انتہاپسندی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی ہرممکن مدد کریں گے؛ امریکا

 واشنگٹن: امریکا نے مستونگ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے کئی دہشت گرد حملوں کو جھیلا ہے۔

میتھیو ملر نے کہا کہ مستونگ خود کش دھماکے میں لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا۔ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ سال کے آغاز میں ہی امریکا اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دہشت گردی کے خطرات، افغانستان کے ساتھ سرحدی حفاظت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

ترجمان میتھیو ملر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں کثیر الجہتی فورمز پر پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

امریکی ترجمان نے مزید کہا کہ ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے پر بلا خوف و خطر عمل کرنے کا حق حاصل ہے۔ مذہبی انتہاپسندی کی گنجائش نہیں۔

نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کے اجلاس

نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، خفیہ اداروں کے حکام اور وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی و صوبائی وزراء شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی غیرملکیوں کو ملک سے نکل جانے کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دینے کا امکان ہے، تمام غیر قانونی غیرملکی ڈیڈ لائن تک تمام اثاثے بیچ کر اپنے وطن واپس جانے کے پابند ہوں گے اور ڈیڈ لائن ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو ملک بدر کر کے ان کی جائیدادیں قرق کر دی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان شہری اجراء کردہ ڈیجیٹائزڈ ’ای تزکیرہ‘ پر ہی پاکستان کا سفر کر سکیں گے، پاکستان میں صرف ’پروف آف رجسٹریشن‘ والے افغان مہاجرین سکونت کے اہل ہوں گے جبکہ باقاعدہ قانونی ویزے والے افغان شہری بھی پاکستان کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

محکمہ صحت سندھ نے نپاہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤپرالرٹ جاری کردیا وائرس کی علامات بخار، سرو جسم درد اور سنگین صورتوں میں کوما شامل

  کراچی: محکمہ صحت سندھ نے بھارت میں پھیلنے والے خطرناک وائرس نپاہ کے پاکستان میں بھی پھیلاو کے ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

نپاہ وائرس کے سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے سرکاری اسپتالوں کے سربراہان کو بھی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ تفصیلات  میں بتایا گیا ہے نپاہ وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سندھ نے تمام اسپتالوں کو مراسلہ لکھ دیا جس میں محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے اسپتالوں کے ایم ایس ، ڈائریکٹرز، اور محکمہ لائیو اسٹاک کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق نپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں تیزی سے پھیلتا ہے۔ وائرس کی ابتدائی علامات میں بخار،سر میں درد ،جسم میں درد اور کوما سمیت دیگر علامات شامل ہیں۔ تاہم سندھ سمیت پاکستان بھر میں تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

 انتباہ میں وائرس کی علامات کی بھی فہرست دی گئی ہے، جس میں بخار، سر درد، جسم میں درد، اور سنگین صورتوں میں کوما شامل ہو سکتے ہیں۔

نیپال اور بھارت میں شدید زلزلہ

نیپال میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین بتائی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت بھارت کے دیگر حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ڈیرا دون، اتر پردیش اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

اسرائیل میں میکسیکو کے سابق سفیر جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

میکسیکو سٹی: خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں میکسیکو کے سابق سفارت کار اور مصنف آندریس رومر کو اسرائیل میں گرفتار کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آندریس رومر کی گرفتاری سے آگاہ کرتے ہوئے میکسیکو کے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے بتایا کہ سابق سفارت کار کو اسرائیل میں گرفتار کیا گیا اور ملک بدر کردیا جائے گا۔

اسرائیل ممکنہ طور پر میکسیکو کے سابق سفارت کار کو ان کے ملک کے حوالے کردے گا جہاں آندریس رومر کے خلاف جنسی زیادتی اور ہراسانی کے مقدمات چلائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ 60 سالہ آندریس رومر میکیسکو کے سان فرانسسکو میں قونصل جنرل اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ وہ ملک کے معروف لکھاری اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

