پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق نے دبئی ائیر شو میں دھوم مچا دی

پاک فضائیہ کا جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارہ اور سپر مشاق طیارے دبئی ایئر شو 2023 میں حصہ لے رہے ہیں۔

دبئی ائیر شو میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی خصوصی شرکت نے میگا ایونٹ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق نے دبئی ائیر شو میں دھوم مچا دی۔ طیاروں نے فضا میں شاندار پرواز کر کے رنگ بکھیرے اور فضائی کرتب دکھا کر سیاحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

دنیا بھر سے ایوی ایشن کمپنیوں کی شرکت نے دبئی ائیر شو کو یاد گار بنا دیا۔ پاک فضائیہ کے ائیر کمو ڈور محمد بابر کہنا تھا کہ دبئی ایئر شو میں سو سال پرانی کمپنیاں شریک ہیں اور اس انٹرنیشنل ائر شو میں جے ایف تھنڈر ااور سپر مشاق تمام جدید جنگی صلاحیتوں سے مزین ھونے کی وجہ سے مرکز نگاہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ لڑاکا طیارے پاکستان کا افتخار ہیں اور کسی بھی مشکل میں قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

ڈی جی پی آر- پی اے ایف نے اس حوالے سے ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ دبئی ایئر شو 2023ء میں بھرپور شرکت کر رہی ہے جس میں اس کے انتہائی جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارے کے ساتھ ورسٹائل سپر مشاق طیارے بھی شامل ہیں۔

دبئی ایئر شو 13 سے 17 نومبر تک جاری رہے گا۔ پہلی بار کسی بین الاقوامی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے کی شرکت ہے جو پاکستان کے جدیدیت اور ہوابازی کے شعبے میں بہترین کارکردگی کے عزم کی علامت ہے۔

ایکس پیغام میں مزید کہا گیا کہ یہ تاریخی شرکت پاک فضائیہ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو عالمی سطح پر اپنی جدید ترین ایوی ایشن صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی ہے۔

نواز شریف کا فضل الرحمان سے رابطہ، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلفونک رابطہ ہوا۔

ٹیلی فونک رابطے میں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خیریت دریافت کی۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے باہمی اتفاق سے ملکی مسائل کو حل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اسلم غوری نے بتایا کہ نواز شریف نے جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقے میرعلی میں دہشت گردوں کی اطلاعات پر آپریشن کیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے پاک فوج کے سپاہی عبداللہ اور سپاہی محمد سہیل نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں بھی عمران خان گرفتار، نیب کی اڈیالہ جیل میں تفتیش

اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ نیشنل کرائم ایجنسی کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جس پر نیب کی تفتیشی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر کے مقدمے میں شامل تفتیش کرلیا۔

نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کےوارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے درخواست دائر کی، جس پر احتساب عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وارنٹ کی تعمیل کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کا حکم دیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد کےجج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، پراسیکیوٹر عرفان بھولا، تفتیشی افسران محسن، وقار الحسن، میاں عمر ندیم اور دیگر پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ نے اس کیس میں کیا کیا ہے؟َ

نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ وہاں کیس زیر التواء ہے عدالت نے نہ حکم معطل کیا اور نہ کوئی اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، لہذا عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں اور جیل سپریٹنڈنٹ کو اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ جب وارنٹ کے بعد گرفتار کریں گے تو جسمانی ریمانڈ کیلئے یہاں ہی لائیں گے، قانون 24 گھنٹے دیتاہے اس سے زیادہ ضرورت ہوئی تو عدالت میں درخواست دیں گے، وارنٹ تعمیل کرانے ہیں جس کے بعد باقی اقدامات ہوں گے، پہلے بھی ملزمان کو جیل میں وارنٹ تعمیل کرائے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آفیشل سیکرٹ عدالت نے کیا کیا ہے؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ انہوں نے اجازت دے دی ہے کہ وارنٹ تعمیل کروا سکتے ہیں، گرفتاری اس لیے ڈال رہے ہیں کہ تفتیش کرنے اور انوسٹی گیشن کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو قانون کے مطابق وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے اقدامات کا حکم دے دیا۔

نیب ٹیم کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں  تفتیش

نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ القادر یونیورسٹی کیس میں گرفتاری کے ساتھ شامل تفتیش کر لیا اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹہ 5 منٹ سوالات کئے گئے۔

نیب راولپنڈی کی ٹیم تفتیشی آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار الحسن کی قیادت میں ہونے پانچ بجے اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں چیئرمین پی ٹی آئی کو کیس میں وارنٹ گرفتاری لئے جانے بعد گرفتاری ڈالتے ہوئے شامل تفتیش کیا گیا اور پھر اُن سے پوچھ گچھ ہوئی۔

