بھارت دانستہ طور پر خطے کو کشیدگی کا شکار کرنا چاہتا ہے: خالد محمود، پاک بھارت تناﺅ بھارتی دراندازی کی وجہ سے بڑھا ہوش کے ناخن لینا ہونگے: علی نقوی، بی جے پی کی قیادت الیکشن جیتنے کیلئے کشیدگی کی صورتحال پیدا کر رہی ہے: مشتاق مہر ، پلوامہ واقعہ بھارتی حکومت کی پلاننگ تھی : آصف درانی، موجودہ حالات میں عمران خان نے بہترین کردار ادا کیا: غالب اقبال، کی ” خبریں فورم “ میں گفتگو

اسلام آباد (رپورٹ :ملک منظور احمد، اویس منیر، تصاویر: نکلس جان) پاکستان کے نامور سابق سفارت کاروں نے پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی سفارت کوششوں اور عالمی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قیادت دانستہ طور پر اس خطے میں عدم استحکام کشیدگی اور محاذ آرائی پیدا کر رہی ہے بھارت کی جانب سے جارحیت پسندی پورے جنوبی ایشیا کے لیے خطرناک ہے ،پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔افواج پا کستان نے رات کے اندھیرے میں بھارت کی جانب سے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے آئندہ انتخابات کے لیے مودی سرکار نے پلواما کا ڈراما خود ہی رچا یا ہے پا کستان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے بھارت کو امن کا واضح پیغام دیاہے ۔بین الاقوامی سطح پر پا کستان نے پنا کیس مدلل انداز میں پیش کیا ہے ان خیالات کا اظہار چیرمین انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اور سابق سفیر خالد محمود ،سابق سفیر علی سرور نقوی سابق سفیر مشتاق اے مہر سابق سفیر آصف درانی اور سابق سفیر غالب اقبال نے موجودہ صورتحال پر خبریں فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ سابق سفیر خالد محمود نے اس مو قع پر کہا کہ بھارت دانستہ طور پر اس خطے کو کشیدگی کا شکار کرنا چاہتا ہے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے اقتدار میں اپنے ہی منشور پر عمل درآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں بھارت کے عوام بھی جنگ کے خلاف ہیں ،پا کستان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے بھارت ہمیشہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرتا آیا ہے عالمی سفارتی کوششیں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مدد گار ثابت ہو رہی ہیں بھارت کو جا رحیت مہنگی پڑے گی ہماری افواج نے ثابت کیا ہے کہ وہ مادر وطن کا دفاع کرنا جانتی ہے اور پا کستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے ۔بھارت نے اگر آئندہ بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ کی کھانی پڑے گی ۔پا کستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے ۔سابق سفیر علی سرور نقوی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تناﺅ بھارتی دراندازی کی وجہ سے بہت ہی بڑھ چکا ہے ۔بھارت نے ہماری فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کی ہے پا کستان نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے ان کے دو طیارے مار گرائے ہیں ایک پا ئلٹ بھی پکٹر لیا ۔پا کستان امن چاہتا ہے اسی لیے پا کستان نے امن کی خاطر اس پا ئلٹ کو رہا بھی کر دیا ہے لیکن دوری جانب سے پا کستان کے اس خیر سگالی قدم کا کوئی بھی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا بھارت کی جانب سے لا ئن آف کنٹرول پر فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔جہاں تک پاکستان کے او آئی سی اجلا س کے با ئیکاٹ کا تعلق ہے تو وہ اسلامی ممالک کی ایک تنظیم ہے اور پا کستان کو اس فورم پر بھارت کی شرکت پر بجا اعتراض ہے پا کستان احتجاج کے طور پر اس اجلا س میں شرکت نہیں کر رہا ،پا کستان نے اس حوالے سے آو آئی سی ممالک کو اپنی نا راضگی کا واضح پیغام دے دیا ہے ۔سابق سفیر مشتاق اے مہر نے کہا کہ پا کستان کی ہر ممکن حد تک یہی کوشش ہے کہ پا کستان اور بھارت کے درمیان تناﺅ میں کمی آئے ۔دونوں ممالک میں تناﺅ کی بنیادی وجہ بھی ہندوستان کے انتخابات ہیں بھارت کی قیادت الیکشن جیتنے کے لیے یہ سب کچھ کر رہی ہے اب اس کا سدباب کس طرح کیا جا سکتا ہے اس کا ایک طریقہ تو یہ ہے کہ بھارت کو ان کی حرکتوں پر ٹٹ فا ر ٹیٹ کے اصول کے مطا بق جواب دیا جائے اور پا کستان نے بھرپور جواب بھی دیا ہے دوسرا طریقہ یہ ہے کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جائے سفارت سطح پر بھی اس مسئلہ کو تین لیول پر حل کیا جا سکتا ہے ایک تو ہے باہمی مذاکرات کے ذریعے ،دوسرا علاقائی سطح پر بات چیت کر کے اور تیسرا اقوام متحدہ کے بین الاقوامی فورم کے ذریعے ۔