شاہ رخ خان کی بیٹی سوہانا نے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا

 ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سوہانا خان نے اداکاری کے بعد گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔ 

سوہانا خان نامور فلمساز زویا اختر کی فلم ’دی آرچیز‘ کے ساتھ اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کررہی ہیں اور اب نئی خبر کے مطابق فلم میں ان کا گانا بھی شامل ہے۔

’دی آرچیز‘ کی ریلیز سے قبل فلم میکرز نے میوزک البم لانچ کیا ہے جس میں شاہ رخ خان کی بیٹی کا گانا ’جب تم نہ تھیں‘ شامل ہے۔

سوہانا خان نے انسٹاگرام پر اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے کسی بھی فلم کیلئے اپنا پہلا گانا گایا ہے، ساتھ ہی انہوں نے زویا اختر اور شنکر مہادیون کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ ’دی آرچیز‘ میں 16 گانے شامل کیے گئے ہیں جسے مختلف گلوکاروں نے آواز دی ہے۔

حوالہ ہنڈی میں ملوث 711 ملزمان گرفتار، 4 ارب سے زائد مالیت کی کرنسی برآمد

حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مجموعی طور پر 4 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

ایف آئی اے کا غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری رہا۔

رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 499 چھاپہ مار کاروائیاں کیں، 500 مقدمات درج کر کے 711 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 61 انکوئریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی۔

رواں سال کے دوران خیبرپختونخوا زون نے 333، لاہور زون نے 79، گجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 67 اور ملتان زون نے 53 ملزمان کو گرفتار کیا۔

اسلام آباد زون نے 26، کراچی زون نے 77، حیدرآباد زون نے 32 اور بلوچستان زون نے 20 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

برآمد کی گئی کرنسی میں 799060 امریکی ڈالر، 38 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل برآمد کی گئی جبکہ برآمد شدہ کرنسی میں 3 ارب 67 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بھی شامل ہیں

ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں، مارکیٹوں اور دکانوں کو بھی سیل کیا گیا۔

پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر انیتا کریم نے دو گولڈ میڈل جیت لئے

پاکستانی خاتون مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر انیتا کریم نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونے والے سیام کپ میں دو گولڈ میڈل جیت لیے ہیں۔

انیتا کریم نے 55 کلوگرام/لائٹ ویٹ کیٹیگری کے ساتھ ساتھ ’ایبسلوٹ‘ کیٹگری میں تمغے جیتے۔

لائٹ ویٹ کیٹیگری میں انہوں نے جاپان کی مییو سوزوکی، تھائی لینڈ کی چوٹیما سالا اور سیفا پھٹیڈی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے پہلے دو مقابلے سبمیشن جبکہ آخری ایک پوائنٹس سے جیتا تھا۔ ایبسلوٹ کیٹیگری میں انیتا کریم نے تھائی لینڈ کے چوتیما سالا ساسیتھون یاہی اور تانیا پورن منگکلکیری کو شکست دی۔

پہلی اور تیسری فائٹ سبمیشن کے ذریعے جیتی گئی جبکہ دوسری جیت پوائنٹس پر حاصل کی۔

انیتا کریم بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر ہیں

انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کی دستبرداری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تحریک انصاف

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے انٹرا پارٹی انتخابات میں عمران خان کے حصہ نہ لینے کی تردید کی ہے جبکہ عمران خان کے وکیل اور پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں نااہلی کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین عمران خان کے نئی مدت کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کے معاملے پر میڈیا میں چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔

سینئر رہنما نے دعویٰ کیا کہ انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کے حکم اور عمران خان کی ہدایت پر کروائے جارہے ہیں، اس میں عمران خان کے بطور چیئرمین حصہ لینے کے حالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہم امور پر غور کیا جارہا ہے، چیئرمین عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد، تاریخ و طریقۂ کار اور امیدواران کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی اسے باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہفتہ دو دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے چیئرمین کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کسی بھی عہدے پر الیکشن نہیں لڑیں گے جبکہ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی میں سے بھی کوئی کسی عہدے پر حصہ نہیں لے گا۔

