ثنا خان اسرائیلی اداکارہ گال گدوت پر برس پڑیں

 ممبئی: مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے اسرائیلی اداکارہ گال گدوت پر شدید تنقید کر ڈالی۔

ثنا خان بھی اُن معروف بھارتی شخصیات میں شامل ہیں جو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے معصوم فلسطینی عوام کے لیے آواز اُٹھا رہی ہیں جبکہ اسرائیل کے خلاف سخت احتجاج کر رہی ہیں۔

اب ثنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں اسرائیلی اداکارہ گال گدوت کے حالیہ انٹرویو کا ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ “میں اپنے آپ سے پوچھ  رہی ہوں کہ انسانیت کو کیا ہوا؟ لیکن ہمیں لوگوں کو اس بات (فلسطینیوں کے قتلِ عام) پر قائل کرنے کی ضرورت کیوں ہے کہ یہ ٹھیک نہیں ہے؟”

g1

گال گیڈٹ نے کہا تھا کہ “جب دوسرے لوگ جنگ بندی کا مطالبہ کرسکتے ہیں تو پھر ہم کیوں یہ (غزہ پر بمباری) نہیں کرسکتے؟ اُن کے پاس ہمارے یرغمالی ہیں”۔

اسرائیلی اداکارہ گال گدوت نے ان لوگوں پر سخت تنقید کی جو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

گال گدوت کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ثنا خان نے کہا کہ “ان کو ‘ونڈر ویمن’ کس نے بنایا، اگر اسرائیل کو اپنے یرغمالیوں کی پرواہ ہوتی تو وہ غزہ پر بمباری نہیں کرتا”۔

ثنا خان نے مزید کہا کہ “اسرائیل صرف غزہ کے لوگوں کو ختم کرنا چاہتا ہے جو کبھی نہیں ہوگا”۔

واضح رہے کہ ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور ہالی وڈ فلم ’ونڈر ویمن’ سیریز کی تینوں فلموں میں اسرائیلی اداکارہ گال گدوت نے ہی ‘ونڈر ویمن’ کا کردار نبھایا ہے، اُنہیں اس کردار کی وجہ سے  ‘ونڈر ویمن’ کہا جاتا ہے۔

اس سیریز کی پہلی فلم ‘ونڈر ویمن’ سال 2017 میں، دوسری فلم ‘ونڈر ویمن 1984′ سال 2020 میں جبکہ تیسری فلم ‘ونڈر ویمن 3′ اگلے سال ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز، دلہن کی فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اوپنر امام الحق کی ہونے والی اہلیہ کی مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
معروف ڈیزائنرحسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کے پیج سے امام الحق کی ہونے والی دلہن کی تصاویر شیئر کیں اور انہیں ٹیگ کیا گیا جبکہ کیپشن میں ‘امام کی انمول’ لکھا۔

 

اس پوسٹ میں امام الحق کو بھی ٹیگ کیا گیا، اس کے علاوہ یہ تصاویر فوٹوگرافر عزہ شاہین ملک نے بھی انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کیں۔

 

فوٹوگرافر کی شیئر کردہ تصاویر کی لوکیشن میں ‘ناروے’ لکھا گیا تھا جس کا مطلب یہ ہے کہ کرکٹر کی مہندی کی تقریب ناروے میں ہوئی۔ اس کے علاوہ ناروے کی ایک ایونٹ پلینر کمپنی ‘ٹیلر میڈ ویژن’ نے مہندی کی تقریب کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

مزید پڑھیں: بھارتی بالر شامی کو اداکارہ پائل گھوش کی شادی کی مشروط پیشکش

کرکٹر کی شادی کی تقریبات کا باضابطہ طور پر آغاز 23 نومبر کو لاہور میں ہوگا، نکاح کی تقریب 25 نومبر بروز ہفتہ اور ولیمے کی تقریب 26 نومبر کو ہوگی۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہےکہ 23 نومبر کو قوالی نائٹ بھی طے ہے جس میں بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کی آمد بھی متوقع ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کو دبئی جانے سے روک دیا گیا

 پشاور: پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کو دبئی جانے سے روک دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شوکت یوسف زئی کو پشاور ائرپورٹ سے تحویل میں لے لیا۔ شوکت یوسف زئی نجی ائرلائن کے ذریعے پشاور سے بیرون ملک(دبئی) جا رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔

 

دریں اثنا پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے باچا خان ائرپورٹ پر روک دیا گیا ہے۔ نہیں معلوم کیوں اور کس نے حراست میں بٹھایا ہوا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہا تھا۔ بورڈنگ پاس اور کلیئرنگ ملنے کےبعد کیوں روکا گیا؟ ۔ مجھ سے بورڈنگ پاس بھی لے لیا گیا ہے۔ میرا نام نہ ای سی ایل میں ہے  نہ ہی میرےخلاف کوئی ایف آئی آر ہے۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اپنی سیاست میں ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے۔

سعودیہ کا اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند اور فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برکس اجلاس میں غزہ کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ’سنجیدہ‘ امن مذاکرات کیے جائیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے  برکس کی ورچول کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جامع اور ٹھوس عمل شروع کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

سعودی ولی عہد نے اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی بند کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک امن کا قیام ناگزیر ہے۔ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔

سعودی ولی عہد نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں، اسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں بچے، خواتین اور معصوم شہری مارے جا رہے ہیں۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ غزہ بہت مشکل میں ہے اور کانفرنس میں ہم سب کو اسرائیلی حملوں کو پوری قوت سے مسترد کرنا چاہیے۔ غزہ میں نسانی المیے کو روکنے کے لیے اجتماعی جدوجہد کی جائے۔

یاد رہے کہ برکس ورچول سربراہ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت سعودیہ، متحدہ عرب امارات، چین، مصر، روس، برازیل، انڈیا، جنوبی افریقا، ارجنٹائن، ایتھوپیا اور ایران شریک ہیں۔

سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کیلیے خلاف تمام شواہد و ثبوت پیش

  کراچی: سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت کنندہ نے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف درج شکایت پر تمام ثبوت و شواہد پیش کردیے جبکہ کونسل نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو بدھ 22 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایات کے معاملے پر اجلاس آج ب ھی ہوا، جس میں شکایت کنندہ نے دلائل مکمل کیے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو دوسرا شو کا نوٹس جاری کرنے کی کاروائی کل تک ملتوی کر دی، بدھ کو ہونے والے اجلاس میں شوکاز نوٹس جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس کل تین بجے سپریم کورٹ میں ہوگا۔

اس سے قبل جوڈیشل کونسل کی کارروائی میں اُس وقت بڑی پیشرفت ہوئی جب شکایت کنندہ نے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کیخلاف تمام شواہد اور متعلقہ دستاویزات کونسل کے سامنے رکھے۔

کونسل میں جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کو منظور یا مسترد کرنے کا فیصلے پر مشاورت کی گئی اور اس پر بھی فیصلہ بدھ کو دوپہر تین بجے ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

جلد ٹیپ بال کا بھی ورلڈ کپ ہوگا، سرفراز احمد

  کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مقبولیت دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ جلد ٹیپ بال کا بھی ورلڈ کپ ہوگا۔

کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بھی کراچی سے شروع ہوئی تھی، اب ٹیپ بال کرکٹ بہت تیزی مقبول ہورہی ہے، کراچی سے ایجاد ہونے والی  اس طرز کی کرکٹ ملک بھر میں کھیلی جارہی ہے۔

کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کا سیزن تھری یکم تا 16 دسمبر 2023 کراچی میں کھیلا جائے گا جس کی پلیئر ڈرافٹ اور ٹرافائی کی رونمائی کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی جس میں جاوید میانداد اور سرفراز احمد بھی شریک تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ  کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی ٹیپ بال پریمئیر لیگ کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔ ٹیپ بال کراچی میں کرکٹ کا چہرہ ہے جو گلی کوچوں اور سڑکوں پر کھیلی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ لیگ نئے ٹیلنٹ ابھارنے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ کراچی میں نوجوان ٹیپ بال سے کھیل کر ہی آگے بڑھتے ہیں۔ صوبہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہرممکن تعاون جاری رہے گا۔

بلاول چند روز میں مان جائیں گے کہ اگلی حکومت ن لیگ کی ہے، رانا ثنا اللہ

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کچھ دن پہلے بلاول پیپلزپارٹی کی حکومت کے آنے کا دعویٰ کرتے رہے، اب وہ مخلوط حکومت کی بات کر رہے ہیں لیکن اگلے چند دنوں میں وہ مان جائیں گے کہ آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی آ رہی ہے۔

پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں پی ٹی آئی کے منحرف سابقہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر لیگی صوبائی صدر نے بلاول بھٹو زرداری کو چھوٹا بھائی سمجھ کر مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہمارے خلاف الیکشن لڑنے کے لئے ہمارے خلاف باتیں ضرور کریں لیکن ہم نے اوئے توئے کی سیاست اور تصادم سے ہر صورت میں بچنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے اس لئے اب شاید سیاست میں ماضی کی طرح مداخلت نہ ہو سکے، پی ڈی ایم کبھی بھی انتخابی اتحاد نہیں رہا لیکن الیکشن کے بعد ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، اب کی بار جنوبی پنجاب کی 46 میں سے 40 سے زائد نشستیں جیت جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم بلاول کی زبان یا انداز میں جواب نہیں دینا چاہتے، ہم اس قسم کی تلخیوں کو بڑھائیں گے نہیں بلکہ کم کریں گے، الیکشن کے بعد بھی ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، پنجاب میں الیکشن لڑنے کے لئے پیپلزپارٹی کو ہماری مخالفت میں بات کرنا ہو گی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کیخلاف بننے والا اپوزیشن اتحاد بعد میں حکومتی اتحاد تو بنا لیکن وہ کبھی بھی انتخابی اتحاد نہیں تھا، مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے ساتھ صوبہ خیبرپختونخوا میں اتحاد کی تجویز ضرور ہے لیکن ابھی اس پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ملکی مسائل ایسے ہیں کہ آئندہ انتخابات کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

لیگی صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں اب مداخلت پہلے کی طرح نہیں ہو سکے گی، پنجاب کے جس حلقے میں ہمارا اپنا ورکر مضبوط امیدوار ہوا تو اسے ہی ٹکٹ دی جائے گی، دوسری صورت میں الیکٹیبلز کو ٹکٹ دینے میں کوئی حرج نہیں، جنونی پنجاب صوبے کا فیصلہ وقت آنے پر کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاور مانیکا کا انٹرویو سنیں اور صرف یہ دیکھیں کہ وہ سچ کہہ رہے ہیں یا نہیں، میری اطلاعات کے مطابق خاور مانیکا کی زیادہ تر باتیں درست ہیں۔

عمران خان پر سائفر کیس بنانے کا مقصد انہیں سزائے موت دینا ہے، علیمہ خان

 راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے دوبارہ کہا ہے کہ ڈونلد لو اور باجوہ نے مل کر ان کی حکومت گرائی، یہ ملک کے خلاف سازش تھی، علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان پر سزائے موت کا کیس بنادیا گیا ہے مقصد انہیں موت کی سزا دینا ہے۔ 

اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے دوبارہ کہا ہے کہ ڈونلد لو اور باجوہ نے مل کر اب ان کی حکومت گرائی، یہ ملک کے خلاف سازش تھی، وہ کہتے ہیں میں نے لوگوں کو بتایا کہ ملک کے خلاف سازش ہے اس کے نتیجہ میں ملک میں ایک سال میں معاشی تباہی ہوئی جس سے عوام کو نقصان اٹھانا پڑا۔

علیمہ خان نے کہا کہ آج کی مہنگائی اسی وجہ سے ہے، 15 لاکھ نوجوان ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں، نئی حکومت بنا کر چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال دیا گیا اور سزائے موت کا کیس بنا دیا گیا اور اس وقت مقصد یہی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو موت کی سزا دلوائی جائے۔

انہوں ںے کہا کہ امریکا میں میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ جو عدم اعتماد آئے گی اسے کامیاب کروانا ہے، اگر یہاں انصاف کے تقاضے پورے نہ کیے گئے تو امریکا میں ڈونلڈ لو کے خلاف کیس کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا یہ کورٹ نہیں کینگرو کورٹ لگا ہوا ہے۔

علیمہ خان نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ نیب والے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل تفتیش کے لیے آتے ہیں بیٹھتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، آج بھی جیل میں گئے تو کچھ غیرملکی جیل کے اندر گئے ہوئے تھے لیکن وہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے نہیں آئے تھے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نشان امتیاز کی اسٹرائیک کور کا دورہ، مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نشان امتیاز (ملٹری) کی اسٹرائیک کور کا دورہ کیا اور مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر منگلا کور نے اُن کا استقبال کیا۔ مشق کا مقصد جاری آپریشنل تیاریوں کی توثیق کرنا ہے۔