پا کستان نے اس معاملہ کو اب یو این کے فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اس فورم پر پا کستان کا کیس پیش کیا جائے گا ،پا کستان کے اندر تمام اسٹیک ہولڈر ز کا نقطہ نظر یہی ہے کہ پا کستان خطے میں امن چاہتا ہے اور کسی صورت بھی کسی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتا اگر امن ہو گا تو ہی غربت میں کمی کی جا سکتی ہے ،پا کستان اس بھارتی جا رحیت کے معا ملہ پر اب عالمی ثالثی چاہتا ہے چاہیے وہ چین کے ذریعے اور ایس سی او کے فورم سے ہو یا اقوام متحدہ کے فورم سے یوین سیکر ٹری جنرل کے ذریعے ۔پا کستان نے او آئی سی کے حوالے سے درست موقف اختیا ر کیا ہے پا کستان اس اجلاس میں شرکت کر کے واک آﺅٹ بھی کر سکتا تھا ،لیکن فیصلہ پھر بھی درست ہے ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے عرب بھائی اس اجلاس میں شریک ہوئے ہیں،ہندوستان کو او آئی سی اجلاس میں بلانے کا بنیادی فیصلہ ہی غلط تھا بھارت نے ہمارے اوپر فوجی حملہ کیا ہے ،پا کستان کو اس میٹنگ میں نہ جانے کی وجہ سے اتنا نقصان نہیں ہو گا جتنا بھارت کو او آئی سی میں کی رکنیت ملنے سے ہو سکتا ہے ۔سابق سفیر آصف درانی نے اس حوالے سے کہا کہ پلوامہ واقع کے حوالے سے بہت سے سوال اٹھ رہے ہیں اس واقعہ کا فائدہ آخر کس کو پہنچا ہے تو اس سوال کا جواب یہ ہی ہے کہ اس واقعہ کا فا ئدہ مودی اور اس کی سیاسی جما عت بی جے پی کو ہی پہنچا ہے اور یہ واقعہ پا ک بھارت تعلقات کے لیے بہت ہی نقصان دہ ثابت ہوا ہے ہندوستانی قیادت اس بات کا احساس نہیں رکھتی کہ جب پا کستان اور بھارت دونوں ملک ایٹمی طاقت بنے تو اس کا مطلب ہی یہ تھا کہ اب ان ملکوں کے درمیان جنگ نہیں ہو سکتی ،اب اگر ایٹمی ہتھیار استعمال ہوتے ہیں تو صرف یہ دو ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا تباہ ہو سکتی ہے ۔ جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے لیے نہیں ہوتے بھارت اس ساری صورتحال کو جنگ کی طرف لے جانا چاہتا ہے جو کہ تباہ کن پا لیسی ہے پا کستان نے اس مسئلہ کے حوالے سے عالمی ثالثی کو بھی خوش آمدید کہا ہے عا لمی برادری کو اس مسئلہ کے حل کے لئے بھارت کو کو مذکرات کی میز پر لانے کے لیے قائل کرنا ہو گا ۔کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے بھارت کی حکومت کشمیریوں پر ظلم ڈھا کر ان کو اپنے ساتھ شامل نہیں کر سکتی ،پا کستان نے او آئی سی اجلاس کا با ئیکاٹ کر کے درست فیصلہ کیا ہے اس اجلاس کے میزبان متحدہ عرب امارات نے بھارت کو دعوت دینے کے حوالے سے کسی رکن ملک سے مشاورت نہیں کی ۔پا کستان نے اجلاس میں اپنا لو لیول وفد بھیج کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔بھارت کا او آئی سی کا ممبر بننا اتنا آسان نہیں ہے ہا ں اگر مسئلہ کشمیر حل ہو جاتا ہے تو بھارت او آئی سی کاممبر بن سکتا ہے ۔ سابق سفیر غالب اقبال کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی پالیسیاں یکسر ناکام ہو چکیں ہیں اور مودی نے پلوامہ کا ڈارامہ بھارتی انتخابات کے تنا ظر میں رچایا ہے ۔ایسے حالات میں کسی بھی ملک کی قیادت کو اسٹیٹس مین کا کرادار ادا کرنا ہوتا ہے جو کہ پا کستانی لیڈشپ وزیر اعظم عمران خان نے بخوبی نبھا یا ہے پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے اسے ناکام بنایا ہے ، پاک بھارت کشیدگی ایک حد سے آگے نہیں بڑھے گی کیونکہ یہ دونوں ملکوں پا کستان اور بھارت کو سوٹ نہیں کرتا کہ کشیدگی کو مزید بڑھا یا جائے لیکن اگر کوئی ملک پا کستان کی سا لمیت کو چیلنج کرے تو اس کا جواب دینا ضروری ہو جاتا ہے ۔پاکستان نے بھارتی عزائم کے حوالے سے پہلے ہی یورپی یونین اور پی فائیو ملکوں کو آگاہ کر رکھا تھا پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے گرائے جانے کے واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جارحیت بڑھنے کا خطرہ بھی موجود ہے ۔بھارت کا پا کستان کے ساتھ جنگی ما حول پیدا کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ افغان امن عمل میں پا کستان کی پو زیشن کو کمزورکیا جائے۔

