پنجاب کابینہ کا مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب کابینہ نے مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 12واں اجلاس ہوا، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
کابینہ نے مفت آٹا سکیم میں مزید خاندانوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا، نادرا میں رجسٹرڈ خاندانوں کو مفت آٹا سکیم میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ۔
اجلاس میں صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کو آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے دورے جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی، عمران خان پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملوں کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

بدعنوانی کیس میں زیر تحقیقات آفیسر کو ڈی جی صحت تعینات کر دیا گیا

پشاور:(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے انڈر انکوائری آفیسر کو ڈی جی صحت تعینات کر دیا۔
حکومت کی جانب سے بدعنوانی کیس میں چارج شیٹ ہونے والے ڈاکٹر جمال ناصر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ڈاکٹر جمال ناصر کے خلاف فروری میں محکمہ صحت کی جانب سے انکوائری قائم کی جا چکی ہے، ڈاکٹر جمال ناصر پر سابق فاٹا کے بطور چیف ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ بدعنوانی کے الزامات ہیں۔

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

لاہور:(ویب ڈیسک) حکومت نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
پٹرول کی فی لٹر قیمت 272 جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 293 روپے فی لٹر برقرار رہے گا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لٹر قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہے، موجودہ قیمتیں 15 اپریل تک جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 10 سے 12 روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لٹر تک کمی کی تجویز دی گئی تھی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے دوسری تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔

3 کے بینچ میں دو ججوں نے ہر فیصلہ میرے خلاف دیا، فل کورٹ بنایا جائے، نواز شریف

لندن:(ویب ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا کہ 3 کے بینچ میں دو جج ایسے ہیں جنہوں نے ہر فیصلہ میرے خلاف دیا، یہ کوئی ٹرک، ریڑھی والے کا ایشو نہیں، قومی ایشو ہے، سب متفق ہیں فل کورٹ بنایا جائے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قائد ن لیگ نے کہا کہ 2017 میں لوگ پیٹ بھر کے روٹی کھاتے تھے، قوم اپنی آنکھیں کھولے بڑا گھناؤنا مذاق ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ہم نے لوڈشیڈنگ، دہشت گردی کو ختم کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ اتنی اچھی قوم کو بھکاری بنا دیا ہے، پلیز قوم اپنی آنکھیں کھولے، انہی بینچز کے فیصلوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے کھڑا کیا، ریٹائرڈ ہونے والے ججز قوم کو جواب دیں گے کیوں مجھے ڈس کوالیفائی کیا؟
قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم نے تو اس وقت آئی ایم ایف کو خیر آباد کہہ دیا تھا، آج کے فیصلے پتا نہیں ملک کو کہاں لے کرجائیں گے، جو کرنا چاہیے کریں لوگ کھڑے ہو جائیں، یہ فیصلہ اگر خدانخواستہ آئے تو ڈالر 500 روپے کا ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غریب کے لیے آج ادویات کے لیے پیسے نہیں، ایک بندے کی خاطر اس طرح کے فیصلے سنا رہے ہیں، جسٹس شوکت صدیقی، جنرل (ر) باجوہ کی باتوں پر کیا سوموٹو نہیں بنتا؟ اپنی مرضی سے معاملات کو چلایا جا رہا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ قوم عہد کر لے ایسے فیصلے نہیں ہونے دینا، اللہ تعالیٰ ایسے فیصلوں سے ملک کو بچائے، سیدھی بات ہے جو بینچ قبول نہیں اس کا فیصلہ کیسے قبول ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ فل کورٹ بنایا جائے، 3 کے بینچ میں کیا مصلحت ہے؟ یہ وہ جج ہیں جس میں سے دو ججوں نے ہر فیصلہ ہمارے خلاف دیا۔

