All posts by saqib

سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران مقرر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران مقرر کردیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں سے سینیٹ کی سات، 7 جنرل نشستوں 2، 2 خواتین اور 2،2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ سے 1، 1 اقلیتی نشست پر بھی انتخاب ہوگا جبکہ اسلام آباد کی 1 جنرل اور 1 ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ چاروں صوبوں میں سینیٹ انتخابات کے لیے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیے ڈی جی ٹریننگ الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسر کو مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابات کیلئے پولنگ تین اپریل کو قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

سندھ اور پنجاب سے 12،12 اور اسلام آباد کے 2 سینیٹرز کا انتخاب ہوگا جبکہ خیبر پختوانخوا اور بلوچستان سے 11،11 نئے سینیٹرز منتخب ہوں گے۔

 

آصف زرداری کو صدارتی پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم، اہم سامان ایوان صدر منتقل

نومنتخب صدر آصف علی زرداری کو صدارتی پروٹوکول اورسیکیورٹی فراہم کر دی گئی جبکہ ان کا اہم سامان ایوان صدر منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ روز صدارتی الیکشن جیت کر دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے والے آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں، آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے۔

پاکستان کے 14ویں صدرمملکت کی حلف برداری کی تقریب آج شام 4 بجے ایوان صدرمیں ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نومنتخب صدرسے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے جبکہ مخلف ممالک کے سفیروں کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کو صدارتی پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، آصف علی زرداری حلف برداری کی تقریب سے قبل ایوان صدر منتقل ہو جائیں گے۔

نو منتخب صدر آصف زرداری کا اہم سامان ایوان صدر منتقل کر دیا گیا ہے، سامان آصف زرداری کی پرسنل سیکرٹری رخسانہ بنگش کی نگرانی میں ایوان صدر منتقل کیا گیا۔

مراکش کے فٹبالر کی سابق اہلیہ نے ایک سال بعد طلاق کی وجہ بتا دی

مراکش سے تعلق رکھنے والے فٹبالر اشرف حکیمی کی سابق اہلیہ نے علیحدگی کے ایک سال بعد خاموشی توڑ دی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 میں اپنی کارکردگی کے باعث سب کی توجہ حاصل کرنے والے مراکش کے فٹبالر اشرف حکیمی کی سابق اہلیہ حبہ ابوق نے باقاعدہ طور پر اپنے اور فٹبالر کے درمیان علیحدگی پر تبصرہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں حبہ کا کہنا تھا کہ خیانت محبت کو ختم کر دیتی ہے، سابق اہلیہ نے مختلف چیزوں پر بات کی تھی۔

37 سالہ ماڈل کا کہنا تھا کہ طلاق سمیت مختلف لمحات ان کی زندگی کے مشکل ترین لمحات تھے۔

رپورٹر کے سوال پر حبہ کا کہنا تھا کہ آپ کو بہت دیر تک چیزوں کو سوچنا اور سمجھنا ہوتا، اس پر مباحثہ کرنا ہوتا، بعدازاں نتیجہ نکلتا ہے، لیکن دھوکہ محبت کو مار ڈالتا ہے۔

حبہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کئی مرتبہ فٹبالر کو معاف کیا تھا، تاہم ’ یہ میرے لیے مشکل ترین فیصلہ تھا، کیونکہ میں نے اپنے والدین اور خاندان کے لیے سب کچھ چھوڑ دیا تھا، میں اپنے شوہر کو چھوڑ چکی ہوں، اور اب ایک نئی زندگی کی طرف جانے کی کوشش کر رہی ہوں’۔

واضح رہے مراکش ٹیم کے فٹبالر اشرف حکیمی اور حبہ ابوق کی شادی 2020 میں ہوئی تھی، جبکہ دونوں کے 2 بچے امین اور نعیم بھی ہیں، تاہم 2023 میں ایک خاتون نے فٹبالر پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق طلاق کے بعد حبہ نے سابق شوہر سے 11 ملین ڈالرز نان نفقہ مانگا تھا، جبکہ سابق شوہر نے 2 اعشاریہ 2 ملین ڈالرز دینے کی پیشکش کی تھی۔

