لندن : (ویب ڈیسک) لندن میں کونسل ٹیکس نافذ ، بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں تقریبا 6 فیصد ریکارڈ اضافہ کیاگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے میئر صادق خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کے مطلوبہ فنڈ نہ دینے سے یہ اضافہ کرنا پڑا ہے ۔
کرایوں میں اضافے کے بعد زون 1 کے مصروف اوقات میں ٹیوب کرایوں میں 12فیصد جبکہ آف پیک کیلئے ٹیوب کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔
علاوہ ازیں ڈے ٹریول کارڈ میں زون 1-6 تک 4 پاؤنڈ کا اضافہ کیا گیا ہے، زون 1-4 کیلئے ٹیوب کرایوں میں 70 پینس اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہفت روزہ پاس کی قیمت میں 1.40 پاؤنڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ لندن کے ہر گھر کے کونسل ٹیکس میں 9.7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
لندن میں بینڈ ڈی کے کونسل ٹیکس میں 38.55 پاؤنڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹی ہال کا کہنا ہے کہ کم عمر اور 60 سال سے زائد افراد کیلئے مفت سفر کی سہولت کو برقرار رکھا جائے گا ۔
کرایوں اور کونسل ٹیکس میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
Monthly Archives: January 2023
فلسطینی صدر محمود عباس سے امریکی مشیر قومی سلامتی کی ملاقات
بیت المقدس : (ویب ڈیسک) فلسطین کے صدر محمود عباس سے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ملاقات کی ہے جس کے دوران محمود عباس کی جانب سے یروشلم میں امریکی قونصل خانے کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی صدر نے جیک سلیوان سے ملاقات کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی حکومت کو فلسطینیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے اقدامات کے لیے دباؤ ڈالنے سے روکے۔
فلسطینی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ محمود عباس نے سلیوان کو بتایا کہ اسرائیلی اتحاد کی نئی پالیسیاں خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے باقی ماندہ امکانات کو تباہ کر رہی ہیں، امریکہ مداخلت کرے اس سے پہلے کہ ان یکطرفہ اقدامات کو روکنے میں بہت دیر ہو جائے۔
عباس نے سلیوان پر زور دیا کہ امریکہ اسرائیل پر روزانہ قتل اور فلسطینی شہروں اور قصبوں میں دراندازی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
عباس نے سلیوان سے یروشلم میں امریکی قونصل خانے کو بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جو مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے ساتھ امریکی تعلقات کی نگرانی کرتا ہے۔
علاوہ ازیں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے جمعرات کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی۔
یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی عالمی سلامتی کیلئے خطر ناک ہے : روس کا انتباہ
ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو بھاری ہتھیاروں جیسا کہ جنگی ٹینک اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹم یوکرین کو مہیا کرتا ہے تو یہ انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے اور اس اقدام سے عالمی اور پین یورپی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کو کریملن کی طرف سے یہ احتیاطی بیان ایک اہم ڈونر میٹنگ سے قبل سامنے آیا جب مغربی ممالک یوکرین کو مزید طاقتور فوجی سازوسامان بھیجنے پر غور کر رہے ہیں اور روسی افواج علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے حملے تیز کر رہی ہیں۔
کریملن نے مغرب پر دباؤ ڈالا کہ وہ یوکرین کو روسی افواج اور علاقے پر حملہ کرنے کے قابل بھاری ہتھیار نہ دیں۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ تنازعہ کو بالکل نئی سطح پر لایا جائے جو کہ یقیناً عالمی اور پین یورپی سیکورٹی کے نقطہ نظر سے اچھا نہیں ہوگا، یہ ممکنہ طور پر انتہائی خطرناک ہے۔
پیسکوف نے کہا کہ اگر یوکرین روس یا جزیرہ نما کریمیا کو نشانہ بنانے کے لیے مغربی ممالک سے فراہم کردہ ہتھیاروں کا استعمال کرتا ہے تو روس جوابی کارروائی کرے گا۔
فرانس : پنشن منصوبے کیخلاف مارچ ، 10 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت
