چین نے چھ ممالک کو ’ویزہ فری انٹری‘کی اجازت دے دی

چین نے دنیا کے چھ ممالک کے شہریوں کو ملک میں ویزے کے بغیر داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی جانب سے عارضی طور پر چھ ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ رواں سال یکم دسمبر سے آئندہ سال 30 نومبر تک جرمنی، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز، سپین اور ملائیشیا کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اِن ممالک کے شہری کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لیے چین میں بغیر ویزا کے داخل ہوسکیں گے اور 15 روز تک قیام کر سکیں گے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خاتمے کے بعد چین نے سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کررہا ہے، جن کا مقصد ملک میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

حال میں ’پیو ریسرچ سینٹر‘ کے سروے سے معلوم ہوا کہ دنیا کے 24 ممالک میں 67 فیصد افراد چین کے حوالے سے منفی خیالات رکھتے ہیں۔

چین میں جرمنی کی سفیر پیٹریشیا فلور نے ویزا فری انٹری کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ فیصلہ جرمنی کے شہریوں کو چین کی جانب سفر کے لیے بہت سہولت فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ چین گذشتہ کئی برسوں سے یورپ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بہتر بنانے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

دورہ آسڑیلیا، شان کے پاس خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے،بابراعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر بابراعظم کا کہنا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران نو منتخب کپتان شان مسعود کے پاس خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔

سابق کپتان بابراعظم نے شان مسعود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاس آسٹریلیا میں پرفارم کرنے کا شاندار موقع ہے وہ اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔

بابراعظم نے کیمپ میں شریک نئے کھلاڑیوں پر بھی زور دیا کہ وہ دورہ آسٹریلیا کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں جگہ پکی کریں۔

دوسری جانب پاکستان کے خلاف چار روزہ ٹور میچ کیلئے آسٹریلیا پرائم منسٹر الیون کا اعلان کردیا گیا ہے، یہ میچ بدھ 6 دسمبر سے مانوکا اوول میں شروع ہوگا۔

پی ایم الیون: نیتھن میک سوینی (کپتان)، کیمرون بینکرافٹ، کیمرون گرین، مارکس ہیرس، نیتھن میک اینڈریو، ٹوڈ مرفی، مائیکل نیسر، جمی پیئرسن، میتھیو رینشا، مارک سٹیکیٹی، بیو ویبسٹر

شیئر

عارضی وقفہ اگلے مرحلے کی جنگی تیاری کیلیے ہے، اسرائیل

غزہ: اسرائیل نے عارضی جنگ بندی کو اگلے مرحلے کی جنگی تیاری کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئیل ہگاری نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حماس سے 4 روزہ عارضی جنگی بندی کے دوران اسرائیلی فوج اگلے مرحلے کی جنگ کے لیے خود کو تیار کررہی ہے۔اسرائیلی کابینہ کا ایک رکن بھی وقفے کے بعد حماس سے جنگ جاری رکھنے کا بیان دے چکا ہے۔

حماس نے 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد امریکا کی حمایت یافتہ اسرائیلی فورسز کو مسلسل غیرمعمولی مزاحمت دکھائی ہے

کالام میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، 3 ہلاک

پشاور: سوات کی وادی کالام میں سیاحوں کی وین کھائی میں گرنے سے 3 سیاح جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کالام میں پشمال کے مقام پر سیاحوں کی وین کو حادثے میں 20 افراد زخمی ہوئے۔ مقامی افراد اور پولیس نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو کالام اسپتال منتقل کردیا۔ زخمیوں میں 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کا تعلق پنجاب سے ہے جو سیر کے لیے آئے تھے کہ واپسی پرحادثے کا شکار ہوئے۔ نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔

نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست گزار کے مطابق انوار الحق کاکڑ کی تقرری 90 روز کی مدت 15 نومبر کو مکمل ہونے کے بعد غیر مؤثر ہو چکی ہے، لہٰذا آئینی طور پر انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم نہیں رہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگراں وزیراعظم کی مدت میں الیکشن کمیشن نے توسیع نہیں کی، عدالت نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کرے۔

دوسری جانب ‏صدرمملکت عارف علوی‌ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، عدالت عظمیٰ سے صدر کو کام سے روکتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