تاہم اس خبر نے سب کو حیران کر دیا تھا کہ فٹبالر نے اپنی ساری جائیداد اپنی والدہ کے نام کر دی ہے، جس پر سابق اہلیہ نے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ سابق شوہر نے فراڈ اور ازدواجی جائیداد سے متعلق بد انتظامی کی ہے۔

جائیداد والدہ کے نام منتقل کرنے پر والدہ کا موقف بھی سامنے آیا تھا، والدہ کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں ہے کہ میرے بیٹے نے کب اپنی جائیداد میرے نام کی ہے، اگر اس نے ایسا کیا ہے، تو اس عورت سے جان چھڑانے کے لیے کیا ہوگا۔

عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے، گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گھروں میں رمضان پیکج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دے دیا اور کہا کہ عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے، ان کے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے، رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کروں گی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بغیر اطلاع پونچھ ہاؤس میں قائم صوبائی ماڈل رمضان بازار کنٹرول روم جا کر مانیٹرنگ کاجائزہ لیا۔

مریم نواز نے ڈسٹرکٹ،ڈیش بورڈ اورپی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ کیا اور قیمت ایپ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں میں رمضان پیکج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے رمضان پیکیج کی گھروں میں ترسیل کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں، رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کریں گے، عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے، ان کے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکیج اوردیگر امور کے بارے میں ڈسٹرکٹ سکور کارڈبنایا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں نمبر کم ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گھر میں ترسیل کی اطلاع بھی ڈیش بورڈ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10رمضان تک تمام ضرورت مندوں تک رمضان نگہبان پیکیج پہنچ جائیں گے۔

چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ، ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چینی صدر شی جن پنگ کی آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

چین کے صدر شی جن پنگ نے آصف زرداری کو دوسری بار پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

چینی صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاک چین دوستی تاریخ کا انتخاب اور عوام کا قیمتی خزانہ ہے، دونوں ملک اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے قریبی اعلیٰ سطحی تبادلے کو برقرار رکھا ہے اور دونوں ملکوں نے سی پیک کی تعمیر میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے ہیں۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری گزشتہ روز بھاری اکثریت سے دوسری بار صدر پاکستان منتخب ہوگئے ہیں وہ آج شام اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیبرپختونخوا: صحت کارڈ پر متعدد طبی سہولیات سرکاری اسپتالوں تک محدود رکھنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی متعدد طبی سہولیات کو سرکاری اسپتالوں تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یکم رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں صحت کارڈ پلس پر خدمات کی بحالی سے متعلق انشورنس کمپنی کے زونل ہیڈز کے نام مراسلے لکھے گئے تھے، تاہم اب انشورنس کمپنی نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صحت کارڈ پر سی سیکشن، انجیو گرافی، اپینڈیکس کا علاج سرکاری اسپتال میں ہوگا۔ پتھری، ٹانسل، آنکھ اور ناک کا علاج بھی سرکاری اسپتال میں ہوگا۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پلس کی بحالی کیلئے ایک روز قبل انشورنس کمپنی کے زونل ہیڈز کے نام مراسلے لکھے گئے تھے۔ مراسلے پشاور اور سوات زون کے زونل ہیڈ کے نام لکھے گئے۔

مراسلے میں لکھا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ 7 مارچ کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں اجلاس ہوا، جس میں علی امین گنڈا پور نے انشورنس کمپنی کو صحت کارڈ پلس کی بحالی کی ہدایت کی۔

مراسلے کے مطابق صحت کارڈ کی بحالی خیبرپختونخوا کے 100 فیصد آبادی کے لئے کی گئی ہے۔ یکم رمضان المبارک سے صوبہ بھر میں صحت کارڈ پلس پر خدمات بحال ہوجائیں گی۔

