عمران خان کا سائفر کیس ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں سائفر کیس کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے دائر کی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 اکتوبر کو مقدمہ خارج کرنے کی درخواست خارج کردی تھی۔

نوید اکرم چیمہ کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا مینیجر بنانے کا فیصلہ

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ نئے ٹیم مینیجر کے تقرر کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کےمطابق ریحان الحق کی جگہ سابق بیورو کریٹ اور سابق ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ کو پاکستان ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جلد ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن کردیا جائے گا۔

نجم سیٹھی دور میں مکی آرتھر نے جب ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں تو اس وقت ریحان الحق کو مینیجر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

قومی ٹیم کے نئے مینجر نوید اکرم ڈسپلن کے حوالے سے سخت گیر طبیعت کے مالک ہیں، وہ اس سے پہلے بھی ایک طویل عرصہ تک بطور مینجر پاکستانی ٹیم کے ساتھ فرائض نبھا چکے ہیں۔

ان کے دورمیں پاکستانی ٹیم کا ڈسپلن مثالی رہا، اب ایک بار پھر ان کو ٹیم ڈسلپن میں بہتری لانے کے لیے منیجر بناکر آسٹریلیا بھیجا جارہاہے، وہ نیوزی لینڈ سمیت آئندہ شیڈول سیریز میں بھی مینجر کی حیثیت سے معاملات دیکھیں گے۔

ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیلیں سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے دائر اپیلوں کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 21 نومبر کو نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت ہوگی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب درخواستوں پر سماعت کریں گے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وطن واپسی پر نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت کے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسسز میں سزا کے خلاف دائر اپیلیں بحال کیں تھیں۔

نواز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلوں کو 2018 سے چیلنج کر رکھا ہے۔

راولپنڈی: امریکی وفد کا سینٹرل جیل اڈیالہ کا ہنگامی دورہ

امریکی وفد نے سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا ہنگامی دورہ کیا ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ کا دورہ کرنے والے امریکی وفد میں گریگ ایڈورڈ، رابرٹ فرینکلن، ڈونالڈ سزولومیئر، مارک رائس اور پیٹر رچ شامل تھے۔

اڈیالہ جیل کے دورے کے دوران امریکی وفد نے مسیحی حوالاتیوں اور قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کا حال احوال معلوم کیا۔

جیل حکام نے امریکی وفد کو جیل میں سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ اڈیالہ پاکستان کی منفرد حیثیت والی وہ جیل ہے جس میں سیاسی قائدین کو بھی رکھا جاتا ہے۔ اس وقت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی موجود ہیں۔

اس سے قبل تین مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہنے والے نواز شریف سمیت چار منتخب وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو بھی رکھا گیا تھا۔

اڈیالہ جیل دراصل سینٹرل جیل راولپنڈی ہے اور اسے اڈیالہ جیل اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ ضلع راولپنڈی کا ایک گاؤں اڈیالہ اس سے تقریباً چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جس کی مناسبت سے اس کا نام اڈیالہ جیل پڑ گیا ہے۔

در اصل یہ پرانی ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی ہے، یہ جیل راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر ضلعی عدالتوں سے تقریباً 13 کلومیٹر کے فاصلے پر گاؤں دہگل کے قریب واقع ہے۔

بلاول بھٹو کا نواز لیگ پر بڑا حملہ، پی ٹی آئی سے تشبیہ دے دی، سلیکٹڈ راج قبول نہیں، پی پی چیئرمین

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو دوسری یا چوتھی بار منتخب کرنے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں۔

کسی کو دوسری یا چوتھی بار منتخب کرنے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، بلاول بھٹو

ایبٹ آباد میں جلسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل خیبرپختونخوا کا دورہ کررہےہیں، ہمارےکارکنان نے کنونشن کو تاریخی کنونشن بنادیا، پیپلزپارٹی اور آپ کا رشتہ 3 نسلوں سے ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کو نام اور حقوق دیئے،ب این ایف سی متعارف کروایا، یہ جماعت غریب اورمتوسط طبقےکی جماعت ہے، ہماری حکومت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کام کیا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم ذوالفقاربھٹو اور بی بی شہید کا خواب پورا کریں گے، موجودہ مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، ہم عوام کا مستقبل عوام کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، عوام مجھے موقع دے،عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی کو دوسری یا چوتھی بار منتخب کرنے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا ہمیں 70 سالہ بابے کے ہاتھ میں ملک دینا ہے، مہنگائی اورغربت سےعوام تنگ آچکےہیں، ہمیں معلوم ہےکہ ہمیں غریب آدمی کا کیسے خیال رکھنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمیں معلوم ہےکہ قائد کے نظریے پر چل کر مزدور کو حقوق دیں گے، ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنا ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ کے ذریعےعوام کی مدد کریں گے، کارڈ سے مدد کی جائے تو دوسرے لوگ فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے، پیپلزپارٹی مزدورکارڈ لے کر آئے گی، جس کے ذریعے غریب آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچائیں گے۔

