اسرائیل نے الشفا اسپتال پر ٹینکوں سے دھاوا بول دیا

غزہ: اسرائیل نے درندگی اور سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کے الشفا اسپتال پر ٹینک چڑھا دئیے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق قابض اسرائیلی فوجی غزہ کے الشفا اسپتال میں ٹینکوں سمیت داخل ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق 6 اسرائیلی ٹینک اور ایک سو سے زائد اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال میں گھس کر لوگوں پر بدترین تشدد کیا اور دھمکیاں دیں۔

حماس کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اس وقت اسپتال میں تقریبا 2300 افراد موجود ہیں جن میں 650 مریض، 2 سو سے 5 سو تک عملے کے افراد اور تقریباً 1500 تک عام شہری موجود ہیں۔

حماس نے الشفا اسپتال کے محاصرے اور اسرائیلی حملے کا ذمہ دار امریکی صدر جوبائیڈن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے یہ اقدام امریکا کی اجازت کے بعد اٹھایا ہے۔ اسرائیل اسپتال کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا جھوٹا الزام لگا کر اسپتال پرحملے کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا ہم اسپتال پر حملہ اور فائرنگ نہیں دیکھنا چاہتے۔ اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 12 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

سروگیٹ ایڈورٹائزنگ، فرنچائزز ناتا توڑنے پر آمادہ

کراچی: پی ایس ایل فرنچائزز سروگیٹ ایڈورٹائزنگ سے ناتا توڑنے پر آمادہ ہو گئیں۔

پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس گذشتہ روز پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس میں تمام 6 فرنچائزز کے نمائندوں اور بورڈ حکام نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ تمام ٹیموں نے سروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر پابندی کو تسلیم کر لیا، البتہ انھوں نے پی سی بی سے کہا کہ وہ بھی باہمی سیریز میں ایسی کسی کمپنی کو اسپانسر نہ بنائے، آئندہ سال نویں ایڈیشن کی میزبانی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، کئی فرنچائز اور بعض بورڈ حکام الیکشن کی وجہ سے لیگ کا آغاز یو اے ای سے کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل9؛ سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر دروازے مکمل بند

میٹنگ میں دلچسپ صورتحال سامنے آئی جب فرنچائزز اور بورڈ دونوں نے لیگ کو باہر لے جانے کا فیصلہ ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوشش کی، اخراجات اور سیکیورٹی معاملات پر بھی بات ہوئی، اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر رہنمائی پر اتفاق کیا گیا، اس کے بعد اضافی اخراجات کا جائزہ لیا جائے گا۔

بعض آفیشلز نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ تاخیر کی صورت میں کہیں شیڈول آئی پی ایل سے متصادم نہ ہو جائے، اس سے بڑے کھلاڑیوں کو راغب کرنے میں دشواری ہوگی،البتہ بورڈ نے یقین ظاہر کیا کہ ایسی نوبت نہیں آئے گی۔

یہ بات بھی ہوئی کہ اگر لیگ ملک میں کرانا ہے تو چار کے بجائے کم وینیوز پر میچز کا انعقاد کریں تاکہ سیکیورٹی انتظامات میں آسانی ہو، اس حوالے سے حکومتی ہدایات پر ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

پی ایس ایل 8 میں بڑی تعداد میں مفت ٹکٹس تقسیم کیے گئے تھے، ایک فرنچائز اونر نے بورڈ سے کہا کہ اگر اب بھی ایسا کرنا ہے تو بورڈ وہ ٹکٹ پہلے خود خریدے تاکہ ہمیں نقصان نہ ہو۔ میٹنگ میں پی ایس ایل ڈرافٹ 14 دسمبر کو لاہور میں کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پی ایس ایل فرنچائزز نے بورڈ سے کہا کہ میڈیا رائٹس کی فروخت کے عمل کو تیز کیا جائے،اس حوالے سے بڈز کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

استعفیٰ یا برطرفی؛ بابر اور آرتھر کیلیے مشکل فیصلے کا وقت قریب

کراچی: استعفیٰ یا برطرفی بابر اعظم اور مکی آرتھر کیلیے مشکل فیصلے کا وقت قریب آ گیا جب کہ آج دونوں دیگر آفیشلز کے ساتھ بورڈ حکام سے میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں، کئی سابق اسٹارز نے انھیں قیادت چھوڑ کر صرف بیٹنگ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ بھی اس سے متفق ہے، البتہ بعض حلقوں نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز میں بابر کو کپتان برقرار رکھنے اور صرف وائٹ بال میں ذمہ داری واپس لینے کا مشورہ دیا ہے۔