سابق سفارت کار آندریس رومر پر سب سے پہلے فروری 2021 میں سوشل میڈیا پر چلنے والی ’’می ٹو مہم‘‘ کے دوران میکسیکو کی معروف رقاصہ اٹزل سناس نے جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سے تقریباً 60 سے زائد جنسی جرائم کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

ان خواتین نے الزام عائد کیا تھا کہ آندریس رومر نے کام کے دوران نامناسب انداز سے چھوا اور نازیبا حرکات کیا کرتے تھے جس کے باعث کچھ خواتین کو ملازمت چھوڑنا بھی پڑی تھی۔

دوسری جانب آندریس رومر نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی قطعی طور پر تردید کی تھی تاہم وہ سوشل میڈیا سے دور ہوگئے تھے۔

ان الزامات کے بعد میکسیکو نے اپنے ہی سفارت کار کے خلاف اسرائیل سے درخواست کی تھی کہ آندریس رومر کو ملک بدر کر کے واپس میکسیکو بھیجا جائے۔

بالی ووڈ فلم میں اکشے کمار کی والدہ کا کردار آفر ہوا تھا، بشریٰ انصاری

  کراچی: لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی ایک فلم میں اداکار اکشے کمار کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی۔

ایک انٹرویو میں پاکستانی شوبز کی لیجنڈ اداکارہ، گلوکارہ ، کامیڈین اور میزبان بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ بھارت میں کچھ پاکستانی اداکاراؤں کی عزت نہیں کی جاتی اور نہ ہی انہیں اچھا سمجھا جاتا ہے۔

بشریٰ انصاری  نام لینے سے گریز کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت میں موجود ایک رائٹر دوست نے بتایا کہ پاکستان سے 2،4  اداکارائیں خود سے ہی  کام کرنے بھارت گئی تھیں جن کی وہاں عزت نہیں کی جاتی جبکہ بعض اداکاروں کے ساتھ بھی یہی ہوا کہ خود ہی بھارت گئے اور پھر واپس آگئے۔ نصرت فتح علی خان راحت فتح علی،  فواد خان، علی ظفر، ماہرہ خان اور عاطف اسلم کی بہت عزت کی جاتی ہے۔

سینئر اداکارہ نے کہا کہ چند سال قبل انہیں بالی ووڈ کے بڑے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے انہیں فلم کی پیشکش ہوئی تھی جس میں انہیں اکشے کمار کی والدہ کا کردار ادا کرنا تھا تاہم پلواما حملے کے باعث پروجیکٹ پر کام نہ ہوسکا۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کامیڈی کے شعبے میں معین اختر اور عمر شریف مرحوم کا کوئی مدمقابل نہیں اور نہ ہی کوئی ان جیسی شخصیت ہے۔

ٹرمپ پر ایک اور مقدمہ، ہار گئے تو سڑک پر آجائیں گے

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ ”وِچ ہنٹ“ (انتقام) کا اب تک کا سب سے بڑا تسلسل ہے، سادہ الفاظ میں یہ مقدمہ انتخابی مداخلت ہے۔

نیویارک کے ایک جج نے گذشتہ ہفتے سول فراڈ کے مقدمے میں ٹرمپ اور ان کے بیٹوں کو دھوکا دہی میں ملوث قرار دیا تھا۔

نیو یارک کی عدالت میں اپنے خلاف سول فراڈ مقدمے کی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں جانے سے پہلے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہماری ایک بڑی کمپنی ہے۔ ہم نے ایک عظیم کمپنی بنائی ہے، ہماری کمپنی کے پاس دنیا کی بڑی جائیدادیں ہیں اور اب مجھے ایک نامعقول جج کے پاس جانا ہے، میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے۔

نیویارک کی اٹارنی جنرل نے ٹرمپ پر کاروباری اثاثوں کی زائد مالیت بتا کر بینکوں، بیمہ کنندگان کو دھوکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت سے ٹرمپ پر کم از کم 250 ملین ڈالر جرمانے اور ٹرمپ اور ان کے بیٹوں کے نیویارک میں کاروبار پر مستقل پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