بلاول زرداری نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور ماڈرن ریاست بنے، پرانی سیاست اور پرانے سیاستدانوں کو گھر بیٹھانا ہوگا، ہمیں نئی سیاست کے ساتھ نئی قیادت کی ضرورت ہے، آپسی لڑائیاں چلتی رہی تو عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، لاڈلا اگر بننا ہے تو صرف عوام کا لاڈلا بننا ہے، ہمارا چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک ہی مسئلہ تھا، عوام کا فیصلہ عوام کا ہی ہونا چاہئے، عوام جس کو بھی چنتے ہیں فیصلہ سر آنکھوں پر رکھنا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دوستوں سے کہتا ہوں کہ اپنا منشور لاکرعوام کی سیاست کریں، ہم پرانی سیاست کو دوبارہ سے قبول نہیں کریں گے، اپنی سیاست پر یقین رکھتا ہوں اس لئے کہیں اور نہیں دیکھ رہا، پیپلزپارٹی عوام پر یقین رکھتی ہے، ہم اپنی قسمت کافیصلہ عوام پرچھوڑتےہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مسائل بہت زیادہ ہیں اور حل بھی عوام کے ہاتھ میں ہے، پیپلزپارٹی ہر جگہ جا کر اپنے منشور کی بات کرے گی، وفاق میں وزیراعظم اور کے پی کا وزیراعلی جیالا ہوگا، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام پر بھروسہ کر کے الیکشن لڑتی ہے۔

10 تولہ سونے کی مالیت 80 ہزار روپے، نگراں وزیراعظم کے اثاثے سامنے آگئے

 اسلام آباد: نگراں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں، وزیراعظم کے پاس 10 تولہ سونا ہے جس کی مالیت محض 80 ہزار روپے ہے، کراچی ڈی ایچ اے میں ایک گھر ہے جس کی مالیت 40 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں حکومت کی جانب سے ظاہر کردہ اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ مجموعی طور پر 4 کروڑ 81 لاکھ 82 ہزار 580 روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کے پاس 10 تولہ سونا موجود ہے، وزیراعظم نے اس کی مالیت 80 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔ ان کے پاس 20 ایکڑ وراثتی زرعی زمین موجود ہے جس کی مالیت  80 لاکھ روپے ہے، ان کے پاکستان چاغی مائننگ لمیٹڈ میں 50 ہزار روپے کے شیئرز ہیں، انوارالحق کاکڑ کے پاس 2 بینکوں میں 2 کروڑ 20 لاکھ روپے موجود ہیں، کراچی ڈی ایچ اے میں 40 لاکھ روپے مالیت کا ایک گھر ان کا ہے، وزیراعظم نے اپنے گھر کے فرنیچر کی مالیت 4 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر

نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کراچی ڈی ایچ اے 6 میں 40 لاکھ روپے مالیت کا گھر ظاہر کیا ہے، کراچی ڈی ایچ اے میں ایک پلاٹ کی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار ظاہر کی ہے ان دونوں اراضی کو والد سے تحفہ ملنا ظاہر کیا ہے۔

شمشاد اختر نے 2 ارب 79 کروڑ روپے کے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹ حاصل کر رکھے ہیں، ان کے پی ایس او میں 3 لاکھ روپے سے زائد کے شیئرز ہیں، نفع انکم بینک عارف حبیب میں 9 لاکھ 47 ہزار انویسٹ ہیں، ٹریژری بلز میں 10 کروڑ 96 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں۔

انہوں نے ٹی ڈی آر بینک الحبیب میں 2 کروڑ 41 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں، ان کے پاس صرف 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا ہے اور 19 لاکھ 46 ہزار روپے کی نقدی ہے جب کہ بینکوں میں 39 لاکھ 24 ہزار روپے موجود ہیں، شمشاد اختر نے فرنیچر کی مالیت 2 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی

مرتضیٰ سولنگی 2 کروڑ 32 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 1 کروڑ 27 لاکھ روپے مالیت کا گھر ہے، ان کی اہلیہ کے پاس اسلام آباد میں 2 گھر 31لاکھ روپے مالیت کے ہیں، ان کے SMC پرائیویٹ لمیٹڈ میں 25 ہزار روپے کے شئیرز ہیں، وہ  ساڑھے 12 لاکھ روپے کی گاڑی کے مالک ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات نے 4 تولہ سونے کی قیمت 70 ہزار روپے ظاہر کی ہے، ان کی اہلیہ کے پاس 18 لاکھ روپے نقدی موجود ہے، انہوں ںے اپنے پاس 26 لاکھ 93 ہزار روپے کیش ظاہر کیے ہیں، جب کہ بینک میں 3 لاکھ 19 ہزار اور اہلیہ کے پاس بینک میں 1 لاکھ 57 ہزار روپے موجود ہیں، نگراں وزیر اطلاعات نے گھر کے فرنیچر کی مالیت 10 لاکھ ظاہر کی ہے۔

سائفر کیس میں عمران خان کو سزائے موت نہیں ہوگی، اٹارنی جنرل کا عدالت میں بیان

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کے حکم میں توسیع کردی ہے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سزائے موت نہیں ہوگی۔ جس پر عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہ کہ اٹارنی جنرل تو خود کہہ رہے پراسیکیوشن میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں اپیل پر سماعت ہوئی، اپیل میں جج کی تعیناتی بھی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے اپیل پر سماعت کی، اٹارنی جنرل اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔

اٹارنی جنرل کے دلائل

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا۔ اور جسٹس عامرفاروق کا لکھا فیصلہ عدالت کے سامنے پڑھا۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ سنگل بینچ نےفیصلےمیں کہااوپن ٹرائل ہونا چاہیے۔ جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ہم توقع کرتےہیں کہ آپ نےحکمنامہ پڑھاہوگا، ہمیں جیل ٹرائل کےنوٹیفکیشن اورپراسس بتائیں۔

اٹارنی جنرل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ میری رائے میں یہ انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت ہی نہیں، جان کے خطرے کے پیش نظر جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن ہوا، 2 اکتوبر کو سائفر کیس کا چالان جمع ہوا، اور 23 اکتوبر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ یہ انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت ہی نہیں، اسے مسترد کیا جائے۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت سے کہا کہ ہم اٹارنی جنرل کےاٹھائے گئے نکات پرجواب دیں گے، عدالت کی جانب سے طلب دستاویز جمع نہیں کرائی جا رہیں۔

جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ کیس میں لگی سیکشن کے مطابق سزائےموت ہو سکتی ہے۔ جس پر اٹارنی جنرل نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جی معلوم ہے مگر میرا نہیں خیال سزائے موت ہو۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اٹارنی جنرل تو خود کہہ رہے پراسیکیوشن میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل صاحب ،ہم نے تو ویسے ہی سوال پوچھے تھے، آپ نے سمری ہی بنادی۔

اٹارنی جنرل جیل ٹرائل سے متعلق کابینہ کی منظوری کا ڈاکومنٹ عدالت میں پیش نہ کرسکے، اور مؤقف اختیار کیا کہ کابینہ کی منظوری موجود ہے، میں زبان دیتا ہوں وہ پیش کردوں گا، کابینہ کی منظوری سے پہلے دو اہم ایونٹس ہوئے، 7 نومبر کو 3 ، اور 14نومبر کو 2 گواہان کے بیان ریکارڈ کئے گئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سوال کیا کہ جب تین گواہان کے بیان ریکارڈ کئے گئے وہ ویسی ہی صورتحال میں ہوئے جیسے فرد جرم ہوئی۔

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جی جی ، وکلا کوعدالت میں جانے کی اجازت تھی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کے حکم میں پیر تک توسیع کردی اور کیس کی سماعت پیرتک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدالت نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل پر آج تک حکمِ امتناعی جاری کر رکھا تھا، اور اٹارنی جنرل سے جیل ٹرائل کی وجوہات پر مشتمل تمام ریکارڈ طلب کیا تھا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سائفر کیس میں اب تک ہو چکے ٹرائل پر بھی سوال اٹھایا تھا اور دور وز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے خصوصی عدالتوں کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت روکنے کا حکم دیتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا تھا اور کیس کی سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی تھی۔