آج میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کپتان سے دوٹوک بات کریں گے، ذرائع کے مطابق بابر خود بھی قیادت چھوڑ سکتے ہیں، البتہ اگر ایسا نہ ہوا تو بورڈ کو خود کوئی قدم اٹھانا پڑے گا۔

حکام سمجھتے ہیں کہ کپتانی کے بوجھ سے آزاد ہو کر بابر بطور بیٹر ٹیم کے زیادہ کام آ سکتے ہیں، بھارتی ویراٹ کوہلی کا بھی کھیل قیادت چھوڑنے کے بعد مزید بہتر ہو گیا تھا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر سمیت دیگر کوچز کو بھی مستعفی ہونے کا آپشن دیا جائے گا، اگر وہ نہ مانے تو معاہدے کی تکمیل تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی وغیرہ میں کام کرنے کی ہدایت ملے گی، پی سی بی حکام ملکی کوچز کا تقرر چاہتے ہیں، اس حوالے سے مختلف آپشنز پر پہلے ہی غور شروع ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ آرتھر آن لائن کوچنگ کی وجہ سے زیرتنقید رہے ہیں،انھوں نے انگلش کائونٹی ڈاربی شائر کے ساتھ مصروفیات کی وجہ سے کْل وقتی ملازمت قبول نہ کی تھی،ڈویڑن ٹو چیمپئن شپ میں ان کی ٹیم14 میں سے کوئی میچ نہیں جیت سکی اور8 ٹیموں میں چھٹے نمبر پر رہی تھی۔

ورلڈکپ میں پاکستانی سائیڈ کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی اور وہ سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی ہے۔

< > میں 43 برس اور دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود بھی پُرکشش ہوں؛ کرینہ کپور

بالی ووڈ میں ’بیبو‘ کے نام سے مشہور معروف اداکارہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ 43 برس کی ہوگئی ہیں اور دو بچوں کی ماں ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ پُرکشش ہیں۔

حال ہی میں کرینہ کپور نے فیشن میگزین “ڈزنی” کو انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی اور شوبز کیریئر سے متعلق گفتگو کی اور ساتھ ہی میگزین کے سرورق کے لیے فوٹوشوٹ بھی کروایا۔

کرینہ کپور نے دورانِ انٹرویو اپنے کیریئر کے حوالے سے کہا کہ “مجھے اپنے کیریئر کے آغاز میں تبو، گلین اینڈرسن اور کیٹ ونسلیٹ بہت پسند تھیں، ان تین اداکاراوْں کی وجہ سے ہی اداکاری شروع کی اور اپنی پہنچان بنائی”۔

اداکارہ نے کہا کہ “میں نے ہمیشہ اپنے کیریئر میں منفرد کام کیا، میرے ہر پراجیکٹ سے مجھے منفرد پہچان ملی اور مداحوں کی جانب سے میرے کام کو خوب سراہا گیا”۔

اُنہوں نے اپنی پُرکشش شخصیت کے حوالے سے کہا کہ “میں 43 کی برس کی ہوگئی ہوں، دو بچوں کی ماں بھی ہوں اور خاندانی زندگی میں بھی مصروف رہتی ہوں لیکن میں اس کے باوجود بھی پہلی کی طرح خوبرو اور پُرکشش ہوں”۔

شادی اور خاندان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرینہ کپور نے کہا کہ “جب بچوں کی خواہش ہو تو اُس وقت شادی کرلینی چاہیے”۔

کرینہ کپور نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ “میں اور سیف علی خان شادی سے قبل پانچ سال تک تعلقات میں تھے لیکن جب مجھے بچوں کی خواہش ہوئی تو ہم دونوں نے شادی کرلی”۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ “میری ازدواجی زندگی بہت پُرسکون ہے، میری دنیا شوہر، دو بچوں، اہلخانہ اور چند قریبی دوستوں تک محدود ہے اور بہترین زندگی گرز رہی ہے”َ۔

یاد رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان 16 اکتوبر 2012 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے یہ سیف کی دوسری شادی تھی جس سے ان کے دو بیٹےتیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔

اس سے قبل سیف اپنے سے بڑی عمر کی ساتھی اداکارہ امریتا سنگھ سے 1991 میں شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے بیٹی سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں۔

ایشوریا رائے سے متعلق عبدالرزاق کے بیان پر آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق عبدالرزاق کے بیان پر وضاحت پیش کردی۔

مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ عبدالرزاق کی تقریب کے دوران بات غور سے نہیں سنی تھی کہ انہوں نے کیا کہا کیونکہ محفل میں تمام افراد ہنس رہے تھے تو بھی ہنسا۔