آرمی چیف نے جدید ترین VT-4 ٹینکوں سے لیس آرمرڈ فارمیشن کی قیادت میں کی گئی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا، مشق میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، آپریشنل کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔

آرمی چیف نے درپیش چیلنجز کا جواب دینے کے لیے جنگی تیاری اور ذہنی صلاحیت کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ آرمی چیف نے تیزی سے بدلتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مختلف ہتھیاروں کے درمیان ہم آہنگی کے حصول کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ رات کی تاریکی کے دوران آپریشنز میں حاصل ہونے والی مہارت کو بھی سراہا۔

آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ”امن کے وقت میں صرف حقیقت پسندانہ، مشن پر مبنی تربیت ہی میدان جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت دے سکتی ہے“۔

نواز شریف کی فضل الرحمان کے گھر آمد، انتخابات سے متعلق بات چیت

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ دونوں کے درمیان سیاسی معاملات، انتخابات، فلسطین اور دیگر موضوعات پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف تعزیت کرنے آئے تھے، ہم نے مل کر لمبی جدوجہد کی ہے، ہم پالیسی مل کر بناتے تھے، پچھلی ناجائز حکومت کے خلاف بھی ہم اکٹھے رہے ، یہ ہم نے طے کیا ہے کہ ہم مستقبل میں باہمی تعاون اور ایڈجسمنٹ کے ساتھ مل کر چلنا چاہیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی کو اس کے پارٹی حق سے محروم نہیں رکھنا چاہیے، باہمی اختلاف مل کے لیے بہتر نہیں ہے، ماضی میں ہم نے بہت کچھ سنا ہے، بزرگ اور بچے کی سوچ میں فرق ہوتا ہے، ایک الیکشن تسلیم نہیں ہوا، متنازع ہو گیا۔

انہوں ںے کہا کہ الیکشن کمیشن تک ہمارا پیغام پہنچ گیا ہے، میری گفتگو کا مطلب قانون کو ہاتھ میں لینا نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو اچھی معیشت دیں، پی ٹی آئی میری نظر میں پارٹی ہی نہیں ہے۔

فلسطین کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے اول دن سے ہمارا موقف ہے، ہم اسے آگے لے کر جانا چاہتے ہیں جس طرح سے اسٹیٹ کی حمایت ہے فلسطین کے ساتھ ہیں، غزہ کے بچوں پر جس طرح سے ظلم ہو رہا ہے، خواتین کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں، کھانے پینے کی اشیا کا مسئلہ ہے ایسے موقع پر ادھر غذا پہنچنی چاہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ دو اسٹیٹ کا تصور اب ختم ہو جانا چاہیے ہم اگلے جمعہ کو پھر سے یوم فلسطین منائیں گے، قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا تھا۔

دنیا کے امیرترین افراد موسمیاتی بحران کی بڑی وجہ قرار

ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد موسمیاتی بحران کی وجوہات کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔

خیراتی ادارے اوکسفیم کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کا ایک فی صد امیر ترین طبقہ زمین پر موجود دو تہائی غریب ترین طبقے کے مقابلے میں بہت زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کا سبب بنتا ہے۔

رپورٹ میں نشان دہی کیے گئے افراد میں میکسیکن کاروباری شخصیت کارلوس سلِم، مائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس، ایمازون کے مالک جیف بیزوس، امیریکن اوریکل فاؤنڈر لیری ایلیسن سمیت ٹیسلا اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سربراہ ایلون مسک جیسی شخصیات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سفید فام ارب پتی حضرات ماحول کو نقصان پہنچانے میں پیش پیش ہیں جبکہ خواتین، دیگر رنگ کے اور مقامی افراد اس فہرست کے آخر میں ہیں۔

ان حضرات اور دیگر کی جانب سے ہونے والے اخراج کے وسیع اور حیران کن ذرائع میں ان کی بڑی سرمایہ کاریاں، ان کے گھر، نجی سپر یاٹ، طیارے اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

