کراچی ایئرپورٹ پر جاپانی شہری سے سوا 4 کلو آئس برآمد

کراچی: اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 مختلف کاروائیوں کے دوران 115 کلو گرام منشیات برآمد کرلی اور 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی (جاپانی) کے ٹرالی بیگ سے 4 کلو 260 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزم پرواز نمبر FZ-336 کے ذریعے بنگلادیش کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔

علاوہ ازیں کراچی میں باجوڑ کے رہائشی ملزم سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ بلوچستان کے علاقے چاغی میں کاروائی کے دوران گاڑی سے 100 کلو افیون برآمد ہوئی۔
سبی روڈ کوئٹہ کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 5 کلو ہیروئن برآمد کرکے نصیر آباد کے رہائشی مُلزم کو گرفتار کیا گیا۔

حیات آباد پشاور میں دورانِ کارروائی خیبر کے رہائشی ملزم سے 2 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزم نے منشیات باڑہ سے پنجاب اسمگل کرنے کا اعتراف کیا۔

باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز نمبر PK-257 کے ذریعے شارجہ جانے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم بنوں کے رہائشی ہے جس کے پیٹ سے 3 کیپسولز برآمد ہوئی۔ 1 کیپسول سے چرس جبکہ 2 کیپسولز سے ایکسٹیسی گولیاں ملیں۔

ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے بعد استعفیٰ: بابر اعظم نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کردی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دنیا کے دوسرے بہترین بلے باز بابر اعظم نے ورلڈ کپ 2023 کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی ہے کیونکہ انہیں پرفارمنس کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مقامی روزنامے میں شائع رپورٹ کے مطابق بابر اعظم نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین سے مشاورت کی جہاں ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کی آخری کوشش کے لیے آج انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کے پیش نظر بابر اعظم اپنی کپتانی کے حوالے سے وطن واپسی پر فیصلہ کریں گے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بابر اعظم موجودہ صورتحال میں کپتانی چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن وہ اپنے والد کے مشورے کو مدنظر رکھیں گے۔

کپتان پی سی بی اور سابق کرکٹرز کے رویے سے مایوس ہیں جس کے پیش نظر انہوں نے وائٹ بال کرکٹ میں اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بابر اعظم کے قریبی لوگوں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں قائدانہ عہدہ چھوڑ دیں کیونکہ پاکستان ورلڈ کپ کے بعد ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔

ذرائع کی جانب سے یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ بابر اعظم انگلش ٹیم کے خلاف اہم مقابلے کے فوری بعد بھارت میں اپنے فیصلے کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے تھے تاہم اب وہ وطن واپسی پر یہ فیصلہ کریں گے

خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ تحلیل، صوبے کی نگرانی گورنر کو منتقل

پشاور: نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہو گئی اور صوبے کی نگرانی گورنر کو منتقل ہو گئی ہے۔

نئے نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر اور کابینہ تشکیل دیے جانے تک گورنر اختیارات کااستعمال کریں گے۔ نئے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملہ پر قانونی ماہرین کنفیوژن کاشکار ہو گئے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے معاملہ سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے پاس جائے گا۔ نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر جلد کرنا ہوگا۔ صوبے کے آئینی سربراہ کا معاملہ ہے۔ سابق ویراعلیٰ اور اپوزیشن اتفاق نہ کرسکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس آئے گا۔ نگراں وزیراعلیٰ کی دوبارہ تقرری کا ایسا معاملہ پہلی بار سامنے آیا ہے۔
سابق اے جی شمائل بٹ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 اے کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر وزیراعلیٰ اور اپوزیشن نے کرنا ہے۔ 3 روز کے اندر لیڈر آف دی ہاؤس اور لیڈر آف دی اپوزیشن نے بیٹھنا ہوگا۔ اگر نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ کمیٹی یا پھر الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔آئین میں ایک ہی نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا طریقہ کار ہے، دوسرے نگراں وزیراعلیٰ کا نہیں۔ اب دیکھنا ہے اس معاملے کو کیسے حل کیا جاتا ہے۔

ورلڈکپ؛ انگلینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈکپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ لیگ کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے تاکہ نیٹ ریٹ بہتر کرکے تاریخ رقم کرسکیں لیکن کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے کہ حسن علی کی جگہ شاداب خان کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف

انگلینڈ کا اسکواڈ

کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

دنیا میں کوئی جہنم ہے تو وہ غزہ ہے ، اقوام متحدہ

نیویارک: اقوام متحدہ کے امدادی ادارے نے غزہ کو دنیا میں جہنم قرار دے دیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور سے متعلق تعاون کے ادارے کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اگر زمین پر کوئی جہنم ہے تو وہ شمالی غزہ ہے۔ امدادی سامان کے ٹرک غزہ کے جنوبی علاقے میں پہنچ چکے ہیں تاہم غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں امداد پہنچنے نہیں دی جارہی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے شمالی علاقے میں لاکھوں افراد کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔ امدادی سامان بروقت نہ پہنچنے سے مزید جانی نقصان ہو سکتا ہے۔ اسرائیل نےکئی روز سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور امدادی سامان جس میں کھانے پینے کی اشیا اور دوائیں بھی شامل ہیں محصور افراد تک پہنچانے کی اجازت نہیں دے رہا۔
اقوام متحدہ کے ایک گروپ نے اسرائیل کی غزہ پر بمباری اور حملوں کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔ اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائیوں میں اب تک 11 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں

پی آئی اے کی نجکاری، فنانشل ایڈوائزر تعیناتی کی منظوری

اسلام آباد: پی آئی اے کارپوریشن کی نجکاری کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کی سربراہی میں نجکاری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے کارپوریشن کی نجکاری کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ارنسٹ اینڈ ینگ کی سربراہی میں قائم کنسورشیم کو کامیاب بولی دہندہ قرار دیا گیا اور بورڈ نے تمام طریقہ کار کی شفافیت کو سراہا۔ بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ اور فرسٹ ویمن بنک لمیٹڈ کے فنانشل ایڈوائزرز کے ساتھ سروس معاہدات کی توسیع/تجدید کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں بورڈ نے فرسٹ وومن بینک لمیٹڈ اور ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کی نجکاری میں غیر ضروری تاخیر کی ذمہ داری کے تعین کا بھی فیصلہ کیا۔

ای سی سی؛ پی ایس او کے لیے 100 ارب روپے کی گارنٹی

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پی ایس او کے لیے 100 ارب روپے کی گارنٹی کی منظوری دیدی جبکہ چمن بارڈر پر ڈیلی ویجرز کیلیے اسپیشل ریلیف پیکیج کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پنجاب میں گرین پاکستان کے لیے 20 ارب روپے کی سمری منظور کی گئی، کے الیکٹرک کے لیے یونیفائیڈ ٹیرف سے متعلق سمری کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چمن بارڈر پر ڈیلی ویجز کے لیے اسپیشل ریلیف پیکیج کی منظوری دی گئی، چمن بارڈر پر 8 ہزار ورکرز کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزارت داخلہ کے لیے چار کروڑ 74 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے وزارت توانائی کی طرف سے “کے- الیکٹرک صارفین کے لیے یکساں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس سے متعلق دوسری ڈیسکوز کی دوسری اور تیسری سہ ماہی 2023 کے برابر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے پیش کی گئی سمری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ای سی سی کی طرف سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک کے لیے ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے ٹیرف ریشلائزیشن نیپرا پہلے ہی جاری کردہ یکساں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ایپیلیکیشن گائیڈ لائنز کے مطابق جولائی، اگست اور ستمبر 2023 کے استعمال پر لاگو ہوگی۔

خوبصورت نظر آنے کا جنون، سرجری کے دوران ٹی وی اسٹار ہلاک

برازیل سے تعلق رکھنے والی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ریئلیٹی ٹی وی اسٹار لوانا اینڈریڈ جسم سے چربی کم کروانے کی سرجری کے دوران ہلاک ہوگئیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ لوانا اینڈریڈ اپنے جسم کی زائد چربی کو کم کروانے کے لیے ساؤ پالو کے ایک اسپتال میں لائپوسکشن (Liposuction) کروانے آئی تھیں، اُن کی یہ سرجری تقریباََ ڈھائی گھنٹوں پر مشتمل تھی۔

