پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں خفیہ گٹھ جوڑ تھا، فاروق ستار

کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان خفیہ جوڑ توڑ تھا۔

نیو کراچی سیکٹر ای فائیو میں الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا خفیہ گٹھ جوڑ تھا، ایک دن بھی پی ٹی آئی کا وزیر اعظم کراچی میں نہیں رُکا۔مضبوط ضلعی حکومتیں، مضبوط بلدیاتی ادارے، مضبوط کراچی، مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔ کراچی کو پھلنے پھولنے دیا جائے گا تو پاکستان بچے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئینی اصلاحات کے پیکیج پر بات کرنی ہے۔ پیپلز پارٹی کے 15 برس میں نہ اضافی پانی ملا نہ کوئی کام ہوا۔ کراچی کو اپنے ساتھ رکھو گے تو معیشت اور جمہوریت مستحکم رہے گی۔ کراچی کو اپنے ساتھ نہیں رکھو گے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ مقامی خودمختاری ہی کے ذریعے شہر کے مسائل حل ہوں گے۔ آج مقامی خودمختاری دے دو ورنہ کل وہ حالات ہوں گے کہ تم صوبہ خود طشتری میں لاکر دوگے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے استحصالی ہتھکنڈوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔ بہت جلد آپ سب سے ایک بڑے جلسے میں ملاقات ہوگی،جب کوئی بڑی جماعت ایم کیو ایم کے مرکز آتی ہے تو ان کو تکلیف ہوتی ہے۔ عوام کو مضبوط مرکز مضبوط معیشت کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے لگا کر رکھا ہوا ہے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے والوں کے حساب کا وقت آچکا ہے۔ ہم نے وفاق کی بڑی جماعتوں سے کہہ دیا ہے کہ نا انصافی اور ظلم کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ اگر ایم کیو ایم مردہ گھوڑا ہے، دفن ہو گئی تو تمہارے پیٹ میں مروڑ کیوں ہے ،تمہیں تو شادیانے بجانے چاہییں، جشن منانا چاہیے۔

فاروق ستار نے کہا کہ 2018 میں جس درزی نے ہمارے حلقے کاٹے نئی حلقہ بندیوں کے بعد کافی درست ہوئے۔ ہم قومی اسمبلی کی 22 نشستیں حاصل کریں گے۔ ہم صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ وزارتوں کو ہم نے اس بار جوتی کی نوک پر رکھا ہے۔ اب ہمیں سر اٹھا کر چلنا ہے۔ اب لوڈشیڈنگ کرنے والوں کی لوڈشیڈنگ کریں گے۔

ایلون مسک کا تعصب عیاں، فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ پر اکاؤنٹ معطلی کی دھمکی

سان فرانسسكو: دنیا کے امیرترین شخص اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پربیان میں ایلون مسک نے کہا کہ جو کوئی بھی ایکس پر فلسطینوں کا مقبول نعرہ ’ دریا سے سمندر تک‘ یا ’ نوآبادیات کا خاتمہ‘ لکھے گا اس کا اکاؤنٹ معطل کردیا جائے گا۔

ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ ان دونوں جملوں کا اشارہ یہودیوں کی نسل کشی کی جانب ہے اس لیے کسی کو انہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس طرح کے جملوں کے استعمال کے نتیجے میں ایکس اکاؤنٹ کو معطل کردیا جائے گا۔

فلسطینی ’من النہر فی البحر‘ کا نعرہ اسرائیل سے آزادی کے لیے بلند کرتے ہیں جس کا مطلب دریائے اردن کے کنارے سے لے کر بحیرہ روم تک ہے۔ ان دو مقامات کے بیچ میں اسرائیلی علاقے ہیں اوراسرائیل کے حامی الزام عائد کرتے ہیں کہ اس نعرے کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہے۔

لاہور میں اسموگ بے قابو، 10 اضلاع میں پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں اسموگ کی صورت حال ایک بار پھر قابو سے باہر ہو گئی، جس پر لاہور سمیت 10 اضلاع میں ایک بار پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق لاہور میں ائرکوالٹی انڈیکس 309 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نگراں صوبائی حکومت کی ہدایت پر لاہور سمیت 10 اضلاع میں اسمارٹ لاک نافذ کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تمام تعلیمی ادارے، سرکاری دفاترز بند، آمد و رفت محدود ہونے کی وجہ سے مارکیٹیں و دکانیں تین بجے تک کھیلیں گی۔

شہر میں اوسط ائرکوالٹی انڈیکس 309 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے 10 اضلاع شیخوپورہ، قصور، ننکانہ، گوجرنوالہ، حافظ آباد، نارووال، سیالکوٹ، منڈی بہا الدین، گجرات شامل ہیں، میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ناذ کیا گیا ہے۔
اسموگ کے بڑھنے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ماہرین طب نے شہریوں سے ماسک اور چشمہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیہ عظمیٰ کے افسران احکامات پر عمل کروانے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ اسموگ کے تدارک کے لیے ٹیمیں کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

