کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کی پھوار نے موسم کو حسین بنا دیا

کراچی (ویب ڈیسک )کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار اور سہانا ہوگیا ہے۔آج صبح سویرے سے ہی کراچی کے علاقے ملیر، شیر شاہ، لسبیلہ، گلشن اور گلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار اور سہانا ہوگیا ہے۔صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، پی ای سی ایچ ایس، یونیورسٹی روڈ، جیل روڈ، جہانگیر روڈ، ناظم آباد، قائد آباد، شاہ فیصل کالونی اور لانڈھی کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ہلکی بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے نتیجے میں متعدد موٹرسائیکل سواروں کے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر بھی موٹرسائیکلوں کے پھسلنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور مختلف علاقوں میں مزید بوندا باندی کی بھی پیشگوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے جب کہ سمندری ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہیں ہیں۔محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کی توقع ہے جب کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

ایران نے جو ہری معاہدے کی پاسداری ابھی تک ختم نہیں کی

ایران( ویب ڈیسک )اقوام متحدہ کے ایٹمی واچ ڈاگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنے مستقبل سے متعلق غیر یقینی کی صورتحال کے باوجود عالمی طاقتوں سے کیے گئے جوہری معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔ ‘اے ایف پی’ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران تاحال 2015 کے ‘مشترکہ جامع پلان آف ایکشن’ کے طے شدہ نکات پر عمل کر رہا ہے۔’یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے مئی میں دستبردار ہونے اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد معاہدے کا مستقبل خطرے میں ہے۔آئی اے ای اے کی رپورٹ میں کہا گیا ایجنسی کو ایران کے ان تمام مقامات اور سائٹس تک رسائی حاصل تھی جسے وہ دیکھنا چاہتی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران کے کم افزودہ یورینیم اور بھاری پانی کے ذخائر میں گزشتہ رپورٹ کے مقابلے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لیکن یہ ذخائر معاہدے کی طے شد حد کے اندر ہیں۔گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا تھا کہ اگر ان کا ملک اپنے مفادات کا تحفظ نہ کر سکا تو وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہوسکتا ہے۔امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کی گئی پابندیوں سے ایرانی حکومت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور غیر ملکی کمپنیاں بھی ملک سے روانہ ہونا شروع ہوگئی ہیں، جس کی وجہ سے بڑی سطح ہر سرمایہ کاری کی امید بھی دم توڑ گئی ہے۔

خلیجی ممالک میں سینکڑوں نہیں ہزاروں پاکستانی جیلوں میں قید ،سنگین انکشاف

اسلام آباد( ویب ڈیسک )وزارت خارجہ کی جانب سے سینیٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کی مختلف جیلوں میں ہزاروں پاکستانی قید ہیں۔وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹر محسن عزیز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 594 پاکستانی اب تک بھارت کی مختلف جیل میں قید ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 5 برسوں میں بھارت نے 420 کے قریب پاکستانی قیدی رہا کیے اور اسی عرصے میں پاکستان نے تقریباً 1997 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا جبکہ اس وقت 471 بھارتی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔اجلاس کے دوران سینیٹر بہرامند خان تنگی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 18-2017 کے درمیان خلیجی ممالک میں 6 ہزار 4 سو 50 پاکستانیوں کو جیل ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق 2 ہزار 9 سو 70 پاکستانی، سعودی عرب، 2 ہزار 6 سو پاکستانی، متحدہ عرب امارات، 6 سو 57 اومان، ایک سو 28 بحرین، 54 قطر، 38 کویت جبکہ 3 یمن کی جیلوں میں قید ہیں۔تاہم ان ممالک میں مشن کی ٹیموں کے دورے، قید پاکستانیوں تک رسائی اور ان کے اہل خانہ سے مسلسل رابطہ قائم کرنے سے متعلق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی صحت، خوراک اور قانونی معاونت سے متعلق مشنز متعلقہ جیل انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ اور عمران خان میں اچھے تعلقات میں پیشرفت خوش آئندہے

