دورہ آسٹریلیا کیلئے لگائے گئے تربیتی کیمپ مزید 3 فاسٹ بولرز شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ آسٹریلیا کیلئے لگائے گئے تربیتی سیشن میں مزید 3 بالرز کو شامل کرلیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی بولنگ کیلئے مکمل فٹ نہیں ہیں لہذا انہیں ری ہیب کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فاسٹ بولر کی عدم موجودگی کے باعث تین بولرز کو کیمپ کا حصہ بنایا گیا ہے جس میں ثمین گل، علی شفیق اور محمد علی شامل ہیں۔

دوسری جانب سابق کپتان بابراعظم، سرفراز احمد اور عثمان قادر کو آج پریکٹس کے بعد اوپنر امام الحق کی شادی میں شرکت کی اجازت دے دی ہے تاہم یہ تینوں کرکٹرز کل کیمپ میں پریکٹس کیلئے موجود ہوں گے۔

شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈرز کالعدم قراردینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

کیس کی سماعت میں عدالتی معاونین نے بھی دلائل مکمل کرلیے:فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈرز کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے درخواستوں پر سماعت پرشہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈرز کالعدم قراد دینے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ایم پی او آرڈر جاری کرنے کے اختیار پر بھی دلائل مکمل کیے گئے۔ درخواست گزار کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش نہ ہوئے انہیں تحریری دلائل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے اختیارات سے متعلق عدالت نے 2عدالتی معاونین مقرر کیے تھے۔ عدالتی معاونین بیرسٹر صلاح الدین اور وقار رانا نے بھی دلائل مکمل کرلیے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کے خلاف ایم پی او آرڈر معطل کر رکھا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی مزید ایم پی او آرڈر جاری کرنے سے روک رکھا ہے۔

تربت؛ سی ٹی ڈی سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 مبینہ حملہ آور ہلاک

گوادر: تربت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 مبینہ حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تربت کے علاقے پسنی روڈ پر سی ٹی ڈی اور مسلح افراد کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 مبینہ حملہ آور مارے گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سیکیورٹی ادارے کسی کا بھی شناختی کارڈ چیک کرسکتے ہیں، وزیر اطلاعات بلوچستان
سی ٹی ڈی اہل کاروں نے ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ تحویل میں لے کر لاشیں تربت اسپتال منتقل کردیں۔

فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جس میں 4 مبینہ حملہ آور ہلاک ہوئے۔

معروف ویسٹ انڈین کرکٹر پر 6 سال کی پابندی عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر مارلون سیموئلز پر 6 سال کی پابندی لگادی۔

آئی سی سی کے مطابق مارلون سیموئلز پر پابندی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی۔

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر 2019 میں ابو ظبی ٹی 10 لیگ میں کرناٹکا ٹسکرز کا حصہ تھے مگر تورنامنٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کی تھی۔

کرکٹ کونسل نے کہا کہ مارلون سیموئلز پر ستمبر 2021 پر چار چارجز عائد کیے گئے اور رواں سال کے اگست میں وہ جرم کے مرتکب قرار پائے گئے تھے۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈز کے سربراہ ایلکس مارشل کے مطابق سابق ویسٹ انڈین کرکٹر تقریباً دو دہائیوں تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے ہیں اور انہیں تمام قواعد و ضوابط کا بخوبی علم ہے، وہ ریٹائرڈ کھلاڑی ہیں مگر ان پر پابندی ایک واضح پیغام ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے۔

مارسل سیموئلز 2012 اور 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی رہے اور انہوں نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2018 میں کھیلا تھا جبکہ ویسٹ انڈین بیٹر نے 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

واضح رہے کہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر پر 2008 میں بھی رقم اور فوائد لینے کا جرم ثابت ہونے پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

262 ادویات کی قیمتیں 15 سے 125 فیصد تک بڑھانے کی تیاریاں

نگراں وزیرخزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں 262 ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں اضافے کی سمری پرغور کیا جائے گا۔

نگراں وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں 5 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئے گا۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی 262 ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں اضافے کی سمری پرغور کرے گی، جب کہ ربیع سیزن 2023 کیلئے یوریا کھاد کی درآمد کی سمری بھی زیرغور لائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سندھ اور پنجاب کیلئے جولائی تا ستمبر 2023 کیش کریڈٹ کی سمری پیش کی جائے گی، جھل مگسی میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے مارجنل پالیسی پرائسنگ مراعات دینے پرغور ہو گا، جب کہ نادرا کیلئے حکومت کی ری لینڈنگ پالیسی میں رعایت کرنے کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