سرجری کے دوران ہی ٹی وی اسٹار لوانا اینڈریڈ کا دل بند ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے سرجری وہیں روکی اور دل کے علاج کے لیے اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) متنقل کیا۔
آئی سی یو میں منتقل ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے لوانا اینڈریڈ کے دل کا علاج شروع کیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکیں اور اُن کی موت واقع ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ لوانا اینڈریڈ کو بیک وقت دل کے 4 دورے پڑے تھے جس کے نتیجے میں دل سے پھیپھڑوں تک خون پہنچانے والی شریانوں میں خون کے لوتھڑے جم گئے تھے اور اسی وجہ سے اُن کی موت ہوئی۔

لوانا اینڈریڈ ایک مقبول سوشل میڈیا شخصیت تھیں جن کے انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز تھے، اُنہوں نے اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ برازیل کے ریئلیٹی شو ‘پاور کپل’ کے چھٹے سیزن میں بطورِ امیدوار شرکت کی تھی۔

لائپوسکشن (Liposuction) کیا ہے؟

lipo کا مطلب چربی ہے جبکہ Suction کا مطلب نکالنا ہے یعنی آپریشن کے ذریعے جسم سے فالتو چربی نکالنے کے عمل کو لائپو سکشن کا نام دیا گیا ہے۔

الٹرا سائونڈ شعاعوں کے ذریعے جسمانی چربی پگھلا کر نکالنے کے عمل کو Ultrasonic Lipusuction کہتے ہیں۔

’’بورڈ کی معطلی؛ لنکن ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت سے محروم کرسکتی ہے‘‘

آئی سی سی ورلڈکپ میں ناقذ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والی سری لنکن ٹیم کیلئے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں سری لنکن بورڈ کو خبردار کیا گیا ہے کہ حکومتی مداخلت جیسے معاملات جلد حل نہ کیے گئے تو سری لنکن کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے۔

گزشتہ روز آئی سی سی بورڈ نے سری لنکا کرکٹ کی رکنیت فوری طور پر معطل کردی تھی، بورڈ میٹنگ میں جائزہ لیا گیا کہ لنکن بورڈ بطور ممبر اپنی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے، خاص طور پر اپنے معاملات کو خود مختار طریقے سے چلانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ گورننس، ریگولیشن اور/یا انتظامیہ میں کوئی حکومتی مداخلت نہ ہو۔

خیال رہے کہ معطلی سے سری لنکا کرکٹ کو ریونیو میں نمایاں نقصان پہنچنے کا امکان ہے، اسپانسر شپ، نشریاتی حقوق، اور کرکٹ کے دیگر مالیاتی پہلو خطرے میں پڑ سکتے ہیں، جو سری لنکن کرکٹ کیلئے طویل مدتی بحران پیدا کرسکتا ہے۔

آئی سی سی سری لنکن بورڈ کے حوالے سے اہم فیصلہ 21 نومبر کو کرے گی۔

مریم اورنگزیب اورجاوید لطیف کی حاضری معافی کی درخواست مسترد

انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی حاضری مکمل کرتے ہوئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

عدالت نے مریم اورنگزیب کے ضمانتی مچلکے بھی مسترد کر دیے، جبکہ دیگرشریک ملزمان کی حاضری مکمل ہوگئی ہے۔

ڈیوٹی جج انسداد دہشت گردی عدالت ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی، جس کا مقدمہ تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے درج کررکھا ہے۔

نگراں وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال گرگئے

خیبرپختونخوا کے وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال گرگئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو گزشتہ طبیعت خراب ہونے پر نجی اسپتال میں لایا گیا تھا جہاں وہ انتقال کر گئے تاہم انہیں ابھی وزیراعلیٰ ہاؤس منتقل نہیں کیا گیا ہے۔

نجی اسپتال کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتقال کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ ان کا نماز جنازہ گورنر ہاؤس کے پی میں ادا کی اجئے گی۔

اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ اعظم خان کی دو روز قبل حالت غیر ہوئی تھی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ان کے اہل خانہ اور وزیراعلیٰ سیکٹریٹ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

اس کے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اعظ خان نے نگراں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا تھا تاہم وہ طبیعت خرابی کے باعث اس میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