سائفر جلسے میں افشا کیا، عمران، شاہ محمود کو آئینی تحفظ نہیں، الزام کے تحت سزا موت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے معاملے میں شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ جرم پراکسانے، جرم کی سازش یا معاونت کرنے والے کو مرکزی جرم کرنے کی طرح ہی دیکھا جائے گا۔

10 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیازی اور شاہ محمود قریشی پر آفیشل سیکریٹس ایکٹ کا سیکشن 9 لگایا گیا ہے جس میں سزا موت یا عمر قید بنتی ہے۔

فیصلے میں ٓیہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان نے آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ مانگا جس کے تحت سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران ہونے والے اقدامات پر صدر، گورنر اور وزرا کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی۔

تاہم عدالت نے واضح کیا کہ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے سائفر کے حوالے سے انکشاف گذشتہ برس 27 مارچ کو جلسے میں کیے (فیصلے میں سال 2023 درج ہے تاہم بظاہر حوالہ 27 مارچ 2022 کے جلسے کا ہے) جبکہ شاہ محمود قریشی نے ان کی معاونت کی۔ عدالت نے لکھا کہ یہ فعل سرکاری فرائض کی انجام دہی کے زمرے میں نہیں آتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان پر لگی دفعات میں سزا عمر قید اور سزائے موت ہے جب کہ شاہ محمود قریشی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جائے گا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بلا شبہ ضمانت سزا روکنا نہیں، عمر قید اور سزائے موت کے ملزمان کو عدالتیں ضمانت دینے میں احتیاط سے کام لیتی ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ اس قسم کے کیسز میں جب تک معقول وجہ موجود نہ ہو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت ضمانت مسترد کرکے ہدایت کرتی ہے کہ ٹرائل 4 ہفتے میں مکمل کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کے حکم میں توسیع کر رکھی ہے۔

اٹارنی جنرل کا ہائی کورٹ میں کہنا تھا کہ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سزائے موت نہیں ہوگی۔ جس پر عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہ کہ اٹارنی جنرل تو خود کہہ رہے پراسیکیوشن میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

آئی ایم ایف نے ترقیاتی پروگرام میں کٹوتی کا مطالبہ کردیا

ین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نےپاکستان سے ترقیاتی پروگراموں میں کٹوتی کامطالبہ کردیا ہے۔

ایک بیان میں آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) ناقابل برداشت ہے اور اس کا ازسرنو جائزہ لیا جانا چاہیے، اس میں منصوبوں کی تکمیل کی مجموعی لاگت 10.7 کھرب روپے ہے جو گزشتہ مالی سال کے بجٹ کے 727 ارب روپے سے 14 گنا زیادہ ہے۔

مالیاتی ادارے نےکہا کہ اگر سالانہ پی ایس ڈی پی کا بجٹ وہی رہا اور کوئی نیا منصوبہ شامل نہیں کیا گیا تو موجودہ منظور شدہ منصوبوں کو مکمل کرنے میں تقریبا 14 سال لگیں گے، تاہم عملی طور پر نئے منصوبوں کو نمایاں شرح سے شامل کیا جاتا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دینے کے ارادوں کے باوجود حکومت کی جانب سے گزشتہ بجٹ میں 2.3 کھرب روپے کی لاگت سے نئے منصوبوں کا اضافہ کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فنانس ڈویژن پلاننگ کمیشن کی جانب سے بالترتیب موجودہ بجٹ، ترقیاتی بجٹ کی الگ تیاری اور نگرانی غیر متوازن و غیر موزوں فیصلہ سازی کا باعث بن سکتی ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ اگرچہ پلاننگ کمیشن جاری منصوبوں کے لئے فنڈنگ کو ترجیح دیتا ہے ، لیکن پی ایس ڈی پی بجٹ کے لئے زیادہ قابل اعتماد بنیاد فراہم کرنے کے لئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق فنانس ڈویژن پلاننگ کمیشن کا اندازہ ہے کہ ایک عام منصوبے کو اس کی اصل تخمینہ لاگت سے دو سے تین گنا زیادہ لاگت کی ضرورت ہوتی ہے، جس کی وجہ افراط زر، پہلے سے کیے گئے کام کو پہنچنے والا نقصان، غیر فعال تعمیراتی مقامات پر مواد کا نقصان ہوتا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قرضوں اور خسارے کی حد اخراجات پر قابو پانے میں غیر موثر رہا جب کہ قرض کی حد میں سالوں سے مسلسل خلاف ورزی کی گئی۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ 2010 کے بعد سے پاکستان کے مجموعی سرکای قرضوں میں اضافہ ہوا جو 2012 کے بعد مسلسل 60 فیصد کی حد سے تجاوز کر گیا ہے۔