ایک تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کمی

کراچی: سونے کی عالمی و مقامی قیمتوں میں کمی ہوگئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2ڈالر کی کمی سے 1986ڈالر کی سطح پر آگئی۔

اس باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 500روپے گھٹ کر 214300روپے ہوگئی۔

مقامی مارکیٹ میں دس گرام سونے کی قیمت 428روپے کی کمی سے 183728 روپے ہوگئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2580روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2211.93روپے پر مستحکم رہی ہے۔

نگران وزیراعلی خیبرپختون خوا نے تقرر و تبادلوں پر عائد پابندی ختم کردی

پشاور: نگران وزیراعلی خیبرپختون خوا جسٹس (ر) ارشد حسین نے تقرر و تبادلوں پر عائد شدہ پابندی ختم کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبے میں 23 مئی کو تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کی گئی تھی، چند روز قبل پرانے نگراں وزیراعظم اعلیٰ محمد اعظم خان انتقال کرگئے تھے جن کے بعد جسٹس (ر) ارشد نئے نگراں وزیر اعلیٰ مقرر ہوئے ہیں جنہوں نے آج تقرر و تبادلوں پر پابندی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

پابندی ختم ہونے سے بین الاضلاعی تبادلوں کی راہ کھل گئی، متعلقہ وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں کو حسب ضرورت بین الاضلاعی تقرر و تبادلے کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقا؛ سیمی فائنل میچ بارش کے باعث روک دیا گیا

آئی سی سی ورلڈکپ دوسرا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، تاہم میگا ایونٹ کے اہم میچ کو بارش کے روک دیا گیا ہے۔ کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 14 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 44 رنز بنالیے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھا ہے، موسمی حالات کی وجہ سے اگر مقررہ دن میچ مکمل نہیں ہوتا تو اگلے روز کھیل مکمل کیا جائے گا۔

آج سب سے سستی کرنسی پاکستان کی ہے، پاکستان کی کرنسی کو مٹی میں ملا دیا گیا ، نوازشریف

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا تاریخی دورہ لاہور چیمبر
سابق وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم نواز ، سابق وفاقی وزرابھی ہمراہ
لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، سابق عہدیداران ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود۔

آج سب سے سستی کرنسی پاکستان کی ہے، پاکستان کی کرنسی کو مٹی میں ملا دیا گیا ، نوازشریف

اتنی مہنگائی میں عوام کیسے زندہ رہیں گے، کاروبار کیسے چلے گا، نواز شریف

قوم کو جھوٹے خواب دکھانے کا سلسلہ بند کرنا ہو گا، نواز شریف

2013 میں بھی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا تھا، نواز شریف

ہم ملک کو ترقی دیتے ہیں اور جلاوطنی اور قید بھی کاٹتے ہیں، نواز شریف

2022 میں حکومت میں آنے پر تیار نہیں تھے لیکن پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا ضروری تھا، نواز شریف

شہباز شریف صاحب کے مستعفی ہونے کی تقریر تیار تھی، میں نے تقریر دیکھ لی تھی، نواز شریف

ہم نے دھمکیوں کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا، نوازشریف

پاکستان کے مفاد کے لئے بے خوف ہو کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا، نواز شریف

ہم نے ہی نجکاری اور لبرالائزیشن شروع کی تھی، نوازشریف

لبرالائزیشن کا حامی ہوں، نواز شریف

پاکستان کو پرامن بنایا، ضربِ عضب اور ردالفساد آپریشن کئے، کراچی میں امن قائم کیا، نواز شریف

کوئٹہ گیا، باربار بجلی بند ہو رہی تھی، نواز شریف

ترقیاتی بجٹ تقریباً ایک ہزار ارب روپے تک گئے تھے، نوازشریف

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف پروگرام ہم نے مکمل کیا، نواز شریف

ہم سی پیک لے کر آئے، نواز شریف

تھر کے کوئلے کو نکالنے اور پھر اس سے بجلی بنانے کے منصوبے بنائے، نواز شریف

اس وقت ملک اور عوام کو درپیش تمام مسائل پر ہماری نظر ہے، نواز شریف

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موجودہ اور سابق عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نوازشریف