حرا خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، تصاویر وائرل

پاکستان کی نوجوان اداکارہ و ماڈل حرا خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی،تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر عمرے کی ادائیگی کے دوران چند تصاویر شئیر کی ہیں۔

والدہ کے ہمراہ یہ سعادت حاصل کرنے والی حاصل کی ہے۔ تصاویر شئیر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’کوئی الفاظ نہیں میرے پاس، صرف شکر گزار ہوں‘۔

حرا خان نے ایک ویڈیو بھی شئیر کی ہے جس میں انہوں نے خوبصورت مناظر کو کیمرے کی آنکھ سے قید کیا ہے۔

ویڈیو شئیر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اللہ میاں واقعی مہربان ہیں۔ انہوں نے مجھے گھر بلایا تھا اور گزشتہ 16 دن سال کے سب سے زیادہ صحت مند دن رہے ہیں۔ بس اپنی والدہ کے ساتھ عمرے سے واپس آئی ہوں اور یہ ایک خواب کی طرح لگتا ہے‘۔

اداکارہ نے بتائا کہ انہوں نے غزہ اور اپنے ملک کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

واضح رہے کہ حرا خان پاکستانی ماڈل ارسلان خان کے ساتھ رواں سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

مقابلہ حُسن: نیپالی’پلس سائز’ ماڈل نے دقیانوسی روایت توڑ ڈالی

مِس یونیورس 2023 کا مقابلہ اِس بار بھی خبروں کی سُرخیوں میں رہا ہے کیونکہ اس بار خواتین کے ساتھ ہی خواجہ سراؤں نے بھی حصہ لیا۔

نیپال سے تعلق رکھنے والی ’جین دیپیکا‘ اس مقابلے میں حصہ لینے والی پہلی ’پلس سائز‘ ماڈل بن گئیں، جس کے بعد اِن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

جین دیپیکا مس نیپال بھی رہ چکی ہیں، وہ مس یونیورس 2023 میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی تھیں لیکن انہوں نے اس بار ایک خاص طرح کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

انہوں نے خوبصورتی کے لیے بنائی جانے والی دقیانوسی خیالات کی زنجیر کو توڑ دیا ہے، جس کے لیے جسمانی سائز کو ترجیح دی جاتی ہے۔

جین جب مس یونیورس 2023 کے اسٹیج پر آئیں، تو وہاں موجود حاضرین نے بھی ان کا دل کھول کر استقبال کیا اور تالیاں بجاتے رہے۔

ان کے اعتماد اور قاتلانہ انداز سب کو حیران کردیا تھا، پھر انہوں نے ریمپ پر خوبصورت سوئمنگ سوٹ پہنے واک کیا۔

مس نیپال بنتے ہی جین دیپیکا نے 20 ماڈلز کو مات دے کر اپنے دلکش اور ذہنی صحت سے ججوں کے دل جیت لیے تھے۔

جین دیپیکا نے کہا کہ آج میں دوسری محنتی خواتین کی نمائندگی کر رہی ہوں، جو ایک محنتی عورت ہونے کے برعکس ہے، جو خوبصورتی کے دیگر معیارات پر پورا نہیں اترتی۔

جین نے کہا کہ وہ خواتین جو اپنے بڑھتے ہوئے وزن کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا کرتی ہیں، خوبصورتی کا کوئی ایک معیار نہیں ہے، ہر عورت اپنے آپ میں خوبصورتی کی مثال ہے۔

ایل سلواڈور میں منعقدہ مس یونیورس 2023 مقابلہ کے ابتدائی راؤنڈ میں پلس سائز ماڈل کو خوب پسند کیا گیا۔

یاد رہے مقابلے میں نکاراگوا کی شینیس پلاسیوس نے مس ​​یونیورس 2023 کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، فرسٹ رنر اپ تھائی لینڈ کی انٹونیا پورسلڈ اور سیکنڈ رنر اپ آسٹریلیا تھا۔

سپریم کورٹ کے بعد سندھ ہائی کورٹ کا بھی مسنگ پرسنز کیسز میں وزیراعظم کو بلانے کا عندیہ

سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد بازیابی کیس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بلانے ک عندیہ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر پولیس اور انتظامیہ کے ہاتھ کچھ نہیں تو وزیراعظم کو بلائیں گے، شہریوں کو عدالت میں پیش کریں ورنہ کوئی بھی قدم اٹھائیں گے۔

سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد بازیابی کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مسمات زیب النساء کے شوہر2017 سے کراچی کے علاقے پاپوش نگر سے لاپتا ہیں۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی کے 21 اجلاس ہو چکے ہیں، تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔

عدالت نے مسنگ پرسنز کے کیسز میں وزیراعظم کو بلانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے ہاتھ کچھ نہیں تو وزیراعظم کو بلائیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ لاپتا افراد کے کیسز کو 10،10 سال ہو گئےکوئی پیشرفت نہیں ہوئی، جے آئی ٹیز، ٹاسک فورس کے اجلاس نتیجہ خیز نہیں ہوتے۔

جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیئے کہ ہم دس سال سے ہر روز10،15مسنگ پرسنز کےکیسزسنتے ہیں، اتنا وقت دیگر کیسوں کو دیتے تو بہت معاملات نمٹ جاتے۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ شہریوں کو عدالت میں پیش کریں ورنہ کوئی بھی قدم اٹھائیں گے۔

عدالت نے درخواست کی سماعت 15جنوری کیلیے ملتوی کردی۔

ایشوریا کے بعد عبدالرزاق کے ایک اور بیان پر بھارتی ناخوش

سابق قومی کرکٹر عبدالرزاق ایک بار پھر بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں آگئے۔

عبدالرزاق نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کے دوران ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ جیت گئی اور بھارت ہار گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت جیت جاتا ہے تو کرکٹ ان کی طرف جاتی ہے لیکن یہ کہا گیا کہ کرکٹ ان کے ساتھ رہتی ہے جو بہادر ہیں، کارکردگی دیتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ یہ کھیل کے لئے ایک بہت ہی افسوسناک لمحہ ہوتا، بھارت نے کنڈیشنز کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کیا اور میں نے پہلے کبھی کسی آئی سی سی فائنل کے لئے اتنی خراب پچ نہیں دیکھی، لہٰذا یہ کرکٹ کے لئے بہت اچھا ہے کہ بھارت ہارا۔

تنقیدی تبصروں کے علاوہ، بعض بھارتی شائقین کرکٹ نے عبدالرزاق کے تبصروں کو بھی تسلیم کیا ہے۔

واضح رہے کہ میزبان بھارت میگا ایونٹ کے فائنل سے قبل تمام 10 میچوں میں ناقابل شکست رہا تاہم آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ 2023 فائنل میں بری طرح شکست سے دو چار ہو کر ٹرافی سے محروم ہوا۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن غیرشفاف قرار، دوبارہ کرانے کا حکم

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کیخلاف دائر انٹراپارٹی کیس کا فیصلہ سنادیا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو غیرشفاف قرار دیتے ہوئے 20 روز میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔

کمیشن نے ہدایت کی کہ الیکشن کرانے کے بعد 7 دن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کی رپورٹ کمیشن میں جمع کرائی جائے۔
20 دن کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کروائیں جائیں تب تک بلے کا نشان پی ٹی آئی کے پاس رہے گا، ورنہ واپس لے لیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، اس نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی الیکشن آئین کے مطابق نہیں ہوئےبلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں، ہم ‏الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کوچیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ الیکشن کمیشن میں 2022 سے زیر التوا ہے، کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔ الیکشن ایکٹ کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازم ہے۔

نیدرلینڈز کیخلاف اگلے سال شیڈول سیریز ملتوی

پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف اگلے سال شیڈول 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کو ملتوی کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ طور پر رائل ڈچ کرکٹ ایسوسی ایشن سے مصروف ترین شیڈول کے باعث ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کو ری شیڈول کرنے کی درخواست کی تھی۔

بورڈ کی درخواست پر پاکستان کا 2024 میں نیدرلینڈ کا دورہ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کو مئی 2024 میں نیدرلینڈز کے خلاف 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنا تھے، اس ٹور کے دوران انگلینڈ کیخلاف 4 اور آئرلینڈ کے خلاف بھی 3 میچز بھی شامل ہیں۔

دونوں کرکٹ بورڈز سیریز کو ری شیڈول کرنے کیلئے متبادل آپشنز پر غور کررہے ہیں۔

نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس مینیجر دورہ ملتوی ہونے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصروف شیڈول کی وجہ سے پلئیرز تھکاؤٹ کا شکار ہوں گے تاہم کوشش کریں گے کہ نئی ونڈو جلد مل جائے۔