انہوں نے کہا کہ رزاق کی عادت ہے وہ تفریح کرتا رہتا ہے، میں جانتا تھا کہ اس کے ہاتھ میں مائیک ہے اور وہ کچھ کہے گا تاہم جب تقریب سے واپس گھر آیا تو کسی نے میرے ساتھ کلپ شیئر کی اور پھر مجھے احساس ہوا کہ اس نے اصل میں کیا کہا تھا۔

سابق کپتان نے کہا کہ وہ عبدالرزاق سے ایشوریہ رائے کے بارے میں اپنے تبصرے پر معافی مانگنے کو کہیں گے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی تھی، مجھے مثال کچھ اور دینی تھی لیکن میرے منہ سے ایشوریا رائے کا نام نکل گیا جس پر میں اُن سے معذرت خواہ ہوں، میری نیت انکی تضحیک کرنا نہیں تھی۔

اسرائیلی فوجی غزہ کے الشفا اسپتال میں داخل

اسرائیلی افواج غزہ کے الشفا ہسپتال میں داخل ہو گئی ہے، جہاں ہزاروں مریض اور عام شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی ڈیفنس فورس نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ وہ الشفااسپتال کے ایک مخصوص علاقے میں حماس کے خلاف ایک ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی افواج نے کہا ہے کہ کچھ دیر میں اسپتال پر چھاپہ ماریں گے۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے الجزیرہ کو بتایا کہ اسرائیل نے ہمیں مطلع کیا ہے کہ وہ آنے والے لمحوں میں الشفاء اسپتال کمپلیکس پر چھاپہ مارے گا۔

ابوعزوم نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی اسپتال کے اندر ہیں جبکہ اسپتال مریضوں سے بھرا ہوا ہے، طبی عملے نے اپنے مریضوں کو چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے، جن میں نوزائیدہ بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کے الشفا اسپتال کا اسرائیلی فوج نے محاصرہ کررکھا تھا، جہاں ہزاروں مریض اور عام شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے غزہ کے الشفا ہسپتال میں اسرائیلی فوج کے داخلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسپتال میں فائرنگ اور مسلح لڑائی نہیں دیکھنا چاہتا۔

وائٹ ہاؤس کے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم اسپتال پر فضائی بمباری کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہی اسپتال میں جہاں معصوم، بے سہارا اور مریض زیر علاج ہیں مسلح لڑائی نہیں دیکھنا چاہتے۔

غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11,078 ہوگئی، جن میں 4,506 بچے اور 3,027 خواتین شامل ہیں۔

فیض آباد دھرنے پر حکومت انکوائری کمیشن تشکیل دے گی، آج کی سماعت سے پہلے اعلان

 

وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں انکوائری کمیشن کی تشکیل پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں انکوائری کمیشن کی تشکیل پر آمادگی کا اظہار کردیا، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے مطابق آج انکوائری کمیشن کا نوٹیفیکیشن سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں گے۔

سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس عمل درآمد کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ بھی بینچ میں شامل ہیں۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان انکوائری کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے سپریم کورٹ کو آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ فیض آباد دھرنا کیس میں گزشتہ سماعت پر وزارت دفاع ، انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی نظرثانی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور ہوئی تھی۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور اعجاز الحق کی درخواست کو بھی واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیا تھا۔

عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں شیخ رشید کو نظرثانی درخواست پر نوٹس جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے حکومت کی بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی مسترد کردی تھی جب کہ وفاق کو انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ٹی ایل پی کے فارن فنڈنگ کی تفصیلات مسترد کرتے ہوئے دربارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

نظرثانی درخواستیں واپس لینے کا تحریری حکم نامہ
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکمنامے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں تحریک لبیک بارے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی، کمیٹی میں ڈی جی لاء کی سربراہی میں ڈی جی پولیٹیکل فنانس اور ڈپٹی کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس شریک تھے، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان نے مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کیں۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ٹی ایل پی سے متعلق رپورٹ میں نقائص، تضادات اور خامیاں پائی گئیں، ٹی ایل پی کو اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی کہا گیا، رپورٹ کے مطابق ٹی ایل پی نے 15 لاکھ 86 ہزار 324 روپے کی فنڈنگ کے ذرائع نہیں بتائے۔

سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس میں نظرثانی درخواستیں واپس لینے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا یہ کہنا ٹی ایل پی نے فنڈز میں بے قاعدگی نہیں کی یہ بذات خود تضاد ہے، الیکشن کمیشن نے اس رقم جو ٹی ایل پی ٹی کے مجموعی فنڈز کا 30 فیصد بنتا ہے کے بارے میں کہا یہ مونگ پھلی کے دانے کے برابر ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا ٹی ایل پی کو ایک اور موقع فراہم کیا جائے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ عدالت نے ٹی ایل پی کے اکاؤنٹس بارے درخواست نمٹا دی، اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ فیض آباد دھرنا کے محرکات جاننے کے لیے کمیشن تشکیل دیں گے، اٹارنی جنرل نے کہا وفاقی حکومت نے فیض آباد فیصلہ قبول کیا ہے۔

شہبازشریف کی لشکری رئیسانی کو ایک بار پھر ن لیگ میں شمولیت کی دعوت

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور ایاز صادق بلوچستان کے سینئر سیاستدان لشکری رئیسانی کے گھر پہنچ گئے اور ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی۔ جس پر لشکری رئیسانی نے کہا کہ اصولی فیصلہ کیا ہے اس سیاسی عمل کا حصہ بنیں گے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہبازشریف دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ بلوچستان میں ہیں اور ان کی جانب سے صوبے کی سیاسی جماعتوں کی قیادت اور اہم سیاستدانوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز نوازشریف سے ملاقات کرنے والے 30 ’الیکٹ ایبلز‘ ن لیگ میں شامل ہوئے تھے، اور آج بھی شہبازشریف، ایاز صادق بلوچستان کے قد آور سیاستدان نوابزادہ لشکری رئیسانی کے گھر پہنچ گئے۔ جہاں ان نواب اسلم رئیسانی اور لشکری رئیسانی نے استقبال کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج اپنےبھائی نواب اسلم رئیسانی، لشکری رئیسانی سے ملنے آیا ہوں، ہمارااس خاندان سے 50 سال سے تعلق ہے، سیاست اپنی جگہ خاندانی تعلق کا ہمیشہ احترام کیا، اللہ تعالیٰ ان کے والدمحترم کو جنت میں جگہ عطا فرمائے،وہ جب لاہور آتے تو ہمارے گھر ہی ٹھہرتے تھے۔

شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں 4 سال تباہی وبربادی ہوئی، ہم نے مل کر بلوچستان کو خوشحال بنانا ہے، اور سیاسی، معاشی، معاشرتی مسائل کو حل کرنا ہے، لشکری رئیسانی کودعوت دینےآیاہوں ن لیگ میں شامل ہوں، نوازشریف آج صرف ایک سیاستدان نہیں ایک مدبرہیں، ان کی تمام صوبوں کے ساتھ والہانہ محبت ہے، اور اس صوبے کیلئےعملی کاوشیں سب کےسامنےہیں، گوادر پورٹ جیسا بڑا منصوبہ سب کے سامنے ہے۔

اس موقع پر لشکری رئیسانی کا کہنا تھا کہ اصولی فیصلہ کیا ہےاس سیاسی عمل کاحصہ بنیں گے، شہبازشریف نے ہمیں دعوت دی یہ باعث اعزاز ہے، نوازشریف ملک کے بحرانوں کو بہتر جانتے ہیں، ان شاءاللہ بہت جلد ہمارا فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے لشکری رئیسانی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے رکھی ہے اور ایاز صادق 2 مرتبہ ان سے ملاقات کرچکے ہیں، اور ممکنہ طور پر آج رئیسانی گروپ ن لیگ میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے۔

ملک بھر میں اسلحہ فروخت پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

ملک بھر میں اسلحہ فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے ملک بھرمیں اسلحہ فروخت پر پابندی عائد کردی ہے اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری کےعلاوہ ڈیلرکی رسیدیں قابل قبول نہیں، اسلحہ ڈیلرز ممنوعہ بور ہتھیار فروخت نہیں کرسکتے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ ڈیلر لائسنس ہولڈرز کو بھی ممنوع بور ہتھیار فروخت نہیں کرسکتے، لائسنس ہولڈرز صرف پاکستان آرڈیننس فیکٹری سے اسلحہ خرید سکتے ہیں، اور لائسنس پاکستان آرڈیننس سے خریدے گئے اسلحے کا ہی بنے گا، پی او ایف کےعلاوہ کسی ڈیلر سے خریدے گئے اسلحے کا لائسنس نہیں بنے گا۔