امریکہ (ویب ڈیسک )امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک افسر نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان کو موقع دینا چاہتی ہے تاکہ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر سکیں۔امریکا کے اسسٹنٹ سیکرٹری دفاع برائے امور ایشیا و بحرالکاہل رینڈل شرائیور نے کہا کہ پاکستان کی بہت سی حکومتیں بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتی تھیں لیکن جلد ہی ان حکومتوں کو حقائق اور مشکلات کا اندازہ ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے متعلق امریکا کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔افسر نے مزید کہا کہ کہا کہ پاکستان کی مالی امداد میں کٹوتی کا امریکی رویہ برقرار رہے گا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ آئندہ ہفتے پا کستان کا دورہ کریں گے اور پاکستان کی نئی قیادت سے ملاقات کریں گے۔امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈن فورڈ آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے۔امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ اور جنرل جوزف وزیر اعظم عمران خان اور دیگر پاکستانی رہنماو¿ں سے ملاقات میں امریکی عہدیدار صاف اور واضح طور پر یہ طے کریں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔

آبی تنازع کے سلسلے پاکستانی وفدبھی بھارت جائے گا

لاہور( ویب ڈیسک ) بھارت نے اپنے 2 آبی منصوبوں، 1000 میگا واٹ پکوال دل اور 48 میگا واٹ لوئر کلنال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی ماہرین کے دورے پر رضا مندی کا اظہار کردیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کو یقین دہانی کروائی گئی کہ دونوں منصوبوں پر اس کے اعتراضات کو سنجیدہ لیتے ہوئے تکنیکی سمجھوتوں کی روشنی میں حل کیا جائے گا جو آئندہ اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔اس حوالے سے آبی ذخائر کے سیکریٹری شمائل احمد خواجہ نے ڈان کو بتایا کہ لاہور میں ہونے والے ان 2 روزہ مذاکرات میں سب سے اہم پیش رفت یہ ہے کہ بھارت پاکستانی ماہرین کو اپنے منصوبوں کا دورہ کروانے پر رضامند ہوگیا۔جس کے بعد پاکستانی ماہرین پر مشتمل وفد آئندہ ماہ کے اختتام پر بھارت کا دورہ کرے گا، اس دوران ہمارے ماہرین سندھ طاس معاہدے کے تحت دونوں منصوبوں کا باریک بینی سے معائنہ کریں گے۔جس کے بعد پاکستان بھارت سے دریائے چناب پر بنائے گئے ان دونوں منصوبوں کے حوالے سے اپنے اعتراضات پیش کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اپنے اعتراضات دور کرنے کے لیے ہم بھارت کو قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں کیوں کہ ہم سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے دریاو¿ں کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں دیکھنا چاہتے۔جس کے باعث بھارت ہمارے اعتراضات پر نظر ثانی کرنے کے لیے تیار ہوگیا اور 2 روزہ مذاکرات کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک علیحدہ علیحدہ تکنیکی یادداشت تیار کریں گے اور آئندہ 3 ماہ میں متوقع اجلاس میں ان کا تبادلہ کیا جائے گا۔سیکریٹری آبی ذخائر شمائل احمد خواجہ نے دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھارت میں ہونے والے مذاکرات کا اگلا دور پاکستان کے خدشات کے بارے میں بات چیت کے سلسلے میں حتمی اور جامع ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ آئندہ اجلاس میں بھارت ہمارے اعتراضات پر غور کرے گا اور سندھ طاس معاہدے کا احترام کرتے ہوئے انہیں حل کیا جائے گا۔

