نگران پنجاب حکومت نے ہائیکورٹ کے 11 ججوں کو کروڑوں روپے کے بلاسود قرض دینے کی منظوری

لاہور:  پنجاب کی نگران حکومت نے ہائی کورٹ کے گیارہ ججز کو 36 کڑور روپے سے زائد قرضوں کی منظوری دے دی۔

ہائی کورٹ کے ججز کو دئیے جانے والے قرضے بلاسود ہوں گے، ججز 12 سال کی مدت میں بغیر ایک روپیہ سود ادا کئے یہ قرضے واپس کریں گے، ہائی کورٹ کے 11 ججز کو 3 سال کی 36 بنیادی تنخواہوں کے برابر قرض دیا گیا جو سوا تین کروڑ روپے پر ایوریج بنتی ہے۔

کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کے ایجنڈا نمبر 17 ، 18 اور 19 میں 11 ججوں کو رقم دینے کے حوالے سے ہیں، ان ججوں کی بنیادی تنخواہ 9 لاکھ روپے ماہانہ سے زائد ہے، کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس نے ججز کو بلا سود قرضوں کی منظوری دی ہے، ان میں چھٹے نمبر پر جسٹس انوارالحسن بھی ہے جنہوں نے شوگر ملز کے حوالے سے حکومت کے خلاف حکم امتناعی جاری کر رکھے ہیں۔

سرکاری افسروں کو اس سے قبل بلاسود قرض دینے کی ایسی کوئی مثال سامنے نہیں آئی، حکومت سے بلاسود قرض لینے والے ججز میں جسٹس راس الحسن سید، جسٹس شکیل احمد، جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس محمد امجد رفیق، جسٹس عابد حسین چھٹہ، جسٹس انور حسین، جسٹس علی ضیاء باجوہ، جسٹس راحیل کامران، جسٹس احمد ندیم ارشد، جسٹس صفدر سلیم شاہد اور جسٹس محمد رضا قریشی شامل ہیں۔

غریب طبقے کی فلاح و بہود کیلئے بوہرہ کمیونٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں، نگران وزیراعظم

اسلام آباد:  نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا غریب طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے بوہرہ کمیونٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے شہزادہ حسین برہان الدین کی سربراہی میں بوہرہ کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی، حسین برہان الدین نے اپنے والد اور بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

 

انوارالحق کاکڑ نے کہا مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قائداعظم کے سنہری اصول ہیں جو پاکستان کی بنیاد اور ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، وزیراعظم نے معاشرے کو عدم برداشت سے پاک کرنے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا، وزیراعظم نے سماجی، فلاحی، تعلیمی، معاشی اور دیگر شعبوں میں بوہرہ کمیونٹی کی خدمات کو بھی سراہا۔

وفد نے نگران وزیراعظم کو کراچی میں بوہرہ کمیونٹی کے زیر تعمیر ہسپتال کے بارے میں آگاہ کیا، نگران ویزراعظم نے کہا غریب طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے بوہرہ کمیونٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بوہرہ کمیونٹی کے ساتھ تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی۔

میں بہت دل پھینک تھی، مانی سے شادی نہ ہوتی تو 6،5 شادیاں کرچکی ہوتی: حرا مانی

اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ میں بہت دل پھینک تھی اگر میری مانی سے شادی نہ ہوتی تو میں اب تک 5 سے 6 شادیاں کرچکی ہوتی۔

حرا مانی نے کہا کہ  مانی سے شادی نہ کرتی تو میری 5،6 شادیاں ہوچکی ہوتیں ۔

انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ  کیونکہ میں دل پھینک قسم کی لڑکی تھی، اس کا مطلب یہ ہے کہ مانی کی شادی میری پسند کی تھی، لیکن اگر ان سے شادی نہ ہوتی تو مجھے ہر دوسرا لڑکا “اچھا” لگتا ۔

حرا مانی نے کہا کہ  شادی کے بعد ترقی زیادہ ہوگئی ہے، میں سٹار بن گئی ہوں، لیکن اگر مانی سے شادی نہ ہوتی تو میری بہت ساری شادیاں ہوچکی ہوتیں ۔

واضح رہے کہ سلمان ثاقب شیخ جو مانی کے نام سے مشہور ہیں اور ان کی اہلیہ نامور اداکارہ حرا کی جوڑی کو پاکستان شوبز انڈسٹری کی بہترین اور کامیاب جوڑی مانا جاتا ہے۔

