All posts by Channel Five Pakistan

ن لیگ نے پنجاب کے اگلے وزیر اعلیٰ کیلئے حمزہ شہباز کا نام فا ئینل کر دیا

لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز اور اسپیکر کے لیے چوہدری اقبال کو نامزد کردیا۔مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے چوہدری اقبال کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ جس کے بعد ان دونوں ناموں کو باضابطہ طور پر ان عہدوں کے لیے نامزد کردیا گیا۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں منتخب اراکین اسمبلی کی حلف وفاداری کی تقریب 15 اگست کو ہوگی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 16 اگست کو ہوگا اس کے اگلے روز وزیر اعلی کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

پی آئی اے کو مشکل میں ڈالنے والی دوشیزہ کون، رقص کیوں کیا؟چیئر مین نیب کیوں برہم؟ سب سامنے آگیا

کراچی(ویب ڈیسک)پاکستان کے یوم آزادی پر پولینڈ کی شہری لڑکی نے پاکستانی پرچم پہن کر پی آئی اے کے طیارے میں رقص کیا جس کا چیئرمین نیب نے ’سخت نوٹس‘ لے لیا ہے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ تاہم اب پی آئی اے کو مشکل میں ڈالنے والی یہ لڑکی خود ہی میدان میں آ گئی ہے اور ایک انتہائی شاندار اعلان کر دیا ہے۔ اس لڑکی کا نام ’ایوا زو بیک‘ (Eva zu Beck)ہے، وہ بنیادی طور پر پولینڈ اور انگلینڈ کی شہری ہے تاہم وہ ایک گلوبل سٹیزن ہے اور ملکوں ملکوں گھومتی رہتی ہے۔ ان دنوں وہ پاکستان میں موجود ہے اور یہاں کے سیاحتی مقامات کی سیر کر رہی ہے۔اس کی رقص کی ویڈیو پر جب چیئرمین نیب نے نوٹس لیا اور بات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کر دی ہے، جس میں اس نے کہا ہے کہ ”اس ویڈیو پر میرے فالوورز کی طرف سے مجھے بے تحاشا مثبت پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں۔ اس ویڈیو کا مقصد پاکستان کی سیاحت و ثقافت کی تشہیر کرنا تھا تاہم اگر اس سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔ میں پاکستان سے محبت کرتی ہوں اور پوری دنیا میں اس کے کلچر اور سیاحت کی تشہیر کرتی رہوں گی۔“

سب منہ دیکھتے رہ گئے ، مراد علی شاہ نے نامزد گوارنرعمران اسمائیل کو بڑا جھٹکا دیدیا

کراچی (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مزار قائد میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔ نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل ،خرم شیر زمان اور حلیم عادل شیخ کیساتھ یوم آزادی پر مزار قائد پر فاتحہ خوانی کیلئے آئے تو پولیس نے نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی مزار قائد آمد پر پروٹوکول کے باعث دروازے بند کررکھے تھے اور انہیں مزار قائد میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سے گزارش ہے پروٹوکول کوتبدیل کرے نامزدوزیراعلیٰ کے پروٹوکول کے باعث عوام اندرنہیں جاسکتے،40 گاڑیاں لاکرروڈبندکرناغلط بات ہے۔

پسند کی وزارت نہ ملنے پر شیخ رشید ناراض

اسلام آباد‘ راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) حکومت بنی نہیں اتحادیوں کی ناراضی کا سلسلہ شروع ہو گیا‘ وزارت داخلہ کی یقین دہانی نہ ملنے پر شیخ رشید عمران خان سے ناراض ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے وزیرداخلہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں کسی قسم کا گرین سگنل نہیں دیا اور کوئی وزارت لینے کی پیشکش کی‘ جس کی وجہ شیخ رشید ناراض ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک وزیر داخلہ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ شفقت محمود بھی وزارت داخلہ حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو وزیر ریلوے بنائے جانے کا امکان ہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وزارت سے متعلق شیخ رشید کو اعتماد میں لیںگے۔