غلام مرتضیٰ نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیارکیا گیا یے صدرعارف علوی نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے عہدے کی تضحیک کی

صدر عارف علوی کو کام سے روکنے اور عہدے سے ہٹانے کے لیے آئینی درخواست دائر

‏صدرمملکت عارف علوی‌ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ عدالت عظمیٰ سے صدر کو کام سے روکتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

غلام مرتضیٰ نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیارکیا گیا یے صدرعارف علوی نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے عہدے کی تضحیک کی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ صدرپوری قوم کا ہوتا ہےناکہ ایک سیاسی جماعت کا، انہوں نے صدارتی دفترپی ٹی آئی سیاسی سرگرمیوں کے لیے وقف کررکھا ہے۔

درخواست کے مطابقعارف علوی غیرآئینی اقدام کے بھی مرتکب ہوئے عام انتخابات کی تاریخ دیناصدرکا کام تھا مگر انہوں نے تاریخ نہیں دی۔ وہ غیر قانونی طورپراسمبلی تحلیل کے مرتکب ہوئے ہیں۔

درخواست گزار نے اپنے موقف میں مزید کہا ہے کہ صدرنے آرٹیکل 5 کے تحت آئین پرعملداری کو یقینی نہیں بنایا، انہیں بطورصدر کام کرنے سے روکا جائے اور آئین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔

شہری نے صدر مملکت عارف علوی کے خلاف دائر درخواست میں صدر اور وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے ۔

روزگارکے مواقع، سعودی کمپنیز کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پردستخط

ریاض: وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے روزگار کے مزید مواقع کو محفوظ بنانے کیلیے سعودی کمپنیز کیساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کر دیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے پاکستانیوں کیلیے روزگار کے مزید مواقع کو محفوظ بنانے کیلیے اہم سعودی کمپنیز ایف این آر سی او اور مہارہ کیساتھ لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر دستخط کیے، جن کا مقصد تعاون کو تقویت دینا اور سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر مختلف منصوبوں کیلیے پاکستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی بھرتی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

معاہدوں میں پاکستان میں تربیتی اور واقفیت کے مراکز کے قیام کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جو سعودی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارت کی ترقی کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

نبیل ظفر کا اپنی مداح سے شادی کا انکشاف

پاکستان کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار نبیل ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے آٹوگراف لینے آنے والی اپنی مداح سے شادی کی تھی۔

نبیل ظفر نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام “مذاق رات” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی اور مقبول ترین ڈراما “بُلبلے” بنانے سے متعلق گفتگو کی۔

پروگرام کے میزبان عمران اشرف نے نبیل ظفر سے اُن کے مقبول ترین ڈراما “بُلبلے” بنانے سے متعلق سوال کیا جس پر اداکار نے کہا کہ “سال 2009 میں مجھے مالی مسائل کا سامنا تھا، میں اپنے بچوں کی تعلیم اور گھر کی دیگر اخراجات کی وجہ بہت پریشان تھا”۔
نبیل ظفر نے کہا کہ “انہی مالی مسائل کے دوران، میں نے اپنا پہلا پروڈکشن ہاوْس بنایا اور کسی سے اُدھار رقم لیکر ڈراما “بُلبلے” بنایا جبکہ میں نے ڈرامے کے رائٹر اور ہدایتکار کو پہلے ہی اس بات سے آگاہ کردیا تھا کہ میرے پاس اُنہیں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں لہٰذا ڈرامے کے فروخت ہونے کے بعد ہی اُنہیں کام کا معاوضہ ملے گا”۔

اداکار نے کہا کہ “میرے پاس اتنی رقم بھی نہیں تھی کہ میں کسی دوسرے اداکار کو ڈرامے میں کاسٹ کرسکوں لہٰذا میں نے خود نبیل کا کردار ادا کیا اور پھر صرف ڈیڑھ لاکھ روپے میں وہ ڈراما چینل کو فروخت کردیا”۔

اسی پروگرام کے دوران نبیل ظفر نے اپنی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میری اہلیہ میری مداح تھیں، میری اپنی اہلیہ سے پہلی ملاقات اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے ریلوے اسٹیشن پر ہوئی تھی”۔