یہ دونوں ہی عموماً ایک دوسرے کے ساتھ نہایت رومانوی انداز میں نظر آتے جبکہ سوشل میڈیا پر اکٹھے اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ حرا اور مانی کی شادی 2008 میں ہوئی تھی، اس وقت حرا صرف 19 سال کی تھیں، جوڑے کے 2 بیٹے ہیں، مزمل (2009 میں پیدا ہوئے تھے) اور ابراہیم ( 2014 میں پیدا ہوئے تھے)۔

پاک افغان بارڈر، سیکیورٹی فورسز نے چترال کے علاقے میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا،پولیس ذرائع

چترال: دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر سے چترال کے علاقے میں حملے کی کوشش کی، جسے ناکام  بنا دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق چترال کے علاقے میں دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر سے حملے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں کی جانب سے بمبوریت کے گرمائی چراگاہ میں حملے کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کیے جانے سے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار  ہوگئے۔

شادی میں ہوائی فائرنگ سے نکاح خواں سمیت دو افراد جاں بحق

شادی میں ہوائی فائرنگ سے نکاح خواں سمیت دو افراد جاں بحق

 واقعہ ڈی آئی خان کے تھانہ چودھواں کی حدود میں علاقہ تلئی بڈھ شاہ میں پیش آیا جس میں شادی کی تقریب کے دوران ایک شخص نے ہوائی فائرنگ کی۔

ایس ایچ او تھانہ چودھوان امان اللہ خان کے مطابق نکاح خوانی کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی اور گولیاں فضا سے واپس آکر نکاح خواں سمیت ایک اور شخص کو لگیں، نکاح خواں موقع پر جاں بحق ہوگیا اور دوسرے شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ بھی دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ محمد رمضان ولد حیدر کی مدعیت میں دفعہ 319 قتل خطاء کے تحت ملزم محبوب ولد رمضان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے

روس کو اسلحہ فراہم کیا تو قیمت چکانا پڑے گی،امریکہ کی شمالی کوریا کو دھمکی

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ روس کو اسلحہ فراہم کیا تو قیمت چکانا پڑے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے خبردار کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے روس کو یوکرین کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے ہتھیار مہیا کیے تو اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر جوبائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ اسلحہ کی فراہمی پر شمالی کوریا اور روس کو بین الاقوامی برادری میں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ کم جونگ اور پیوٹن کی ہونے والی ممکنہ ملاقات میں دونوں رہنما روس کو آرٹلری گولے اور اینٹی ٹینک میزائل بھیجنے پر تبادلہ خیال کریں گے جس کے بدلے ماسکو کی جدید ٹیکنالوجی مصنوعی سیاروں اور ایٹمی طاقت سے چلنے والی آبدوزوں پر بات چیت ہو گی۔

ملک بھر میں آج 58ویں یوم دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

 راولپنڈی: صدر مملکت، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی جانب سے 58ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا یے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کو حق و باطل کے معرکے نے یہ ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کر نے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس روز مادرِ وطن کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے  پاک سرزمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

سروسز چیفس نے کہا کہ آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ہم بطور قوم اُن تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انشاء اللہ، پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے58 سال قبل دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، مادرِ وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاعِ وطن کا فریضہ ادا کرتے ہوئے جانیں نچھاورکیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاع بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

یوم دفاع پاکستان کی تاریخ

یاد رہے کہ چھ ستمبر 1965 کو بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی کوشش کی تھی جس پر مسلح افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے اُسے شکست فاش دی تھی۔

پاکستان سے کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ بغیر کسی اعلان کے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا۔ جس پر بہادر فوجی جوانوں نے جواں مردی اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے بھارت کے عزائم کو ایسا خاک میں ملایا کہ اُسے عالمی سطح پر بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس معرکے میں فوج کے ساتھ عوام بھی بھارت کے خلاف میدان میں آگئے تھے اور اپنے وطن کی حفاظت کیلیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے تھے۔ پاکستان میں ہر سال 6 ستمبر کے دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے وطن پر مر مٹنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے، اس حوالے سے سرکاری و نجی سطح پر تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

آرمی چیف کا ازبکستان کا دورہ، ازبک صدر اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ازبکستان کا دورہ کیا، ازبک صدر، وزیر دفاع، چیئرمین و سیکرٹری آف سکیورٹی سروسز سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دو روزہ ازبکستان دورے کا مقصد دونوں ممالک میں فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانا ہے، دورے کے دوران آرمی چیف نے ازبک صدر سے ملاقات کی، آرمی چیف نے وزیر دفاع اور چیئرمین و سیکرٹری آف سکیورٹی سروسز سے بھی ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ازبک فوج کی معیاری تربیت اور تیاریوں کو سراہا، آرمی چیف نے ازبک فوج کی علاقائی سلامتی امور پر آگاہی کی بھی تعریف کی، وزارت دفاع پہنچنے پر آرمی چیف کا بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا گیا، آرمی چیف کو چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا آرمی چیف نے تاشقند میں شہداء کے میموریل کمپلیکس پر پھول بھی چڑھائے۔