فضل الرحمان کیخلاف غداری کا مقدمہ

بہاولپور (خصوصی رپورٹ) تھانہ کینٹ بہاولپور میں جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ شہری کلیم اللہ ایڈووکیٹ نے تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرایا کہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے آباﺅ اجداد کے نظریے کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان مخالف بیان دیا ہے۔ اس طرح وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مرتکب ہوا ہے۔ تھانہ کینٹ نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف مقدمہ نمبر 245/12 درج کرلیا ہے۔ مولانا مقدمہ درج ہونے سے نئی قانونی پیچیدگی میں پھنس گئے۔

مودی سن لو ۔۔۔ کپتان آ گیا ، بچ سکو تو بچ جاﺅ

لاہور (نیااخبار رپورٹ) ”ساتھیو، مجاہدو، جاگ اٹھا ہے سارا وطن“ کے فلک شگاف نعروں سے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب گونج اٹھی، جشن آزادی کو خوبصورت لمحوں میں تبدیل کرنے کیلئے مین مارکیٹ ، لبرٹی ، مال روڈ، گلبرگ، علامہ اقبال ٹاﺅن اور دیگر علاقوں میں بچے، بوڑھے، جوان، فیملی اور منچلے 12 بجتے ہی جھوم اٹھے۔ زندہ قوموں کی طرح جشن آزادی مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ ہر طرف موٹرسائیکلیں ہی موٹرسائیکلیں، واجے بجاتے نوجوان، قائداعظم زندہ آباد ، پاکستان پائندہ آباد کے ساتھ ساتھ پاک فوج زندہ آباد کے نعرے لگا رہے تھے۔ نوجوانوں کا جوش و خروش اس حوالے سے بھی دیدنی تھا کہ وہ ملک میں تبدیلی کے آنے پر خوش تھے، ہرطرف سبز ہلالی پرچم کی بہار نظر آ رہی تھی۔ کئی مواقعوں پر نوجوانوں نے پی ٹی آئی کے پرچم بھی تھام رکھے تھے جبکہ اس موقع پر ن لیگ مکمل طور پر منظر عام سے غائب رہی۔ ن لیگ ہمیشہ سے لاہور کو اپنا قلعہ قرار دیتی تھی۔ جشن آزادی کے موقع پر ان کا کوئی کارکن یا اہم شخصیات نظر نہیں آئیں جس پر لوگ تبصرے کرتے رہے۔ دوسری طرف منچلوں نے رات گئے تک آزادی کا جشن خوب انجوائے کیا کیونکہ زندہ قومیں اسی طرح ہی اپنی آزادی کا جشن مناتے ہوئے اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ .

زرداری ، فریال کو تفتیش کے لئے پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاو¿نٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے گواہوں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جعلی بینک اکاو¿نٹس کے ذریعے اربوں روپے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ اومنی گروپ کے مالک ملزم انور مجید کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وکیل نے ملزمان کی پیشی کا حلف نامہ دیا، عدم پیشی پر وکیل رضا کاظم کو توہین عدالت کا نوٹس کر سکتے ہیںآئی جی سندھ امجد جاوید نے بتایا کہ اس مقدمے میں گواہوں کو ہراساں کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی ہے جبکہ ایڈیشنل آئی جی سندھ کا تبادلہ کر دیا ہے۔ عدالت نے پولیس اہلکاروں کیخلاف انکوائری رپورٹ رواں ماہ کے آخر تک پیش کرنے کا حکم دیا۔ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے بتایا کہ ملزمان آصف زرداری اور فریال تالپور تفتیش کیلئے پیش نہیں ہو رہے جس پر عدالت نے دونوں کو پیش ہونے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کے باہر جلوس نکال کر ہمیں ڈرا دیا ہے، جلوس میں عدلیہ کو گالیاں دینے کے معاملے پر وفاقی پولیس جواب دے گی۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پاک، ناپاک پیسے سے متعلق پوچھنا کون سا جرم ہے؟ عدالتوں کی بے حرمتی ہو رہی ہے، ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ تفتیش میں 15 مزید اکاو¿نٹس سامنے آئے ہیں، مدنی چینل کے ملازم کے اکاو¿نٹس سے 80 کروڑ روپے ٹرانسفر ہوئے، جس خاتون کےاکاو¿نٹ سے 1 ارب 25 کروڑ ٹرانسفر ہوئے اس کا شوہر کرائے پر موٹر سائیکل چلاتا ہے، افسروں اور ٹھیکیداروں سے رشوت لے کر رقوم اکاو¿نٹس میں ڈالی گئی، 6، 7 ماہ بعد یہ اکاو¿نٹس بند کر دیئے جاتے۔چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی سے مکالمے کے دوران کہا کہ نواز شریف کیخلاف جے آئی ٹی میں کون کون شامل تھا ؟ خفیہ اداروں کے افسران کو چھوڑیں انہیں صرف تڑکا لگانے کیلئے رکھا ہوا تھا۔ عدالت نے کسی کے کہنے پر مقدمہ شروع نہیں کیا، اومنی گروپ کے وکیل نے استدعا کی عید سے قبل ملازمین کو تنخواہیں دینی ہیں، منجمد اکاو¿نٹس بحال کیے جائیں، جس پر عدالت نے کہا کہ انور مجید بدھ تک پیش ہو جائیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ مقدمے کی مزید سماعت بدھ کو ہوگی۔ سپریم کورٹ میںمبینہ جعلی بینک اکاﺅنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارنے کہا کہ اومنی گروپ کی اگر جائیدادیں اور بینک اکاﺅنٹس ایف آئی اے نے قرق کی ہیں تو اب ہم بھی قرقی کاحکم دیتے ہیں ۔پیر کومبینہ جعلی بنک اکاﺅنٹس سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تاہم اومنی گروپ کے مالکان عدالتی حکم کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے پیش نہ ہونے سے متعلق مجید فیملی کی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ انور مجید اور دیگر کے پیش ہونے کا رضا کاظم نے یقین دلایا تھا، کیا عدالتی حکم عدولی پر مجید فیملی کو توہین عدالت کا نوٹس دیں؟ وجوہات بتائیں؟انہوں نے استفسار کیا کہ مجید فیملی کو بلائیں کہ وہ عدالت میں پیش ہوں، رات 8 بجے تک بلائیں ہم دوبارہ عدالت لگا دیں گے، آپ کو خدشات ہیں کہ مﺅکل کو گرفتار کیا جائے گا؟چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کرا سکتے تو پھر بتائیں ہم کیا کریں، اومنی گروپ کی اگر جائیدادیں اور بینک اکاﺅنٹس ایف آئی اے نے قرق کی ہیں تو اب ہم بھی قرقی کاحکم دیتے ہیں۔اومنی گروپ کے وکیل شاہد حامد نے استدعا کی کہ ہمیں وقت دیں تا کہ انور مجید اور دیگر کوعدالت میں بلا سکیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہیں۔شاہد حامد نے عدالت سے مزید استدعا کی کہ ہمیں تین دن کا وقت دیں، بدھ کو مجید فیملی آجائے گی۔ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات کے دوران اے ون انٹرنیشنل کے اکاونٹ سے مزید 15 اکاونٹس نکلے ہیں،ان اکاونٹس سے 6 ارب روپے کی ترسیلات ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک شخص جو نجی چینل میں گرافکس ڈیزائنر ہے اس کے نام پر اکاونٹ کھلوایا گیا، 35 ہزار روپے چینل سے تنخواہ لینے والے کے اکاونٹ سے 80 کروڑ کی ترسیلات ہوئیں۔ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے مزید بتایا کہ لاہور کی ایک خاتون کے نام پر جعلی اکاونٹ کھلوایا گیا، لاہور کی خاتون کے اکاونٹ سے ڈیڑھ ارب روپے کی ترسیلات ہوئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اکاونٹ ہولڈر خاتون کا خاوند موٹرسائیکل رائیڈر ہے، میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ رشوت کے پیسے ان اکاونٹس میں ڈالے گئے۔اومنی گروپ کے وکیل شاہد حامد نے کہا کہ جے آئی ٹی کی 60صفحات کی رپورٹ میں کسی جگہ رشوت یا بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی، اومنی گروپ کا سارا پیسہ لیگل ہے اور اس کا آڈٹ ہوتا ہے۔عاصمہ حامد نے کہا کہ بغیر تحقیقات کے الزام تراشی کر کے میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے تاکہ کل ہیڈلائن بنے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ڈی جی صاحب آپ بغیر تحقیقات کسی پر رشوت کا الزام نہیں لگا سکتے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پاناما طرز کی جے آئی ٹی بنا دیتے ہیں جس میں واجد ضیا اور اس کی ٹیم ہو،لوگ پھر کہیں گے کہ عدالت جے آئی ٹی نہیں بنا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہم وکلا کو سننے کے بعد جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے سکتے ہیں، پاناما جے آئی ٹی میں ایم آئی کو تڑکا لگانے کے لیے شامل کیا گیا ہو گا، اتنا بڑا جلوس نکال کر مجھے ڈرایا گیا۔اس موقع پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جو رویہ اس دن اختیار کیا گیا اس کی مذمت کی ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کی عزت کی ہے، زرداری صاحب نے 11سال جیل کاٹی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کیا فریال تالپور اور آصف زرداری تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں؟فاروق ایچ نائیک نے انہیں جواب دیا کہ جب بھی ایف آئی اے بلائے گی وہ حاضر ہو جائیں گے۔عدالت نے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انور مجید سمیت تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اپوزیشن وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں پر متفق نہ ہوسکی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں امیدواروں کا معاملہ پر اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتیں ابھی تک متفق نہ ہوسکیں۔ اپوزیشن اتحاد کے وزیراعظم کے امیدوار پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے تحفظات ہیں جن کے حوالے سے ن لیگ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔پی پی پی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ جو نام سامنے آئے ان پر ہمیں اپنی پارٹی میں بھی اتفاق کرنا ہے۔شیری رحمان نے ن لیگ کا نام لیے بغیر کہا کہ تحفظات سے انہیں آگاہ کردیا ہے۔ہم خیال جماعتوں کا وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار ن لیگ سے لانے کا اعلان۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ عجیب بات ہے کہا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیں اسپیکر کا امیدوار واپس لینے کا کہا، یہ کہنا مذاق ہے، ہم قطعاً ایسا نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ اسپیکرشپ کے لیے ہمارا موثر امیدوار ہے، انہیں ہمارے امیدوار کوتسلیم کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے اسپیکر کے امیدوار کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کا ہے۔خیال رہے کہ الیکشن کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار مسلم لیگ نواز، اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متحدہ مجلس عمل سے لانے کا اعلان کیا تھا۔فضل الرحمان ایم ایم اے کے پارلیمنٹ میں جانے پر رضا مند، گرینڈ اپوزیشن الائنس پر اتفاق۔ وزارت عظمیٰ کے لیے ن لیگ کے شہباز شریف، اسپیکر کے لیے پی پی پی کے خورشید شاہ جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ڈاکٹر اسد فضل کا نام سامنے آیا تھا۔30 جولائی کو مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے درمیان قومی اسمبلی میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔

