لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مفرور شخص دھمکیاں دینے میں مصروف ہے، پہلے پی ٹی آئی حکومت محلاتی سازشوں سے ختم کی گئی اب جوڈیشری کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔
مسرت چیمہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ کچھ دیر پہلے کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، کور کمیٹی اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 دنوں میں راشن لیتے ہوئے 20 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں، یہ پاکستان کی معیشت کی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت کو محلاتی سازش کے ذریعے گرایا گیا، اب بحران سے نکلنے کی ان کو سمجھ نہیں آرہی، پاکستان میں خوراک پر ہنگاموں کی ابتدا ہوچکی ہے، راشن لیتے جانیں ضائع ہونا انسانی المیہ ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ اس سے پہلے پاکستان کے ایسے حالات نہیں دیکھے، میڈیا ان معاملات کو غور سے دیکھے، ملک ایسے بحران میں ہے ایک بھی قدم خانہ جنگی کی طرف دھکیل سکتا ہے، آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کریش کر گئی ہیں، حکومت نے ایک روپیہ بھی پٹرول کی قیمتوں میں کم نہیں کیا، پاکستان کے اندر معاشی بحران سب کے سامنے ہے، تحریک انصاف کی حکومت کو غیر آئینی و غیر قانونی طریقے سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسمبلیاں اس لیے توڑیں کہ 90 دن کے اندر الیکشن ہوں گے، اس سے زیادہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایسا فیصلہ نہیں ہوا، ہم نے سوچا دو اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد عام انتخابات ہوں گے، یہ آئین کو پامال کر رہے ہیں، پہلے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا، چیف الیکشن کمشنر انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ فیصلے کر رہے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے کہا الیکشن ہونے چاہئیں، اس کےبعد سپریم کورٹ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، عمران خان سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں اور ان کی تقریروں پر پابندی ہے، دوسری جانب سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے ججز کے خلاف کمپین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، ایک ادارے کے خلاف بات کرنے پر پیمرا بھی حرکت میں آجاتا ہے، جوڈیشری کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج نوازشریف سپریم کورٹ کے ججز سے بڑا ناراض ہیں، سپریم کورٹ کے انہی ججز کی وجہ سے شہباز شریف حکومت قائم ہے اگر سپریم کورٹ قاسم سوری کی رولنگ پر مداخلت نہ کرتی تو شہباز شریف کبھی بھی وزیراعظم نہیں بن سکتے تھے، یہ سوموٹو کیس کے ذریعے اقتدار میں آئے ورنہ یہ جیل میں ہوتے۔
فواد چودھری نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے زندگی میں کبھی کونسلر کا بھی الیکشن نہیں لڑا، مریم اورنگزیب کہتی ہیں سپریم کورٹ نے اگر فیصلہ کیا تو قبول نہیں کریں گے، آپ کی یہ بات کہنے کی جرأت کیسے ہوئی، آئین کے تحت ہر ایگزیکٹو اتھارٹی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی پابند ہے، شریف فیملی کے ملازم کی جرأت نہیں ہونی چاہیے، اسی ہفتے مریم اورنگزیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے معافی مانگی پھر بھی روزانہ وارنٹ جاری ہو جاتے ہیں، امید ہے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، کچھ دیر قبل پاکستان کا ایک مفرور پاکستان کو کہتا ہے فل کورٹ بنائیں، نواز شریف کہتا ہے اگر فیصلہ آئے گا تو ڈالر 500 روپے کا ہو جائے گا، 50 روپے کے شورٹی بانڈ پر لندن بھاگنے والا کہہ رہا ہے معیشت کو تباہ کر دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جنہوں نے شوکت ترین کے خلاف کیس بنایا تھا کیا آج نوازشریف کی دھمکی پرکیس بنائےگی؟ مفرور شخص چیف جسٹس آف پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے، اپنی حکومت کو اس وقت سمجھایا تھا اس کو باہر نہ جانے دیا جائے، تحریک انصاف آئین کے ساتھ کھڑی ہے، 96 بار ایسوسی ایشنز نے گائیڈ لائن دی ان کےساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بینچ دو یا تین کا بننا ہے یہ چیف جسٹس آف پاکستان کا اختیار ہے، ہم آئین کےساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوں گے، عمران خان نے وکلا سے اپیل کی سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہوں۔
Monthly Archives: March 2023
مارچ 2023ء میں ایف بی آر کو 64 ارب روپے ریونیو شارٹ فال کا سامنا
لاہور:(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مارچ 2023 کے دوران 64 ارب روپے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق مارچ کے دوران ایف بی آر کے محصولات 663 ارب روپے رہے جبکہ مارچ کے مہینے کے لیے ایف بی آر کا 727 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
جولائی سے مارچ ایف بی آر 5156 ارب روپے کا ٹیکس جمع کر سکا، آئندہ سہہ ماہی کے دوران ایف بی آر کو 2484 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے۔
شعیب ملک کی بیٹے اذہان کیساتھ ’بیڈمنٹن‘ کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
دبئی:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ بیڈمنٹن کھیلنے کی ویڈیو آگئی۔