مودی نے آڈیو لیک کرنیوالے ڈانڈیا کو 2کروڑ بھجوادیئے

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی شیری اوی ڈانڈیا ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے وہ ایک اور دعویٰ لے کر سامنے آگئے ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان کو منہ بند کرنے کے لئے 2کروڑ روپے بھجوائے ہیں، بھارتی شیری اوی ڈانڈیا کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انکا منہ بند کرنے کیلئے ان کو2کروڑ روپے بھیجے ہیں اوی ڈانڈیا نے ایک لاکھ 40ہزار ڈالرز کے نوٹوں کے بنڈلز کی ویڈیو بھی جاری کردی انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی کسانوں اور فوجی جوانوں کا پیسہ ہے ہمیں خریدنے کی کوشش مت کریں مودی بھارتی عوام کا پیسہ لوٹ کر ہمیں خرید رہے ہیں، واضح رہے کہ کچھ روز قبل اوی ڈانڈیا نے سوشل میڈیا پر ایک آڈیو ٹیپ بھی لیک کی تھی جس کے مطابق بی جے پی کی لیڈر فوجی افسر کے بیٹے کو کہہ رہی تھی کہ بھارتی فوجیوں پر حملہ کروانا ہے یہ ویڈیو بعدازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی اور لاکھوں کی تعداد میں دیکھی گئی تھی تاہم ابھی تک بھارتی حکام کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق کا تردید نہیں کی گئی۔