قانونی پیچیدگیوں اور توشہ خانہ نااہلی کی وجہ سے عمران خان حصہ نہیں لیں گے، نائب صدر

عمران خان کے وکیل اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت ایڈوکیٹ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں واضح کیا کہ عمران خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کا الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ قانونی موشگافیوں کے باعث انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے باعث عمران خان قانونی طور پر الیکشن نہیں لڑ سکتے، نااہلی کا فیصلہ عدالت سے ختم ہوتے ہی خان صاحب کو دوبارہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب کر لیا جائے گا۔

اسرائیل نے جنگ بندی کے دوران رہا کیے گئے فلسطینیوں سے زیادہ دوبارہ گرفتار کر لیے

غزہ میں اسرائیل نے جنگ بندی کے دوران رہا کیے گئے فلسطینیوں کی تعداد سے زیادہ فلسطینی دوبارہ گرفتار کرلیے۔

فلسطینی قیدیوں کے کلب کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جمعہ کو جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں 168 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔

یہ تعداد اسرائیل کی جانب سے حماس کے ساتھ معاہدے کے تحت جمعے سے اب تک رہا کیے گئے 150 فلسطینیوں سے زیادہ ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق چار روزہ جنگ بندی میں اسرائیلی حکام کی طرف سے رہا کیے گئے فلسطینیوں کی اکثریت پر فرد جرم ہی عائد نہیں کی گئی تھی۔

رہا کیے گئے 150 فلسطینی قیدیوں میں سے 98 کو بغیر کسی الزام کے حراست میں رکھا گیا تھا۔ ان 150 رہا کیے جانے والے فلسطینیوں میں 119 بچے جب کہ 31 خواتین شامل ہیں۔

غزہ کی ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے 60 فلسطینی خواتین کو ابھی بھی قید میں رکھا ہوا ہے، جن میں سے زیادہ تر کو 7 اکتوبر کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی (پی پی ایس) کے میڈیا افسر امل سرہنے نے ترک خبر رساں ایجنسی انادولو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں گرفتاریوں کی ایک بڑی لہر میں 56 فلسطینی خواتین اور لڑکیوں کو حراست میں لیا۔

اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں کارروائیوں کے دوران اب تک 3,260 کو حراست میں لیا ہے۔

نوازشریف ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ایون فیلڈ میں چھوڑ آئے ہیں، فیصل کریم کنڈی

پیپلزپارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر نمبر گیم پورا کرے گی اور بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے، نوازشریف ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ایون فیلڈ میں چھوڑ آئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اگلی حکومت بنائےگی، بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، اتحادیوں سے ملکر نمبرگیم پر حکومت بنائیں گے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ آصف زرداری نے فیڈریشن کی طرف سے بلوچستان سےمعافی مانگی تھی، جب سی پیک کا سنگ بنیاد رکھا گیا تو پی پی نے گوادر پورٹ چائنا کے حوالے کیا، یوسف گیلانی نے کابینہ میٹنگ کال کی اور وہاں پر منظوری دی گئی، سی پیک کا آغاز پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہوا۔ پیپلزپارٹی اپنا56واں یوم تاسیس کوئٹہ میں منانےجارہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوری اقدار اور روایات کی بات کرتی ہے، 120 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کرنے والے20 سیٹیں بھی نہیں جیت سکتے، ن لیگ والے16ماہ کے بجائےنوازشریف کی گزشتہ حکومت کی بات کرتے ہیں، کون کتنےپانی میں الیکشن میں پتا چل جائےگا،فیصل کریم کنڈی انہوں نے لاڈلہ بننے کی کوشش شروع کردی ہے،۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سنجیدہ سیاست پر یقین رکھتی ہے، اور وہ تاثر دے رہے ہیں کہ ادارے ہمارے ساتھ ہیں، ایک اور سلیکشن ہوتی ہے توملک ترقی نہیں کرسکتا، ووٹ کوعزت دو، مجھے کیوں نکالا، کیا یہ بیانیہ ایون فیلڈ میں چھوڑ آئے ہیں، ن لیگ نے ہمیشہ اداروں کو سیاست میں دھکیلا ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صاف و شفاف الیکشن ملک کی ضرورت ہیں، عوام کو جمہوری حق ہےوہ جس کو بھی مینڈیٹ دے، پہلے بھی ایک سلیکشن اورلاڈلہ ملک کوتباہی تک لےآیاہے، اگر آپ نے زیادتی کرنے والوں کو معاف کردیا تو اچھی بات ہے، میاں صاحب کم ازکم آپ ووٹ کوعزت تو دلائیں، جب چیئرمین پی ٹی آئی کو لایا گیا تو آپ نے کہا تھا دودھ میں پانی ملا دیا، جب آپ کو لایا جائے گا تو اس کا مطلب پانی میں دودھ ملایا جائے گا۔