اگر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں کئی سو ملین ڈالر جرمانے اقور جائیداد کی ضبطگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مقدمے میں ٹرمپ کا سامنا نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز سے ہوگا، جنہوں نے 2022 کے ایک مقدمے میں ٹرمپ پر بینک قرضوں اور سازگار شرائط پر انشورنس پالیسیاں حاصل کرنے کی اسکیم میں اپنی مجموعی مالیت کو اربوں ڈالر تک بڑھانے کا الزام لگایا تھا۔

جیمز کا کہنا ہے کہ ان کے پاس 50 سے زائد گواہ ہیں جن میں اکاؤنٹنٹ، بینکرز اور ٹرمپ آرگنائزیشن کے ملازمین شامل ہیں۔

جیمز کا کہنا ہے کہ یہ گواہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کاروباری طریقوں کو ظاہر کریں گے۔ اس سے پتہ چل جائے گا کہ رئیل اسٹیٹ مغل سے سیاست دان بنے ٹرمپ ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کا حصہ تھے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، ٹرمپ کی قانونی ٹیم جیمز کے مقاصد پر سوال اٹھا رہی ہے اور اس بات پر اصرار کر رہی ہے کہ زیر بحث لین دین منافع بخش تھے، جس میں قرض کی ادائیگی یا تاخیر سے ادائیگی کا کوئی اشارہ نہیں ہے۔

انہوں نے صحیح تعداد بتانے سے گریز کیا لیکن اشارہ دیا کہ وہ 100 گواہ لے سکتے ہیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ کو سیاسی وجوہات کی بنا پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ڈیموکریٹس دنیا کے مشہور ”ٹرمپ ٹاور“ کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ اسے مسلط کرنا چاہتے ہیں جسے کچھ لوگ مجھ پر ’کارپوریٹ موت کی سزا‘ قرار دے رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ لیٹیا چاہتی ہیں کہ ٹرمپ اور ان کی کمپنی پر نیویارک ریاست کے تجارتی رئیل اسٹیٹ کے حصول میں داخل ہونے اور ریاستی رجسٹرڈ قرض دہندگان کے ساتھ قرضوں کے لیے درخواست دینے پر پانچ سال کے لیے پابندی لگائی جائے۔

لیٹیا جیمز مطالبہ کر رہی ہیں کہ ایک آزاد آڈیٹر ٹرمپ کی مجموعی مالیت کا درست حساب کتاب فراہم کرے اور ایسا حکم دے جو ٹرمپ آرگنائزیشن کو ایسا کرنے پر مجبور کرے۔

بھارت نے کینیڈا کے 41 سفارت کارملک سے نکال دیے

بھارت نے کینیڈا سے کہا ہے کہ وہ 10 اکتوبر تک اپنے 41 سفارت کاروں کو واپس بلالے۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

کینیڈا کی وزارت خارجہ اور بھارتی حکومت نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تاہم اس سے قبل نئی دہلی نے کہا تھا کہ وہ ہر ملک کے سفارت کاروں کی تعداد اور گریڈ میں دوسرے ملک کے مقابلے میں ’برابری‘ چاہتا ہے۔

فنانشل ٹائمز نے کے مطابق بھارت نے دھمکی دی ہے کہ 10 اکتوبرکے بعد باقی رہ جانے والے سفارت کاروں کا سفارتی استثنیٰ منسوخ کردیا جائے گا۔

 

 

کینیڈا کے ہائی کمیشن میں بھارت کے مقابلے میں کئی درجن زیادہ سفارت کارموجود ہیں، کیونکہ تقریبا 1.3 ملین کینیڈین شہریوں کے رشتہ داروں کے لیے بڑے قونصلر سیکشن کی ضرورت ہے۔

فنانشل ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارت میں کینیڈا کے 62 سفارت کار ہیں اور نئی دہلی کا کہنا ہے کہ وہ ان میں 41 افراد کی کمی کریں۔

اس سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں ہمارے سفارت کاروں کیخلاف تشدد کی فضا اور ڈرانے دھمکانے والا ماحول تھا جہاں سکھ علیحدگی پسند گروپوں کی موجودگی نے بھارت کو تنگ کررکھا ہے۔