ضمنی الیکشن :قومی اسمبلی کی 11سیٹوں پر بڑا دنگل کب ہو گا ،خبر آگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سینئر حکام نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات آئندہ 2 ماہ میں منعقد ہوں گے۔ای سی پی کے سینئر حکام نے ڈان کو بتایا کہ ان 11 نشستوں میں سے 9 ایسی نشستیں ہیں جو انتخابی امیدواروں نے ایک سے زائد ہونے کی وجہ سے واپس کیں جبکہ این اے 60 راولپنڈی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی نااہلی جبکہ این اے 103 فیصل آباد سے امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی ہوگئے تھے۔
جن امیدواروں نے اپنی اضافی نشستیں واپس کی ہیں ان میں سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان شامل ہیں، جنہوں نے جیتی گئیں 5 نشستوں میں سے 4 نشستیں واپس کردیں۔عمران خان نے این اے 95 میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھی جبکہ این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی کی نشستیں واپس کردیں۔اسی طرح پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے این اے 132 لاہور کی نشست کو اپنے پاس رکھا جبکہ پی پی 164 اور پی پی 165 کی نشستوں واپس کی، اس طرح ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے این اے 124 لاہور کی نشست واپس کرکے پنجاب اسمبلی کی پی پی 146 کی نشست اپنے پاس رکھی۔کہ اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر شہباز شریف کو عمران خان کے خلاف وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے این اے 65 اور این اے 69 کی نشستیں چھوڑ کر پی پی 30 کی نشست اپنے پاس رکھی ہے کیونکہ وہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف اور پی ایم ایل (ق) کی جانب سے اسپیکر کے مشترکہ امیدوار ہیں۔اس کے علاوہ این اے 59 اور این اے 63 راولپنڈی سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو شکست دینے والے تحریک اںصاف کے امیدوار غلام سرور نے این اے 59 کی نشست اپنے پاس رکھ کر این اے 63 کی نشست چھوڑی۔اضافی انتخابی نشستیں چھوڑنے والوں میں این اے 55 اور 56 سے کامیاب میجر (ر) طاہر صادق بھی شامل ہیں، جنہوں نے این اے 56 کی نشست چھوڑ دی۔این اے 38 اور پی کے 97 سے کامیاب تحریک اںصاف کے امیدوار علی امین گنداپور نے این اے 38 کی نشست اپنے پاس رکھی ہے، اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے پیر سید فضل علی شاہ جیلانی نے این اے 209 کی نشست رکھ کر پی ایس 30 کی نشست چھوڑ دی۔

