نواز شریف کا متوقع دورہ سندھ، سیاسی رہنماؤں کی ن لیگ میں شمولیت کا امکان

سابق وزیراعظم، اور مسلم ن لیگ کے قائد نواز شریف کی بلوچستان کے بعد دورہ سندھ کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ 10 روز میں نواز شریف کا سندھ کا دورہ متوقع ہے جس دوران وہ مخلتف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور سندھ میں اہم شخصیات ن لیگ میں شمولیت اختیار کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے مختلف رہنماؤں سے رابطے تیز کردیے ہیں جب کہ متعدد الیکٹیبلز سے ملاقاتوں اور بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ن لیگ ذرائع نے بتایا کہ آج بھی اہم رہنما کی پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے، مرتضیٰ خان جتوئی اور علی نواز سے ملاقات ہو چکی ہے، اس کے علاہ پارٹی قائد دورہ سندھ پر دیگر جماعتوں سے انتخابی اتحاد کو بھی حتمی شکل دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ میں بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کیں، ایک تقریب میں سابق وزیر اعلیٰ جمال کمال سمیت 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت پر آئندہ بھی چلیں گے، سب کے ساتھ تعاون کا رشتہ جوڑا تھا، اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلیے 25 کروڑ ڈالرقرض کی منظوری

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اےڈی بی) نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رقم بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ صوبہ خیبر پختون میں پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں توسیع کی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرانسمیشن کپیسٹی میں اضافہ کرکے عوام کو قابل اعتماد سپلائی فراہم کی جائے گی۔ لاہور شہر میں بجلی کی ٹرانسمیشن کے نقصانات میں کمی آئے گی۔

بگ باس سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک کو ہندو مخالف بیان پر دھمکیاں ملنے لگیں

بھارتی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر اور رئیلٹی شو بگ باس سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک کو ہندو مخالف بیان پر دھمکیاں ملنے لگیں۔

گزشتہ دنوں روبینہ دلیک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ہندو تہوار دیوالی کے حوالے سے لکھا تھا کہ “کیا کسی کو اس کی پرواہ ہے کہ دیوالی ختم ہوگئی ہے، اب تو پٹاخے پھوڑنا بند کردو”۔

روبینہ دلیک نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “رات کے 3 بج گئے ہیں، 10 نومبر سے اب تک پٹاخے پھوڑے جارہے ہیں، ان پٹاخوں سے جہاں ایک طرف ماحول آلودہ ہورہا ہے تو وہیں دوسری طرف ہماری نیندیں خراب ہورہی ہیں”۔

اس پوسٹ کے بعد بھارتیوں کی جانب سے روبینہ دلیک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، صارفین نے ان کی پوسٹ کو ہندو مخالف قرار دیتے ہوئے اداکارہ سے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی بائیکاٹ کی دھمکیاں بھی دیں۔

روبینہ دلیک نے بھارتیوں کی تنقید کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ “ہندو مخالف؟ کیا آپ لوگ اپنے ہوش و حواس میں ہیں؟”

اداکارہ نے ناقدین پر بھڑکتے ہوئے کہا کہ “میرے انسٹاگرام اکاوْنٹ پر مت آئیں اور میری پوسٹس پر تبصرے کرنے کی ضرورت نہیں ہے”۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ “آپ سے زیادہ تہوار ہم لوگ مناتے ہیں لیکن ہم کبھی دوسروں کو تکلیف نہیں دیتے”۔

روبینہ دلیک نے اپنی اگلی پوسٹ میں کہا کہ “دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے اور ہندو مذہب کی کسی بھی کتاب میں 10 دن تک آتش بازی کا نہیں لکھا”۔

اداکارہ نے اُن کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آپ اپنے اصلی یا جعلی اکاؤنٹس سے کسی اور متاثر کریں، مجھے نہیں”۔

پشاور میں تاریخی قائد اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش کا فیصلہ

پشاور میں تاریخی قائد اعظم ہاؤس کی تزئین اور آرائش اور بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمشنر پشاور نے نشترآباد کے علاقے میں 1935 میں بننے والے قائدِاعظم ہاوس میں پرانے طرز کے ٹف ٹائلزاور چھتوں کی پرانی طرز پر دوبارہ تعمیر اور دیواروں پر قدیمی طرز کا پلستر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پشاور میں قدیم اور تاریخی عمارتوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پشاور نشتر آباد میں قائم تاریخی قائد اعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں قائد اعظم ہاؤس کے مالک کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
خستہ حال قائد اعظم ہاوس کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور پرانے طرز کے ٹف ٹائلزجبکہ چھتوں کی پرانی طرز پر دوبارہ تعمیر اور دیواروں پر قدیم طرز کا سرخ پلستر کیا جائے گا۔ پشاور ڈبگری میں قائم سکھوں کے تاریخی گوردوارہ کی تزئین و آرائش اور اس کی تاریخی حیثیت کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہورکی فارماسیوٹیکل کمپنی کے کھانسی کے سیرپ میں نقصان دہ اجزاء کا انکشاف