شعیب ملک کو بھارت میں داخل نہیں ہونے دیں گے: انتہا پسند ہندوﺅں کی دھمکی

نئی دہلی (این این آئی) ورلڈ کپ میں پاکستان کو باہر نکالنے میں ناکامی کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے پاکستانی کرکٹرشعیب ملک کو بھارت میں داخل ہونے پر دھمکی دیدی ۔حکمران جماعت بی جے پی کے ریاست تلنگانہ سے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ملک نے ہمارا پاکستان زندہ باد کا ٹویٹ کیا جس سے من کو تکلیف ہوئی اس لیے ایسے شخص کو تلنگانہ اور حیدر آباد میں نہیں آنے دیں گے۔راجہ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ثانیہ مرزا کو ریاست کی برانڈ ایمبیسڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے، جب ثانیہ مرزا کے شوہر ہمارا پاکستان زندہ باد کا ٹوئٹ کرسکتا ہے تو یہ تو ہمارے دیس کی بیٹی ہے ، یہ کم از کم بھارت زندہ باد کا ٹوئٹ تو کرہی سکتی ہے، اسے ہم تلنگانہ ریاست کا برانڈ ایمبیسڈر نہیں رہنے دیں گے ، اسے ہم ہمارے پیسے سے موج مستی نہیں کرنے دیں گے، ہم نہیں چاہیں گے کہ ہمارے پیسے کسی پاکستانی بہو پر خرچ ہوں۔

بھارتی پلوامہ جیسے ڈرامے کی دسمبر سے پہلے اطلاعات تھیں: فواد چوہدری

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دسمبر سے پہلے ہمیں اطلاعات تھیں کہ بھارت کوئی حرکت کرنے والا ہے چودہ فروری کو پلواما واقعہ ہو گیا بھارت نے پاکستان پر الزام لگایا ہم نے کہا ثبوت دو بھارت نے ثبوت دینے کے بجائے حملہ کر دیا تاہم اب جنگ کے بادل بہت حد تک کم ہو گئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہندوستان کی نسبت پاکستان متحد ہے۔بھارت سے جذبہ ،خیر سگالی کی امید بھی نہیں رکھی جا سکتی۔پاکستان اور بھارت اگر جنگ کرتے ہیں تو عالمی طاقتوں کو تشویش ہوتی ہے کیونکہ دونوں نیوکلیئر قوتیں ہیں۔بھارت میں الیکشن ہونے والے ہیں مودی الیکشن کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔او آئی سی میں پارلیمنٹ کے فیصلے پر نہیں گئے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت حکومت اور اپوزیشن میںایک ہی ایشو پر اختلافات ہیں وہ ہے احتساب ،اپوزیشن گھٹنے گھٹنے دھنسی ہوئی ہے ۔احتساب کے معاملے پر اگر حکومت نے سمجھوتہ کیا تو ووٹر تو ہمیں پتھر مارے گا ہمار تو منشور ہی کرپشن کے خلاف کارروائی ہے۔اس سے قبل کرپشن کو کاروبار سمجھا جاتا ہے وزیراعظم نے کرپشن کے خلاف اٹھائی ۔بہرحال ابھی لوگ احتساب کے عمل سے مطمئن نہیں۔میرا پارٹی میں کسی سے اختلاف نہیں۔وزارت خارجہ بہت مصروف رہتی ہے۔پاکستان کے اصل مسائل اندرونی ہیں بیرونی مسائل تو آتے ہیں گزر جاتے ہیں۔ابھی تک پاکستان کو مدینہ کی طرز کی ریاست نہیں بنا سکے۔وزیراعظم عمران خان کی نیت بالکل صاف ہے سیدھی اور دوٹوک بات کرتے ہیں۔اصولی طور پر پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی نہیں ہونی چاہئے بھارتی فلم انڈسٹری بہت بڑی ہے۔

امیر قطر کا عمران خان کو فون ، ثالثی کی پیشکش

اسلام آباد (اے این این، مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم عمران خان کو امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دو طرفہ باہمی امور، خطے میں امن وامان کی صورت حال اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم سے گفتگو کے دوران شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کشیدگی کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کی طرف سے بھارت کے پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کی تعریف کی، انہوں نے وزیر اعظم کو امن کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ دونوں رہنماو¿ں کے درمیان دو طرفہ باہمی امور، خطے میں امن وامان کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان سرد ماحول میں کمی پر زور دیا جس کے لیے انہوں نے ثالثی کی بھی پیش کش کی۔ وزیر اعظم عمران خان کا برطانوی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اقدام کو سراہا۔ وزیر اعظم عمران خان اور برطانوی ہم منصب تھریسامے کے مابین ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں عمران خان نے انہیں پلوامہ واقعے کے بعد کی صورتحال سے متعلق موقف سے آگاہ کیا۔ برطانوی وزیر اعظم نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ عمران خان کے اقدام کو عالمی برادری میں بھی بھرپور پذیرائی ملی۔ برطانوی وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ برطانیہ حالیہ صورتحال میں دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے ایک دوسرے کو دورے کی دعوت بھی دی۔

