سائفر کیس کی سماعت: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے اہل خانہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی، سماعت سے قبل ہی عمران خان کی تینوں بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی اہلیہ دونوں بیٹیاں اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی3مقدمات کی ضمانت درخواستوں کی سماعت آج ہوگی، ضمانت درخواستوں پرسماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین کریں گے۔

عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ تھانہ کھنہ اور 2 مقدمات تھانہ بہارہ کہو میں درج ہیں، تینوں تھانوں کے ایس ایچ اوزریکارڈ لے کر اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا اور بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت پہنچ گئے ہیں، جب کہ عمران خان کی تینوں بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اور دونوں بیٹیاں اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہیں۔

سپریم جوڈیشل کونسل: جسٹس طارق مسعود کے خلاف شکایت متفقہ طور پر خارج

سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس طارق مسعود کے خلاف شکایت متفقہ طور پر خارج کر دی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہونے والے  سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس  میں جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف آمنہ ملک کی شکایت پر غور کیا گیا۔

جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت آمنہ ملک نے درج کروائی تھی،  کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی اور ان کےخلاف شکایت کنندگان کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کےخلاف شکایات کا جائزہ وقفے کے بعد لیا جائے گا۔

جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت کرنے والی خاتون آمنہ ملک نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے میری کی شکایت سنی، شکایت سننے کے بعد کہا، کہ آپ جا سکتی ہیں،   مجھے علم نہیں کہ میری شکایت پر کیا حکم جاری کیا گیا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کے جج، جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کردی، انہوں نے کارروائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ٹیکس حکام کی جانب سے اثاثوں پر کبھی کوئی نوٹس نہیں آیا، میرے خلاف شروع کی گئی مہم عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے، جوڈیشل کونسل نے میرے اعتراضات دیکھے بغیر آئندہ کارروائی کا نوٹس بھیج دیا۔

درخواست میں وفاق، صدر مملکت اور سپریم جوڈیشل کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔

عمران خان نے پیری مریدی کی آڑ میں ہمارا ہنستا بستا گھر برباد کر دیا، خاور مانیکا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پیری مریدی کی آڑ میں ہمارا ہنستا بستا گھر برباد کر دیا۔

 جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خاور مانیکا نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران بشریٰ کی بہن مریم وٹو نے بشریٰ کی ملاقات عمران خان سے کروائی، ہماری شادی 28 سال چلی، ہماری بہت خوشگوار زندگی تھی، عمران خان نے پیری مریدی کی آڑ میں ہمارا ہنستا بستا گھر برباد کر دیا۔

خاور مانیکا نے کہا کہ اسلام آباد میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں شروع ہوئیں، رات کے وقت دونوں کی فون پر لمبی لمبی باتیں ہونے لگیں۔ فرح گوگی نے عمران کے کہنے پر انہیں خفیہ فون نمبر فراہم کیے، ان کی موبائل فون پر چھپ کر باتیں ہونے لگیں۔ میری والدہ کہتی تھیں کہ عمران خان اچھا آدمی نہیں، اسے گھر میں نہ آنے دیا کرو۔

انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں میرا اپنا گھر تھا، بشریٰ مجھے بتائے بغیر وہاں سے عمران خان کے گھر چلی جاتی تھی، عمران خان  میری مرضی کے بغیر  میرے گھر آتا تھا، میں عمران خان کی پنکی سے ملاقاتوں پر ناراض تھا۔

خاور مانیکا نے کہا کہ  ایک بار عمران میرے گھر آیا تو میں نے نوکر کی مدد سے اسے گھر سے نکلوا دیا، میں نے پنکی کو طلاق 14نومبر 2017 کو دی، اس کے ڈیڑھ ماہ بعد ہی پنکی نے عمران خان سے شادی کر لی، اس شادی کا مجھے اور میرے بچوں کو علم ہی نہیں تھا اس لیے جیو اور دی نیوز نے جب شادی کی خبر بریک کی تو اس کی تردید کی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شادی سے چھ ماہ پہلے بشریٰ بی بی مجھ سے علیحدہ ہو کر اپنے گھر چلی گئی، میں پاکپتن اس کے میکے گیا اور اپنے ساتھ چلنے کا کہا، بشریٰ بی بی نے جواب دیا، میاں صاحب ابھی نہیں۔

