صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے 3 بلوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے 3 بلوں کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت کی جانب سے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اسلام آباد ترمیمی بل 2023ء کی منظوری دی گئی، بل کا مقصد ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اسلام آباد 2013ء میں ترمیم کرنا ہے۔

صدر مملکت نے پٹرولیم ترمیمی بل 2023ء کی بھی منظوری دی ہے جس کا مقصد پٹرولیم ایکٹ 1934ء میں ترمیم کرنا ہے۔

صدر عارف علوی نے پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل 2023ء کی بھی منظوری دے دی، بل کا مقصد پاکستان نرسنگ کونسل ایکٹ 1973ء میں ترمیم کرنا ہے۔

صدر مملکت نے بلوں کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کے بعد مندی پر اختتام

کراچی:  پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دن بھر ریکارڈ تیزی کے بعد کاروباری دن کے اختتام پر مندی چھا گئی۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز شاندار رہا اور انڈیکس ایک موقع پر 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 6 سال کی بلند ترین سطح 49 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم کاروبار کا اختتام 153 پوائنٹس کی مندی پر ہوا اور انڈیکس 48 ہزار 611 پر بند ہوا، ستاک مارکیٹ میں آخری مرتبہ جون 2017ء میں 49 ہزار کی حد کراس ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی 100 انڈیکس 2 سال بعد 48 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تھا، پاکستان سٹاک مارکیٹ صرف 5 ہفتوں میں 8 ہزار پوائنٹس بڑھ چکی ہے۔

خانیوال، دریائے راوی بپھر گیا، حفاظتی بند ٹوٹ گیا، سینکڑوں ایکڑ پہ کھڑی فصلیں تباہ

کبیر والا:  خانیوال کی تحصیل کبیروالا میں دریائے راوی بپھر گیا جس کے نتیجے میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا ہے۔

اس ضمن میں علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دریائے واوی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے وہ بند ٹوٹا ہے جو کنڈ سرگانہ کے مقام پر تھا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق سیلابی ریلے کا پانی قریبی زمینوں پہ داخل ہو گیا جس کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ پہ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جب کہ ایک ٹریکٹر بھی پانی میں بہہ گیا ہے۔

اس حوالے سے ہم نیوزنے بتایا ہے کہ علاقہ مکین اس وقت اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور ایک دوسرے کا ہاتھ بٹا رہے ہیں جب کہ ضلعی انتطامیہ کا کوئی بھی اہلکار متاثرہ علاقے میں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلابی صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لیں، ضلعی انتظامیہ و پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو متحرک کریں اور متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر امداد کو یقینی بنائیں۔

پاکستان اور ایران کے درمیان 5 سالہ اسٹریٹجک تجارتی معاہدہ

پاکستان اور ایران کے درمیان 5 سالہ اسٹریٹجک تجارتی معاہدہ ہو گیا۔ بلاول بھٹو اور ایرانی وزیرِ خارجہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ  گوادر میں بجلی کی فراہمی میں ایران نے بہترین کردار ادا کیا، ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید تعاون مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پرایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبد الحیان نے کہا کہ ایران  پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے ، پاکستان نے  دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔

ایران کے وزیر خارنہ نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی دہشتگردی خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے ، سرحدی مارکیٹ   سے تجارتی امور کو فروغ ملے گا ۔

فوج سرحدوں کی محافظ ہے، غیر قانونی کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چیف جسٹس

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ اس ملک کی فوج اپنے شہریوں پر بندوق اٹھائے، فوج سرحدوں کی محافظ ہے، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ بہت سنجیدہ ہے۔

سپریم کورٹ میں آج فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت وکیل اعتزاز احسن نے سپریم کورٹ سے آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترمیم پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترمیم کی گئی ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کو کسی بھی جگہ ریڈ کرنے اور گرفتاری کا اختیار دیا گیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق بغیر سرچ وارنٹ کسی کے گھر بھی گھسا جاسکتا ہے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نئےقانون کے مطابق خفیہ ادارے کسی بھی وقت کسی کی بھی تلاشی لے سکتے ہیں۔ خفیہ ایجنسیوں کو بغیر وارنٹ تلاشی کا حق قانون سازی کے ذریعے دے دیا گیا۔ قانون سے تو لا محدود اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں۔ عدالت کے سینئر افسر کے طور پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ متوزای عدالتی نظام سے متعلق دلائل دوں گا۔ لیاقت حسین کیس میں مکمل بحث سول نوعیت کے جرائم سے متعلق تھی۔ ان افراد کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے سیکشن ٹو ڈی ون کے تحت چارج کیا گیا۔

سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی علی کیس کے مطابق آرمی ایکٹ کے تحت چارج پر کورٹ مارشل ہوگا۔ عدالتی نظیر کو دیکھا جائے تو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی دفعات گرفتار افراد پر نہیں لگتیں۔ ابھی تو بنیادی انسانی حقوق کی بات پر ہم آئے ہی نہیں ہیں۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے اعتزاز احسن سے استفسار کیا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ بل ہے یا قانون؟ دیکھیں پارلیمنٹ کا دوسرا ایوان کیا کرتا ہے۔ ہمیں زیادہ علم نہیں لیکن صرف اخبار میں پڑھا ہے۔ لارجر بینچ کا فیصلہ ہے کہ اکیلا چیف جسٹس ازخود نوٹس نہیں لے سکتا۔ خوش قسمتی سے بل ابھی بھی ایک ایوان میں زیر بحث ہے۔

سماعت کے دوران وکیل لطیف کھوسہ نےعدالت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک استدعا ہے کہ اس کیس کا اسی ہفتے فیصلہ کریں۔ لطیف کھوسہ کی استدعا پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک ساتھی نے اپنی ناگزیر ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ایک ماہ کیلئے چھٹی پر جانا ہے۔ جانتے ہیں کہ ملک اور اس عدالت میں مشکل وقت چل رہا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے رات 8 بجے تک بیٹھتا ہوں، عدالتی چھٹیاں ہیں اوربینچ میں شامل کچھ ججزنے ایک بھی دن کی چھٹی نہیں کی۔ تکنیکی طور پر عدالتی چھٹیاں 3 ماہ کی ہیں لیکن ہم ایک ماہ کی چھٹیاں کرنے کا فیصلہ کرچکے تھے۔

بعد ازاں ملٹری کورٹس میں شہریوں کے ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 2 ہفتے تک فوجی عدالتوں کیخلاف کیس کی سماعت ممکن نہیں۔

اعتزاز احسن کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترمیم پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا

اسلام آباد: سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف درخواست گزار اعتزاز احسن نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترمیم پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا کردی۔

سپریم کورٹ میں سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت شروع ہو گئی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ دیکھتے ہیں پارلیمنٹ کے باقی دونوں دھڑے اس بل پر کیسا ردعمل دیتے ہیں، چیف جسٹس اپنی صوابدید پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتا۔

اعتزاز احسن نے تجویز دی کہ آپ اپنے باقی ججز سے مشاورت کر لیں۔

شہریار آفریدی اور انکے بھائی کو رہا کرنے کا حکم

لہور:لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور ان کے بھائی سمیت پی ٹی آئی کے 10 کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے شہریار آفریدی اور ان کے بھائی فرخ جمال کی نظربندی کےخلاف درخواست پر ان سمیت 10 پی ٹی آئی کارکنان کے نظربندی آرڈر معطل کر دیے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے شہریار آفریدی کی کسی اور کیس میں گرفتاری روکنے کے لیے7 دن کی حفاظتی ضمانت بھی منظور کر لی۔

الیکشن کمیشن کی استحکام پاکستان پارٹی کو انتخابی نشان شاہین الاٹ کرنے کی درخواست مسترد،پیپلز پارٹی کو تلوار کا نشان الاٹ

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو تلوار کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کو کتاب اور رابطہ جمعیت اسلام کو انگوٹھی کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے جے یو آئی نظریاتی کو تختی، جدید عوامی پارٹی کو ہیلمٹ اور اللّٰہ اکبر تحریک کو جگ کا نشان الاٹ کر دیا۔

پیپلز مسلم لیگ کو کپ، کسان اتحاد کو بالٹی اور پاکستان تحریک انسانیت کو چاقو کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔

ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کو چاند، پاکستان عوامی لیگ کو ہاکی، پاکستان امن تحریک کو میزائل، تحریک تحفظ پاکستان کو پستول، پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کو وکٹری اور تحریک درویشاں پاکستان کو واسکٹ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے تحریک عوام پاکستان کو ٹیلیفون اور پاکستان فلاحی تحریک کو تھرموس کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا۔

پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ انتقال کرگئے

لاپور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین و سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز بٹ انتقال کر گئے

اس حوالے سے ان کے داماد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اعجاز بٹ کی عمر 85 سال تھی۔

داماد عارف سعید کے مطابق اعجاز بٹ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