اسرائیل کے ساتھ مذاکراتی عمل مشکل ہے، قطری وزارت خارجہ

امریکا کی جانب سے غزہ میں امدادی سامان کے 3 طیارے بھیجوائے جائیں گے، جب کہ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر جنگ بندی میں توسیع کے لیے فریقوں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

امریکا کی جانب سے غزہ میں امدادی سامان کے 3 طیارے بھجوائے جائیں گے۔ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر جنگ بندی میں توسیع کے لیے فریقوں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل کے تمام پہلوؤں میں مشکلات ہیں، ہر فریق کے اپنے مطالبات اور تحفظات ہیں، اسرائیل کے ساتھ مذاکراتی عمل مشکل ہے۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں یرغمالیوں کی مجموعی تعداد کی تصدیق نہیں کی جاسکتی، تاہم بچوں اور عورتوں کی رہائی ترجیح ہے، فوجیوں کی رہائی پر بات جیت بعد میں ہوگی، غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے ثالثی کو مضبوط کر رہے ہیں۔

کرپشن کیس: پرویز الہیٰ کے شریک ملزم اشفاق چوہدری کی پلی بارگین کی درخواست منظور

گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن میں بڑی پیشرفت،لاہور کی احتساب عدالت نے پرویز الہیٰ کے شریک ملزم اشفاق احمد چوہدری کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔

گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اور احتساب عدالت لاہور نے پرویز الہیٰ کے شریک ملزم اشفاق احمد چوہدری کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ کیا، اور ملزم اشفاق احمد کو کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ملزم نے 50 ملین کی پلی بارگین کی درخواست دی تھی، احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے ملزم کی درخواست منظور کرلی۔

اسد قیصر کو ایک مقدمے میں ضمانت کے بعد دوسرے میں گرفتار کرنے پر حکومت سے جواب طلب

پشاورہائیکورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی باربار گرفتاری پر حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ کیا مذاق ہے، ضمانت ملنے کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کرتے ہیں، قانون اس پر کیا کہتا ہے یہ دیکھیں گے۔

پشاور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے خلاف موجودہ مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسد ال نے سماعت کی۔

درخواست گزار اسد قیصر کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ضمانت ملتے ہی دوسرے مقدمےمیں گرفتارکر لیا جاتا ہے، پہلے سے درج مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے۔

سرکاری وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ اسد قیصر مقدمات میں نامزد ہیں اس لئے گرفتار ہوتے ہیں۔

