کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری حجم کم رہا،100 انڈیکس 374 پوائنٹس کے محدود بینڈ میں رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس 53 پوائنٹس کم ہوکر 40619پر بند ہوا ہے۔
شیئرز بازار میں آج کاروباری سرگرمیاں کاروباری ہفتے میں کم ترین 13کروڑ شیئرز رہیں۔ مارکیٹ کے کاروبار کی مالیت5 ارب 87 کروڑ روپے رہی۔
اس کے علاوہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن3 ارب روپےکم ہوکر 6ہزار 390ارب روپے ہے۔
Monthly Archives: February 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آبپارہ پولیس کا شیخ رشید کی طلبی بارے نوٹس معطل کر دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کو آبپارہ پولیس کی طرف سے جاری طلبی کے نوٹس کو معطل قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور کیس کی سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کر دی۔
عدالت نے اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئی جی سینئر افسر کو ڈپیوٹ کریں جو ریکارڈ کیساتھ پیش ہو۔
دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبپارہ پولیس کے نوٹس کو معطل کر دیا گیا ہے، عدالت نے کہا ایسا کوئی نوٹس نہیں بنتا، جو دفعات لگائی گئی ہیں وہ غلط ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پیر والے دن آئی جی عدالت میں پیش ہوں گے، بہترین کیس لڑنے پر اپنے وکلا کا مشکور ہوں۔
وزیر اعظم کا وفاقی سیکرٹریٹ افسران کی تنخواہوں میں فرق ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹریٹ کے افسران کی تنخواہوں میں موجود غیر منصفانہ فرق ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
گریڈ 17 سے 22 کے وفاقی سیکرٹریٹ کے وہ افسران جو گزشتہ فیصلے سے ایگزیکٹو الاؤنس سے محروم رہے ان کو حکومت نے 2017ء کی بنیادی تنخواہ پر 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے کا اطلاق 1 جنوری 2023ء سے ہوگا، فیصلہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر اور وزیرِ خزانہ سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
مہنگائی کی شرح 47 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق مہنگائی کی شرح 47 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں مہنگائی میں 2.90 فیصد کا اضافہ ہوا، جنوری میں افراط زر کی شرح 27.55 فیصد تک پہنچ گئی، رواں مالی سال جولائی سے دسمبر افراط زر کی شرح 25.40 فیصد ہوگئی۔
ایک ماہ کے اندر شہروں کی نسبت دیہی علاقوں میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، مرغی، گندم، آٹا، چاول، پیاز، دال مونگ، سبزیاں بھی مہنگی ہوئیں جبکہ گھروں کے کرایوں سمیت تعمیراتی میٹریل بھی مہنگا ہوا۔
مہنگائی کی شرح گزشتہ 47 سال کی بلند ترین سطح کو چھو گئی ہے، جنوری 2023ء میں مہنگائی کی شرح 27 اعشاریہ 6 فیصد رہی، اس سے قبل مئی 1975ء میں مہنگائی کی شرح 27 اعشاریہ 8 فیصد تھی۔
امیر طبقے کیلئے بجلی پر سبسڈی نہیں دی جائے گی، وزیر مملکت برائے خزانہ
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر امیر طبقے کیلئے بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، امیر طبقے کیلئے اب بجلی پر سبسڈی نہیں دی جائے گی۔
نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ بجلی کی پیداوار مہنگی جبکہ بجلی سستی فراہم کرنا ملک برداشت نہیں کر سکتا، گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے سب کو سبسڈی نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک کی ترقی اور غریب آدمی کیلئے سوچنا ہے، توانائی شعبے میں سبسڈی صرف غریب آدمی کیلئے ہو گی، توانائی شعبے میں اصلاحات کیلئے کوشش کر رہے ہیں، توانائی شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف وفد سے شرائط پر نرمی کیلئے بات کی، آئی ایم ایف کے میڈیم ٹرم فریم ورک پر بھی بات ہو گی، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں اچھے نتائج کی امید نظر آ رہی ہے۔
سوتے ہوئے شوہر پر قاتلانہ حملہ کرنے والی خاتون گرفتار
کراچی: (ویب ڈیسک) شوہر پر قاتلانہ حملہ کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمہ نے شوہر کو رات میں سوتے ہوئے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کچی آبادی بلوچ پاڑہ خیرآباد میں پیش آیا، ملزمہ نے شوہر پر رات کے وقت چھری سے حملہ کیا۔
پولیس نے ملزمہ فوزیہ عرف رامیہ کو آلہ قتل چھری سمیت گرفتار کیا، ملزمہ کو تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ شریک جرم ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ٹینس کی نئی رینکنگ ، نوویک جوکووچ نے کارلوس الکاراز سے پہلی پوزیشن چھین لی
پیرس : (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلین اوپن چیمپئن سربیا کے نامور ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے چار درجے ترقی پاکر ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی ٹی ایف کی طرف سے جاری کردہ مینز رینکنگ میں سربین سٹار نوویک جوکووچ آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن نے ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