اعظم خان دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور حالت بگڑنے پر انہیں پشاور کے نامور نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جان بر نہ رہے سکے، مختلف ذرائع نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ کا تعلق چارسدہ سے جنہوں نے 21 جنوری 2023 کو بطور نگراں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا جب کہ وہ اس سے قبل صوبے کے چیف سیکرٹری، نگراں وفاقی وزیر سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

امریکی سپلائی بند، ’بھارتی ساختہ‘ تیجاس طیارے گراؤنڈ ہونے کا امکان

امریکا کی جانب سے سپلائی بند ہونے کے پیش نظر ’بھارتی ساختہ‘ تیجاس طیارے گراؤنڈ ہونے کا امکان ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈفینس آوٹ پوسٹ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ امریکی جیٹ انجن بنانے والی کمپنی جنرل الیکٹرک نے ’تیجاس ایم کے – ون ’ اور ’ایم کے – ون اے‘ کے لئے ایف 404 انجنوں اور اسپیئر پارٹس کی بھارتی فضائیہ کو اضافی فراہمی معطل کردی ہے۔

اسپیئر پارٹس کی فراہمی معطل ہونے کے پیشِ نظر کہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) اورانڈین ائیر فورس کومشکلات میں مبتلا کردیا ہے، کیونکہ وہ تیجاس طیارے کے گراؤنڈ کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔

فواد چوہدری کے خلاف ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا نیا مقدمہ درج

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف اب ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کا دعوی ہے کہ سابق وزیر اپنے ساتھیوں سمیت میرے بھائی کے مکان پر قبضہ کرنے آئے تھے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف دھوکا دہی اور زمینوں پر قبضے کے بعد اب ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

فواد چوہدری پر اب ان کے آبائی علاقے جہلم میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پنڈداد نخان میں درج ایف آئی آر میں ڈکیتی اور دھمکیوں کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

مدعی مقدمے کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری 30 نومبر 2020 کو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ میرے بھائی کے مکان پر قبضہ کرنے آئے، اور چارپائیاں، کھاد کی بوریاں اور صوفہ اٹھا کرکے لے گئے۔

فواد چوہدری کی گرفتاری
فواد چوہدری کو 4 نومبر ہفتے کے روز اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کی تصدیق ان کے بھائی فیصل چوہدری اور ان کی اہلیہ حبا فواد نے کی۔

فواد چوہدری کی اہلیہ اور بھائی فیصل چوہدری کے مطابق صبح اسلام آباد پولیس کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں کچھ لوگ آئے جو فواد کو لے کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔

فواد چوہدری 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اتوار 5 نومبر کو فواد چوہدری کو بکتر بند کے ذریعے اسلام آباد کچہری پہنچایا گیا اور پولیس ان کے چہرے کو کپڑے سے ڈھانپ کر عدالت پیشی کے لیے لائی۔

فواد چوہدری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اور پولیس نے عدالت میں ایف آئی آر بھی پڑھ کر سنائی، جس میں بتایا گیا کہ فواد چوہدری نے شہری ظہیر سے 50 لاکھ روپے لیے تھے اور نوکری کا وعدہ کیا تھا تاہم پیسے لے کر انہوں نے اسے نوکری نہیں دی اور جب شہری نے اپنے پیسے واپس لینے کا تقاضا کیا، تو فواد چوہدری کی جانب سے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔

عدالت نے پولیس کی استدعا پر فواد چوہدری کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

فواد چوہدری پر زمینوں پر قبضے کا الزام
اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بھائی اور کزن سمیت سرکاری زمینوں پرقبضوں کے الزام میں6 نومبر کو طلب کیا تھا۔

اینٹی کرپشن کے مطابق فواد چوہدری پر بھائیوں اورکزن کے ساتھ مل کر سرکاری زمینوں پرقبضوں کا الزام ہے، جس پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے انہیں 6 نومبر 11 بجے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، تاہم پیش نہ ہوئے۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی کی جانب سے فواد چوہدری، بھائی فرازچوہدری اور کزن فوق شیرباز کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ فواد چوہدری پر بھائی اور کزن کے ساتھ مل کر سرکاری زمینوں پر قبضوں کا الزام ہے، جس کی انکوائری کرنی ہے۔ تینوں ملزمان 6 نومبر کو 11 بجے اینٹی کرپشن راولپنڈی آفس پیش ہوں۔