اداکارہ سجل علی کو نئے فوٹوشوٹ پر تنقید کا سامنا

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی کو نئے فوٹو شوٹ پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکاہ سجل علی کا ایک فوٹو شوٹ گردش کررہا ہے جو پرستاروں اور مداحوں کی تعریفیں سمیٹنے میں ناکام ہوگیا۔

تصاویر میں اداکارہ سجل علی کو نیٹ بلاؤز کے ساتھ سرخ لباس زیب تن کیے دیکھا جاسکتا ہے، تصاویر منظر عام پر آتے ہی شوبز سے وابستہ نامور شخصیات نے تعریفوں کے پُل باندھ دیے وہیں کچھ ناقدین کی جانب سے سجل علی کو انکے بولڈ لُک پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ “کچھ اداکارائیں پہلے مہذب تھیں لیکن اب انہوں نے بولڈ لباس پہننا شروع کر دیا ہے اور سجل علی بھی ان میں سے ایک ہیں”۔

ایک اورسوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ “اب اداکارائیں بھی اس مہنگائی میں مالی معاملات کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں اور بھاری بل ادا کرنے کے لیے وہ یہ بولڈ فوٹو شوٹ کرانے پر راضی ہو گئی ہیں”۔

بجلی بلوں کے معاملے پر مالیاتی اداروں سے وعدوں پرعملدرآمد کرینگے: وزیراعظم

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہےکہ بجلی کے معاملے پر آئی پی پیز کے ساتھ غیر منصفانہ بجلی معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔

اسلام آباد میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو  میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی بلوں کے معاملے پر مالیاتی اداروں سے وعدوں پرعملدرآمد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ غیر منصفانہ بجلی معاہدوں پر بات چیت جاری ہے اورکچھ رعایتیں لینے کی کوشش کررہے ہیں  جس کی تفصیل ابھی نہیں بتاسکتے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے جذبات مجروح کیے بغیر مسئلے کا قلیل مدتی حل تلاش کریں گے، عوام کو مطمئن کرنے کیلئے حقائق پر مبنی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام شعبوں کے لیے بجٹ مختص کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے معاشی اور مالی معاملات چلا رہےہیں، آئینی طور پر حکومتی نظام میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے صرف مختصر مدتی اصلاحات کرسکتے ہیں جن کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ منتخب حکومت کرےگی۔

وزارت خزانہ نے بجلی بلوں میں ریلیف کا نیا پلان آئی ایم ایف کو بھیج دیا

اسلام آباد:  وزارتِ خزانہ نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کا نیا پلان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو ارسال کر دیا۔

ذرائع کے مطابق آئی پی پیز کے لیے مختص اضافی رقم کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ بل سے اقساط وصول ہونے پر 15 ارب سے زائد کی یہ رقم واپس آئی پی پیز کے لیے مختص کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پلان پر وزارت خزانہ کے حکام دوبارہ بات کریں گے، نئے  پلان میں آئی ایم ایف کو بجٹ سے باہر ریلیف نہ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

نگران حکومت کا بجلی بلوں میں ریلیف کا پلان رد

واضح رہے کہ اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ  نے نگران حکومت کا بجلی بلوں میں ریلیف کا پلان رد کردیا تھا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پلان میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف سے ساڑھے 6 ارب روپے سےکم کا اثر پڑےگا، آئی ایم ایف نے پلان مسترد کرتے ہوئے 15 ارب روپے سے زائدکا اثر بتایا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نے 15 ارب کی مالیاتی گنجائش پوری کرنےکا پلان بھی مانگ لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے بجٹ سے آؤٹ نہ ہونےکی آئی ایم ایف کویقین دہانی کرائی گئی ہے، بلوں کو 4 ماہ میں وصول کرنےکے لیے بھی آئی ایم ایف سے درخواست کی گئی ہے۔

گوادر، پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 3 اہلکار شہید

۔ گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں 2 افسران اور ایک جوان شہید ہوگیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہدا میں 2 افسران اور ایک جوان شامل ہیں، پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس کیا گیا۔ نگران وزیراعظم نے پاک بحریہ کے اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