سپین کے کارلوس الکاراز تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں ، آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز مقابلوں کے رنر اپ یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ، ناروے کے کیسپر رڈ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ۔
روسی ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں، ہسپانوی ٹینس سٹار اور 22گرینڈ سلام کے چیمپئن رافیل نڈال چار درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ کینیڈین کھلاڑی فیلکس آگر ساتویں نمبر پر برقرار ہیں۔
امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز ،ڈنمارک کے ہولگر ، پولینڈ کے ہربرٹ ہرکاز اور برطانوی کیمرون نوری ایک ایک درجہ ترقی پاکر بالترتیب آٹھویں، نویں، دسویں اور گیارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ، امریکا کے ٹومی پال کی 16 درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ 19 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
ادھر ویمنز سنگلز میں پولینڈ کی آئیگا سویٹیک بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز مقابلوں کی فاتح بیلاروس کی آریانا سابالینکا تین درجے ترقی پاکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں، تیونس کی اونس جبیر، امریکا کی جیسیکا پیگولا اور فرانس کی کیرولین گارشیا کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ بالترتیب تیسرے ،چوتھے اور پانچویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔
امریکا کی کو کو گف ایک درجہ ترقی پا کر چھٹےنمبر پر پہنچ گئیں ، یونانی ٹینس کھلاڑی ماریہ سکاری ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر جبکہ روس کی ڈاریا کساتکینا بدستور آٹھویں نمبر پر قائم ہیں، بلیندا بنکک ایک درجہ ترقی پاکر نویں جبکہ قزاخستان کی ایلینا ریباکینا 15 درجے ترقی پاکر دسویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں ۔
پولینڈ کی میگڈا لینیٹ نے بھی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 23 درجے ترقی پاکر 22ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) آج صبح کاروبار کے آغاز میں امریکی ڈالر مزید سستا ہوا ہے جس سے روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ۔
ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 72 پیسے اضافہ ہوا ہے ، انٹربینک میں ڈالردوپہر بارہ بجے تک 267.17 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے ، ان 2 روز میں روپے کی قدر میں 4روپے 15 پیسے اضافہ ہوا ہے ۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے اختتام تک انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 1 روپے 75 پیسے کمی دیکھنے میں آئی ۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج صبح کاروبار کا مثبت آغاز سامنے آیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نکاح کیلئے کراچی پہنچ گئے
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اپنے نکاح کی تقریب کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کا نکاح قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشاء آفریدی سے ہوگا، نکاح کی تقریب 3 فروری کو ڈی ایچ اے گالف کلب میں ہوگی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ انشاء کے پیپرز کی وجہ سے رخصتی بعد میں طے کی گئی ہے، شاہین شاہ اور انشاء آفریدی کی منگنی گزشتہ سال مارچ میں ہوئی تھی، شاہین شاہ آفریدی کے نکاح میں قومی ٹیم کےکھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
فلم ’’ پٹھان ‘‘ نے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی : شاہ رخ خان
ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ فلم ’’ پٹھان ‘‘ نے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی ، فلم پیار سے بنی اور لوگوں نے پیار سے دیکھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’’ پٹھان ‘‘ کی کامیابی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے اس فلم کو مکمل کرنے کے لئے گزشتہ 4 سالوں میں کافی محنت کی ہے۔
بالی ووڈ کنگ نے ان لوگوں پر بھی طنز کیا جنہوں نے فلموں کے فلاپ ہونے پر کہا تھا کہ شاہ رخ کا وقت ختم ہو گیا ہے، کنگ خان نے کہا کہ فلمیں فلاپ ہونے پر میں تو متبادل کام بھی سیکھنے لگ گیا تھا ۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ پٹھان نے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی ہے، یہ فلم پیار سے بنی ہے اور لوگوں نے بھی اس فلم کو اسی پیار سے دیکھا ہے، یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے میرے مداح بے حد پیار دیتے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کی ضمانت منظور