لاہور میں غیر معینہ مدت کیلئے رینجرز تعیناتی کی تجویز مسترد

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وفاق نے لاہورمیں غیرمعینہ مدت کیلئے رینجرز تعیناتی کی پنجاب حکومت کی تجویز مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے گزشتہ ہفتے لاہورمیں رینجرز تعیناتی کیلئے وفاق سے رجوع کیا تھا جس پر وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری پر لاہور میں10روزکیلئے رینجرز تعیناتی کی منظوری دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاق نےلاہور میں12تا22مارچ تک رینجرز تعیناتی کی تجویز سے بھی اتفاق نہیں کیا تھا اور12سے15 مارچ تک لاہور میں رینجرز تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا

لاہور:(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل 1 بجے لاہور میں ہو گا، اجلاس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس پر بریفنگ دی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اتحادیوں کو موجودہ صورت پر اعتماد میں لیں گے، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

تحریک انصاف جمہوریت کیلئے ہر آخری حد تک جائے گی، عمران خان

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف ہر آخری حد تک جائے گی۔
سینئر صحافیوں کی زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہو گی، وکلاء کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہو گی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ن لیگ نے جیسے 1997 میں نوازشریف کےخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرنے والے جسٹس سجاد علی شاہ پر حملے کیلئے سپریم کورٹ پر دھاوا بولا ویسے ہی ایک مرتبہ پھر یہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے کیونکہ انتخابات سے خوفزدہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ضرورت پڑنے پر پوری قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔
انہوں نے کہا ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونے کو تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میری اپنی وکلا برادری سے خصوصی اپیل ہے کہ آئین پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے اسی طرح آگے بڑھ کر کردار ادا کریں جیسا انہوں نے 2007 کی وکلاء تحریک کے دوران کیا۔

نادرا نے ٹرانسجینڈر نمائندے پر مبنی خصوصی ہیلپ لائن کا اجرا کردیا

لاہور:(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) نے ٹرانسجینڈر نمائندے پر مبنی خصوصی ہیلپ لائن کا اجرا کر دیا۔
نادرا نے ٹرانس جینڈرز کا عالمی دن ٹرانس جینڈرز کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص دن کے طور پر منایا۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے اس موقع پر ایک خصوصی ہیلپ لائن کا افتتاح کیا، ہیلپ لائن پر کال کا جواب بھی نادرا کا ٹرانس جینڈر عملہ دے گا۔

پنجاب کے پی انتخابات کیس، جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ جاری کر دیا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پنجاب کے پی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ جاری کر دیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ گزشتہ روز جسٹس امین الدین خان نے کیس سننے سے معذرت کی، اپنے خیالات کا اظہار کرنا چاہتا تھا لیکن چیف جسٹس اور باقی ججز اٹھ گئے، بینچ اٹھنے کے بعد اپنے چیمبر میں انتظار کرتا رہا مگر چیف جسٹس کی جانب سے مزید کارروائی کی کوئی معلومات نہیں ملی۔
اختلافی نوٹ کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ گھر پہنچا تو چیف جسٹس کی جانب سے دستخط کے لیے حکم نامہ موصول ہوا، حکم نامہ کھلی عدالت میں نہیں لکھوایا گیا، حکم نامہ بغیر مشاورت کے میری غیر موجودگی میں لکھوایا گیا، بینچ کے تین ممبران نے نہ جانے کن وجوہات کی بنا پر مجھے مشاورت میں شامل کرنا ضروری نہیں سمجھا، چاہتا تھا کہ یکم مارچ کے حکم نامے کے تناسب پر بنا تنازع پہلے حل کیا جائے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ یکم مارچ کا اکثریتی عدالتی حکم ابھی تک جاری نہیں کیا گیا، یکم مارچ کے حکم نامے کے معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، سیاسی جماعتوں کے وکلاء نے بھی معاملہ اٹھایا لیکن بینچ کے ارکان نے جواب نہیں دیا، ان حالات میں بینچ کا حصہ رہنا مناسب نہیں سمجھتا، بینچ کا حصہ رہ کر اپنے ساتھی ججز کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا۔
اختلافی نوٹ میں لکھا گیا کہ کوئی شک نہیں کہ موجودہ کیس میں اہم آئینی امور زیر بحث ہیں، اہم آئینی امور فل کورٹ کی صورت میں مشترکہ دانش سے ہی حل کرنے چاہئیں، فل کورٹ جب بھی بنا اس کے لیے دستیاب ہوں، بصورت دیگر دعا ہے کہ ساتھی ججز جو فیصلہ دیں وہ آئین کی بالادستی قائم کرے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ یہ کیس یکم مارچ کے فیصلے کا ہی تسلسل ہے، اول دن سے کہتا رہا کہ کورٹ یکم مارچ کے آرڈر آف دی کورٹ کا تنازع حل کرے، اب تک یکم مارچ کے فیصلے کا آرڈر آف دی کورٹ جاری نہیں ہوا۔