اس حوالے سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ مریضوں کی سہولیات کے لئے تمام اسپتالوں میں کاﺅنٹرز کا قیام یقینی بنایا جائے، اسپتالوں میں پروگرام کی برانڈنگ اور ہیلپ لائن نمبرز کی نمائش کی جائے، تمام مریضوں کو بلا تعطل خدمات فراہم کی جائیں۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بطور ریٹرننگ افسر صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ فارم 7 پر جاری کیا، جس کے مطابق آصف علی زرداری صدارتی انتخابات میں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کیے گئے فارم 7 کے مطابق صدارتی انتخابات میں کُل ایک ہزار 44 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 1035 ووٹ درست قرار پائے جبکہ 9 ووٹ مسترد ہوئے، آصف زرداری 411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل محمود خان اچکزئی 181 ووٹ حاصل کر سکے۔

فارم 7 کے مطابق آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے 255، سندھ اسمبلی سے 58، خیبرپختونخوا اسمبلی سے 8، پنجاب اسمبلی سے 43 اور بلوچستان اسمبلی 47 ووٹ حاصل کیے

محمودخان اچکزئی نے پارلیمنٹ سے 119، سندھ اسمبلی سے 3، خیبرپختونخوا اسمبلی سے 41، پنجاب اسمبلی سے 18 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمودخان اچکزئی کو بلوچستان اسمبلی سے کوئی ووٹ نہیں ملا۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کا حتمی نتیجہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو بھجواتے ہوئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا، جس میں حتمی نتیجہ بھی شامل ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو آصف علی زرداری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا رمضان میں عوام کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ماہِ رمضان میں عوام کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکج کا حجم ساڑھے7 سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کردیا۔

شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج کا حجم بڑھانے کے ساتھ دائرہ کار بھی وسیع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکج پہنچایا جائے۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹس بھی کھانے پینے کی سستی اشیاء فراہم کریں گے۔

ابتدائی طور پر 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکج ریلیف مراکز قائم کیے جارہے ہیں جبکہ یکم رمضان سے اختتام رمضان تک ریلیف پیکج کے تحت عام بازار سے کم قیمت پر اشیاء فراہم کی جائیں گی۔

متعین مقامات کے علاوہ ٹرک مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سستی اشیاء خوردونوش پہنچائیں گے، مقام کا تعین جدید ٹیکنالوجی ’جی پی ایس‘ کی مدد کیا جائے گا جبکہ موبائل ایپ کے استعمال کی رہنمائی کے لیے خصوصی ویڈیو بھی جاری کی جائے گی۔

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والا ڈیش بورڈ تیار کیا جارہا ہے تاکہ موبائل آٹے کی فروخت کی نگرانی ہوسکے۔

اس حوالے سے ترجمان نے مزید کہنا تھا کہ کہ موبائل یونٹس کے ایک سے دوسرے مقام منتقلی کے دوران آٹے کی فراہمی جاری رہے گی اور موبائل اور لائیو فوٹیج سے آٹے کی تقسیم کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

ریلیف پیکج کے ذریعے 3 کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو رمضان میں سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء دی جائیں گی، رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق افراد کو بازار سے 30 فیصد سستی اشیاء دی جائیں گی، آٹے پر فی کلو 77 روپے اور گھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے7 مارچ کو ساڑھے 7 ارب روپے سبسڈی سے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم کا وفاقی کابینہ کا حجم مختصر رکھنے کا فیصلہ

 اسلام آباد: وزیر اعظم نے پہلے مرحلے پر کابینہ کا حجم مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ کل شام چار بجے حلف اٹھائے گی۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر وفاقی کابینہ میں 12 سے 14 وزراء کو شامل کیا جائے گیا۔

پہلے مرحلے میں وزارت خزانہ، وزارت خارجہ، وزارت توانائی، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت داخلہ کے قلمدان سونپے جائیں گے جبکہ وزارت اطلاعات، وزارت نجکاری اور دیگر اہم وزارتوں کے وزراء بھی مقرر کیے جائیں گے۔

وفاقی وزراء کو اضافی وزارتیں بھی دی جائیں گے۔ وفاقی کابینہ میں اسحاق ڈار، عطا اللہ تارڑ، خواجہ آصف اور احسن اقبال کو شامل کیا جائے گا جبکہ محمد اورنگزیب اور شمشاد اختر کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

نئی وفاقی کابینہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری سے حلف لے گی۔

