لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے میں پیش رفت ہوگئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی قانونی ٹیم کی نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے تفصیلی مشاورت مکمل ہوگئی اور لیگی قیادت کی باہمی رضامندی سے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے 2 روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
قانونی ٹیم کو لاہور ہائیکورٹ سے 3 سے 7 روز کی حفاظتی ضمانت ملنے کا یقین ہے۔ حفاظتی ضمانت کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے نواز شریف کو ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں کر سکیں گے۔
قانونی ٹیم کا موقف ہے کہ نواز شریف کو جس کیس میں سزا ہوئی ہوئی ہے، اس کیس میں مریم نواز باعزت بری ہو چکی ہیں، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی بریت سے نواز شریف کو عدالت سے بھرپور قانونی فائدہ ملنے کا امکان ہے۔
نواز شریف وطن واپسی پر جلسہ کرنے کے بعد پیر کو اسلام آباد کی عدالت میں سرنڈر کر دینگے۔ امکان ہے کہ متعلقہ ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کرنے کے بعد عدالت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دے گی۔