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی مشروط ضمانت منظور ہو گئی۔
سیشن عدالت کے جج فیضان گیلانی نے کہا کہ اس شرط پر ضمانت دے رہا ہوں کہ فواد چودھری یہ گفتگو دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔
عدالت نے رہنما تحریک انصاف کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کی۔
ذیابطیس ٹائپ ٹو یا بلڈ شوگر کاعلاج صرف ایک عام سبزی سےممکن
لاہور : (ویب ڈیسک) ذیابطیس ٹائپ ٹو یا بلڈ شوگر کاعلاج صرف ایک عام سبزی سےممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سبزی خون میں شوگر کو 50 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔
پاکستان میں ذیابطیس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے جن میں سے لاکھوں مریض روزانہ ادویات لینے اور انسولین لگانے پر مجبور ہیں۔ پاکستان میں جس رفتار سے ذیابطیس کا مرض پھیل رہا ہے اس سے خدشہ یہ ہے کہ 2045 تک پاکستان میں اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 6 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
ذیابطیس ٹائپ ٹو میں مریض کے خون میں چینی کی مقدار بہت زیادہ ہو جاتی ہے جسے بلڈ شوگر کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ ٹائپ ٹو ذیابیطس کے شکار افراد بلڈ شوگر کو ریگولیٹ کرنے کے لیے اپنے لبلبے سے مناسب انسولین نہیں پیدا کرسکتے،جس کا مطلب ہے کہ ان کا بلڈ شوگر خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
تاہم ماہرین کی ریسرچ نے یہ انکشاف کیا ہے کہ پیاز کا عرق، اینٹی ذیابیطس دوا میٹفارمین کے ساتھ ملا کر دینے سے ہائی بلڈ شوگر اور مجموعی کولیسٹرول کی سطح کوتیزی سے کم کر سکتا ہے۔
محققین نے چوہوں پر اس نظریے کا تجربہ کیا۔ طبی طور پر ذیابیطس کے شکار چوہوں کے تین گروپوں کو پیاز کے عرق کی مختلف خوراکیں دی گئیں تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا اس سے دوا کے اثر میں اضافہ ہو گا یا نہیں۔خوراک 200، 400 اور 600 ملی گرام فی کلوگرام جسمانی وزن تھی۔
مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ ذیابیطس کے چوہوں میں سے جن کو 400 ملی گرام اور 600 ملی گرام فی کلوگرام جسمانی وزن خوراک دی گئی، ان کے خون میں شوگر کی سطح بنیادی سطح کے مقابلے میں بالترتیب 50 فیصد اور 35 فیصد تک تیزی سے کم ہو جاتی ہے۔
پیاز کے عرق نے ذیابیطس کے چوہوں میں کولیسٹرول کی کل سطح کو بھی کم کردیا۔ 400 ملی گرام اور 600 ملی گرام کے سب سے زیادہ اثرات مرتب ہوئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تجربات سے ثابت ہوتا ہے کہ پیاز کا استعمال خون میں شوگر کی مقدارکو کنٹرول کر سکتا ہے تاہم اس کے استعمال کے طریقہ کار اور مقدار سے متعلق کوئی جواب موجود نہیں ۔ اس معاملے پر مزید تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔
آئی ایم ایف کا اضافی ٹیکس لگانے کا مطالبہ، اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرا دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومت پاکستان سے سخت اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی ٹیم کی جانب سے اضافی ٹیکس کےلئے پارلیمنٹ سےمنظوری لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس کے لیے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے یقین دہانی بھی کرا دی گئی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کریں گے، صدارتی آرڈیننس وقت پرپارلیمنٹ میں پیش کریں گے، ماضی کی طرح موجودہ پروگرام بھی مکمل کریں گے۔
آئی ایم ایف مشن چیف نے کہا کہ امید ہے پاکستان شرائط پر پورا اترے گا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آئی ایم ایف کے وفد نے بجٹ میں اعلان کردہ فیصلوں کے مطابق بجٹ خسارہ 4.9 فیصدرکھنےکا وعدہ پورا کرنے کا کہا اور بجٹ فیصلوں کےمطابق پرائمری خسارہ جی ڈی پی کا0.2فیصدرکھنےکاوعدہ پوراکرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آئی ایم ایف کے وفد نے بجٹ میں اعلان کردہ فیصلوں کے مطابق بجٹ خسارہ 4.9 فیصد رکھنے کا وعدہ پورا کرنے کا کہا اور بجٹ فیصلوں کےمطابق پرائمری خسارہ جی ڈی پی کا0.2فیصد رکھنے کا وعدہ پوراکرنے کا بھی کہا گیا۔
آئی ایم ایف وفد نے مطالبہ کیا کہ برآمدی شعبےکو 110ارب روپے کااستثنا ختم کیا جائے، ایف بی آر کی طرف سے 7470 روپے ٹیکس وصولیوں کاہدف ہرحال میں پورا کیاجائے، اس کے علاوہ گردشی قرض میں خاطر خواہ کمی لائی جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصولی کا ہدف پورا کرنے کا بھی کہا گیا، ریاستی کمپنیوں کی کارکردگی بہتر کرکے ان کا خسارہ بھی ختم کرنے کا کہا گیا ہے، آئی ایم ایف نے نجکاری پروگرام پر عمل درآمد کرنے کا کہا جب کہ آئی ایم ایف نے مالی خسارے اور نقصانات کی نشاندہی بھی کی۔حکام وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے مالی نظم و ضبط پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا ہے۔


