میاں محمد شہباز شریف صاحب تو ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

کیونکہ آپ وزیر اعلی پنجاب اور پھر وزیر اعظم پاکستان کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل لاہور چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں

۔ میں میاں شہباز شریف صاحب کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

جس طرح آپ نے بطور وزیر اعظم IMF کے ساتھ معاہدے کو فائنل کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا یہ آپ کا ہی کام تھا۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

میاں صاحب، آپ کی حکومت میں یہاں شہباز شریف صاحب کے دور اقتدار میں تاجر برادری اور
صنعت کے فروغ کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

آپ کی حکومت نے جو بجٹ 2023-24 پیش کیا وہ بھی بہترین تھا۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

اس بجٹ میں بہت سے اچھے فیصلے کئے گئے لیکن IMF کی وجہ سے بعد ازاں ان میں کچھ فیصلے واپس لینے پڑے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

ان میں مینوفیکچرر کو Concessionary Tax Regime for SMEs میں Qualify کرنے کے لئے سالانہTurnover کی Limit کو 250 ملین روپے سے بڑھا کر 800 ملین روپے کیا گیا تھا۔صدر لاہور چیمبر کاشف انور

اسی طرح، اس بجٹ میں سیکشن (4)111 کے تحت غیر ملکی Remittances کی Monterary Limit کو 5 ملین روپے سے بڑھا کر 100,000 ڈالر مقرر کیا گیا تھا۔صدر لاہور چیمبر کاشف انور

اس میں آئی ٹی ایکسپورٹ پر Concessional income tax rate مقرر کیا گیا تھا اور سالانہ 24,000 ڈالرتک کی آئی ٹی ایکسپورٹ کرنے والے Freelancers کو سیلز ٹیکس سے منتقلی قرار دیاگیا تھا۔ ساتھ ہی آئی ٹی سیکٹر کو SME کا Status بھی دیا گیا تھا۔صدر لاہور چیمبر کاشف انور

سولر پینلز، Inverters اور بیٹریوں کی تیاری کے لئے درکار مشینری اور دیگر ضروری سامان کی درآمد ہوئی۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

آپ تین مرتبہ پاکستان وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں ۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

ملک کو ایٹمی طاقت بنانے سے لے کر موٹر ویز، پاور پروجیکٹس ٹرانسپورٹیشن سسٹم سمیت ملک میں CPECکے تحت انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کا سہرا آپ کے سر ہے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور

ہم آپ کے مشکور ہیں کہ آپ لاہور چیمبر تشریف لائے۔صدر لاہور چیمبر کاشف انور

فیفا ورلڈکپ کوالیفائر؛ پاکستان آج سعودی عرب سے ٹکرائے گا

فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائر راؤنڈ 2 میں پاکستان اور سعودی عرب فٹبال ٹیموں کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا۔

سعودی شہر العسا کے الفتح اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پاکستان فٹبال ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ نے میزبان سعودی ٹیم کو مضبوط ترین قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ میچ کے امکانات پاکستان کےحق میں نہیں۔

میچ سے قبل پریس کانفرنس میں پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان فٹبال ٹیم تعمیری مراحل سے گزر رہی ہے، پاکستان بدقسمتی سے کافی مدت سے انٹرنیشنل مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکا، ماضی کے مقابلے میں قومی ٹیم میں بہتری آئی ہے، آگے چل کر یہ مزید اچھی ٹیم بن جائے گی۔

لاہور میں کم عمر ڈرائیونگ کےخلاف کریک ڈاؤن، سیکڑوں مقدمات درج

لاہور ٹریفک پولیس کا کم عمر ڈرائیونگ کےخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے.

پولیس نے کم عمر ڈرائیونگ پر 03 روز میں 998 مقدمات درج کرکے سینکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند کردیں اور درجنوں لڑکوں کو گرفتار کرلیا۔

ٹریفک پولیس نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندی کرکے رات گئے تک پوش علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا۔
سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ والدین 18 سال سے کم عمر بچوں کو ہرگز گاڑی،موٹرسائیکل نہ چلانے دیں، والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں۔

مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ کریمنل ریکارڈ بننے سے سرکاری نوکری اور ویزہ حصول میں مشکلات آسکتی ہیں، اب کم عمر ڈرائیورز کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گی۔