عارف سعید کا کہنا ہے کہ اعجاز بٹ نے 8 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور وہ 2008 سے2011 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعجاز بٹ کے انتقال پر افسوس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے

وزیراعظم کا پاکستانی اور ترکیے انجینئرز کیلئے 20 کروڑ روپے کے تحفے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستانی اور ترکیے انجینئرز کیلئے 20 کروڑ روپے کے تحفے کا اعلان، کہا کہ ماہرین اور ورکرز کی خدمات کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

کراچی میں پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ بیڑے میں پی این ایس طارق کی شمولیت پر خوشی ہے۔ پی این ایس طارق کی پاک بحریہ بیڑے میں شمولیت سے سمندری دفاع مضبوط ہوگی۔

وزیراعظم نے ترکیے کے نائب صدر جودت یلماز کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیے اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات پائے جاتے ہیں۔ پاکستان ترکیے کے ساتھ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان منفرد باہمی، برادرانہ اور بہترین تعلقات ہیں۔ سیلاب کے دوران ترکیے کے عوام نے پاکستانیوں کی مدد کی۔ ہم مشکل حالات میں ترکیے کی مدد اور تعاون کو نہیں بھول سکتے۔ پاکستان میں جب زلزلہ آیا تو ترکیے نے فنڈ ریزنگ پروگرام منعقد کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترک صدر نے کبھی بھی مشکل میں تعاون کی فراہمی سے دریغ نہیں کیا۔ پاکستان ترکیے کے ساتھ تعاون، بھائی چارے اور محبت کا سفر جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ سی پیک منصوبوں سے خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کا بہترین منصوبہ ہے، ہم نے قریبی دوست ترکیے کو بھی دعوت دی، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے۔

4 دن میں 54 بل منظور، ملکی پارلیمانی تاریخ میں تیز ترین قانون سازی کا ریکارڈ قائم

اسلام آباد:  ملکی پارلیمانی تاریخ میں تیز ترین قانون سازی کا ریکارڈ قائم ہو گیا، 4 دنوں میں 54 بل منظور کر لیے گئے۔

حکومت نے پارلیمانی تاریخ میں قانون سازی کی تیز ترین نصف سنچری مکمل کر لی، حکومت کی جانب سے منظور کرائے گئے 54 بلوں میں سے 35 نجی یونیورسٹیوں کے قیام سے متعلق ہیں۔

نجی یونیورسٹیوں کے قیام کی اتنی بڑی قانون سازی پر وزیر تعلیم رانا تنویر بے بس نظر آئے، گزشتہ روز اختلاف کے باوجود ضمنی ایجنڈے کے تحت آج پھر 7 بل قومی اسمبلی سے منظور کرا لیے گئے۔

موجودہ حالات میں پاک، ترک تعلقات مزید اہمیت حاصل کر گئے،جودت یلماز

کراچی:  ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان، ترکیے کے تعلقات مضبوط سے مضبوط ہو رہے ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان اور ترکیے کے تعلقات مزید اہمیت حاصل کر گئے ہیں۔

جودت یلماز نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان اور ترکیے کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ملجم کلاس کی چوتھی، آخری فریگیٹ کی لانچنگ تقریب میں شریک ہوں۔

ترکیہ کے نائب صدر نے باجوڑ دھماکے کی مذمت، بے گناہ جانوں کے زیاں پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام ہر سکھ دکھ میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

جودت یلماز نے کہا کہ ترکیے اور پاکستان کو سرحد پار دہشت گردی کا سامنا ہے، ترکیے دہشت گردی کے خلاف 40 سال سے لڑ رہا ہے۔

نائب صدر ترکیے کا کہنا تھا کہ ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، یہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ سیلاب میں جہاں ترکیے نے پاکستان کی مدد کی، وہیں زلزلے میں پاکستان کا تعاون شامل تھا۔

جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96 ویں سالگرہ منائی گئی

راولپنڈی:  انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96 ویں سالگرہ منائی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تقریب میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور محترمہ پینگ چنکسو، دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی سہ فریقی افواج کے افسران نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے “پی ایل اے” کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے کہا کہ چین اور پاکستان کی تزویراتی شراکت داری ہر امتحان میں پورا اتری ہے، یہ دوستی عالمی منظرنامہ میں تبدیلی پر پورا اتری ہے۔

چینی ناظم الامور نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان نے مشترکہ طور پر سی پیک کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے، گزشتہ مہینوں میں، آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماؤں نے چین کے کامیاب دورے کیے۔