بالی ووڈ میں عالیہ بھٹ اور رنویر کی ’پریم کہانی‘ کے چرچے

ممبئی: بالی ووڈ میں آج کل ہر جانب بس عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی پریم کہانی کے چرچے ہیں جس پر کرن جوہر بھی زیر لب مسکرا رہے ہیں جب کہ دونوں کی اس پریم کہانی پر عالیہ کے شوہر رنبیر کپور اور رنویر سنگھ کی اہلیہ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی کافی خوش ہیں۔ 

بھارتی فلم انڈسٹری میں بلاک بسٹر فلمیں دینے والے فلمساز اور ہدایت کار کرن جوہر ماضی کے مقبول ترین اداکار دھرمیندر سنگھ اور اپنے دور کی پُرکشش اور کامیابت ترین اداکارہ جیا بچن کو ایک بار پھر پردۂ اسکرین پر لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہ بات ہو رہی ہے فلم ‘راکی اور رانی کی پریم کہانی’ کی۔  فلم میں ہیرو اور ہیروئن کی کاسٹ کے لیے کرن جوہر کی نگاہ انتخاب نے عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کو چُنا ہے۔

 

عالیہ اور رنویر کی کیمسٹری کی تعریف فلم میں موجود سینیئر اداکاروں سمیت ہدایت کار اور فلم ناقدین نے بھی کی اور عوام میں بھی اس جوڑی کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

 

ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد پاکستانی ہیپاٹائٹس کا شکار

اسلام آباد: ماضی میں ہیپاٹائٹس کے انسداد کے لیے حکومت کی طرف سے کئی مہمیں چلائی گئی لیکن اس مرض میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس پر طبی ماہرین تشویش کا شکار ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت اس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔

سعودی عرب نے قرآن کی بے حرمتی پر مسلم وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

ریاض: اسلامی سربراہ کانفرنس کے قائد کی حیثیت سے سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کریم کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے مسلم وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس 31 جولائی 2023 بروز پیر طلب کر لیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق عرب وزرائے خارجہ کا 18واں ہنگامی اجلاس او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں دو جولائی 2023 کو منعقدہ ہنگامی اجلاس کے بیان پر عمل درآمد کا حصہ ہے

دو جولائی کو جدہ میں منعقدہ اجلاس میں بوقت ضرورت اعلی سطح کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی گئی تھی۔نئے اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسن ابراہیم طہ مجلس عاملہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے پر عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت بھی کریں گے۔اس موقع پر اشتعال انگیز واقعات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اشتعال انگیز حرکتیں، تعصب اور جان بوجھ کر مذہبی منافرت کا باعث بن رہی ہیں۔

انگلینڈکے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور: انگلینڈکے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

37 سالہ اسٹیورٹ براڈ پانچویں ایشیز ٹیسٹ کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے، اسٹیورٹ براڈ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کیرئیر کا 167 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 602 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اوول میں ایشیز  کے 5 ویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دوسری اننگز میں تیسرے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں پر 389 رنز بنائے۔

پرتشدد تنظیم کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، سینیٹ میں بل آج پیش کیا جائیگا

 اسلام آباد: سینیٹ میں پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل آج پیش کیا جائے گا جس سے مراد نظریاتی عقائد، مذہبی اور سیاسی معاملات یا فرقہ واریت کی خاطر دھمکانا، طاقت کا استعمال اور تشدد کرنا، اکسانا یا ایسی حمایت کرنا جس کی قانون میں ممانعت ہے۔

بل کے متن کے مطابق پرتشدد انتہا پسندی میں کسی فرد یا تنظیم کی مالی معاونت کرنا ہے جو پرتشدد انتہا پسند ہو، پرتشدد انتہا پسندی میں دوسرے کو طاقت کے استعمال، تشدد اور دشمنی کے لیے اکسانا شامل ہے۔

 