پاکستان کی آزادی کے 71 سال مکمل،گوگل نے نیا ڈوڈل جاری کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک)آج دنیا بھر میں موجود پاکستانی ملک کا 72واں یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ اس موقع پر جہاں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، وہیں معروف سرچ انجن گوگل بھی اس جشن میں شریک ہوا اور اپنا ڈوڈل پاکستان کے نام کر دیا۔گوگل کے مرکزی صفحے پر موجود ڈوڈل پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہراتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔اس ڈوڈل پر کلک کرتے ہی پاکستان کے حوالے سے مختلف مضامین، تصاویر اور ویڈیوز سامنے آجاتی ہیں۔یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ گوگل نے پاکستان کے کسی تہوار کے موقع پر ڈوڈل بنایا ہو، گزشتہ برس بھی گوگل نے یوم آزادی پاکستان پر ایک خوبصورت ڈوڈل تخلیق کیا تھا۔
جبکہ 2016 میں بھی گوگل نے یوم پاکستان کے موقع پر خوبصورت ڈوڈل پاکستان کے نام کیا تھا۔

یقین ہے اگر ہم نے اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو منزل پالیں گے، عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) متوقع وزیراعظم عمران خان نے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس یوم آزادی پر میرے دل میں امید کا ایک عظیم چراغ روشن ہے۔سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے ایک تصویر شیئر کی اور اپنے پیغام میں کہا کہ اقربا پروری اور بدعنوانی کے باعث ملکی معیشت کو سنگین بحران کا سامنا ضرور ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ اگر ہم نے اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو منزل پالیں گے اور پاکستان قائد و اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنے گا۔