رمضان ریلیف پیکج کا حجم بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا گیا

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج کا حجم ساڑھے 7 ارب روپے سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا۔

وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکج کا حجم بڑھانے کے علاوہ دائرہ کار بھی وسیع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹس بھی سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کریں گے۔

جاری ہدایات کے مطابق زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکج پہنچایا جائے، ابتدائی طورپر 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکج ریلیف مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ یکم رمضان سے اختتام رمضان تک ریلیف پیکج کے تحت عام بازار سے کم قیمت پر اشیاء فراہم کی جائیں گی۔

رمضان ریلیف پیکج کے تحت متعین مقامات کے علاوہ ٹرک مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سستی اشیائے خورونوش پہنچائیں گے، مقام کا تعین جدید ٹیکنالوجی ’جی پی ایس‘ کی مدد سے کیا جائے گا۔

موبائل ایپ کے استعمال کی رہنمائی کے لیے خصوصی ویڈیو بھی جاری کی جائے گی۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والا ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ موبائل آٹے کی فروخت کی نگرانی ہو سکے، موبائل یونٹس کے ایک سے دوسرے مقام منتقلی کے دوران آٹے کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا، موبائل اور لائیو فوٹیج سے آٹے کی تقسیم کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 7 مارچ 2024 کوساڑھے سات ارب روپے کی سبسڈی سے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

پیکج کے ذریعے 3 کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو رمضان المبارک کے دوران سستے داموں کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آٹا، چاول، دال، گھی، چینی، شربت اور دودھ مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔

رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق افراد کو بازار سے 30 فیصد کم قیمت پر اشیائے خورونوش فراہم کی جائیں گی، آٹے پر فی کلو 77 روپے اور گھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے ہمشکل ٹک ٹاکر کی خواہش پوری کردی

پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے ہمشکل ٹک ٹاکر یاسر عمار سے ملاقات کرکے اُن کی خواہش پوری کردی۔

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر حمزہ علی عباسی کی پیروڈی کرکے مشہور ہونے والے ٹک ٹاکر یاسر عمار کو سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی سمجھا جاتا ہے کیونکہ وہ اداکار سے غیرمعمولی مشابہت رکھتے ہیں۔

ٹک ٹاک پر جب پہلی بار یاسر عمار کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تو صارفین اُنہیں حمزہ علی عباسی سمجھ بیٹھے تھے جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ یہ اداکار کے ہمشکل یا اُن کے بھائی ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی چینلز نے یاسر عمار کے انٹرویوز بھی کیے تھے، ان انٹرویوز میں یاسر عمار نے حمزہ علی عباسی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور بالآخر اب اداکار نے اپنے ہمشکل کی یہ خواہش پوری کردی ہے۔

حال ہی میں حمزہ علی عباسی نے یاسر عمار سے ملاقات کی جس کی تصاویر اور ویڈیوز ٹک ٹاکر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں۔

حمزہ علی عباسی سے ملاقات کے دوران ٹک ٹاکر یاسر عمار نے اُنہیں اپنا پسندیدہ اداکار اور بھائی قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اداکار اور ٹک ٹاکر کی ویڈیوز دیکھ کر اُنہیں ایک دوسرے کا آئینہ کہا جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ یہ دونوں جڑواں ہیں۔

رمضان کی آمد سے قبل ملک میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

 اسلام آباد: رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک کے تمام بڑے شہروں میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

کراچی میں فروخت ہونے والی سبزیوں کے نرخوں میں 25 سے 100 فیصد تک اضافہ ہوگیا۔

آلو 70 سے 80 روپے فی کلو، پیاز 250 سے 270 روپے فی کلو، ٹماٹر 200 روپے کلو، لہسن 600 روپے، ادرک 600 روپے، ہری مرچ 400 روپے، شملا مرچ 600 روپے، لیموں 450، بند گوبھی 160، پھول گوبھی 240 اور مٹر 240 روپے فی کلو فروخت ہونے لگے۔