سی ٹی ڈی پولیس کا مردان میں چھاپہ، ایک دہشتگرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

مردان:(ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ایک دہشت گرد جہنم واصل جبکہ اہلکار شہید ہو گیا۔
سی ٹی ڈی پولیس نے مردان کے علاقہ جہانگیر آباد میں چھاپہ مارا، اس موقع پر مبینہ دہشت گرد اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فائرنگ سے سی ٹی ڈی پولیس اہلکار شہید ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے مبینہ دہشت گرد بھی مارا گیا۔

بات چیت سے انکار نہیں کیا، اقلیتی فیصلوں سے بحران بڑھے گا، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہم نے سیاسی بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا، اقلیتی فیصلوں سے بحران بڑھے گا، فیصلہ ایسا ہونا چاہئے جو سیاسی مستقبل کے لیے بھی مفید ہو۔
رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج کی عدالت کی پروسیڈنگ سب کےسامنے ہے، 9 رکنی بینچ 5 رکنی بینچ میں تبدیل ہوا تھا، 4 معزز جج صاحبان نےعیاں کر دیا کہ پٹیشن خارج ہو چکی ہے، سپریم کورٹ میں اہم مقدمے کی سماعت چل رہی ہے، آج جسٹس مندوخیل نے سماعت سے معذرت کی۔
اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ میری بھی رائے تھی معاملہ فل کورٹ میٹنگ میں جائے، اٹارنی جنرل نے بھی اسی طرح کی استدعا کی، چیف جسٹس صاحب نے مناسب سمجھا اور 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، یہ مسئلہ ایک بحران کی شکل و صورت اختیار کیے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کا بھی ذکر ہوا، آج چیف جسٹس صاحب نے عندیہ دیا کہ دیگر ججز کو اعتماد میں لیں گے، جن معاملات میں تقسیم نظر آ رہی ہو اسے عدالت کو اکٹھے بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں میں اگرمیچورٹی ہو تو اپوزیشن کے دوستوں کو یہ ماحول نہیں بنانا چاہیے تھا، ایسا فیصلہ ہو جو سیاسی مستقبل کے لیے بھی بہت مفید ہو، موجودہ حالات میں اگر تین رکنی بینچ سماعت کرے گا تو کہیں عدالت کے اندر سے آوازیں نہ اٹھنا شروع ہو جائیں۔
اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ کل سیاسی لیڈرشپ بیٹھ کرآئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی، اگراقلیتی فیصلے کریں گے تو بحران مزید بڑھےگا، یہ ایک ایسا ملکی معاملہ ہے کیا ہی اچھا ہوتا ایک فل کورٹ بیٹھتا، آدھی سپریم کورٹ کہہ رہی ہے اس معاملے کو ہائی کورٹ میں حل ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اختلاف رائے کو نظر انداز کر کے وہ معاملے کو آگے لے جانا چاہتے ہیں، فل کورٹ کی آواز بار ایسوسی ایشن، سول سوسائٹی اور پارلیمان سے بھی آ رہی ہے، چیف جسٹس صاحب فل کورٹ کی میٹنگ کریں، ہم امید کرتے ہیں پیر والے دن اچھا سورج طلوع ہو گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست دانوں کے مل بیٹھنے سے ہم نے بھی انکار نہیں کیا، جو سیاست دانوں کو یہ کہتے ہیں وہی اصول اپنے لیے بھی اپلائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی فیصلوں کوانفورس کیا جائے گا تو بحران مزید بڑھے گا، چیف جسٹس صاحب کو گھر کے بڑے کے طور پر سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