شیڈیول میں شامل شخص کو تحفظ اور پناہ دینا پرتشدد انتہا پسندی ہے، پرتشدد انتہا پسندی کی تعریف کرنا اور اس مقصد کے لیے معلومات پھیلانا پرتشدد انتہا پسندی میں شامل ہے۔ اگر حکومت مطمئن ہو کہ کوئی شخص یا تنظیم پرتشدد انتہا پسندی میں ملوث ہے تو اسے لسٹ ون اور ٹو میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

 

لسٹ ون میں وہ تنظیم ہوگی جو پرتشدد انتہا پسندی میں ملوث ہے، جس کا سربراہ خود پرتشدد ہو یا تنظیم نام بدل کر دوبارہ منظر عام پر آئی ہو جبکہ لسٹ ٹو میں ایسا شخص شامل ہے جو پرتشدد انتہا پسندی میں ملوث ہو، پرتشدد ادارے لیڈر یا حصہ ہو، پرتشدد ادارے کی مالی معاونت کرتا ہو۔

حکومت پرتشدد فرد اور پرتشدد تنظیم کی میڈیا تک رسائی یا اشاعت پر پابندی عائد کرے گی جبکہ پرتشدد فرد یا تنظیم کے لیڈر یا فرد کی پاکستان کے اندر نقل و حرکت  یا باہر جانے پر پابندی عائد کرے گی۔ حکومت پرتشدد تنظیم کے اثاثے کی چھان بین کرے گی جبکہ پرتشدد تنظیم کے لیڈر، عہدیدار اور ممبران کی سرگرمیاں مانیٹر کرے گی۔

حکومت پرتشدد تنظیم کے لیڈر اور عہدیدارن ممبران کا پاسپورٹ ضبط کرے گی، اسے بیرون ملک سفر کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ پرتشدد تنظیم کے لیڈر اور عہدیدارن ممبران کا اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا جبکہ پرتشدد تنظیم کے اثاثے، پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیے جائیں گے۔

خیبر، اسپین قبر میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ

خیبر: اسپین قبر میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔

ضلع خیبر میں تھانہ حدود باڑہ کے علاقہ اسپین قبر میں دہشت گردوں نے پولیس اور ایف سی کے جوائنٹ چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ کیا اور چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ بھی کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے حملہ ہوتے ہی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔

بھارت میں 11سالہ لڑکی کے ساتھ انسانیت سوز واقعہ

ستنا:مدھیہ پردیش میں مندر دیوی شاردا کے قریب جنگل میں 11 سالہ لڑکی تشدد زدہ حالت میں ملی جس کی اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی پولیس نے بتایا کہ لڑکی خون میں لت پت پائی گئی، اس کے پورے جسم پر تیز دھار آلے کے نشانات موجود تھے۔ لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ دو لوگوں کو واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے ایک ملزم مندر کی انتظامی کمیٹی کے زیر انتظام گاؤشالہ میں کام کرتا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ لڑکی کل شام سے لاپتہ ہوگئی تھی اور رات گئے تک گھر نہ پہنچنے پر اس کے اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر اس کی تلاش شروع کردی گئی۔ لڑکی ستنا ضلع کے آرکنڈی ٹاؤن شپ میں اپنے گھر سے تقریباً ایک کلومیٹر دور جنگل میں پائی گئی۔

دوسری جانب چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ متاثرہ لڑکی کو بہترین طبی علاج فراہم کیا جائے۔

46 ہزار سالوں سے منجمد کیڑے ’زندہ‘ ہوگئے

برلن جرمنی: سائنسدانوں نے ایک اندازے کے مطابق 46,000 سالوں سے منجمد کیڑوں کو دوبارہ ’زندہ‘ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ یہ کیڑے پلائسٹوسن کے آخری دور (20 لاکھ سال پہلے) سے تعلق رکھتے ہیں، سائبیرین پرما فراسٹ میں 40 میٹر گہرائی میں پائے جانے والے کیڑوں کے ایک چھوٹے سے گروپ کو پگھلا کر دوبارہ زندہ کیا گیا ہے۔