پاکستانی پائلٹ کی شہادت سے متعلق بھارتی خبر جھوٹی نکلی

اسلام آباد (این این آئی) بھارتی میڈیا نے گروپ کیپٹن آغا مہر کی تصویر شہزاز الدین کے نام سے پھیلائی تاہم گروپ کیپٹن آغا مہر نے سینئر صحافی سے رابطہ کرکے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آغا مہر نے کہا کہ میں زندہ ہوں اور محاذ پر اپنی ذمہ داری ادا کررہا ہوں۔ پاکستان کی 27فروری کی کامیاب کارروائی کے بعد سے مسلسل بھارتی میڈیا پاکستانی پائلٹ سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلارہا تھا۔بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ شہزاز الدین ایف 16 اڑا رہے تھے جو بھارتی فضائیہ کی کارروائی کے دوران شہید ہوگئے۔

وطن پر جان نچھاور کرنیوالا پاک فوج کا شہید حوالدار فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

ڈیرہ غازی خان (اے این این ) وطن پر جان نچھاور کرنے والا پاک فوج کا شہیدحوالدار فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک، حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم علی کا تعلق ڈیرہ غازی سے تھا، کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فائرنگ کے دوران شہید ہوئے تھے ،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت، شہداءکی قبروں پر صدر مملکت، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے پھول چڑھائے گئے،پاک فوج کے چاک و چوبند دستے کی سلامی۔ اتوار کو لائن آف کنٹرول پر وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جان کی قربانی دینے والے پاک فوج کے حوالدار عبدالرب اور سپاہی خرم علی کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ گزشتہ روز بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر پر فائرنگ کرکے پاک فوج کے دو سپاہیوں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم کو شہید کردیا تھا۔ وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے دونوں سپاہی ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، حوالدار عبدالرب شہید کا جسد خاکی تونسہ میں ان کے آبائی علاقے بستی نتکانی پہنچایا گیا تو علاقہ مکینوں نے ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ شہید کی نماز جنازہ میں لواحقین، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد کے علاوہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بھی شرکت کی، بعد ازاں شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی اور قبر پر صدر مملکت،وزیر اعظم، آرمی چیف اور اعلیٰ حکام کی طرف سے پھول چڑھائے گئے۔ بعد ازاں خرم علی کی بھی ان کے آبائی علاقے میں تدفین کی گئی۔ خرم علی کا بھائی بھائی رمیز علی بھی پاک فوج میں نائیک اور آجکل سیاچن میں تعینات ہیں۔ ان کی آمد کے بعد شہید کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ شہید کی نما ز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی جب کہ وزیراعظم عمران خان اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول بھی رکھے گئے۔گزشتہ روز بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے حوالدار عبد الرب اور نائیک خرم سمیت 4افراد شہید ہوگئے تھے۔ دونوں سپاہی ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، حوالدار عبدالرب شہید کا جسد خاکی تونسہ میں ان کے آبائی علاقے بستی نتکانی پہنچایا گیا تو علاقہ مکینوں نے ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، انتظامیہ، لواحقین، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، بعد ازاں شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک فوج کے دستے نے شہید حوالدار عبدالرب کی میت کو سلامی پیش کی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول بھی رکھے گئے۔

بالا کوٹ حملہ صرف وارننگ تھی ،پاکستان کا کوئی نقصان نہیں ہوا: مودی کے اپنے وزیر نے جھوٹ کا پول کھول دیا