دوسری جانب وژن 2025 میں منصوبوں کی عدم موجودگی کے پیش نظر یہ شناخت کرنا ممکن نہیں کہ سی پیک اور این سی سی پی منصوبوں کو چھوڑ کر دیگر منصوبے بجٹ فیصلوں پر کس طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وژن 2025 ء اپنی مدت کو پہنچ رہا ہے اور پاکستان میں پانچ سالہ منصوبہ بندی کو بحال کرنے کا موقع موجود ہے جب کہ آنے والے سالوں میں پاکستان کو محدود مالی گنجائش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر پاکستان کے موسمی پیٹرن مزید غیر مستحکم اور شدید ہونے کا بھی خدشہ ہے، سیلاب، گرمی کی لہروں اور خشک سالی جیسے مسلسل اور شدید موسمی واقعات ملک کے بنیادی ڈھانچے کے لئے ایک اہم خطرہ ہیں۔

نرسری لگانے اور لڑکی سے ملنے کیلئے کچے میں جانیوالے 3 افراد پولیس نے بچا لیے

صادق آباد میں سرحدی چیک پوسٹ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین شہریوں کوکچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے سے بچا لیا۔

ڈاکوؤں نے دو شہریوں کو نرسری لگوانے کچے میں بلوایا جبکہ ایک شہری کو لڑکی سے دوستی کا جھانسہ دے کر کچے بلوایا تھا۔

اے ایس پی بنگل خان کا کہنا ہے کہ اب تک237 افراد کو اغواء ہونے سے بچایا، کچے کے ڈاکو عملی طور پر ناکام ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لالچ بھرے اشتہاروں سے سادہ لوح افراد کو کچے بلوا رہے ہیں۔

سعودی عرب نے غزہ کے لیے تین ایمبولینسز بھیج دیں

سعودی عرب نے اسرائیلی جارحیت کے شکار غزہ کے لیے ایمبولینسز عطیہ کردیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی اور زمینی راستوں سے حملے جاری ہیں، اسرائیل نے اسپتالوں اور ایمبولینسز پر بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے سبب زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

ایسے میں سعودی عرب نے غزہ کیلئے مزید 2 امدادی جہاز مصر کے راستے بھیجے ہیں۔

رپورٹس میں بتایاگیا ہے کہ سعودی طیارے غزہ متاثرین کے لیے امداد لے کر مصر کے العریش ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں اور ان جہازوں میں ایمبولینسز بھی موجود ہیں جن کی تعداد 3 بتائی گئی ہیں، ایمبولینسز کو غزہ بھیجا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس کے علاوہ سعودی عرب کی جانب سے مزید 17 ایمبولینسز مختلف مراحل میں غزہ بھیجی جائیں گی، یہ امداد کنگ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کی جانب سے بھیجی گئی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے مزید بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے کھانے، پانی اور فیول کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

پی پی اور نواز شریف نے فلسطین کے حق میں احتجاج نہیں کیا، حافظ نعیم

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی یا نوازشریف نے فلسطین کے حق میں کوئی احتجاج نہیں کیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں، جوبائیڈن کے خلاف لاکھوں امریکی احتجاج کررہے ہیں، دنیا میں ایک لہر اٹھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی جماعتوں نے حماس کا نام لیتے ہوئے کتراتی ہیں، جبکہ پیپلزپارٹی یا نوازشریف نے فلسطین کے حق میں کوئی احتجاج نہیں کیا، یہ پارٹیان جوڑ توڑ اوربوٹ پالش میں لگی ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جو ملک سے غدری کریں گی، الیکشن میں پتا لگ جائے گا اور دہشت گردوں کی چاکری کرنے والوں سے عوام انتقام لیں گے۔

ناروے کی پارلیمنٹ میں فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد منظور

اوسلو: یورپی ملک ناروے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے اہم رکن ملک ناروے کی پارلیمنٹ میں فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔ پارلیمنٹ میں موجود 10 میں سے 8 جماعتوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا۔

منظور شدہ قرارداد میں ناروے کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیا جائے۔ یورپ کے دیگر ممالک آئس لینڈ، سویڈن، پولینڈ، چیک ریپبلک اور رومانیا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کر چکے ہیں جبکہ اسپین اور بلجیم بھی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے پر غور کررہے ہیں۔

اے این ایف کارروائیوں میں کئی من منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

کوئٹہ: اے این ایف کی اسمگلنگ کے خلاف کی گئی 12 کارروائیوں کے دوران 438 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق کچلاک کے غیر آباد علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 289 کلو گرام مارفین برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں مستونگ کے پہاڑی علاقے میں چھپائی گئی 66 کلو گرام ہیروئن اور پنجگور میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 50 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