پولیس نے بشریٰ بی بی کی بیٹی سے بدتمیزی کی

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی پی او پاکپتن کی تبدیلی کا معاملہ، کہانی کا پوشیدہ پہلو منظر عام پر آگیا۔ سی ایم ہا¶س نے آئی جی سے پہلے ہی ڈی پی او رضوان گوندل کو تبدیل رنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ڈی پی او رضوان گوندل کی کہانی کا ایک نیا رخ سامنے آگیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے خاتون اول کی بیٹی کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، پولیس اہلکار نے خاتون اول کی بیٹی کا ہاتھ پکڑاتھا، خاور مانیکا کی بیٹی نے بدتمیزی کی شکایت والدہ سے کی تھی جبکہ بدتمیزی کے بارے میں مانیکا فیملی نے ڈی پی او کو بھی آگاہ کیا تھا، چند روز بعد ہی خاور مانیکا کو ناکے پر روک لیا گیا۔مانیکا فیملی سے ہونیوالی بدتمیزی کے بعد سی ایم ہا¶س نے مداخلت کی، سی ایم ہا¶س نے آئی جی دفتر سے پہلے ہی ڈی پی او رضوان گوندل کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کی فون کال سے بھی پہلے وزیر اعلیٰ کا پرسنل سیکرٹری ڈی پی او پاکپتن سے چارج چھوڑنے کے متعلق آگاہی لیتا رہا جبکہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے سی ایم کے پرسنل سیکرٹری کے فون سے بیس منٹ بعد رضوان گوندل کو چارج چھوڑنے کے احکامات دیئے۔ذرائع کے مطابق سی ایم ہا¶س میں ڈی پی او کو ملازمین کے ساتھ ڈیرے پر جانے کا کہا گیا تھا۔

