لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روک دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی جانب سے حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ اسلام آباد جانا ہے خدشہ ہے کہ ایف آئی اے گرفتار کر لے گی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کو فوری پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کی 24 جنوری تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز گل کے خلاف درج مقدمات کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ پی ٹی آئی رہنما 24 جنوری تک متعلقہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں، واضح رہے شہباز گل کو اداروں کیخلاف بیان بازی کرنے پر کیسز کا سامنا ہے۔

عمران خان سے ڈاکٹر شہزاد وسیم کی ملاقات، سینیٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ سے متعلق امور پر بریفنگ دی، چیئرمین پی ٹی آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو پارلیمانی امور سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
واضح رہے عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں میں ہلچل دیکھنے میں آئی ہے اس حوالے سے حکومت نے پی ٹی آئی کے زیر التواء 35 ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں۔

فافن نے سندھ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے تیار فارم 11 میں کئی طرح کی خامیاں دیکھنے میں آئیں، فافن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق موصول فارم 11 پر پولنگ سٹیشنز کا نام، رجسٹرڈ مرد اور خواتین ووٹرز کی الگ الگ تعداد درج نہ تھی، اس کے علاوہ پریذائیڈنگ افسران کے دستخط سمیت اہم معلومات بھی درج نہیں کی گئی تھیں، دھاندلی کے الزامات کے باوجود کراچی ڈویژن کے عبوری نتائج دو دن کے اندرموصول ہو گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حیدر آباد ڈویژن کے مجموعی نتائج کا ابھی بھی انتظار ہے، الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق مجموعی انتخابی نتائج کی تیاری کیلئے 4 دن مختص کیے گئے تھے، غیر یقینی صورتحال کے باوجود ٹھٹھہ ڈویژن اور ملیر کے اضلاع میں ووٹرز کی ایک نمایاں تعداد نے ووٹ کاسٹ کیا۔
کراچی، حیدر آباد اور کیماڑی کے اضلاع میں ووٹر ٹرن آؤٹ نسبتاً کم رہا، حیدرآباد میں 40، کراچی میں ملیر کے علاوہ ٹرن آؤٹ 20 فیصد سے بھی کم رہا، انتخابات کے پہلے مرحلے کے مقابلے میں حالیہ ووٹنگ کا عمل زیادہ منظم رہا، پولنگ سٹیشنوں پر تلخ کلامی کے 14 واقعات رپورٹ ہوئے۔

لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سال 2023 میں پولیو کا پہلا ماحولیاتی نمونہ مثبت آگیا، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق رواں برس لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پہلا وائرس پایا گیا ہے جس سے لاہور میں پولیو وائرس کا خطرہ برقرار ہے۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سال کی پہلی قومی مہم کامیابی سے جاری ہے، حکومت انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے پُرعزم ہے، والدین کے تعاون سے مطلوبہ ہدف حاصل کر لیں گے۔

اعصام الحق قریشی کا آسٹریلین اوپن ٹینس مینز ڈبلز میں فاتحانہ آغاز

میلبورن: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے سربین جوڑی دار نکولا کیچک نے آسٹریلین اوپن ٹینس مینز ڈبلز میں فاتحانہ آغاز کردیا۔
قومی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
فاتح جوڑی نے مینز ڈبلز کے ابتدائی میچ میں فرانسسکو کیبرال اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جاؤ سوساپر مشتمل پرتگال کی جوڑی کو شکست دی ۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف )کے زیر اہتمام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 111 واں ایڈیشنآسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں جاری ہے ۔
اعصام الحق قریشی اور ان کے سربین جوڑی دار نکولا کیچک نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف فرانسسکو کیبرال اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جائو سوساپر مشتمل پرتگال کی جوڑی کو 6-4، 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ میں مینز ڈبلز کا فاتحانہ آگاز کیا۔
دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ میکسیکو کے سینٹیاگو گونزالیز ٹورے اور ان کے فرانسیسی جوڑی دار ایڈورڈ راجر سے ہوگا۔