فیکٹری میں راشن اور زکوٰۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جاں بحق

کراچی:(ویب ڈیسک) سائٹ ایریا کی ایک فیکٹری میں راشن اور زکوة کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد خواتین بے ہوش ہو گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بھگدڑ مچنے سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی ہے۔
بڑی تعداد میں افراد آنے سے فیکٹری انتظامیہ نے پولیس کو طلب کیا، ایس ایس پی کیماڑی نے کہا ہے کہ صورتحال کنٹرول کر لی گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نورس چورنگی سائٹ ایریا میں قائم فیکٹری میں راشن تقسیم کیا جا رہا تھا، راشن کی تقسیم کے دوران خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سائٹ ایریا سیمنز چورنگی پر فیکٹری کا مالک عبدالخالق نامی شخص بغیر پولیس کو اطلاع دیئے راشن تقسیم کر رہا تھا، تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے پانی کا پائپ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے پورے پلانٹ میں پانی بھر گیا۔
ہسپتال ذرائع
ہسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سائٹ ایریا میں بھگدڑ مچنے اور نالے میں گرنے سے 8 لاشیں عباسی شہید ہسپتال لائی گئیں، اب تک 4 زخمی بھی ہسپتال لائے گئے ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی
ایس ایس پی کیماڑی فداحسین جانوری کے مطابق فیکٹری انتظامیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا تھا، راشن اور زکوة کی تقسیم کے حوالے سے کوئی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر فیکٹری منیجر سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔
فدا حسین جانوری نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق فیکٹری انتظامیہ سے ہے، انتظامیہ کے مزید افراد کو بھی جلد حراست میں لے لیا جائے گا، واقعہ کی انکوائری ایس پی سائٹ مغیز ہاشمی کو دے دی گئی، انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر خارجہ
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں بھگدڑ حادثہ کا نوٹس لے لیا، بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کر کے معاملے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں پیش آنے والے حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع باعث صدمہ ہے، مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے، واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے، بلاول بھٹو نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیمنز چورنگی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم اور فلاحی کاموں کیلئے انتظامیہ کو باقاعدہ اطلاع دینی چاہئے، 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی رپورٹ انتہائی تکلیف دہ ہے، انہوں نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری سندھ
چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے نجی کمپنی میں راشن تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، جہاں بھی غفلت سامنے آئی ایکشن لیا جائے گا، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، چیف سیکرٹری سندھ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے راشن کی تقسیم میں بھگدڑ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

خیبر پختونخوا میں مفٹ آٹے کی تقسیم: لوٹ مار، زخمی و جاں بحق افراد کے اعداد و شمار جاری

پشاور:(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں مفٹ آٹے کی تقسیم کے دوران لوٹ مار کے واقعات اور آٹے کے حصول کے دوران بھگدڑ میں زخمی و جاں بحق ہونے والے افراد کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
دستاویز کے مطابق صوبے میں 5 مقامات پر شہریوں نے مفٹ آٹے کے 4 ہزار سے زائد تھیلے لوٹے، ایک ہفتے کے دوران مفت آٹے کی تقسیم میں 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالاکنڈ کے علاقے تھانہ میں 835، ناگمان پشاور میں 360 بیگز شہریوں نے لوٹے، ڈی آئی خان میں شہریوں نے 5 ٹرک آٹا لوٹ کر آپس میں بانٹ لیا، پانچ ٹرکوں میں مفت آٹے کے 2 ہزار 244 تھیلے تھے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہزار خوانی میں بدنظمی کے دوران خواتین اور مردوں نے مل کر 600 تھیلے لوٹے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