خاور مانیکا نے یہ بھی کہا کہ  ایک دن فرح گوگی نے مجھے موبائل پر پیغام بھیجا کہ پنکی کو طلاق دے دیں، میں بشریٰ کے پاس گیا اور اس سے پوچھا کہ کیا تم طلاق چاہتی ہو؟ اس نے سر جھکا لیا اور کوئی جواب نہیں دیا۔

سابق شوہر بشریٰ بی بی نے یہ بھی کہا کہ  میں نے 14 نومبر 2017 کو طلاق نامہ فرح گوگی کے ہاتھ بشریٰ بی بی کو بھجوایا، بعد میں فرح گوگی نے فون کر کے کہا کہ طلاق کی تاریخ تبدیل کردیں، ذلفی اور فرح کے فون آئے کہ عمران نے وزیراعظم بننا ہے، آپ خاموش رہیں۔

تیمر گرہ کے 65 سالہ دلاور خان نے پہلی جماعت میں داخلہ لے لیا

تیمر گرہ کے 65 سالہ دلاور خان نے منفرد مثال قائم کرتے ہوئے حصول تعلیم کیلئے گورنمنٹ پرائمری اسکول خونگئی میں پہلی جماعت میں داخلہ لے لیا۔

دلاور خان صبح سکول بروقت پہنچ کر کلاس فیلوز کے ساتھ پڑھائی میں مشغل ہو جاتے ہیں۔

دلاور خان کا کہنا ہے کہ تنگدستی اور افلاس کی وجہ سے لڑکپن میں محنت مزدوری شروع کی، کم عمری میں گھر کا واحد کفیل تھا، محنت مزدور کرتے کرتے عمر گزر گئی۔

دلاور خان نے آج نیوز کو بتایا دور حاضر میں تعلیم کے بغیر زندگی بے معنیٰ ہے۔ بچپن میں خواہش تھی کہ تعلیم حاصل کروں لیکن ادھوری خواہش اب پوری کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔

دلاور خان کہتے ہیں کہ تعلیم حاصل کرکے معاشرے کے لئے خیر کا پیغام دینا مقصد ہے۔

دلاور خان کے کلاس ٹیچر کا کہنا ہے کہ وہ صبح سویرے بروقت کلاس پہنچ جاتے ہیں اورپڑھائی لکھائی میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔

مچل مارش کا ورلڈ کپ ٹرافی پر پاؤں رکھ کر آرام، بھارتی شائقین آگ بگولہ

  کراچی: آسٹریلوی بلے باز مچل مارش کی ورلڈ کپ ٹرافی پر پاؤں رکھ کر آرام کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس نے بھارتی شائقین کو آگ بگولہ کردیا۔

آسٹریلیا نے گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر کرکٹ کی تاریخ میں ریکارڈ چھٹی بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔

میچ کے بعد پیٹ کمنز نے اپنی انسٹاگرام پروفائل پر مداحوں کیلئے ڈریسنگ روم کی تصاویر شیئر کی ہیں جس میں کینگروز کو فتح کا جشن مناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ان میں سے ایک تصویر میں آسٹریلوی بلے مچل مارش کو صوفے پر بیٹھے آرام کرتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم کرکٹ کے شائقین کو جو بات زیادہ اچھی نہیں لگی وہ یہ تھی کہ بلے باز نے تصویر کے لئے پوز دیتے ہوئے ٹرافی کے اوپر اپنے پاؤں رکھے ہوئے ہیں۔