اس کیس میں بطور ملزمہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کو بھی شامل تفتیش کرتے ہوئے سوال نامہ دے دیا گیا ہے۔

بشری بی بی نیب میں پیش

علاوہ ازیں اسی کیس نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نیب اسلام آباد آفس میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بطور ملزمہ پیش ہوئیں۔

نیب ٹیم نے بشریٰ بی بی سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں 11 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا گیا جن کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور فیملی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد

ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، ان کے صاحبزادے مونس الہٰی اور فیملی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے لاہور میں چوہدری پرویز الہیٰ اور مونس الہٰی کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی اور پرویز الہٰی کے تمام بینک اکاؤنٹ فریز کردیے گئے جبکہ دونوں رہنماؤں کی فیملی کے بھی تمام بینک اکاؤنٹس فریز کردیے گئے، ان کے تمام کمپنی اکاؤنٹس اور پرسنل اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں، ایف آئی اے لاہور نے مونس الہٰی اور فیملی کے 100 سے زائد اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا پیسہ جمع کرایا گیا ، مونس الہٰی اور اس کی فیملی کے بینک اکاؤنٹس میں موجود کروڑوں روپے منجمد کیے گیے ہیں۔

عدالت نے مونس الہٰی کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے ہیں تاہم مونس الہٰی تحقیقات سے بچنے کے لئے پہلے سے ہی ملک سے فرار ہے۔

ایف آئی اے نے مونس الہٰی کو عدالت سے اشتہاری کرانے اور مونس الہٰی کا ریڈ نوٹس جاری کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرواکر بذریعہ انٹرپول جلد گرفتار کیاجائے گا۔

بلاول بھٹو نے ن لیگ کو ’پاکستان مہنگائی لیگ‘ قرار دے دیا

مٹھی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں تاکہ عوام آپس میں متحد نہ ہوسکیں، الیکشن کے نتائج پہلے سے کمرے میں بیٹھ کر تیار کرنے اور پی ٹی آئی کی طرح جیت کے خواب دیکھنے والی ’پاکستان مہنگائی لیگ‘ کو عوام جواب دیں گے۔

مٹھی میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، ہم پہلے بھی اس کو مسترد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی ہے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ انشا اللہ عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو کھاد، بیچ کے حوالے سے مدد فراہم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص مودی سرکار اور دنیا بھر میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دینے کے لیے تھرپار کے جیالے ہی کافی ہیں، ایسی طاقتوں کو پاکستان پیپلزپارٹی بہت اچھی طرح سے ہینڈل کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ابھی انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا مگر جس جوش و جذبے سے عوام نے آج کے جلسے میں شرکت کی اُس سے تھرپارکر کا فیصلہ ہوگیا ہے، 8 فروری کو انشاء اللہ تھرپار کر سے تیر، پیپلزپارٹی اور عوام کی جیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قائد جمہوریت،  بی بی شہید نے جو نعرہ ’مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان‘ یہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا ماضی میں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی یہ نعرہ اُس وقت تک لگائے گی جب تک ملک سے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ختم نہیں ہوجائے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کارکردگی تھرپارکر ہے، آئیں پوچھیں کہ یہاں پی پی کی حکومت کے بعد کتنا ترقیاتی کام ہوا، مواصلاتی نظام، ایئرپورٹ، صحت کے نظام سمیت ساری صورت بدل دی، یہاں تھرکول بلاک ٹو کا منصوبہ شروع ہونے سے معیشت بدل گئی ہے جبکہ یہاں کے 20 ہزار نوجوانوں کیلیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔

چیئرمین پی پی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، کوئی جماعت بھی ایسی نہیں ہے جس کو مخالف مان سکوں، میری مخالف بے روزگاری، مہنگائی اور غربت ہے، ہم ملکر ان ساری چیزوں سے لڑیں گے اور عوام کو اُن کا حق دیں گے۔

’کمروں میں بیٹھ کر ابھی سے الیکشن کے نتائج تیار کیے جارہے ہیں‘

کمروں میں بیٹھ کر ابھی سے الیکشن کے نتائج اور منصوبے بنانے والوں کو پیپلزپارٹی 8 فروری کو جواب دے گی، ہم کسی کی سپورٹ یا مدد سے الیکشن نہیں لڑیں گے بلکہ اپنی کارکردگی پر انتخابات لڑیں گے۔

’اب کسی سلیکٹڈ کو برداشت نہیں کریں گے‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام نے پانچ سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے اور اب ہم مزید کسی سیلیکٹڈ کو برداشت نہیں کریں گے، انتخابات میں عوام کے پاس تین آپشنز ہوں گی، پہلا تحریک انتشار جس نے عسکری تنصیبات پر حملے کیے، اُسے عوام رد کریں گے۔