نبیل ظفر نے کہا کہ “میری اہلیہ میرا آٹوگراف مانگنے آئی تھیں جہاں سے ہماری محبت کی کہانی کا آغاز ہوا اور پھر میں نے سیدھا نکاح نامے پر آٹوگراف دیا”۔

پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران کو قید بامشقت کی سزا سنادی

 راولپنڈی: پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران  کو  12 اور 14 سال کی قید بامشقت کی سزا سنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر (ر) عادل فاروق راجا اور کیپٹن (ر) حیدر رضا مہدی کو بالترتیب 14 اور 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

دونوں ریٹائرڈ افسران کو فوجی اہل کاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سزا کے تحت 21 نومبر 2023ء سے دونوں ریٹائرڈ افسران کے رینک بھی ضبط کرلیے گئے ہیں۔

تقسیم کار کمپنیاں آئی پی پیز سے براہ راست بجلی خرید سکیں گی، کابینہ کمیٹی نے منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی نے بجلی خریداری کے لیے ہول سیل مارکیٹ کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔

حکومت نے یہ فیصلہ کیپسٹی پیمنٹ سے چھٹکارے کیلیے اٹھایا ہے، اب تقسیم کار کمپنیاں حکومت کے بجائے براہ راست آئی پی پیز سے بجلی خرید سکیں گی۔

وزارت توانائی کے حکام کے مطابق ہول سیل مارکیٹ کیلیے تیار سافٹ وئیرز کا تجربہ کامیاب ہو چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں بلک اور ایک میگاواٹ تک بجلی استعمال کرنے والے ہول سیل مارکیٹ پر منتقل ہوں گے جو مجموعی صارفین کا 16 فیصد ہیں،مقابلے کے اس رجحان سے صارفین کو سستی بجلی ملے گی۔

آرمی چیف سے ہاتھ جوڑ کر استدعا ہے 9 مئی کے بیگناہوں کو رہا کیا جائے، شیخ رشید

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سانحہ 9 مئی کے 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کر دی۔

شیخ رشید نے آرمی چیف اور جنرل ندیم انجم سے ہاتھ جوڑ کر استدعا کی کہ وہ نو مئی واقعات پر بورڈ بنا دیں اور جو لوگ بے گناہ ہیں انہیں رہا کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نو مئی کے درجن بھر کیسز ہیں جبکہ میں کسی جگہ موجود نہیں تھا۔
انہوں نے مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن تو ہونے ہیں، پولنگ ڈے پر مری میں چہل پہل کرنے والوں کو غش پڑے گا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید کے خلاف کیسوں کی سماعت کی۔ عدالت نے سرکاری پراسیکیوٹرز کی استدعا پر سماعت ملتوی کی اور آئندہ ہر صورت دلائل اور مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بڑے ذمہ داران سے گزارش کرتا ہوں کہ ملک کی معیشت پر توجہ دی جائے۔ اس وقت اصل عوامی مسئلہ گھروں کے فاقے ہیں الیکشن نہیں۔خدارا لوگوں کے معاش پر توجہ دی جائے۔ ہمارا اصل کیس ہائیکورٹ میں 30 نومبر کو ہوگا۔ پی ٹی آئی کے تمام وکلاء کو تمام مقدمات کی پیروی کیلئے کہا ہے۔ دو تہائی اکثریت تو دور کی بات ہے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ مری میں چہل پہل کرنے والے 172 کی اکثریت بھی نہیں لے سکیں گے، اگر جیل بھیجا گیا تو جیل سے الیکشن لڑوں گا، سانحہ 9 مئی بابت کسی کے خلاف 164 کا بیان نہیں دیا، میں اکیلا شیخ رشید 9 مئی کے 68 مقدمات میں نامزد ہوں، ایک بندہ اتنی جگہوں پر ایک ساتھ کیسے ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری پراسیکیوٹرز نے دلائل کے لئے پھر وقت مانگا ہے، ہم تو عبوری ضمانتوں پر بھی دلائل کے لئے تیار تھے، میرے اور راشد شفیق کیخلاف راولپنڈی کے تھانوں میں 10 مقدمات ہیں۔