مچل مارش کی اس حرکت نے فائنل میں شکست پر غمزدہ بھارتی شائقین کے زخموں پر مزید نمک چھڑک دیا جنہوں نے آسٹریلوی کرکٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایکس پر بھارتی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ٹرافی کی توہین ہے، آئی سی سی کو اس پر ایکشن لینا چاہئے۔

ویپن تیواری نامی صارف کا کہنا تھا کہ یہ واقعی افسوسناک ہے جب ٹرافی کا صحیح معنوں میں احترام کرنے والوں کو اسے چھونے کا موقع نہیں ملتا جبکہ جو لوگ پرواہ نہیں کرتے انہیں متعدد مواقع ملتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے امجد نیازی اور خالد نثار ڈوگر گرفتار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی کو گرفتار کرلیا گیا۔

امجد نیازی میانوالی سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق امجد نیازی کے خلاف 9 اور 10 مئی کو گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ کے دو مقدمات درج ہیں۔

حساس ادارے کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے اور جہاز کے ماڈل کو جلانے کے مقدمات میں امجد نیازی مطلوب تھے۔

امجد نیازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انصاف کے حصول کیلئے سرنڈر کررہا ہوں، میرے خلاف بنائے گئے مقدمات جھوٹے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امجد نیازی کو کل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب بورے والا سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر خالد نثار ڈوگر کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق خالد نثارپر 10 مئی کے احتجاج میں پولیس کے ساتھ تصادم کا مقدمہ درج ہے، جس میں 100 سے زائد پی ٹی آئی کارکن بھی نامزد ہیں۔

پولیس نے بتایاکہ خالد نثار کے خلاف مقدمے میں دہشتگردی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ اور انہیں خفیہ اطلاع پرگرفتار کیا گیا ہے۔

پہلے سے انتخابی نتائج طے کیے تو ملک مسائل سے نہیں نکل سکے گا، بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر الیکشن کے نتائج پہلے سے طے کرنا ہے تو پھر انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں اور نہ ہی ملک مسائل سے نکل سکے گا۔

نوشہرہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ایک بار پھر ن لیگ پر تنقید کی اور بغیر نام لیے کہا کہ ایک شخص کو وزیراعظم بنانے کی تیاری کی جارہی ہے، اگر ہم نے الیکشن سے پہلے نتائج طے کرنا ہے تو پھر کوئی فائدہ نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو معیشت اور دہشت گردی کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نہ پاکستان خارجی سطح پر کوئی واضح مؤقف و پالیسی اختیار کرسکے گا، ایسی صورت میں ایک وزیر اعظم بنے گا تو دوسرا دھاندلی پر احتجاج کی سیاست کرے گا‘۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میاں نواز شریف نے تاجر برادری اور صنعت کاروں کو پیش کش کی کہ سرمایہ کاری کا سوال نہیں کیا جائے گا، ایسی صورت حال میں عوام کی کے حقوق پامال ہوتے ہیں، کاروباری افراد کو اپنا نفع عوام کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے‘۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ’ایک طرف جیل والے دوسری طرف دو تہائی اکثریت والے ہیں، 70 سال سے سیاست کرنے والے بزرگ اپنے منشور پر الیکشن لڑیں، عوام جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے پاس ہی مسائل کا حل ہے‘۔

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس: نیب ٹیم عمران خان سے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔

جیل ذرائع کے مطابق القادر ٹرسٹ پراپرٹی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی اڈیالہ جیل میں تفتیش کے معاملے پر نیب کی ٹیم نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے تفتیش کی، نیب ٹیم نے 2 گھنٹے 20 منٹ تک عمران خان سے جیل میں تفتیش کی۔

نیب ٹیم میں میاں عمر ندیم، آصف منیر، وقار الحسن اور وقاص علیم شامل تھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے تفتیش کے بعد نیب کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

جیل ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نیب ٹیم نے 15 نومبر سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے روزانہ کی بنیاد پر تفتیش شروع کر رکھی ہے۔