انڈر 19 ویمن ورلڈ کپ: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ویمن ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔
قومی ویمن انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ میں جاری انڈر 19 ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر گروپ بی میں دوسری جیت اپنے نام کرلی۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 98 رنز کا ہدف دیا قومی بولر انوشہ ناصر نے 2 کھلاڑیوں جبکہ عریشہ اور لائبہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی اوپنرز شوال ذوالفقار اور ایمن فاطمہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف بغیر کوئی وکٹ کے گوائے حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سےایمن فاطمہ نے شاندار نصف سنچری بنائی اور 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

سندھ میں سینیٹ نشست، نثار کھوڑو کی بلا مقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) سینیٹ کی سندھ میں خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کے علاوہ کوئی امیدوار نہیں، پیپلز پارٹی کے امیدوار کی بلامقابلہ کامیابی کا نو ٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے، پیپلز پارٹی کے3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں نثارکھوڑو ،عاجز دھامرہ اور سرفراز راجڑ شامل تھے۔
عاجز دھامرہ پہلے ہی کاغذات نامزدگی واپس لے چکے تھے، آج سرفراز راجڑ نے بھی کاغذات واپس لے لیے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے، اسے سب کو تسلیم کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سب کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے، پیپلز پارٹی کے کراچی سے اب بھی پانچ ایم این ایز ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصل واوڈا کیس سے متعلق فیصلہ کے بعد سینیٹ کی نشست خالی ہوگئی تھی۔

محکمہ موسمیات نے 21 جنوری سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات اسلام آباد نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی، 21 جنوری سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں کو لپیٹ میں لے گا۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق خطہ پوٹھوہار سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مری، گلیات، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، شدید برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 21 جنوری سے 25 جنوری تک جاری رہے گا، بارش و برفباری کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گی۔
دوسری جانب وادی نیلم میں 4 روز کے وقفے کے بعد دوبارہ برفباری شروع ہو گئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شدید سردی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے 4 دن وادی نیلم میں برفباری جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کا وفد مجھ سے ملا، جن سے مطمئن ہوا ان کے استعفے منظور کیے: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وفد مجھ سے ملنے آیا، جو لوگ آئے یا جنہوں نے میڈیا پر آکر استعفے سے متعلق کہا اور مجھے اطمینان دلایا، میں نے مطمئن ہو کر ایسے ارکان کے استعفے منظور کر لیے۔
راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس جس نے مجھے اطمینان کرایا ان کے استعفے منظور کیے، مجھ سے بہت سے پی ٹی آئی ارکان نے رابطہ کر کے کہا ہے وہ ابھی سوچ رہے ہیں، جب استعفے منظور کرتا ہوں تو بھی شور مچ جاتا ہے جب نہیں کرتا تو بھی شور مچ جاتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا گیا کہ عمران خان نے واپسی کا عندیہ دیا تو آپ نے استعفے منظور کر لیے، جس کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ایسی بات نہیں ہے، جب پی ٹی آئی وفد آیا تو منظوری کا عمل شروع ہوچکا تھا، میں اب بھی چاہتا ہوں جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے اسمبلی میں آئیں۔

عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان این اے 22، 24، 31 اور این اے 45 کرم سے کامیاب قرار پائے ہیں۔
عمران خان کی این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کراچی سے کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے آج ہی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔

سونے کی قیمت میں 1200 روپے فی تولہ کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں کمی آئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کم ہوکر کر 1909 ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے باعث ملکی سطح پر سونے کی قیمت فی تولہ قیمت میں 1200 اور اور فی دس گرام قیمت میں 1029 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 85 ہزار 300 روپے اور فی دس گرام قیمت ایک لاکھ 58 ہزار 865 روپے ہوگئی۔

روپے کی بے قدری جاری، ڈالر مزید مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں کمی، سیاسی افق پر غیریقینی فضاء اور معیشت کو درپیش چیلنجز کی وجہ سے ڈالر کے اوپن ریٹ میں اضافہ ہوا۔
جمعرات کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 229 روپے 15 پیسے پر بند ہوا جوکہ گزشتہ روز 228 روپے 91 پیسے تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 239.50 روپےکا ہو گیا ہے۔

افغان صوبے تخار میں گورنر آفس کے قریب دھماکا

تخار: (ویب ڈیسک) افغان صوبے تخارکے شہر تعلقان میں گورنر آفس کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں طالبان فورسزکی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا تاہم اس میں ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ مقامی حکام نے دھماکےکی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