کراچی؛ راشد منہاس روڈ پر کمرشل عمارت میں آتشزدگی، 10 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ سے 10 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کچھ افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ تین سے چار منزلوں تک پھیل چکی ہے، جس کی زد میں آکر درجنوں دکانیں خاکستر ہو گئیں۔ حفاظتی اقدامات کے تحت اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کرکے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ شاپنگ مال کی چھت پر رکھے جنریٹر میں آگ لگی تھی، جس کی اطلاع پر کارروائی شروع کی گئی اور 2 افراد کو اسنارکل کی مدد سے ریسکیو کیا، بعد ازاں آگ کے پھیل جانے پر 8 فائر ٹینڈر ، ایک باؤزر اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عمارت میں مزید کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، جنہیں امدادی اہل کار ریسکیو کررہے ہیں۔ اب تک تقریباً 35 سے زیادہ افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، جن میں سے کچھ کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق جوہر موڑ پر شاپنگ مال میں جاں بحق ہونے 8 افراد کی لاشیں لائی گئی ، جن میں سے 2 کی شناخت کریم بخش اور محمد یونس کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے میں زخمی 3 افراد کو جناح اسپتال لایا گیا گیاہے۔ دوسری جانب سول اسپتال برنس وارڈ میں ایک لاش پہنچائی گئی جب کی ایک لاش عباسی شہید اسپتال میں لائی گئی۔

ڈی سی ایسٹ الطاف شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر تقریباً قابو پایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ دوسری منزل پر رات میں کسی وقت لگی، جس نے بعد ازاں تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھویں کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ 6 منزلہ عمارت میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا۔ عمارت چاروں جانب سے بند ہے جب کہ وینٹی لیشن کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنریٹر میں آگ لگنے کی بات درست نہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نے شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے دوران 6 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

2030 تک گرین ہاؤس گیس اخراج میں 3 فی صد تک اضافہ متوقع

نیروبی: اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت کو پری انڈسٹریل (1900-1850 کا دور) سطح سے 2 ڈگری سیلسئس اضافے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے گرین ہاؤس گیس اخراج کی شرح کو 28 فی صد تک کم ہونا ہوگا۔

اقوامِ متحدہ کی ایمیشن گیپ رپورٹ 2023: بروکن ریکارڈ میں بتایا گیا کہ 2015 میں پیرس معاہدہ دستخط ہونے کے بعد سے معاملات میں بہتری آئی ہے۔ پیرس معاہدے کے وقت کی جانے والی پیش گوئی میں 2030 تک گرین ہاؤس گیس اخراج میں اضافے کی شرح 16 فی صد تک بتائی گئی تھی۔ جبکہ آج کی تاریخ میں 2030 تک اس اخراج میں تین فی صد تک اضافہ متوقع ہے۔

تاہم، اخراج کی یہ مقدار عالمی سطح پر درجہ حرارت کو محدود رکھنے کے اہداف سے بلند ہی رہے گی۔
اقوامِ متحدہ کی انڈر سیکریٹری جنرل اور اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام ایگزیکٹِیو اِنگر اینڈرسن کا کہنا تھا کہ انسانیت موسمیاتی تغیر کے حوالے سے تمام برے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین ہاؤس گیس اخراج اور عالمی اوسط درجہ حرارت نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے جبکہ شدید موسمیاتی وقوعات اکثر پیش آ رہے ہیں، تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور زیادہ شدت اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی درجہ حرارت کو محدود رکھنے کے لیے بڑی اور فوری منتقلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی صورت میں کم کاربن پر منحصر یہ تبدیلی تیزی کے ساتھ لانی ہوگی جس کی توجہ کا مرکز توانائی ہو۔

رپورٹ کے مطابق پیرس معاہدے میں عالمی درجہ حرارت کو پری انڈسٹریل سطح سے 2 ڈگری سیلسیئس اضافے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے گرین ہاؤس گیس اخراج کی شرح کو 28 فی صد تک کم ہونا ہوگا۔

2030 تک موسمیاتی تغیر کے لیے کیے جانے والے عہد اس صدی میں دنیا کا درجہ حرارت پری انڈسٹریل سطح سے 2.5 سے 2.9 ڈگری سیلسیئس تک محدود رکھنے میں مدد دیں گے۔