’پی ٹی آئی کی طرح نقل کر کے الیکشن جیتنے والی پاکستان مہنگائی لیگ کو عوام شکست دیں گے‘

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ’دوسری طرف ہمارے دوست ہیں جو شاید سمجھ رہے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کی نقل کر کے الیکشن لڑ سکتے ہیں تو انہیں عوام 8 فروری کو جواب دیں گے اور پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے‘۔

’صدر زرداری کی کوشش سے اُنکا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اب جیالا وزیراعظم بنے گا‘

انہوں نے کہا کہ اگر عوام ساتھ ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، بی بی کی جماعت کو فتح ہوگی، جیسے صدر زرداری کی کوشش سے اُن کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اس بار جیالا وزیراعظم، وزیراعلیٰ بن سکتا ہے، ہم روایتی سیاست، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنے کا مشن مکمل کریں گے اور عوامی راج قائم کریں گے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے مٹھی کے عوام کو دیپاوالی کی مبارک باد بھی دی۔

القادر کیس: نیب ٹیم کی اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش

اسلام آباد: نیب کی تفتیشی ٹیم القادر یونیورسٹی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سے پوچھ گچھ کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے القادر یونیورسٹی کیس میں تفتیش کیلئے نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی ہے، نیب ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا تاحال کوئی عندیہ نہیں دیا۔

نیب ٹیم بغیر اسکواڈ کے صرف دو گاڑیوں میں اڈیالہ جیل پہنچی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقار الحسن نیب ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا کی 9 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھالیا

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ کے نئے نگران وزیراعلیٰ کے بعد صوبے کی 9 رکنی نگران کابینہ نے بھی حلف اٹھالیا، گورنر حاجی غلام علی نے وزراء سے حلف لیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ بھی موجود تھے۔

بحیثیت نگران صوبائی وزیر حلف اٹھانے والوں میں سید مسعود شاہ، جسٹس(ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، انجینئر عامر ندیم درانی، انجینئر احمد جان اور سید عامر عبداللہ شامل ہیں جبکہ سابق وزیر اطلاعات فیروز جمال شاہ نے حلف نہیں اٹھایا جو بعد میں حلف اٹھائیں گے۔

توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز؛ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ نیشنل کرائم ایجنسی کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کےوارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے درخواست دائر کی، جس پر احتساب عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وارنٹ کی تعمیل کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کا حکم دےدیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کےجج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، پراسیکیوٹر عرفان بھولا، تفتیشی افسران محسن، وقار الحسن، میاں عمر ندیم اور دیگر پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ نے اس کیس میں کیا کیا ہے؟َ

نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ وہاں کیس زیر التواء ہے عدالت نے نہ حکم معطل کیا اور نہ کوئی اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، لہذا عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں اور جیل سپریٹنڈنٹ کو اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ جب وارنٹ کے بعد گرفتار کریں گے تو جسمانی ریمانڈ کیلئے یہاں ہی لائیں گے، قانون 24 گھنٹے دیتاہے اس سے زیادہ ضرورت ہوئی تو عدالت میں درخواست دیں گے، وارنٹ تعمیل کرانے ہیں جس کے بعد باقی اقدامات ہوں گے، پہلے بھی ملزمان کو جیل میں وارنٹ تعمیل کرائے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آفیشل سیکرٹ عدالت نے کیا کیا ہے؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ انہوں نے اجازت دے دی ہے کہ وارنٹ تعمیل کروا سکتے ہیں، گرفتاری اس لیے ڈال رہے ہیں کہ تفتیش کرنے اور انوسٹی گیشن کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو قانون کے مطابق وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے اقدامات کا حکم دے دیا۔

بشری بی بی نیب میں پیش

علاوہ ازیں اسی کیس نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نیب اسلام آباد آفس میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بطور ملزمہ پیش ہوئیں۔

نیب ٹیم نے بشریٰ بی بی سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں 11 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا گیا جن کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

برطانوی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ؛ سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون وزیر خارجہ مقرر

لندن: برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی حیران کن طور پر سیاست میں واپسی ہوگئی اور انھیں ملک کا نیا وزیر خارجہ مقرر کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ بھارتی نژاد سویلا بریورمین کی برطرفی کے فوری بعد وزیراعظم رشی سوناک نے اپنی کابینہ میں ایک اور بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا۔

برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو وزیر خارجہ مقرر کر دیا گیا۔ کیمرون 2010 سے 2016 تک برطانیہ کے وزیراعظم رہے تھے تاہم برطانیہ کے متنازع بریگزٹ ووٹنگ پر استعفیٰ دیدیا تھا۔
یہ خبر پڑھیں : فلسطین ریلی پر طاقت کا استعمال؛ برطانوی وزیر داخلہ کو برطرف کردیا گیا

جس کے بعد ڈیوڈ کیمرون برطانوی سیاست میں غیر متحرک ہوگئے تھے لیکن آج جب وزیر داخلہ سویلا بریورمین کو برطرف کیا گیا تو حیران کن طور پر ڈیوڈ کیمرون کو برطانوی وزیراعظم کے دفتر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس سے یہ قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ شاید وزارت داخلہ کا قلمدان سویلا بریورمین سے لے کر ڈیوڈ کیمرون کو دیا جائے گا تاہم اس عہدے کے لیے سیکرٹری خارجہ جیمز کلیورلی کے نام کا اعلان کردیا گیا۔

بعد ازاں برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے اعلان کیا گیا کہ سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو وزیر برائے خارجہ، کامن ویلتھ۔ اور ڈیلوپمنٹ افیئرز مقرر کردیا گیا۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے اپنی کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا کئی بار عندیہ دے چکے ہیں تاکہ وہ اپنی حکمت عملی اور پالیسی کو بہتر طریقے سے نافذ کرسکیں۔

کک بیکس وصولی کیس: پی ٹی آئی رہنما مونس الہی اشتہاری قرار

ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کی کک بیکس وصول کرنے کے کیس میں احتساب عدالت لاہور نے مونس الہی کو اشتہاری قرار دے دیا اور جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کی کک بیکس وصول کرنے کا کیس کی سماعت ہوئی۔ جج نسیم احمد نے نیب کی درخواست پر کارروائی کی۔

نیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی کہ مؤنس الہی گرفتار نہیں ہوئے نہ ہی تفتیش جوائن کی، عدالت مونس الہی کو اشتہاری قرار دینے کا حکم دے۔

احتساب عدالت نے مونس الہی کو اشتہاری قرار دے دیا، عدالت نے جائیدادیں ضبط کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا اور مونس الہیٰ کی جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

خاور فرید مانیکا کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

لاہورہائیکورٹ نے بشری بی بی کے سابق شوہرخاور فرید مانیکا کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

جسٹس علی باقرنجفی نے خاور فرید مانیکا کی درخواست پر سماعت کی، عدالت کے روبرو ایڈشنل پراسیکوٹر جنرل عبدالصمد پیش ہوئے اور درخواست ضمانت کی مخالف کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ تفتیش میں درخواست گزار گناہ گار ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ اوقاف ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری تھی کہ وہ اراضی کو تحویل میں لے لیتی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو قبرستان کی زمین پر قبضہ میں گرفتار کر رکھا ہے، ان پر قبرستان کی زمین پر ناجائز تعمیرات کا الزام ہے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو 25 ستمبر کو گرفتار کیا، عدالت رہائی کی درخواست ضمانت منظور کرے۔

عدالت نے خاور مانیکا کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزارکو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

خاور مانیکا پر الزام
خاوید فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی جانب سے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔

ریفرنس کے مطابق خاور فرید مانیکا نے شادی ہال اور دکانوں کا حکومت کو ٹیکس دیا نہ محکمہ اوقات کو کوئی معاوضہ دیا جس کی مالیت لاکھوں میں ہے۔

اینٹی کرپشن نے اس ریفرنس پر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کیا ہے، ان پر سرکاری خزانے 13 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

گیٹ نمبر4 میں ساتھ تھے، مجھے نظر لگ گئی، نواز شریف کو نظر لگنے کا منتظر ہوں، شیخ رشید

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گیٹ نمبر4 میں نوازشریف کے ساتھ تھا، ہمیشہ گیٹ 4 کا ساتھ دیا، مجھے نظر لگ چکی، انتظار میں ہوں نواز شریف کو کب لگے گی۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایسے ایسے شہروں میں کیس بنے جو دیکھے ہی نہیں، میرے خلاف جو بھی کیس ہیں وہ مجھے بتائےجائیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں اور نواز شریف ایک ہی دن پاکستان آئے تھے، مجھے نظرلگ چکی، اب انتظار میں ہوں انہیں کب نظر لگے گی، گیٹ نمبر4 میں نواز شریف کے ساتھ تھا، ہمیشہ گیٹ 4 کا ساتھ دیا۔

سابق وزیر نے کہا کہ انتخابات تو ایک دن اس ملک میں ہونے ہی ہیں، الیکشن سیاسی جماعتوں میں ہونا چاہیے، اداروں اور سیاسی جماعتوں میں نہیں۔