پنجاب میں فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والا تنزانیہ کے باشندے کو گرفتار کرلیا گیا۔ پرواز نمبر FZ-391 کے ذریعے آنے والے ملزم کے پیٹ سے 60 کوکین بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔
بلکسر موٹر وے چکوال پر مسافر بس میں سوار ملزم سے 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ شالیمار ٹاؤن لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 12 کلو چرس اور 600 گرام افیون برآمد ہوئی۔ مسریال روڈ راولپنڈی کے قریب 2 ملزمان سے 350 ایکسٹیسی (نشہ آور) گولیاں برآمد کرلیں۔

اے این ایف نے لالک جان اسٹیڈیم گلگت کے قریب گاڑی سے 756 گرام افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ انڈسٹریل روڈ پشاور کے قریب 2 موٹر سائیکل سوارملزمان سے 6 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر حیات آباد پشاور میں ملزم کے قبضے سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔ زخہ خیل خیبر میں 2 کاروائیوں کے دوران 10 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ورلڈکپ فائنل؛ میچ آفیشلز کا اعلان ہوگیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ فائنل کیلئے آفیشلز کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ فائنل 2023 کیلئے تجربہ کار جوڑی رچرڈ ایلنگ ورتھ اور رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائر کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ جوئیل ولسن تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اس کے علاوہ کرس گیفانی فورتھ امپائر جبکہ اینڈی پائیکرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔

میگا ایونٹ کے فائنل میں میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کل مدمقابل ہوں گی۔

دوسری جانب میدان میں شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کرنے کیلئے بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم ورلڈکپ فائنل میچ سے قبل ایئرشو کا انعقاد کرے گی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کے اعلیٰ عہدیداران، بالی ووڈ اسٹارز جبکہ بزنس ٹائیکون کی آمد بھی متوقع ہے۔

والد کے انتقال پر عمر ایوب نے روپوشی ختم کردی، گوہر ایوب کی نماز جناہ آج

سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب خان نے والد کے انتقال پر اپنی روپوشی ختم کردی۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی و وزیر خارجہ گوہر ایوب خان گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے پر وفات پا گئے۔

ایوب خان سابق وفاقی وزیر اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان کے والد تھے۔

انتقال کے بعد گوہرایوب خان کی میت ریحانہ گاؤں پہنچادی گئی، مرحوم کی نمازجنازہ آج دن 3 بجے ادا کی جائے گی۔

گوہر ایوب کے بیٹے عمر ایوب بھی ریحانہ گاؤں پہنچ گئے ہیں، وہ 6 ماہ سے روپوش تھے۔

سانحہ 9 مئی کے بعد سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان پر متعدد کیسسز بنے جب کہ عدالت انہیں اشتہاری بھی قرار دے چکی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کی کمپنی نے چیف ایگزیکٹو افسر کیوں برطرف کیا، وجہ جان کر پاکستانی حیران رہ جائینگے

ویسے تو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں جھوٹ بولنا یا حقیقت کے برعکس گفتگو کرنا عام سمجھا جاتا ہے لیکن معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کی کمپنی اوپن اے آئی کا اپنے چیف ایکزیگٹو افسر کو برطرف کرنے کی وجہ آپ کو حیران کردے گی۔

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو اور شریک بانی سیم آلٹمین کو ان کی اپنی ہی کمپنی سے اس وقت برطرف کر دیا گیا جب اس کے بورڈ نے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی بات چیت میں مسلسل کھل کر بات نہیں کر رہے ہیں۔

آلٹمین کی برطرفی سلیکون ویلی میں ایک بڑا جھٹکا ہے، اوپن اے آئی کی جانب سے تیار کردہ انتہائی مقبول چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے اجراء کے بعد آلٹمین دنیا کے سب سے زیادہ نظر آنے والے ٹیک ایگزیکٹوز میں سے ایک اور مصنوعی ذہانت کے ماہر بن کر ابھرے ہیں۔

اوپن اے آئی کے مطابق کمپنی کے بورڈ کو اب سیم آلٹمین کی قیادت پر اعتماد نہیں اور کمپنی کے آگے بڑھنے کے لیے نئی قیادت کی ضرورت ہے، لہٰذا وہ کمپنی کے بورڈ کا بھی حصہ نہیں رہیں گے۔

کمپنی نے کہا کہ آلٹمین بورڈ کے ساتھ اپنی بات چیت میں مسلسل کھل کر بات نہیں کرتے تھے جس کی وجہ سے بورڈ کی ذمہ داریاں نبھانے کی صلاحیت متاثر ہوتی تھی جب کہ یہ واضح نہیں کہ انہوں نے کمپنی سے کونسی بات پوشیدہ رکھی تھی۔