واضح رہے کہ خالصتان کے حامی سکھ رہنماہردیپ سنگھ نجار 18 جون کو کینیڈا کے شہرسرے میں قتل کیے گئے تھے۔ 18 ستمبر کو کینیڈا کی حکومت نے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔

دوسرا وارم اَپ میچ؛ آسٹریلیا کا پاکستان کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف وارم اَپ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے تاکہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کریں۔

اس موقع پر کپتان شاداب خان نے کہا کہ کوشش ہوگی آسٹریلیا کے خلاف میچ شاندار کم بیک کریں اور تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔دوسری جانب کینگروز کے خلاف میچ شاداب خان کپتانی کے فرائض سونپے گئے ہیں جبکہ کپتان بابراعظم بیٹنگ کیلئے آئیں گے تاہم فیلڈنگ کیلئے دستیاب نہیں ہوگے۔ اسی محمد رضوان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا گیا ہے۔

نواز شریف ضمانت لیکر پاکستان آئیں گے اور عدالت میں سرنڈر کریں گے، رانا ثنا

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قائد نواز شریف ضمانت لیکر پاکستان آئیں گے اور عدالت میں سرنڈر کریں گے۔

انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ن لیگ اور نواز شریف کیساتھ تجاوز کیا ہے کسی کو نہیں بھولیں گے، وقت آنے پر معاملات سیٹل ہوں گے، لیکن اس وقت اگر ہم بھی وہی سب کو پکڑلیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے کی گردان کریں گے تو خود سے اور ملک دونوں سے زیادتی کریں گے۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ نواز شریف آکر سب سے پہلے ملک کو مضبوط کریں گے، اس کے بعد 9 مئی واقعات کے ملزمان کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، سانحے کی تحقیقات کا کچھ حصہ قوم کے سامنے لایا جائے گا، لیکن شاید سارا نہ لایا جاسکے۔

وائس ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر

کراچی: وائس ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر ہوگئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل نوید اشرف کو 7 اکتوبر 2023 کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی اور تبدیلی کمانڈ کی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائس ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، نوید اشرف نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وائس ایڈمرل نوید اشرف اہم کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وائس ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف آپریشنز، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف ٹریننگ اینڈ پرسنیل، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف ایڈمن اور ڈپٹی پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق وائس ایڈمرل نوید اشرف اس وقت نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف سٹاف کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں نوید اشرف کو ہلالِ امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملہ؛ ہلاکتوں کا خدشہ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج پر نامعلوم افراد کے حملے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع راجوڑی میں فوجی اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب ان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ کشمیر میں چپے چپے پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جس کے باوجود حملہ آوروں نے نہ صرف اپنے ہدف کو نشانہ بنایا بلکہ حیران کن طور پر کارروائی کے بعد بآسانی فرار بھی ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ہم حملہ آور بھارتی فوج کی گاڑی کے قریب پہنچے۔ اہلکاروں کو اسلحہ نکالنے کا بھی موقع نہیں ملا اور وہ جان بچانے کے لیے بدحواس ہوکر دوڑ پڑے تھے۔

زخمی ہونے والوں کو اہلکاروں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں تینوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال بھارتی فورسز حملہ آوروں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہیں۔

توہین الیکشن کمیشن کیس؛ فواد چوہدری کی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری

 اسلام آباد: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر کو دلائل طلب کرلیے ہیں۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدی کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل فیصل چوہدری کے ذریعے دائر بریت کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، مقدمہ میں کوئی ثبوت نہیں اور نا ہی ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات کا اطلاق ہوتا ہے۔ چالان میں بنیادی نوعیت کے ثبوت بھی نہیں حاصل کیے جا سکے۔ مدعی الیکشن کمیشن کا ملازم ہے اسکے اپنے بیان کو سپورٹ کرنے کے لیے اسکا بیان تک شامل نہیں کیا گیا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس کیس میں بریت کی درخواست منظور کی جائے۔

عدالت نے فواد چوہدری کی بریت کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