یہ کیڑے طویل عرصے سے معدوم ہونے والی انواع Panagarolaimus kolymaensis سے تعلق رکھتے ہیں جو کہ 46،000 سال منجمد رہنے کی وجہ سے غیرفعال حالت میں تھے جسے کرپٹوبائیوسس کہا جاتا ہے

اس سے قبل سائنسدانوں کے پاس صرف اس بات کا ثبوت تھا کہ یہ کیڑے 40 سال تک منجمد رہنے کے قابل ہیں تاہم یہ مخلوق دیوہیکل ممالیاؤں کے وقت سے موجود ہیں۔

پی ایل او ایس جینیٹکس کے جریدے میں شائع ہوئے مطالعے کے سینئر مصنف پروفیسر اور جرمنی میں میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ آف مالیکیولر سیل بائیولوجی اینڈ جینیٹکس کے پروفیسر تیموراس کرزشالیا نے کہا کہ یہ چھوٹے کیڑے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن سکتے ہیں جو کسی کے خیال سے بھی کہیں زیادہ منجمد حالت میں زندہ رہ سکتے ہیں۔

راجن پور میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

راجن پور:فاضل پور میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 5 مسافر جاں بحق ہو گئے۔

راجن پور کی تحصیل فاضل پور میں تیز رفتاری کے باعث مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 20 شدید زخمی ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ انچارج ریسکیو ڈاکٹر اسلم نے بتایا کہ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 شدید زخمی ہوئے تاہم زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال اور فاضل پور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر بس سخی سرور سے جیکب آباد سندھ جا رہی تھی۔

مقبوضہ کشمیر میں 2018 سے ابتک 418 مرتبہ انٹرنیٹ، ٹیلیفون سروسز معطل کی گئیں

مودی سرکار نے انٹرنیٹ کی بندش کو کشمیریوں کے خلاف نیا ہتھیار بنا لیا، 2018 سے ابل تک مودی سرکار کی طرف سے 418 مرتبہ انٹر نیٹ اور ٹیلیفون سروسز معطل کی جا چکی ہیں۔

پانچ اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ کیبل اور ٹیلیفون سروسز 5 فروری 2020 تک معطل کر دی تھی۔ ڈیڑھ سال تک جاری رہنے والی انٹرنیٹ بندش دنیا بھر میں طویل ترین بندش ہے۔

رائٹرز کے مطابق 18مہینوں تک جاری انٹر نیٹ کی بندش میں کشمیریوں کو پتھر کے دور میں دھکیل دیا۔وائس آف امریکا کی 11فروری 2021 کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی انٹرنیٹ بندش میں کشمیر سر فہرست ہے، گزشتہ 4سالوں سے بھارت ذرائع ابلاغ کی بندش میں دنیا بھر میں سر فہرست ہے۔ 2022 میں دنیا بھر میں انٹر نیٹ کی 187 بندشیوں میں سے 84 بھارت میں اور 49 کشمیر میں ہوئیں۔

اپریل 2019 میں بھارتی حکومت نے کشمیر کے 270 کلو میٹر کے علاقے میں گاڑیوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا دی تھی۔

اگست کا پہلا ہفتہ اہم،شہباز شریف بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 ماہ سے واپس نہ لا سکا، ستمبر ستمگر،سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