لاہورکی فارماسیوٹیکل کمپنی کے بنائے ہوئے کھانسی کے سیرپ میں نقصان دہ اجزاء کا انکشاف ہوا ہے۔

مالدیپ حکومت اور ڈبلیو ایچ او نے لاہور کی کمپنی کے بنائے کھانسی کے سیرپ پر الرٹ جاری کر دیا، لاہورکی کمپنی کے کھانسی کے سیرپ میں نقصان دہ ڈائی ایتھلین گلائکول اور ایتھلین گلائکول نامی کثافتیں پائی گئی ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے بھی کارروائی کرتے ہوئے کھانسی کے سیرپ کے مختلف بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔

اس کمپنی کا سیرپ مالدیپ اور فجی سمیت چار ممالک کو برآمد کیا گیا جب کہ یہ سیرپ پاکستان میں بھی سپلائی کیا گیا ہے۔

واضح رہے اس سے پہلے بھارتی کف سیرپس میں موجود انہی کثافتوں سے کئی بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

بھارت میں بندروں نے حملہ کرکے 10 سالہ بچے کی آنتیں نکال دیں

بھارت میں بندروں نے حملہ کرکے 10 سالہ بچہ کا جسم چیر پھاڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارت کی ریاست گجرات کے گاؤں سالکی میں پیش آیا جہاں 10 سالہ بچہ اپنے دوستوں کے ساتھ ایک مندر کے قریب کھیل رہا تھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق غصے سے بھرے بندروں کے جھنڈ نے اچانک سے بچے پر حملہ کردیا اور اس کے جسم کو بری طرح زخمی کرتے ہوئے اس کی آنتیں پھاڑ دیں۔

گاؤں کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی گاؤں والوں پر بندروں کے حملے رپورٹ ہوچکے ہیں اور یہ 7 دنوں میں تیسرا واقعہ ہے۔

محکمہ جنگلات نے کہا ہے کہ گاؤں سے بڑے بندروں کو پکڑنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

’’مکمل فٹنس حاصل کیے بغیر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی نہ کریں‘‘

v

ومی ٹیم کے سابق کپتانوں وسیم اکرم اور شعیب ملک نے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو مکمل فٹنس حاصل کیے بغیر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی نہ کرنے کا مشورہ دیدیا۔

مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان وسیم اکرم اور شعیب ملک نے نوجوان پیسر نسیم شاہ پر زور دیا کہ وہ مکمل صحتیابی کے بعد ہی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کریں، دونوں کرکٹرز نے بھارتی کھلاڑیوں کی مثال پیش کی کہ کے ایل راہول اور جسپریت بمراہ کی واپسی ایک سبق ہے۔

شعیب ملک نے کہا کہ نسیم شاہ پاکستان کا اثاثہ ہیں، براہ کرم انہیں مکمل وقت دیں جب تک کہ وہ 100 فیصد فٹ نہ ہوجائیں۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پیسر کو اپنے فیصلے خود لینا ہوں گے، اس نے دنیا بھر کا سفر کیا ہے، وہ انڈر 19 سے پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیل رہا ہے۔

واضح رہے کہ فاسٹ بولر ایشیاکپ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوکر ورلڈکپ سے باہر ہوگئے تھے جبکہ انہیں دورہ آسٹریلیا کیلئے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے تاکہ وہ صحتیاب ہوسکیں۔

چیف جسٹس نے عدلیہ کی کارکردگی میں بہتری کیلئے جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی تشکیل دیدی

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی از سر نو تشکیل دے دی۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کے سربراہ جسٹس منصور علی شاہ ہوں گے، جسٹس محمد علی مظہر کے علاوہ ہائی کورٹ اور شرعی عدالت کے ایک ایک جج بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سمیت عدالتی نظام میں جدت پر نیشنل پلان مرتب کرے گی۔

کمیٹی عدالتی نظام میں ڈیجیٹل جدت لاتے ہوئے انصاف کی بہتری اور کیسز کے طریقہ کار کے لئے موبائل ایپ بھی بنائے گی جب کہ عدالتی نظام اور تحقیق میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس متعارف کرائے گی۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ عدلیہ کو ٹیکنالوجی میں جدت اپنانی چاہیے، دنیا صنعتی انقلاب سے ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ چکی ہے یہی وقت ہے کہ پاکستان کے عدالتی نظام کو بھی جدید ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگرامز سے روشناس کرایا جائے۔

ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع ہونے سے پہلے 11 ارب خرچ ہونے کا انکشاف

پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع ہونے سے قبل ہی 11 ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبےکی تفصیلات جمع کی گئیں۔

پاکستان ریلوے نے اپنے جواب میں کہا کہ منصوبےکی لاگت میں کمی کے لئے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں تاہم اس دوران معیار اور سیفٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا گیا۔