نواز شریف کے خلاف 2018 سے زیر سماعت توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کے خلاف 2018 سے زیر سماعت توہین عدالت کی درخواست عدم پیروی پرخارج کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائد ن لیگ نوازشریف کے خلاف 2018 سے زیر سماعت عدلیہ مخالف تقاریر کیس کی درخواست خارج کردی گئی ہے۔

توہین عدالت کی درخواست مقامی شہری عدنان اقبال نےدائرکی تھی جس میں نوازشریف کے خلاف2018 کے بیانات پر کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے کوئی عدالت میں پیش نہ ہوا جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست عدم پیروی پرخارج کردی۔

لیجنڈری کرکٹر برائن لارا اسلام کی دعوت سے متاثر ہوا، انضمام الحق کا انکشاف

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ معروف پاکستانی کرکٹر محمد یوسف نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز برائن لارا کو اسلام کی دعوت دی جس پر وہ متاثر ہوئے تھے۔

انضمام الحق کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ قومی کرکٹرز کی کرکٹ کے ساتھ دعوت تبلیغ کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں۔

سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران محمد یوسف نے برائن لارا کو کھانے پر مدعو کیا اور پروگرام بنایا کہ انہیں دین کی دعوت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کراچی کے ایک بزرگ شیخ ہاشم نے برائن لارا کو دین کی دعوت دی اور بتایا کہ ہم کس طرح اپنے اللہ کی بات مانتے ہیں، کس طرح حضور اکرم ﷺ کے طریقے پر زندگی گزار رہے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ شیخ ہاشم نے لیجنڈری کرکٹر کو بتایا تھا کہ ہم کس طرح ماں باپ کی خدمت، بیوی کے ساتھ تعلقات، بچوں کی پرورش اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرتے ہیں۔

اپنے انٹرویو میں انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ برائن لارا نے یہ سُن کر متاثر ہوتے ہوئے کہا کہ واقعی زندگی اسی طرح سے گزارنی چاہیے اور ہماری زندگی اس طرح سے ہونی چاہیے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انضمام الحق نے یہ بھی بتایا کہ سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ مولانا کی بات مان لوں مگر تمھیں دیکھ کر رک جاتا ہوں کیونکہ تمھاری زندگی اُس طرح کی نہیں۔

اس واقعے کو بنیاد بنا کر انضمام الحق نے محفل میں بیٹھے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل جو دین سے دوری ہے وہ ہماری اور ہمارے لوگوں کی وجہ سے ہے۔

واٹس ایپ چیٹ کو مزید خفیہ رکھنے کے لیے فیچر پر کام جاری

کیلیفورنیا: انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کی نجی گفتگو کو مزید سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جارہی ہے۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارفین کو اپنی چیٹس مزید خفیہ بنانے کے لیے ایک پن کوڈ کی سہولت فراہم کرنے جارہی ہے جس کو لگانے سے چیٹ آنکھوں سے اوجھل ہوجائے گی۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کی جانب سے جاری کیے گئے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نئے آپشن کے تحت چیٹ کو پوشیدہ کرنے کے آپشن کو آن کرتے ہوئے  کے ایک خفیہ کوڈ کا اطلاق کیا جا سکتا ہے۔

بعد ازاں پوشیدہ چیٹ کو ظاہر کرنے کے لیے صارفین کو سرچ بار میں کوڈ درج کرنا ہوگا جس سے پوشیدہ چیٹ سامنے آجائے گی۔

اسکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ فیچر فی الحال آمائشی مراحل میں ہے اور صرف واٹس ایپ بِیٹا ورژن صارفین کو استعمال کے لیے دستیاب ہے۔

البتہ، مالک کمپنی میٹا کی جانب سے اس فیچر کے متعارف کرائے جانے کے متعلق حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

جبری گمشدہ افراد کے کیسز کا جائزہ لینے کیلیے وزارتی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: نگراں حکومت نے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کی بازیابی اور کیسز کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی کابینہ نے جبری لاپتہ افراد کے حوالے سے تین رکنی وزرا کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی جس کی سربراہی وزیر داخلہ کے پاس ہوگی۔

اس ضمن میں وزارت قانون و انصاف کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا جاری کردہ نوٹی فکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وزیرداخلہ کمیٹی کے چیئرمین جبکہ وزیر قانون اور وزیر دفاع ممبران ہوں گے، کمیٹی کے قیام کی منظوری وفاقی کابینہ نے سات نومبر کو دی تھی۔

کابینہ کی منظوری کے بعد تشکیل دی جانے والی کمیٹی جبری گمشدگیوں کے کیسز کا جائزہ لے گی جبکہ کمیٹی کو انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی معاونت لینے کا اختیار ہوگا۔