضی کی حکومتوں کےلیےگئےقرضوں کا سود ہماری حکومت 6 ارب روپےروزانہ اداکررہی ہے۔