سینیٹ کو بتایا گیا کہ لاگت میں کمی کے لئے ڈیزائن کی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جون 2023 میں کیا گیا، منصوبےآغاز کے لئے چین کی نیشنل ریلوے سے اجازت کی درخواست کر رکھی ہے۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ این آراے سے پہلے مرحلے کے لئے بولی کے عمل کے آغاز کی اجازت طلب کی ہے، ایم ایل ون منصوبہ 9 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت سے 9 سال میں مکمل ہوگا جسے مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کا تاحال باضابطہ آغاز نہیں ہوا مگر اس کے باوجود منصوبے پر 11 ارب روپے سے زائد خرچ ہو چکے، ابتدائی ڈیزائن پر 10 ارب 64 کروڑ اور فیزیبیلٹی اسٹڈی پر 39 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشتگردی، مزید 3 نوجوان شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی میں مزید 3 نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع کلگام میں نام نہاد آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی فوج نے علاقے کی ناکہ بندی کردی اور لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔

بھارتی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا اور متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔کلگام اور قریبی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔ بھارتی فورسز کی جانب علاقے کا محاصرہ جاری ہے۔

ملائیشیا کی نجی ائرلائن کا کراچی کیلیے فلائٹ آپریشن، پہلی پرواز کل پہنچے گی

کراچی: ملائیشیا کی نجی ائرلائن نے کراچی کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کردیا۔ اس سلسلے میں پہلی پرواز کل کراچی پہنچے گی۔

باتِک ائرلائن کی کراچی کے لیے پہلی پرواز ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے کل شام ساڑھے 7 بجے پہنچے گی۔ اس موقع پر طیارے کو واٹر سلیوٹ پیش کیا جائے گا۔

ملائیشیا کے قونصل جنرل اورسول ایوی ایشن کے افسران باتِک ائرلائن کی پہلی پرواز کے مسافروں کا استقبال کریں گے۔
نجی فضائی کمپنی کراچی کے لیے ہفتہ وار 3پروازیں آپریٹ کرے گی، جس کے لیے ائربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔ فضائی آپریشن شروع ہونے سے مسافروں کوسفری سہولت،سیاحت کو فروغ اورملک کو زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

وزارت دفاع نے فوجی عدالتوں میں سویلنز کا ٹرائل روکنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا

اسلام آباد: وزارت دفاع کی جانب سے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل روکنے کا فیصلہ چیلنج کردیا گیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کو کالعدم قرار دینےکے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ آرمی تنصیبات پر حملوں کے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہ کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

وزارت دفاع کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کی کالعدم قرار دی گئی سیکشن 59 (4) بھی بحال کی جائیں۔

وزارت دفاع نے اپیلوں پر حتمی فیصلے تک فوجی عدالتوں میں ٹرائل روکنے کے خلاف حکم امتناع کی بھی استدعا کر دی ۔ اپیل میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے جن درخواستوں پر فیصلہ دیا وہ ناقابل سماعت تھیں۔ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی دفعات کالعدم ہونے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل غیرقانونی قرار دیتے ہوئے 9 مئی کے تمام ملزمان کا ٹرائل عام عدالتوں میں کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

یہ فیصلہ فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 5 رکن لارجر بینچ نے سنایا تھا، جس میں جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل تھے۔ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ چار ایک کی اکثریت سے سنایا جس میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف درخواستیں منظور کرلی گئیں جب کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے فیصلے سے اختلاف کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ملٹری ایکٹ کی سیکشن ٹو ون ڈی کی دونوں ذیلی شقوں کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے 9 مئی کے تمام ملزموں کا ٹرائل عام عدالتوں کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ملزموں کے جرم کی نوعیت کے اعتبار سے مقدمات عام عدالتوں میں چلائے جائیں۔ عدالت عظمیٰ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شق 59(4) کو بھی غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔

داماد صاحب! سیاست کے بجائے پرفارمنس پر توجہ دیں؛ حریم شاہ کا شاہین آفریدی کو مشورہ

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو اہم مشورہ دے دیا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بننے پر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے شائقین کرکٹ کے لیے ایک پوسٹ جاری کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ “میں اپنی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے پُرجوش ہوں، میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے اوپر بھروسہ کیا”۔

اُنہوں نے کہا کہ “میں اپنی ٹیم اسپرٹ کو برقرار رکھنے اور کرکٹ کے میدان میں اپنی قوم کا نام روشن کرنے کے لیے پوری کوشش کروں گا، ہماری ٹیم کی کامیابی اعتماد، اتحاد اور محنت میں ہے”۔

شاہین شاہ نے مزید کہا کہ “ہم صرف ایک ٹیم نہیں بلکہ ہم ایک فیملی ہیں، ہمارے اندر بھائی چارہ ہے”۔

اس پوسٹ پر جہاں شائقین کرکٹ کی جانب سے تبصرے کیے گئے تو وہیں ٹک ٹاکر حریم شاہ ہر بار کی طرح اس بار بھی خاموش نہ رہ سکیں۔

حریم شاہ نے شاہین آفریدی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “داماد صاحب! سیاست سے زیادہ اپنی پرفارمنس پر توجہ دیں”۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا جبکہ مکی آرتھر کی جگہ محمد حفیظ نئے ٹیم ڈائیرکٹر ہوں گے۔