اس سے قبل نیب ٹیم کے مزید 4 اراکین چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، نیب افسران میں میاں عمر ندیم، آصف منیر، وقار الحسن اور وقاص علیم شامل تھے۔

دوپہر ایک بجے اڈیالہ جیل پہنچنے والی نیب ٹیم بھی تاحال اڈیالہ جیل میں موجود تھی۔

نیب ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کی تفتیش کر نے پہنچی تھی۔

یاد رہے کہ نیب نے عدالت سے سابق وزہر اعظم عمران خان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے۔

پیشہ ور فوج بچوں کو نشانہ نہیں بناتی مگر غزہ میں بچوں کا ہولوکاسٹ ہورہا ہے، نگراں وزیراعظم

 اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پیشہ ور فوج کبھی بچوں کو نشانہ نہیں بناتی لیکن ہم اسرائیلی فوج کا غزہ میں بچوں کا ہولوکاسٹ دیکھ رہے ہیں، ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں۔

’’زارا الرٹ ایپ‘‘ کے اجرا کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی بہتری کے لیے کام کریں اور حکومت بھی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں زارا الرٹ ایپ کا اجرا بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے حالاں کہ جنگ میں پیشہ ور فوج کبھی نہتے شہریوں اور بچوں کو نشانہ نہیں بناتی لیکن اسرائیلی فوجی غزہ میں نہتے بچوں کو قتل کر رہے ہیں، نہتے بچوں کا قتل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں،ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولوکاسٹ دیکھ رے ہیں اس ہولوکاسٹ کو فوری طور پر روکا جائے غزہ ہونے میں ہونے والے اس ظلم کو مذہبی رنگ سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے اربوں کا ٹیکس قومی خزانےمیں جمع نہ کرانے کا انکشاف

پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ڈیسک اسیکروٹنی ایکسرسائز میں اربوں روپے کے ٹیکس میں تضاد سامنے آگیا۔

ترجمان پی آر اے کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ڈیسک اسکروٹنی ایکسرسائز میں اربوں روپے کے ٹیکس میں تضاد سامنے آیا ہے، جس میں اربوں کا واجب الادا ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہ کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان پی آر اے کا کہنا ہے کہ پبلک و پرائیویٹ کمپنیز کو دی جانے والے سروسز پر ٹیکس ود ہولڈ کیا گیا، اور پبلک و پرائیویٹ کمپنیوں کی جانب سے حاصل کردہ سروسز پر اصل ٹیکس ظاہر نہیں کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پی آر اے کی جانب سے کمپنیوں کو ری کنسلیشن کے لئے ایک ماہ کا وقت دے دیا ہے، ری کنسلیشن کے ذریعے کمپنیوں کو اپنا ریکارڈ چیک کرنے کے لئے وقت فراہم کیا گیا۔

دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

 لاہور: چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ 14 سے18  دسمبر کو پرتھ ، دوسرا ٹیسٹ 26  سے 30 دسمبر کو میلبرن جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 سے7 جنوری کو سڈنی میں ہوگا۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 34 سالہ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25-2023 کے لیے بابراعظم کی جگہ قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو گزشتہ ہفتے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے۔

بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب اور فاسٹ بولر خرم شہزاد پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
22 سالہ صائم ایوب نےاس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے چار میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے553 رنز بنائے جس میں فیصل آباد کے خلاف فائنل میں میچ وننگ ڈبل سنچری قابل ذکر تھی۔

انہوں نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کپ ٹورنامنٹ میں بھی سب سے زیادہ 397 رنز بنائے اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ  کے 23 سالہ  فاسٹ بولر خرم شہزاد نے اس سال قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں۔ پیس آل راؤنڈر فہیم اشرف جو آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے دورۂ پاکستان میں کھیلے تھے ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

اسی طرح محمد وسیم جونیئر اور میرحمزہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔یہ دونوں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ تھے جو دسمبر، جنوری میں کھیلی گئی تھی۔

پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شان مسعود ( کپتان ) ، عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔

چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ٹیم آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے منتخب کی گئی ہے۔ وہاں کی پچز کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیز بولرز زیادہ رکھے گئے ہیں تاکہ تین ٹیسٹ میچوں میں کامبی نیشن تیار کرنے میں آسانی رہے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے انہوں نے قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ دونوں میں متاثرکن کارکردگی دکھائی ہے۔ان کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ مزید مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اس سال سری لنکا میں جیت سے کیا ہے اور امید ہے کہ آسٹریلیا میں بھی اس مومینٹم کو برقرار رکھے گی۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ سلیکشن میں وہ تمام ضروری وسائل شامل کیے جائیں جن سے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

پاکستان کا اسکواڈ 22 نومبر کو ٹریننگ کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا۔ یہ کیمپ 23 سے 28نومبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے روانہ ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ کے لیے چند اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا ہے ان میں ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر شامل ہیں۔

سندھ میں گیس کے مزید ذخائر دریافت

  کراچی: گیس کے ستائے عوام کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، سندھ کے علاقے سجاول میں گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے سجاول میں گیس کے ذخائر دریافت کرلیے، پی پی ایل کی جانب سے سندھ کے ڈسٹرکٹ سجاول میں جھم ایسٹ ون کے مقام پر شاہ بندر سے گیس کے ذخائر ملے ہیں، جھم ایسٹ ون کے مقام پر 2 ہزار 545 میٹر کی گہرائی تک کھدائی کرنے پر ہائیڈرو کاربن کی نشاندہی ہوئی۔

پی پی ایل کے مطابق ٹیسٹنگ سے 13۔69 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ اور 236 بیرل یومیہ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر کی نشاندہی ہوئی، کنویں کی مزید جانچ پڑتال کی جارہی ہے جس کے لیے ماہرین کے زیر نگرانی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، موجودہ توانائی کے بحران میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کے فرق کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ شاہ بندر کے کنویں کی کھدائی کیلئے پی پی ایل کا مری پیٹرولیم، سندھ انرجی ہولڈنگ اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیوٹ لمیٹڈ کے جوائنٹ وینچر سے جاری ہے۔

سعودی کوششیں رنگ لے آئیں؛چین غزہ میں جنگ بندی کیلیے کردار ادا کرنے پرتیار

بیجنگ: سعودی عرب کی قیادت میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کے دورے پر پہنچے جہاں ان کے ہم منصب وانگ ای نے یقین دلایا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا کہ اسرائیل حماس جنگ کے باعث مشرقِ وسطیٰ کا امن خطرے میں پڑ گیا، جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے چین اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب، فلسطین، اردن، انڈونیشیا اور مصر کے وزرائے سمیت او آئی سی کے اعلیٰ حکام غزہ میں جنگ بندی کے لیے رابطوں کے سلسلے میں چین پہنچے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور سفارت کاروں پر مشتمل وفد سے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ غزہ میں صورت حال کو قابو اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے مل کر کام کریں گے۔

مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے وفد کی قیادت کرنے والے سعودی شہزادے فیصل بن فرحان نے کہا کہ چین سمیت عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی بمباری کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر  چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے سعودی ہم منصب کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنا کردار ضرور ادا کرے گا اور عالمی برادری بھی غزہ میں بمباری اور تباہی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

چین کے وزیر خارجہ نے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ سے مزید کہا کہ غزہ میں ہولناک تباہی ہوئی ہے، انسانی المیے نے جنم لیا ہے۔ یہ جنگ صرف مشرق وسطیٰ نہیں بلکہ پوری دنیا کو متاثر کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے حکام پر مشتمل وفد چین کے بعد دیگر کئی ممالک کا دورہ کرے گا تاکہ غزہ میں فوجی جنگ بندی اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کی راہموار کی جا سکے۔