نئی دہلی(اے این این‘ صباح نیوز ) بھارتی وزیر مملکت سرندرا جیت سنگھ آہلووالیہ نے بالاکوٹ حملے سے متعلق بھارتی انتہا پسند میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فضائیہ کی کارروائی محض وارننگ تھی اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔بھارتی وزیر مملکت برائے الیکٹرونکس و آئی ٹی سرندرا جیت سنگھ آہلووالیہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارتی کارروائی سے پاکستان میں بڑا نقصان نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے کا مقصد پاکستان کو پیغام دینا تھا جانی نقصان پہنچانا نہیں۔بھارتی وزیر نے بھارتی انتہاپسند میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مقصد پاکستان کو متنبہ کرنا تھا کہ ہم میں اتنی طاقت ہے کہ ضرورت پڑنے پر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا بھارتی حملے میں ہونے والی 300 ہلاکتوں سے متعلق نریندرا مودی، بی جے پی کے صدر امیت شاہ یا پارٹی کے ترجمان نے کچھ کہا، کوئی دعوی کیا؟ انھوں نے کہا کہ نہ ہم نے جانی نقصان کا دعویٰ کیا اور نہ ہماری حکومت اس حملے کے بارے میں کوئی ثبوت پیش کرے گی ۔بھارتی وزیر سرندراجیت سنگھ اہلووالیہ نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں بھارتی فضائیہ کی کارروائی محض وارننگ تھی تاہم پاکستان میں بڑا نقصان نہیں ہوا۔اس سے قبل کانگریس کے اہم رہنما ڈگ وجے سنگھ نے مودی حکومت سے بالاکوٹ حملے کے تصویری شواہد دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے اچھا ہمسایہ ہونے کا نیا راستہ دکھایا.۔پائلٹ کو واپس بھیجنے کے اقدام پر بھارتی ایوان بالا کے رکن نے وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔یاد رہے کہ بھارتی طیاروں نے 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کیا جسے بعدازاں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

قصور : اخراجات کیلئے پیسے مانگنے پر نوجوان نے بیوی کو زندہ جلا دیا

قصور(بیورورپورٹ)گھریلو اخراجات کے لیے پیسے مانگنے پر اوباش نوجوان نے اپنی ہی نوبیاہتا بیوی کو زندہ جلا ڈالا پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے بتایا گیا ہے کہ موضع کھار اکے محمد لطیف کے مطابق اس کی بیٹی زبیدہ کی شادی کچھ عرصہ قبل موضع بگری کے محمد سجاد کے ساتھ ہوئی تھی جو آئے روز زبیدہ بی بی کو تشددکانشانہ بنایا کرتا تھا وقوعہ کے روز زبیدہ بی بی نے سبزی منگوانے کے لیے محمد سجاد سے پیسے مانگے تو نشے کے عادی محمد سجاد نے زبیدہ کو حسب معمول تشددکانشانہ بنانا شروع کر دیا اور اس کا گلا دبا کر اسے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم جب وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکا تو اس نے گھر میں موجود پٹرول کی بوتل زبیدہ بی بی پر چھڑکنے کے بعد اسے آگ لگا دی اور جب زبیدہ بی بی درد سے چلاتی ادھر ادھر مدد کے لیے بھاگنے لگی تو ملزم اس کی مدد کرنے کی بجائے قہقہے لگاتا رہا زبیدہ بی بی کوفوری طبی امداد نہ ملنے اور چلانے کے ساتھ ساتھ بھاگنے کی وجہ سے آگ بجھنے کی بجائے مزید بھڑک اٹھی جس سے اس کے جسم اور چہرے کا 80 فیصد حصہ بری طرح جھلس گیا اس امر کی اطلاع ملنے پر گاﺅں کے لوگ موقع پر پہنچے اور انہوںنے بری طرح جھلسی ہوئی زبیدہ بی بی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور پہنچایا جہاں کے عملہ نے تشویشناک حالت کے پیش نظر زبیدہ بی بی کو جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔

شوہر شادی کے دوسرے روز مجھے چھوڑ کر ہسپتال چلے گئے تھے: ریما

کراچی (شوبز ڈیسک)اداکارہ ریما خان نے پہلی بار اپنی شادی سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے اپنی زندگی سے جڑے کئی رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ریما خان حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ کے شو سپیک یور ہارٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے ماضی اور اپنی زندگی میں آنے والی مشکلات کے حوالے سے پہلی بار کھل کر بات کی۔ اپنے ماضی کے بارے میں ریما نے بتاتے ہوئے کہا کہ والد کی ملازمت چھوٹ جانے کے بعد ان لوگوں نے بہت مشکل وقت دیکھا اورایسا بھی ہوا کہ ہمیں کئی بار بھوکے پیٹ سونا پڑا۔اپنی شادی سے متعلق ریما نے اپنے شوہر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طارق اپنے کام سے اتنی محبت کرتے ہیں کہ شادی کے دوسرے روز وہ مجھے چھوڑ کر ہسپتال چلے گئے تھے۔ میں اب اپنی شادی شدہ زندگی میں بہت خوش ہوں اور ہمارا ایک چار سال کا بیٹا اذلان ہے ہماری دنیا مکمل ہوگئی ہے۔

بھائیوںنے چھریاں مار کر بوڑھی بہن کی آنکھ ضائع کی، جائیداد کے لالچ نے لوگوں کو بے حس کردیا: ضیا شاہد ، میاں چنوں میں جائیداد کی خاطر بھائیوں کا بہنوں پر حملہ ظلم ، انصاف دلائیں گے:اعجاز عالم کی چینل ۵ کے پروگرام ”ہیومن رائٹس واچ “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام ہیومن رائٹس واچ میں معاشرے میں ہونے والے ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے گفتگو کی گئی۔سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا کہ وہاڑی میں جائیداد کے حصول کے لئے بھائیوں محمد حسین ،اللہ بخش اور دو بہنوں کا ضعیف بہن پر حملہ بڑا ظلم ہے پراپرٹی کی ہوس نے لوگوں کو اندھا اور بے حس کر دیا ہے۔میاں چنوں کے علاقے ویہاڑی میں بہن پر ٹوکوں،چھریوں سے حملہ اور زخمی کرنے اس کی آنکھ ضائع کرنے والے قریبی رشتے دار ہیں ہسپتال میں زخمی خاتون کو کسی نے دیکھا تک نہیں خاتون کے بازو توڑنا انتہائی افسوسناک اور قبیح فعل ہے پولیس اس قسم کے کیسز عموماًکو گھریلو جھگڑے کہہ کر نظر انداز کر دیتی ہے۔میں سمجھتا ہوں ہم اور ہمارے نمائندے اس کیس میں مظلوم خاتون کو انصاف دلانے کے لئے کردار ادا کریں گے۔واقعہ کھلی کتاب کی طرح ہے میں سمجھتا ہوں مظلومین کو فوری انصاف ملنا چاہئے کیونکہ جس نے بھی کیا جرم تو سرزد ہوا ہے۔پولیس دیانتداری سے چاہے تو تفتیش کر کے حقائق تک پہنچ سکتی ہے واقعہ ایک عورت کا کام نہیں صرف ایک عورت کو پکڑ کر باقی کو رہا کرنے سے لگتا ہے پولیس نے رشوت کھا لی ہے۔اگر لڑائی تھی تو دوسری خاتون کو بھی زخمی ہونا چاہئے تھا۔کسی کو بھی مسئلہ ہو وہ براہ راست پروگرام میں فون کر کے بتا سکتا ہے۔ایک اور واقعہ فیصل آباد میں ہوا جس میں شوہر نے ماں اور بھائیوں سے مل کر بیوی پر تشدد کیا ہسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں ،خاتون دم توڑ گئی۔ایسے واقعات میں ملوث افراد سے کسی اور کی جان بھی محفوظ نہیں۔ وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم نے کہا کہ بدقسمتی سے گھریلو ناچاقیوں اور جائیداد ہتھیانے کے لئے ظلم و ستم معمول بن گیا ہے افسوس خونی رشتے بھی بھلا دیے گئے ہیں۔میاںچنوں میں جن سے ظلم ہوا وہ مجھ سے رابطہ کریں ہم انصاف دلائیں گے۔ خبریں و چینل فائیو بھی مظلومین سے حکومت کا رابطہ کرائیں۔اردگرد لوگوں کا بھی فرض ہے انسانی ہمدری کے تحت ایسے واقعات کم سے کم رپورٹ تو کر دیا کریں۔میں فوری طور پر ڈی پی او سے کیس کی رپورٹ لوں گا ایسا جرم ناقابل معافی ہے۔