ریلوے کی زمین ملکی قرضہ اتار سکتی ہے ،عمران خان بیچنے کا فیصلہ کریں

کراچی (این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کی زمین ملک کا قرضہ اتارسکتی ہے عمران خان اس کو فروخت کرنے کا فیصلہ کریں۔ نیب میں آج بھی لاتعداد مقدمات ہیں، 8 آخری مرحلے (فائنل اسٹیج)میں ہیں۔جو انکوائری نیب مانگ رہا ہے وہ اسے دے رہے ہیں۔42 ارب کا خسارہ جلد پورا کیا جائیگا، ریلوے سر مایہ کاروں کے لئے حاضر ہے ۔ریلوے میں مسافروں کانہیں اصل مسئلہ فریٹ کا ہے۔افسران سن لیں فریٹ کے حوالے سے بہت شکایات ہیں مجھے فریٹ میں 100 فیصد اضافہ چاہیے۔ ریلوے کی بہتری کے لئے بین الاقوامی ماہر آرہے ہیں وہ بلامعاوضہ اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ ریلوے 20 کروڑ عوام کی سوار ی ہے ،قوم 4سے5ماہ کی مہلت دے ریلوے کاسسٹم ٹھیک کروں گا۔ریلوے ٹریک کو کرائے پر بھی دینے کے لئے تیار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کینٹ اسٹیشن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں شیخ رشید احمد کی صدارت میں سٹی اسٹیشن پر ریلوے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کراچی سے چلنے والی ٹرینوں بلخصوص مال گاڑیوں اور فریٹ کا جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں کینٹ اسٹیشن پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےشیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے 20کروڑعوام کی سواری ہے، قوم چار سے پانچ ماہ کی مہلت دے ریلوے کاسسٹم ٹھیک کروں گا۔مال گاڑیوں میں 100 فیصداضافہ کرناچاہتے ہیں،ریلوے میں مسافروں کانہیں اصل مسئلہ فریٹ کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو 20کروڑ عوام کی سواری بنانا چاہتے ہیں، 65سال کے شہریوںکو 50 فیصد اور 75 سال کے افراد کے لئے ریلوے کاسفر مفت ہوگا اور معذور افراد کے لئے 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ60 دنوں میں پی ٹی آئی اور عمران خان کے متحرک ورز اور بیرون ملک سے ماہر آئیں گئے، وہ ریلوے کی بہتری کے لئے کام کریں گے ۔وہ بلا معاوضہ میں اپنی خدمات دے رہے ہیں ہم صرف ان کی ہوٹلوں میں رہائش کا بندو بست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آن لائن بکنگ اورٹریڈکی بہتری کیلیے موبائل ایپلی کیشن7دن میں بن جائیگا۔ہر شخص اپنے موبائل پر ٹرین کی معلومات حاصل کر سکتا ہے کہ اس کی ٹرین کہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ افسران سن لیں،فریٹ کے حوالے سے بہت سی شکایات ہیں، فریٹ کی بہتری کے لئے تمام کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ فریٹ کی بہتری کے لئے نجی کمپنیوں کو بھی شامل کریں گے۔فریٹ کے اندر بڑی کرپشن ہے 25 فیصد فریٹ چاہیے میں افسران کو ایک مہلت دے کر جارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں کے سی آرمیں رکاوٹ نہیں بنیں گے،ہرصورت ریلوے کاخسارہ کم کریں گے، کراچی سر کلر ریلوے (کے سی آر)پروزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان( ایم کیو ایم) سے بات کریں گے۔کراچی میں سرکلر ریلوے کے بغیر سفر ی سہولیات میسر نہیں ہونگی کراچی سے جلد نان سٹاپ ریلوے ٹرین ( گرین لائن کی طرز کی) چلائی جائیگی سفری سہولت کے لئے جلد 4 نئی ٹرینیں چلائی جائینگی۔ابھی ٹرینوں کے نام فائنل نہیں کئے ہیں ،15ستمبر کو دو نئی ٹرینیں چلا ئیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک کا قر ض اتارنے کے لئے ریلوے کی زمین ہی کافی ہے۔ ہم اس کو کابینہ میں لیکر جا ئیں گے،وزیراعظم چاہیں تو ریلوے کی زمیں فروخت کردیں ریلوے کا گند صاف کرنے کے لئے چار ماہ کی مہلت دی جائے کرپشن میں ملوث کسی ملازم کو سپورٹ نہیں کرینگے 100 دن میں وزیراعظم کے خواب کی تکمیل کو پورا کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں ایکڑ کی ہماری زمینیں ہیں۔ ہم بزنس مال اور فوڈمارکیٹ بنانے چاہتے ہیں۔ہم پاگل نہیں ہیں ریلوے کی ملکیت کسی کو نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ10 ہزارہاو سز ہیں ، ریلوے کی زمین پر کراچی میں سب سے زیادہ ہاو سز بن سکتے ہیں، کے الیکڑک بھی کالونی کو میٹر لگانے کے لئے تیار ہو گی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 42 ارب کا خسارہ جلد پورا کیا جائیگا سر مایہ کاروں ( انوسٹر)کے لئے ریلوے اور اس کے ہسپتال حاضر ہے جو چاہتا آئے پیسے لگائے اور چلائے ۔ہم تمام اسپتال پرائیویٹ پارٹنر شپ دینا چاہتے ہیں ،ریلوے میںکوئی بھی کام بغیرمیرٹ اورٹینڈرکے کوئی چیزنہیں ہوگی۔زیرو کرپشن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان سے جہلم تک ایک لائن 56 کولیمٹر ہے اس کو 20کلومیٹر کرسکتے ہیں ۔ بہت سے ریلوے ٹریک خالی پڑے ہیں جن کو چلانا چاہتے ہیں لیکن ہم ٹریک کرائے پر بھی دینے کا تیار ہیں ۔بہت سے ٹریک سی پیک میں بھی شامل ہیں جو اس میں دیکھ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں مزدور،ڈرائیور اور کنڈیکٹرز کے اسکیل میں بھی اضافہ ہو۔ملازمین کوبھی خوشحال کریںگے اورریلوے کوبھی خسارے سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوکریاں بھی دیں گے ریلوے میں ابھی بھی 20 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے۔کسی غریب یاکچی آبادی کوابھی بیدخل نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیب میں آج بھی لاتعداد کیسز ہیں 8 آخری مرحلے(فائنل اسٹیج) میں ہیں ۔ میراکام تحقیقات کرنا نہیں ہے، نیب کا کام ہے ، جو بھی کرپشن ہوئی نیب اس کو دیکھے، جو انکوائری نیب مانگ رہا ہے وہ اسے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے پولیس کی تنخواہ بڑھانے کے ساتھ یہ بھی دیکھیں گے کہ ان کی ضرورت ہے یا نہیں۔