اسد قیصر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اسد قیصر کی درخواست ضمانت پر کل سماعت ہوگی، کل ضمانت ملنے کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتاری روک دی جائے۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ یہ کیا مذاق ہے، ضمانت ملنے کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کرتے ہیں، قانون اس پر کیا کہتا ہے یہ دیکھیں گے۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے اسد قیصر کے وکیل سے کہا کہ آپ تیاری کرلیں اور حکومت جواب جمع کرائے، کیس کو آئندہ سماعت پر سنیں گے۔

عدالت نے حکومت سے جواب طلب کرکے سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کردی۔

مشرف کے مارشل لاء کو قانونی کہنے والے ججوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیئے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ بار کے وکیل رشید اے رضوی نے مارشل لاء کا ذکر چھیڑ دیا جس پر جسٹس اطہرمن اللہ نے ماضی میں نہ جانے کا مشورہ دیا جبکہ چیف جسٹس نے ماضی سے سبق سیکھنے کے ریمارکس دیے تو جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ بالکل جائیں مشرف نے آئین توڑا، اسمبلیاں توڑیں، اسی عدالت نے راستہ دیا، مشرف کے مارشل لاء کو قانونی کہنے والے ججوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیئے، ہمیں سچ بولنا چاہیئے۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی بینچ نے پرویز مشرف کی سزا کے خلاف اپیل اور لاہور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

خصوصی عدالت کو غیر قانونی قرار دینے والے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حامد خان دلائل کے لیے پیش ہوئے۔

پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حامد خان نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریری دلائل عدالت میں جمع کرا دیے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کے دلائل مکمل ہوگئے ہیں، اب ہم تحریری معروضات کا جائزہ لے لیں گے۔

پاکستان بار کونسل کی جانب سے ہارون الرشید نے دلائل تو چیف جسٹس نے تیاری نہ ہونے پر ناگواری کا اظہار کیا۔

سندھ ہائیکورٹ بارکے وکیل رشید اے رضوی نے دلائل میں پرویزمشرف کے مارشل لاء کا ذکر کیا تو جسٹس اطہر من اللہ نے روکتے ہوئے کہا کہ رشید رضوی صاحب ماضی میں کب تک جائیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مجھے جسٹس اطہرمن اللہ کا احترام ہے مگر ہمیں اب ماضی میں جانا چاہیئے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ بالکل جائیں پھر اسی مشرف نے 12ا کتوبر کو بھی آئین توڑا، اسمبلیاں توڑیں، 12 اکتوبر کے اقدام کو اسی عدالت نے راستہ دیا، مشرف مارشل لاء کو قانونی کہنے والے ججوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیئے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے مزید کہا کہ کارروائی صرف 3 نومبرکے اقدام پر کیوں کی گئی؟ 3 نومبر کو صرف ججوں پر حملہ ہونے پر کارروائی ہوگی تو فئیر ٹرائل کا سوال اٹھے گا، کیا ججوں پر حملہ اسمبلیاں توڑنے آئین معطل کرنے سے زیادہ سنگین معاملہ تھا؟ ہمیں سچ بولنا چاہیئے، اگر کسی فیصلے کو ختم ہونا ہے تو اسے ہونا چاہیئے، جس نے مارشل لاء کوراستہ دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو ماضی میں ہوچکا اسے میں ختم نہیں کرسکتا قوم بننا ہے تو ماضی کو دیکھ کر مستقبل کو ٹھیک کرنا ہے، سزا اور جزا اوپر بھی جائے گی، وکیل آکر بتائیں ناکہ آئین توڑنے والے ججوں کی تصویریں یہاں کیوں لگی ہیں، جج ہی یہاں بیٹھ کر کیوں پوائنٹ آوٹ کریں، میڈیا بھی ذمہ دار ہے ان کا بھی احتساب ہونا چاہیئے، بتائیں کتنے صحافی مارشل لاء کے حامی کتنے خلاف تھے؟ ہمیں تاریح سے سیکھنا چاہیئے، بچوں کو بھی سیکھانا چاہیئے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ تاریخ پھر یہ ہے کہ جب کوئی مضبوط ہوتا ہے اس کے خلاف کوئی نہیں بولتا، جب طاقتور کمزور پڑ جاتا ہے اس کے بعد عاصمہ جیلانی والا فیصلہ آجاتا ہے۔