مصنفین نے اس بات کی بھی نشان دہی کی کہ دنیا کے متعدد امیر ترین افراد موسمیاتی بحران کی پیشِ نظر دنیا چھوڑ کر جانے کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔ جس کی ایک مثال ایلون مسک ہیں جو مریخ پر انسانوں کی بستی بسانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اوکسفیم کی یہ نئی رپورٹ اسٹاک ہوم انوائرنمنٹل انسٹیٹیوٹ (ایس ای آئی) کی تحقیق پر مبنی ہے۔تحقیق میں دنیا کے امیر ترین افراد اور باقی دنیا کے درمیان کاربن نقوش کے فرق کی نشاند ہی کی گئی تھی۔

بلے کے نشان پر الیکشن لڑینگے، چھوڑنے والے سب واپس آئینگے، پرویز الٰہی

 اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن بلے کے نشان پر لڑیں گے۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والے سب واپس آئیں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ ان شریفوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ انتظامیہ کے ذریعے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ دفاتر سیاسی کام کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تلہ گنگ سے الیکشن لڑ رہا ہوں، وہاں بھی یہی ہو رہا ہے۔ اٹک، فتح جنگ میں بھی یہی کچھ ہو رہاہے، لاہور میں بھی یہی ہو رہاہے، پولیس اور انتظامیہ ان کے لیے کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ شیڈول آئے گا تو ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔ اللہ کے بعد سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی۔ ان کے گھر جاتی امرا کا الیکشن نہیں ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ اب تبدیل نہیں ہوسکتی، شیڈول کے بعد انتخابی ماحول بنے گا۔ ایسے ہی پنجاب کے وزیر نے کہہ دیا کہ آئی ایم ایف والے اڈیالہ جیل گئے، ایسا نہیں  ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے قبل یہ ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ  بلے کے نشان پر الیکشن لڑیں گے، پارٹی چھوڑنے والے سب واپس آجائیں گے۔ ووٹ پی ٹی آئی کا ہے، پی ٹی آئی کو نہ چھوڑیں۔ چیف الیکشن کمشنر ہمیں ہمارا حق دیں اور جلسے کرنے دیں، جو بھی الیکشن میں کھڑا ہوگا ہمارے ساتھ ہی مقابلہ ہوگا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اختلافات اندرونی خبر ہوگی۔ لاڈلے کا سلوک کسی کو کچھ نہیں دیتا۔ آسٹریلیا جس طرح کھیلا ہے،  کرکٹ میں فیئر اینڈ فری نظر آیا۔ ایسے ہی ہمارا الیکشن بھی فیئر اینڈ فری نہ ہوا تو بہت رولا ہوگا، ہمارا کپتان بھی تگڑا ہے۔جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ابھی ملاقات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ خاور مانیکا کو اپنے ہی گھر کا پردہ چاک نہیں کرناچاہیے تھا۔ جب چیئرمین پی ٹی آئی وزیر اعظم تھے تو اس وقت انٹرویو دینا چاہیے تھا۔ الیکشن شیڈول آنے کے بعد ٹکٹ ہمارا ہی ہوگا۔ ہماری کمپین کو نہیں روک سکتے۔ کسی کا دل کمزور ہے تو ساتھ وکیل کو کورنگ امیدوار کے طور پر کھڑا کرلے۔

ہانیہ عامر کی بھارتی ریپرکو سالگرہ کی مبارکباد سوشل میڈیا پر وائرل

 لاہور: ہانیہ عامر کی مشہور بھارتی ریپر کو سالگرہ کی مبارک باد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں بھارتی ریپر ’بادشاہ‘ کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شہرکے سب سے برے لڑکے کو سالگرہ مبارک۔ ہانیہ عامر نے بادشاہ کے ساتھ اپنی بلیک اینڈ وائٹ تصویر بھی شیئرکی۔

ہانیہ عامرکے بادشاہ کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کرنے کوبھارت اور پاکستان میں رہنے والے دونوں کے مداحوں نے خوشگوار سرپرائز قراردیا۔

آدیتیہ پرتیک سنگھ جو پوری دنیا میں ’بادشاہ ‘ کے نام سے مشہور ہیں نے ہانیہ عامر کی مبارک باد کا جواب بھی گرمجوشی سے دیا۔ بادشاہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا شکریہ ،  آپ انتہائی ٹیلنٹڈ شخصیت ہیں۔

ہانیہ عامر اور بادشاہ کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے دوران دونوں ممالک کے سیلبریٹز کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے مثبت پیغامات اچھا قدم ہیں۔