پاسپورٹ 2 ماہ میں ملنے لگے، شہری بھاری فیس دے کر ارجنٹ بنوانے پر مجبور

لاہور: نارمل پاسپورٹ 2 ماہ یا اس سے زیادہ تاخیر سے ملنے کی وجہ سے شہری بھاری فیس دے کر ارجنٹ پاسپورٹ بنوانے پر مجبور ہوگئے۔

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے عوام سے زیادہ پیسے لینے کا نیا طریقہ استعمال کرنا شروع کردیا۔ نارمل فیس والے پاسپورٹ 20 دن کے بجائے 60 سے 65 روز کے بعد جب کہ ارجنٹ فیس والوں کو 15 روز میں اور فاسٹ ٹریک کو 2 روز میں پاسپورٹ فراہم کیے جانے لگے تاکہ عوام سے ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک کی مد میں زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جائے۔

محکمے نے نارمل فیس کے تحت پاسپورٹ بنوانے والوں کو 2، 2 ماہ انتظار کی سولی پر لٹکانا شروع کر دیا اور پاسپورٹ تاخیر سے ملنے کے باعث لوگ اب نارمل فیس کے بجائے ارجنٹ بنیادوں پر بنوانے کے لیے زیادہ فیس دینے پر مجبور کردیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ نارمل پاسپورٹ کی فیس 3 ہزار، ارجنٹ کی 5 ہزار اور فاسٹ ٹریک کی ساڑھے 12 ہزار روپے ہے اور صرف لاہور میں روزانہ ڈھائی سے 3 ہزار لوگ پاسپورٹ بنوانے کے لیے پاسپورٹ آفس جاتے ہیں۔

پاسپورٹ آفس پہنچنے پر معلوم ہوتا ہے کہ نارمل فیس کے ساتھ پاسپورٹ 20 روز کے بجائے 60 روز بعد ملے گا، جس پر شہری فوری طور پر نارمل فیس کے بجائے ارجنٹ یا فاسٹ ٹریک فیس کے ساتھ پاسپورٹ بنوانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ لاہور کے 5 پاسپورٹ دفاتر میں روزانہ تقریباً 3 ہزار لوگ آتے ہیں جن میں سے 70 فیصد ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک کے تحت پاسپورٹ بنوا رہے ہیں۔

دوسری جانب پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کے مطابق پاسپورٹ بننے میں تاخیر کی وجہ بیرون ملک سے میٹریل کی امپورٹ میں تاخیر ہے۔ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے لیے فرانس اور جرمنی سے میٹریل امپورٹ کیا جاتا ہے۔ ملکی معاشی صورتحال کی وجہ سے میٹریل کی امپورٹ میں کچھ تاخیر ہوئی، جس کی وجہ سے پاسپورٹ کی ڈلیوری میں دیر ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن سالانہ 30 سے 32 ارب روپے کی رقم فیس کی مد میں عوام سے وصول کرتا ہے۔ اربوں روپے کمانے کے باوجود میٹریل کی امپورٹ میں تاخیر ہورہی ہے۔ ملک بھر سے روزانہ 40 سے 42 ہزار لوگ پاسپورٹ بنوانے کے لیے فیس جمع کراتے ہیں جب کہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے پاس پاسپورٹ بنانے کی صلاحیت صرف 25 ہزار کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاسپورٹ نارمل فیس والوں کو 2ماہ کی تاخیر سے پاسپورٹ مل رہے ہیں۔

پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رواں ماہ تک اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔

20 دن کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کروائیں، تب تک بلے کا نشان پی ٹی آئی کے پاس رہے گا، ورنہ واپس لے لیا جائے گا،الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کیخلاف دائر انٹراپارٹی کیس کا فیصلہ سنادیا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو غیرشفاف قرار دیتے ہوئے 20 روز میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔

کمیشن نے ہدایت کی کہ الیکشن کرانے کے بعد 7 دن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کی رپورٹ کمیشن میں جمع کرائی جائے۔

20 دن کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کروائیں جائیں تب تک بلے کا نشان پی ٹی آئی کے پاس رہے گا، ورنہ واپس لے لیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، اس نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی الیکشن آئین کے مطابق نہیں ہوئےبلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں، ہم ‏الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کوچیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ الیکشن کمیشن میں 2022 سے زیر التوا ہے، کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔ الیکشن ایکٹ کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازم ہے۔