وکیل رشید اے رضوی نے غیرآئینی اقدامات کا جواز پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا موقف اپناتے ہوئے دلائل مکمل کیے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ وفاق نے لاہورہائیکورٹ کی کارروائی پر اعتراض نہیں کیا، اس وقت حکومت کس کی تھی؟، جس پر حامد خان نے بتایاکہ پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔

چیف جسٹس نے کہاکہ اب ہم آپ کوشرمندہ نہیں کرنا چاہتے، آپ اپنے گھرسے ہوئی غلط بات کوغلط کہنے کھڑے ہیں۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے پوچھا کہ پرویزمشرف کے خلاف کارروائی شروع ہونے پر اس وقت کی حکومت بھی کارروائی نہیں چاہتی تھی، اس وقت کس کی حکومت تھی؟، جس پر حامد خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت تھی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہم سزا بھی برقرار رکھیں اور سب کو پینشن اور مراعات بھی ملتی رہیں یہ نہیں ہوگا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کنفیوز لگ رہے ہیں انہیں شاید وہ سیم پیج مل نہیں رہا۔

حکم نامے میں سوال کیا گیاکہ ملزم کی وفات پرکیا اپیل غیر مؤثرنہیں ہوئی؟ کیا سزا برقراررہنے پرمشرف کی فیملی کو مراعات دینی چاہیں یا نہیں؟۔

بعدازاں عدالت عظمیٰ نے سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی، محسن نقوی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی اور باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

متحدہ عرب امارات سے اپنے پیغام میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے، معاہدوں سے معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، سمجھوتوں پر عمل درآمد کے جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی وفد کو متحدہ عرب امارات میں خصوصی پذیرائی ملی، صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید رہی، معاہدوں کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان کی کاوشیں لائق ستائش ہیں، معاہدوں میں آرمی چیف کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے معاہدوں سے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی، یو اے ای توانائی اور پورٹ آپریشنز پرجیکٹس میں سرمایا لگائے گا، فوڈ سیکیورٹی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری ہوگی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی، یو اے ای سے اقتصادی شراکت داری کےنئے دور کا آغاز ہوگا۔

قومی کرکٹرز کی شکایت؛ رشوت لینے والے سندھ پولیس کے 4 اہلکار گرفتار

قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے رشوت وصول کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

 شہید بینظیر آباد میں سکرنڈ تھانے کی حدود سپرہائی وے پر قومی کرکٹرز سے رشوت وصول کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، چاروں پولیس اہلکار سکرنڈ تھانے میں تعینات تھے۔

ڈی آئی جی ضلع شہید بینظیر آباد ایس ایچ او سکرنڈ اور منشی کو بھی غفلت و لاپروائی کا مرتکب قرار دیکر معطل کردیا گیا ہے، آئی جی سندھ رفعت مختیار راجہ نے کراچی سے ملتان جانے والے قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے رشوت طلب کرنے کا واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی شہید بے نظیرآباد کو فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

چوہدری شجاعت نے چوہدری سرور کو کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے سے منع کر دیا

چوہدری شجاعت نے چوہدری سرور کو فی الحال کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے سے منع کر دیا ہے اور چوہدری سرور نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ کوئی بھی سیاسی فیصلہ بغیر مشاورت نہیں ہوگا۔

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری سرور کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماوں میں سیاسی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

چوہدری شجاعت نے چوہدری سرور کو فی الحال کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے سے منع کر دیا ہے۔ جب کہ چوہدری سرور نے بھی چوہدری شجاعت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کوئی بھی سیاسی فیصلہ آپ کی مشاورت کے بغیر نہیں ہو گا۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ جلد پاکستان آکر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کروں گا۔