اذہان مرزا ملک کے ساتھ بیڈمنٹن کھیلنے کی ویڈیو شعیب ملک نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی گئی،شعیب ملک نے اس ویڈیو کے ساتھ دلچسپ کیپشن ’کرکٹ + ٹینس = بیڈمنٹن‘ ۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی کی خبروں کے بعد سے بھارت کی سابق ٹینس اسٹار اپنے صاحبزادے کے ساتھ تصاویر شیئر کررہی تھیں جس سے تاثر مل رہا تھا کہ اذہان مرزا ملک اپنی والدہ کے ساتھ ہے۔
شعیب ملک کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کرنے کا مقصد علیحدگی کی تردید بھی ہوسکتا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ کس ملک اور شہر میں اپنے بیٹے کے ساتھ ٹینس کھیل رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے آئی پی آر او کے چیئرمین فرخ امل کی ملاقات
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس آرگنائزیشن آف پاکستان (آئی پی آر او) کے چیئرمین فرخ امل نے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں آئی پی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کے نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کے لیے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی آئی پی معاہدوں سے الحاق کی ضرورت پر بھی غور و خوض کیا گیا۔
فلسطین: فٹبال میچ کے دوران اسرائیل نے سٹیڈیم میں آنسو گیس کی شیلنگ کردی
مقبوضہ بیت المقدس:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل فٹبال سٹیڈیم میں فائنل میچ کے دوران اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد کھلاڑی اور شائقین شدید متاثر ہوئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں فائنل میچ کے دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد کئی فلسطینی فٹبال کھلاڑیوں اور شائقین کو دم گھٹنے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے مشرقی یروشلم کے قصبے الرام میں دحیات البرید اسٹریٹ میں فیصل الحسینی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے اندر آنسو گیس کے گولے داغے۔
واقعے میں کئی فلسطینی فٹ بال کھلاڑیوں اور درجنوں شائقین بشمول بچوں کو گیس کی وجہ سے سانس لینے میں شدید مشکلات پیش آئیں اور میدان میں ہی ان کا علاج کیا گیا جبکہ تین افراد کو نازک حالت کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔
سعودی عرب میں 11 ہزار روزہ داروں کے لیے 500 میٹر لمبا افطار دستر خوان
جدہ:(ویب ڈیسک) رمضان المبارک کا مہینہ آتے ہی سعودی عرب میں روزہ داروں کی افطاری کے لیے ایک مقابلے کا سماں بن جاتا ہے، مملکت کے مختلف حصوں میں بڑے بڑے افطار پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
اس حوالے سے سعودی عرب کی الخرج گورنری میں بلدیہ کے زیراہتمام ایک بڑی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، اس افطار پروگرام کے لیے 500 میٹر لمبا افطار دسترخوان بچھایا گیا جس پر گیارہ ہزار سے زائد روزہ داروں کے لیے افطار کا انتظام کیا گیا تھا۔
الخرج گورنری کی میونسپلٹی نے شاہ عبدالعزیز پارک میں رمضان المبارک کی طویل ترین افطاری دسترخوان کا انعقاد کیا، افطار پارٹی میں گورنری کے میئر انجینیر خالد بن عبداللہ الزید، الدلم گورنری کے میئرانجینیر عامر بن منصور العجمی اور شہریوں اور مقیم مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں بائیو ٹیک کے چیئرمین اور یو اے ای حکمران خاندان کے رکن شیخ احمد دلموک المکتوم اور وفد نے شرکت کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے فارماسیوٹیکل سیکٹر باالخصوص ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیر مقدم کیا، وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ ہیں، متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
شیخ احمد دلموک المکتوم نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا، مہمان نے وزیر اعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے شروع 1200 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا۔
آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکے، پاکستان نے ڈیفالٹ کیا نہ کرے گا: اسحاق ڈار
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پوری کرچکے ہیں، پاکستان نے ڈیفالٹ کیا اور نہ ہی کرے گا۔
اسلام آباد میں بزنس کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے کے لیے نہیں بنا ہے، ہمیں آئی ایم ایف کے بغیر رہنا سیکھنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے تاجر برادری سے بجٹ تجاویز مانگتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے متعلق شکایات حل کی جائیں گی کیونکہ تاجر برادری اکانومی کی بیک بون ہے ، حکومت کوئی بھی ہو تنہا کچھ بھی نہیں کرسکتی، اب تک جوکچھ بھی ہوا اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، ملک کی تیزترترقی کےلیےصنعتی شعبے کا فروغ ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ قبل پاکستان ڈیفالٹ کے خطرہ والی لسٹ میں تھا، بزنس کمیونٹی انڈسٹری اور دیگر کی کاوشوں سے بہت بہتری آچکی، 2017 میں پاکستان کس سٹیج پر تھا 2022 میں ہم کہاں تھے، مسلم لیگ (ن) کےسابقہ دورمیں ملک تیزی سےترقی کررہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں 2.4 مہنگائی کی شرح تھی آج ہم کہاں کھڑے ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، پاکستان کا بیرونی قرضہ 4 ارب ڈالر کم ہوا ہے، بہت جلد آئی ایم ایف پروگرام بھی سائن ہو جائے گا اور بورڈ میٹنگ بھی ہو جائے گی۔