لاہور:شیخ رشید احمد کا اپنے ٹویٹ کے ذریعے بیان میں کہنا تھا کہ اگست کا پہلا ہفتہ ہی بہت اہم ہوگا اور سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا ان کی گوٹی پھنس گئی ہے اور یہ گوٹی ایسی پھنسی ہے کہ ان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں 15 مہینوں میں انہوں نے ایک تنکا نہیں توڑا اس آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 مہینے میں نہیں لا سکے اب خدا معلوم نواز شریف کس حال میں آئے گا کب آئے گا اور کیا سیاست کر پائے گا اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا وہ ٹریلر ہی چلا اور فلم سنسر بورڈ نے پاس نہیں کی اب یہ پانچ آدمیوں کے نام جو دے رہے ہیں یہ پانچ آدمیوں کے نام اتنی آسانی سے سینسر بورڈ میں پاس نہیں ہوں گے راجہ ریاض بھی اپنا کام ڈال سکتا ہے اگست میں 85 رکنی کابینہ اور ان کے حکمران اپنے سائز اور اوقات میں آ چکے ہوں گے ستمبر ستمگر ہوگا سیاسی پارٹیاں جو توڑ پھوڑ کے عمل سے دوچار ہونے والی ہیں وہ کسی نتیجے پرنہیں پہنچ سکیں گی آخری ہفتے میں شہباز شریف نے جو افتتاحوں کا جمعہ بازار لگایا ہے دن میں ایک درجن سے زائد افتتاح کرکے کارکردگی کی جو ایک فوٹو گرافی کی جا رہی ہے نہ پیسے ہیں نہ وقت ہے اور نہ لوگ بے وقوف ہیں نہ 9 من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی اب لوگوں کو شعور آ چکا ہے ان کو پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے اور دکھاوا کیاہے یہ 51 ارب یا 60 ارب کی بجائے 100 ارب روپیہ بھی ممبروں کو بانٹ دیں اب لوگ عزت نفس اصول سچائی اور حقیقت کو ووٹ دیں گے چور بازاری اور دکھاوے کو کوئی ووٹ نہیں ملیں گے سیاسی شکست اور سیاسی قبرستان ان کا مقدر ہو گا جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عوام بے وقوف ہے وہ خود بہت بڑے بیوقوف ہیں عوام کو سب سمجھ ہے جو مایوسی اس PDM کو ملنے والی ہے اس کا PDM کو اندازہ ہے 15 مہینے میں جو چادر اور چاردیواری کو نیست و نابود کیا گیا ہے لوگوں کے گھروں میں بغیر وارنٹ بغیر کسی کیس کے داخل ہو کر توڑ پھوڑکے ساتھ خواتین کی بے حرمتی حاملہ عورتوں کی گرفتاریوں اور بچوں کو لاپتہ کرنے کے ساتھ پولیس نے جو رویہ رکھا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ان تمام لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں ثبوت کے ساتھ لایا جائے گا خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں ہے انشاء اللہ اگر اللہ کو منظور ہوا اور میں زندہ رہا تو 13 اگست کی رات 10 بجے جشن آزادی لال حویلی کے باہر اسی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا اور 12 بجکر 1 منٹ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا

حضرت امام حسینؓ کی شہادت کا غم، ملک میں 9 محرم کے جلوس، عزاداروں کا ماتم

لاہور، کراچی:  کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آج نویں محرم کے روز لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مجالس اور شبیہ علم و ،ذوالجناح کے جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، جلوس کے دوران عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کرینگے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ا ثنا عشری جی 6 سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔

پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات کئے گئے جن میں 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز اور 21 انسپکٹر بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ جلوس کی سکیورٹی کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہے۔

کراچی

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر 1 بجے برآمد ہوا، مرکزی مجلس نشترک پارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا، مجلس کے بعد نشتر پارک سے جلوس روانہ ہوا۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

لاہور
لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوگیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔

پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے آغاز کے بعد یہ جلوس سراج بلڈنگ پر مختصر پڑاؤ اور نماز ظہرین ادا کرے گا، پھر اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک ، سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی۔

اس کے بعد یہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پراختتام پذیر ہوگا جہاں مجلس عزا ہوگی جس کے بعد شرکاء واپس اسی روٹ سے پانڈو سٹریٹ پہنچیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی پنجاب کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

پشاور

دوسری جانب پشاور میں بھی نویں محرم کی مناسبت سے مرکزی جلوس برآمد ہوگئے، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے نکالا گیا ہے، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہونگے۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند ہوگی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔

متحدہ عرب امارت پہنچنے پر سفیر، اعلیٰ اماراتی حکام اور اہلکاروں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے بھائی، شیخ سعید بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کیلئے شاہی محل جائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی متحدہ عرب امارات کے دورہ میں وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