]

ماہرہ خان کی مردمداحوں کے ساتھ سیلفی بنانے سے معذرت

لاہور(شوبز ڈیسک) مایہ ناز اداکارہ ماہرہ خان نے کراچی ایئرپورٹ پر مردوں کے ساتھ سیلفی بنانے سے معذرت کر لی ، خواتین اور بچے اداکارہ کے ساتھ سیلفیاں بنانے میں مصروف رہے۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان ایک ڈرامہ سیریل کی ریکارڈنگ میں حصہ لینے کے لئے خصوصی طور پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 306کے ذریعے لاہور آرہی تھیں کہ کراچی ایئرپورٹ انہیں دیکھ کر مرد اور خواتین مداحوں کی بڑی تعداد ان کے گرد جمع ہو گئی اور ان کے ساتھ سیلفی بنانے کی فرمائش کی جس پر ماہرہ خان نے خوش دلی کے ساتھ خواتین اور بچوں کے ہمراہ سیلفیاں بنائیں تاہم انہوں نے مردوں کے ساتھ سیلفی بنانے سے معذرت کر لی۔اس دوران اذان ہوئی تو ماہرہ خان نے احتراماً سر پر دوپٹہ اوڑھ لیا جس پر ان کے مداح حیرت سے انہیں دیکھنے لگے۔

کترینہ کیف فلم ”بھارت“ کی عکس بندی کے بعد لندن پہنچ گئیں

ممبئی (شوبزڈیسک) بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف فلم ”بھارت“ کے مالٹا شیڈول کی عکس بندی مکمل ہونے کے بعد لندن پہنچ گئیں، جہاں وہ فلم کے اگلے شیڈول کے شروع ہونے تک رہیں گی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کترینہ کیف اور سلمان خان فلم ”بھارت“ کی عکس بندی مالٹامیں کر رہے تھے جو مکمل ہونے کے بعد سلمان خان بھارت آگئے اور کترینہ کیف نے لندن کا رک کر لیا جہاں وہ فلم کے اگلے شیڈول کے شروع ہونے تک رہیں گی ۔ کترینہ کیف نے اس موقع پر بنائی گئی مونو گرام وڈیو بھی انسٹاگرام پر جاری کی ہے۔

سونم کپور فلم ”دی زویا فیکٹر“ کی عکسبندی میں مصروف

ممبئی(شوبزڈیسک) بالی ود اداکارہ سونم کپور نے فلم ”دی زویا فیکٹر“ کی عکس بندی شروع کر دی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سونم کپور نے فلم ”دی زویا فیکٹر“ کی عکس بندی شروع کر دی جبکہ سلمان دولقیر رواں ہفتے کے آخر میں عکس بندی شروع کریں گے۔ فلم میںسونم کپور اشتہاری مہمات کی ماہر کا جبکہ سلمان دولقیر بھارتی کرکٹ کے کپتان کا کرداراد اکر رہے ہیں، فلم کی کاسٹ میں سونم کپور سلمان دولقیر اور سنجے کپور شامل ہیں۔ فلم کی کہانی انوجا چوہان کے ناول سے ماخوذ ہے۔ فلم کے ہدیات کار ابھیشیک شرما ہے جو آئندہ سال سینماگھروں کی زینت بنے گی۔