عالمی و مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں
کراچی:(ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 10 ڈالر کے اضافے سے 1981 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 601 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 8 ہزار 700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 78 ہزار 927 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
وسیم اکرم اور شنیرا اکرم کی پہلی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹیزر جاری
لاہور:(ویب ڈیسک) سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم کی ڈیبیو فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔
’منی بیک گارنٹی‘ میں وسیم اور شنیرا کے ساتھ پاکستانی سپراسٹار فواد خان، مرزا گوہر رشید، شہریار منور، مانی، میکال ذوالفقار اور دیگر شامل ہیں۔
میکال ذوالفقار نے ’منی بیک گارنٹی‘ کا تازہ ٹیزر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔
فلم کو ہدایت کاری پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے دی ہے اور یہ ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور تھرلر ہے۔
’منی بیک گارنٹی‘ کو عیدالفطر کے موقع 21 اپریل 2023 کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم متعدد ٹی وی اشتہاروں میں کام کرچکے ہیں اور ’منی بیک گارنٹی‘ ان کے شوبز کیریئر کا باقاعدہ آغاز ہے۔
پاکستان کی 2 فلموں ’کملی‘ اور ’جوائے لینڈ‘ نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کر لیے
ٹورنٹو:(ویب ڈیسک) پاکستانی سینما اور فلم انڈسٹری کے لئے مزید خوشخبریاں آگئیں، سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ اور صائم صادق کی ’جوائے لینڈ‘ نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
پاکستانی فلموں اور فنکاروں نے یہ ایوارڈ چار روزہ موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں جیتے ہیں۔
فیسٹیول جیوری کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق فلم ’جوائے لینڈ‘ نے چار ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جن میں بیسٹ انٹرنیشنل فیچر، بیسٹ اسکرین پلے، بیسٹ ساؤنڈ ڈیزائن اور بیسٹ ایکٹر (فیمیل) شامل ہیں۔
سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ کی اداکارہ ثانیہ سعید نے اپنی متاثرکن کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
ایوارڈ کی برسات میں سجل علی بھی پیچھے نہ رہیں اور جمائما خان کی رومینٹک کامیڈی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کو بیسٹ کاسٹ کا جیوری پرائز ملا ہے۔
کینیڈین فلم فیسٹیول میں کینیڈا، امریکا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان، بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور کریبین کی فلمیں پیش کی گئی تھیں۔
نواز شریف اور مریم نواز مرضی کے بینچ چاہتے ہیں جو کبھی نہیں ہوگا، چودھری پرویزالٰہی
لاہور:(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کے بینچ بنیں جو کبھی نہیں ہوگا، وقت بدل چکا، قوم سازشوں کا منہ توڑ جواب دے گی۔
چودھری پرویز الٰہی سے سابق ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2002ء سے 2007ء کے درمیان میرے دور میں پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کو عالمی اداروں نے ترقی پذیر ملکوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا تھا لیکن آج شہباز شریف اور محسن نقوی پنجاب کیلئے کلنک کا ٹیکہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے دنیا کے بہترین زرعی صوبہ پنجاب کو ایتھوپیا بنا کے رکھ دیا ہے، آج جس طرح پنجاب میں لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں مر رہے ہیں اس طرح کے دردناک مناظر صرف ایتھوپیا میں نظر آتے ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نوازشریف اور مریم چاہتے ہیں کہ بینچ چیف جسٹس کی مرضی کے بجائے ان کی مرضی سے بنیں لیکن انشاء اللہ یہ نہیں ہو گا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور ان کے ساتھی حق پر کھڑے ہیں، سپریم کورٹ آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 141 میں واضح طور پر لکھا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے خلاف قانون سازی نہیں کر سکتی، یہ منافقت اب نہیں چلے گی کہ فیصلہ پی ڈی ایم کے حق میں آئے تو سوموٹو حلال اور فیصلہ پی ڈی ایم کے خلاف آئے تو سوموٹو حرام۔
ججز کے درمیان اختلاف ادارے کیلئے اچھا نہیں، پاکستان بار کونسل
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال پریشان کن ہے، ججز کے درمیان اختلاف ادارے کیلئے اچھا نہیں۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خواہش ہے کہ فل کورٹ اجلاس بلایا جائے، فل کورٹ اجلاس میں تمام اندرونی مسائل کو حل کیا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق تمام سیاسی مقدمات میں تنقید سے بچنے کیلئے فل کورٹ تشکیل دی جائے، موجودہ سیاسی صورتحال میں پاکستان بار کونسل آل پارٹیز کانفرنس بلانے کیلئے تیار ہے۔