لاہور

لاہور میں بھی سبزیوں پھلوں اور گوشت کی قیمت میں اضافہ ہوگیا، دکانداروں کی من مانیوں نے پرائز کنٹرول مجسٹریز کی کارکردگی کو بھی مات دے دی۔

بڑا گوشت 1200روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ مٹن کا گوشت سرکاری قیمت 1600 کے بجائے 2300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ کیلا سوئم 250روپے درجن اور سیب درمیانہ 400روہے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

مٹر 150، بھنڈی 400، کریلے 600روپ، لہسن 500، ادرک 650 روپے، پیاز دوئم 230 پیاز کے بجائے 300روپے، ٹماٹر 200 روپے، آلو دوئم 55 کے بجائے 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں پیاز 200 روپے، لہسن 480 روپے، ادرک 489 روپے، آلو 70 روپے، سبز مرچ 300 روپے، لیموں 180 روپے، شملہ مرچ 230 روپے، کریلا 300 روپے، مٹر 130 روپے، ٹینڈا 120 روپے، پھول گوبھی 120 روپے، بند گوبھی 75 روپے اور گاجر 40 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں بھی رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا اور پرائس کنٹرول کمیٹی مصنوعی مہنگائی کم کرنے ناکام ہوگئی۔

آلو اور پیاز کی قیمتوں میں 15، 15روپے فی کلو تک اضافہ کیا گیا۔ آلو 60روپے کلو جبکہ پیاز 220روپے کلو تک پہنچ گئے۔ ٹماٹر 150روپے کلو، سبز مرچ 280روپے کلو، بھنڈی 320، مٹر 200 اور کدو 150روپے کلو تک پہنچ گیا۔ ادرک اور لہسن کی قیمت میں 100، 100روپے فی کلو اضافہ کیا گیا۔

پشاور

پشاور میں پیاز 300 روپے فی کلو، ٹماٹر 150 روپے فی کلو، لہسن 540 روپے فی کلو، لیموں 200 روپے فی کلو، ادرک 540 روپے فی کلو کے حساب سے دیا جا رہا ہے۔

چکن فی کلو 420 روپے اور بڑا گوشت 1000 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا صدر آصف زرداری کی حلف برداری میں شرکت سے انکار

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے ملک میں دوبارہ الیکشن کروانے کا مطالبہ کردیا۔

پشاور کے کبوتر چوک میں جلسہ گاہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج پشاور میں بڑا جلسہ ہوگا، پورے پاکستان میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے جس کے خلاف آج 2 بجے پرامن احتجاج ہوگا، عدلیہ کو مینڈیٹ چوری کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے۔

علی امین گنڈا پور نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے فوری استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے مزید کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینا آئین سے کھلواڑ کے مترداف بات ہے، الیکشن کمیشن 90 دنوں میں الیکشن کروانے میں ناکام ہوا، آئین کی خلاف ورزیوں کی لمبی فہرست ہے، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو، ہم آئین کا تحفظ کریں گے، اگر ہمیں حق نہ ملاتو اسے کون تسلیم کرے گا، پشاور 13 حلقوں پر پی ٹٰی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جیت چکے ہیں، ان حلقوں میں ہزاروں جعلی ووٹ ڈالے گئے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کو صدر ماںتا ہوں نہ ان کی حلف برداری میں جاؤں گا تاہم ان کے کرسی سنبھالنے کے بعد انہیں صدر ماننا ہی پڑے گا، آصف زرداری فارم 45 نہیں 47 والے صدر ہیں، عمران خان نے 25 سال پہلے کہا تھا کہ زرداری اور نواز ایک ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہنا تھا کہ سرکاری اجلاسوں میں شرکت کرونگا لیکن مینڈیٹ چوری والوں کو ملک پر مسلط نہ کریں نتائج درست کریں یا دوبارہ الیکشن کرائیں گے، ہم اپنے وسائل کے مطابق عوام کومفت علاج اور دیگر سہولیات دیں گے، ہم کرسی پربیٹھ کرعیاشی کرنے نہیں بلکہ کام کے لیے آئے ہیں، پی ٹی آئی نے ثابت کیا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ بانی پی ٹٰی آئی کو ہٹا کرچوروں نے ملک کوتباہ کیا۔