پیرس : (ویب ڈیسک) فرانسیسی حکومت کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے منصوبے کے خلاف ملک گیر ہڑتال اور مارچ میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ ٹرین سروس معطل اور کئی پرائمری سکول دن بھر بند رہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون کے ریٹائرمنٹ کی عمر کو دو سال سے بڑھا کر 64 سال تک کرنے کے منصوبے کے خلاف جمعرات کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال اور مارچ میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے حصہ لیا جبکہ ٹرانسپورٹ، سکول اور ریفائنریز کے شعبوں میں بھی ہڑتال کی گئی۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ جمعرات کو ملک بھر میں 1.12 ملین افراد نے احتجاج کیا، پیرس میں ہونے والی سب سے بڑی ریلی میں 80,000 افراد نے حصہ لیا جبکہ ٹریڈ یونینوں کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پیرس مارچ سے پہلے 15 اور اس کے دوران مزید 15 افراد کو غیر قانونی ہتھیار لے جانے یا پروجیکٹائل پھینکنے جیسے جرائم کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
آپریٹرز کے مطابق پورے فرانس میں مقامی اور علاقائی ٹرین سروس تقریباً ٹھپ ہو گئی اور پیرس سمیت دیگر شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ بہت متاثر تھی، کئی پرائمری سکول دن بھر بند رہے۔
حکام کا اندازہ ہے کہ 40 فیصد پرائمری اساتذہ اور 30 فیصد سے زیادہ سیکنڈری اساتذہ نے ہڑتال کی، پبلک سروس ریڈیو اور ٹیلی ویژن میں بھی خلل پڑا اور کچھ تھیٹر اور عجائب گھر بند ہو گئے، کچھ ریفائنری کی ترسیل کو روک دیا گیا اور توانائی کی پیداوار کم ہو گئی۔
سندھ ہائیکورٹ کا شہریوں کی گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے شہریوں کی گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس نعمت اللہ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس نعمت اللہ نے شہریوں کی گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جس علاقے سے شہری لاپتہ ہوں متعلقہ تھانے میں فوری مقدمہ درج کیا جائے۔
عدالت نے ایس ایچ او شاہ لطیف کو حکم دیا کہ لاپتہ شہری میر علی حیدر کی گمشدگی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جائیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری حیدر علی کی فوری بازیابی کا حکم دے دیا جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ لاپتہ شہری منظور احمد گھر واپس آ گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا گمشدگی کے دوران منطور احمد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے، عدالت نے سٹیل ٹاؤن سے لاپتہ ہونے والے شہری منظور احمد کی گمشدگی کی درخواست نمٹا دی۔
ملکی حالات ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نواز شریف
لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی حالات کو ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی 4 سالہ حکومت کا موازنہ ہمارے ساتھ نہ کیا جائے، ملک کے خراب ہوتے ہوئے حالات ٹھیک کریں گے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا، اس کے دور کی نسبت ہمارے دور میں لوگ خوشحال تھے۔
جان کو خطرہ،چھپ کر بیٹھنے کے بجائے انتخابی مہم کیلئے سڑکوں پر نکلوں گا: عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبل ازوقت الیکشن نہ کرائے گئے تو پاکستان کی معیشت سری لنکا کی طرح دیوالیہ پن کا شکار ہو جائے گی۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جان کو خطرہ ہے مگر چھپ کر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انتخابات کا سال ہے، انتخابی مہم چلائیں گے، ہر صورت عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے، عوامی ریلیوں میں بلٹ پروف سکرین لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اور اس کے ساتھ اتحادی چاہتے ہیں مجھے کسی طرح سے نا اہل قرار دیا جائے، نا اہلی کے لئے مخالفین اپنی تمام قوت کا استعمال کر رہے ہیں لیکن ایسا کوئی کیس نہیں جہاں انہیں نا اہل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت اتنا سیاسی عدم استحکام ہے کہ معاشی استحکام ناممکن ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بڑا خطرہ بڑھتی ہوئی شدت پسندی سے ہے، پاکستان میں معاشی استحکام صرف اور صرف صاف اور شفاف الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سویلین حکومت کے پاس اگر ذمہ داری ہے تو اختیار بھی ان کے پاس ہی ہونا چاہیے، اگر ذمہ داری جمہوری حکومت کی ہو اور اختیار فوج کے پاس رہے تو کوئی سسٹم نہیں چل سکتا۔
پہلی مرتبہ امریکی کرکٹ ٹیم پاکستان کی لیگ فرنچائز سے سیریز کھیلنے کیلئے تیار
لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی مائنر لیگ کرکٹ کی ٹیم ’ہیوسٹن ہریکینز‘ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔ ذرائع کے مطابق امریکی مائنر لیگ کرکٹ کے سنٹرل ڈویژن میں کھیلنے والی ہیوسٹن ہریکینز کے دورہ پاکستان کا نظر ثانی شدہ پروگرام جاری کردیا گیا۔ مہمان ٹیم پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 27 جنوری کو کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 28 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ 29 جنوری کو ہو گا، یہ پہلا موقع ہو گا جب ریاست ہائے متحدہ امریکا کی کوئی ٹیم لیگ کی کسی فرنچائز سے مقابلہ کرے گی۔
امپورٹڈ حکومت کو اپریل میں جنرل الیکشن کیلئے مجبور کر دینگے: مسرت جمشید
لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مسلسل الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اب یہ شوشہ چھوڑ رہے ہیں کہ اسمبلیوں کی مدت بڑھائی جاسکتی ہے جو کہ سراسرغیر آئینی ہے، ہم انہیں اپریل میں جنرل الیکشن کے لئے مجبور کر دیں گے۔ رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ میں کرپشن مقدمات ختم کرنے کے علاوہ اس ٹولے نے کچھ نہیں کیا۔
کراچی : جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے حلف اٹھانے سے قبل ہی متحرک
کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے کامیاب ہونے والے نمائندے حلف اٹھانے سے پہلے ہی حرکت میں آگئے۔ جناح ٹاؤن اور ملیر میں جماعت اسلامی کے نمائندے اسامہ اور سعد اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے متحرک ہوگئے، گلیوں میں تعمیراتی کام کے دوران گیس لائن پھٹنے کا نوٹس لے لیا۔ کامیاب نمائندوں کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے لوگ منتخب ہوچکے ہیں اب چائنا کٹنگ نہیں ہوگی، صفائی کا عملہ گلیوں میں نظر آئیگا، آوارہ کتوں کا بھی فوری بندوبست کیا جائے گا۔
مریم نواز 29 جنوری کو پاکستان واپس آئیں گی:ن لیگی ذرائع
لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی لندن سے پاکستان واپسی کا پروگرام طے پا گیا، ن لیگ کی سینئر نائب صدر 29 جنوری کو پاکستان واپس آئیں گی۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق مریم نواز غیرملکی ایئرلائن سے 28 جنوری کوہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہوں گی اور29 جنوری بروز اتوار شام 4 بجے لاہور پہنچیں گی جبکہ انکے ہمراہ فیملی کے چند افراد بھی لاہور پہنچیں گے۔ مریم نواز لندن میں 4 ماہ تک قیام کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مقرر ہونے کے بعد وطن واپسی پر وہ سیاسی طور پر متحرک نظر آئیں گی۔
کورونا کے مزید 21 کیسز رپورٹ، 9 مریضوں کی حالت نازک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار 627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 21 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.58 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 09 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
چین کے آئس پارک میں فیصل مسجد کا برف سے بنا مجسمہ توجہ کا مرکز
ہربن: (ویب ڈیسک) چین کے مشہور آئس تھیم پارک ( آئس فیسٹیول) میں پاکستان کی فیصل مسجد کا برف سے بنا مجسمہ توجہ کا مرکز بن گیا۔
چین کے سرد ترین شہر ہربن میں17 دسمبر سے آئس تھیم کھولا دیاگیا تھا، یہ بڑے پیمانے پر برف اور برف کے مجسموں کا دنیا کا مقبول ترین تھیم پارک ہے، یہ 8 لاکھ 10 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے، اس میں سیاحوں کے لیے 100 سے زیادہ برف سے بنی پرکشش عمارتیں ،مجسمے ، سلائیڈز اور تفریحی کے لیے کافی چیزیں موجود ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق اس آئس پارک میں تقریباً 8 تفریحی مقامات بھی ہیں جہاں شہریوں کا داخلہ بالکل مفت ہے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی اس آئس فیسٹیول میں برف سے بنی عمارتیں جہاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں وہیں رواں سال اس میں پاکستان کی مشہور فیصل مسجد کا برف سے بنا مجمسہ بھی شہریوں کے دلوں میں گھر کر کررہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس برف سے بنے مسجدکے مجسمے کی تیاری میں 2 ہزار 300 مکعب میٹرز برف استعمال کی گئی ہے۔
اس مجسمے کو خوبصورت رنگوں کی روشنیوں سے سجایا گیا ہےجس کے سامنے بڑی تعدادمیں شہری تصاویر بھی بنارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ی آئس فیسٹیول ہر سال دسمبر سے فروری کے آخر تک جاری رہتا ہے، جہاں پوری دنیا سے سیاح سیر کرنے پہنچتے ہیں۔


