جب اپنے لوگ تشدد کریں تو گلہ کس سے کیا جائے۔جس طرح خاتون کو زخمی کیا گیا یہ کوئی عورت نہیں کر سکتی کسی مرد کاکام ہے۔میں سمجھتا ہوں ہیومین رائٹس کی پاسداری کرنے والوں کو بھی ایسے واقعات پر شدید رد عمل ظاہر کرنا چاہئے۔سمجھ سے باہر ہے معاشرہ کس طرف جا رہا ہے۔فیصل آباد واقعے پر بھی ایکشن لیں گے۔میں سمجھتا ہوں معاشرے میں شعور جگانے کی ضرورت ہے۔ متاثرہ خاتون کے رشتے دار نے چینل فائیو کے نمائندے کو بتایا کہ پولیس نے خاتون کا میڈیکل تک ڈکلیئر نہیں کرایا اور ملزمان کو بے گناہ قرار دے دیا ہے کیا یہ انصاف ہے۔چینل فائیو کے نمائندے نے بتایا کہ خاتون کو قتل کرنے کی نیت سے حملہ کیا گیا لیکن وہ خوش قسمتی سے بچ گئی۔جن لوگوں تک چیخ و پکار کی آوازیں گئیں وہ بھی خوفزدہ ہو گئے۔لگتا ہے پولیس ساتھ ملی ہوئی ہے کیونکہ ملزمان کو فوری ہی بے گناہ قرار دے دیا گیا۔فیصل آباد میں آپریشن سے بچہ پیدا کرنے کے جرم میں شوہر، ساس اور بھائیو ں کے ہاتھوں تشدد کے بعد مرنے والی رضیہ نامی خاتون کے باپ نے چینل فائیو کو بتایا میری بیٹی سے بہت ظلم ہوا میری بیٹی کے تین بچے ہیں میری بیٹی کو سریوں اور ہیلمٹ سے مارا گیا تشدد کے بعد وہ چلنے سے قاصر تھی سات روز بعد وہ دم توڑ گئی مجھے صرف انصاف چاہئے۔لڑکی کی ماں نے بتایا میری معصوم بیٹی کو قتل کیا گیا میں کس سے انصاف مانگوں۔اس موقع پر متعلقہ تھانے کے پولیس افسر نے بتایا خاتون کی ہلاکت مبینہ تشدد سے ہوئی رپورٹ ملی تو موقع پر پہنچ کر ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی میاں چنوں نے بتایا کہ صدر تھانہ وہاڑی میں ایف آئی آر درج ہو گئی ہے تاہم مدعی مطمئن نہیں لہذا اب اے ایس پی بوریوالا کیس کی تفتیش کریں گے۔ لیگل ایڈوائزر آغا باقر نے بتایا کہ زخمی خاتون کا میڈیکل چیک اپ ہو گا اور پھر اس کے مطابق ملزمان پر دفعات لگائی جائیں گی چاہے حملہ کرنے والی سگی بہن ہو یا بھائی ذمہ داران کو بہرحال سزا ملے گی۔ پروگرام میں لائیوکالرز نے بتایا مظلوم لوگوں کی آواز اٹھانا زبردست اقدام ہے اسے جاری رہنا چاہئے تاکہ غریب ،بے کس لوگوں کو کوئی تو امید ملے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی مجلس عاملہ کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی مجلس عاملہ کا اجلاس (آج) پیر لاہور میں ہوگا جس کی صدارت پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین کریں گے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے قائم مقام جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے بتایاکہ اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبران کو دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں اور اجلاس میں گراس روٹ سطح پر ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے اس کے علاوہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نئے جنرل سیکرٹری کی تقرری پر بھی بات چیت ہوگی۔

پاکستان سپر لیگ چوتھا ایڈیشن ،آج دو میچز ہونگے

دبئی (آئی این پی)پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن میں (آج) پیر 4 مارچ کو دو میچ کھیلے جائینگے اس سلسلے میں پہلا میچ پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ اسی روز کا دوسرا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔17مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزما ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔لیگ میں شریک ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلیں گی جن میں سے ٹاپ فور ٹیمیں ناک آﺅٹ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائیگا۔