کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی فی تولہ قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1200 روپے اضافے کے ساتھ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 87 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت 1029 روپے اضافے سے 1 لاکھ 60 ہزار 494 روپے ہو گئی جبکہ عالمی بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 2 ڈالر اضافے سے1927 ڈالر ہے۔
Monthly Archives: January 2023
ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں چھ ماہ کے دوران 7 فیصد تک کمی ریکارڈ
کراچی: (ویب ڈیسک) رواں مالی سال 2022-23 کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں مجموعی طور پر 7 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال 2022-23 مجموعی طور پر ٹیکسٹائل برآمدات 8 ارب 79 کروڑ ڈالر تک رہیں، گزشتہ مالی سال 2021-22 کے پہلے چھ ماہ میں برآمدات 9 ارب 47 کروڑ ڈالر تک رہیں۔
گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اکتوبر اور نومبر 2022ء میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں 18 فیصد تک کمی ہوئی، دسمبر 2022ء میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کارخانوں کو گیس کی بندش اور توانائی کی بلا تسلسل فراہمی برآمدات میں کمی کی وجوہات میں شامل، خام مال کی درآمد پر پابندیاں بھی برآمدات میں کمی کا سبب بنیں۔
وزیر اعظم سے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات، پنجاب میں انتخابات پر بریفنگ دی
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، اس موقع پر سابق اراکین پنجاب اسمبلی یاسین سوہل اور میاں نصیر بھی موجود تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم شہباز شریف کو بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے حوالے سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی، اس دوران وزیر اعظم نے خواجہ سعد رفیق کو ریلوے کے سفر کو بہتر اور محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان ملکی مجموعی سیاسی اور حلقے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو پنجاب میں آئندہ انتخابات کی صورتحال کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
عمران خان کا شوکت خانم کے فنڈز سے ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس میں جرح کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز سے ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کر لیا۔
خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر حیدر رسول نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے شوکت خانم کے فنڈز کی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کیے، اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شوکت خانم کے بورڈ کی جانب سے مجھے اس حوالے سے بتایا گیا تھا، اس وقت یاد نہیں کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام کیا تھا۔
وکیل نے پوچھا کہ کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا؟ عمران خان نے کہا اس وقت یاد نہیں کہ تحریری طور پر کیا تھا یا نہیں، جو 3 ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا۔
وکیل خواجہ آصف نے کہا معاملہ ختم نہیں، معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے، جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا، اس دوران عمران خان کے وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر خواجہ آصف کے وکیل نے کہا سماعت ملتوی کر دیتے ہیں آپ آئندہ سماعت پر صرف 2 گھنٹے دے دیں میں جرح مکمل کرلوں گا۔
عمران خان نے ہنستے ہوئے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ادھر ادھر کے سوال کرنے کے بجائے سچ پر آئیں تو معاملہ جلدی ختم ہو سکتا ہے، آئندہ سماعت کی تاریخ شیڈول سے دیکھ کر آگاہ کردوں گا، کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
پی آئی اے طیاروں کی کلر سکیم تبدیل کرنے کی سفارش
کراچی: (ویب ڈیسک) انتظامیہ نے پاکستان ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیاروں کی کلر سکیم اور دم کا ڈیزائن ایک بار پھرتبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مختلف ڈیزائن اور کلر سکیم پر مبنی سفارشات بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پیش کر دی گئی ہیں، طیاروں کی دم پر مارخور کی تصویراور نئی بلیو کلر سکیم 2018 میں متعارف کروائی گئی تھی، بعد میں عوامی دباؤ پر اس کلر سکیم کو ختم اور موجودہ کلر سکیم کو بحال کیا گیا تھا۔
بورڈ کی جانب سے پیش کردہ سفارشات واپس کر کےمزید ڈیزائن اور سکیم پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بورڈ ارکان نے کلر سکیم کے لئے پاکستانی تشخص ہر صورت ملحوظ خاطر رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی جانب سے کلر سکیم تبدیلی کی صورت میں ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے پیر امین الحسنات نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی
سرگودھا: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے پیر محمد امین الحسنات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر امین الحسنات نے کہا کہ میرے پاس محترم لوگ تشریف لائے ہیں، میرا جس بھی پارٹی سے تعلق رہا اچھا وقت گزرا ہے، اسد عمر کے ساتھ 5 سال اسمبلی میں گزارے ہیں، جب بھی انہوں نے گفتگو کی تو دلائل کے ساتھ کی، ہم اپنا دل آپ کے راستے میں بچھاتے ہیں، وقت گزرتا ہے تو اسباب پیدا ہوتے رہتے ہیں، اپنے دائیں بائیں بیٹھے تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیر امین الحسنات کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس علاقے اور پورے پاکستان کی بہتری کیلئے ہم ساتھ مل کر سفر جاری رکھیں گے، ہم وہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس کا خواب ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا۔
شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیر حسنات شاہ کو خوش آمدید کہنے آیا ہوں، پیر امین الحسنات کی پارٹی میں شمولیت سےتحریک انصاف کو تقویت ملے گی، فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پیر امین الحسنات اور ان کی تمام فیملی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن سرگودھا سے عملی طور پر ختم ہو گئی، آج رہی سہی کسر پوری ہو گئی، یقین سے کہہ سکتا ہوں عمران خان کی رگ رگ میں عشق رسولؐ کا فلسفہ ہے، جس طرح عمران خان نے دین کیلئے خدمات سرانجام دیں سب کے سامنے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری ہو گئی، اعظم خان نے نگران وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، گورنر غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان سے حلف لیا۔
کے پی حکومت اور اپوزیشن نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام کی منظوری آج بروز ہفتہ 21 جنوری کو دی گئی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی جانب سے گزشتہ روز اعظم خان کے نام پر اتفاق ہونے کا اعلان کیا گیا تھا، اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ، سپیکر اور ان کی جماعت کا مشکور ہوں، جماعت کے بڑے نہ چاہیں تو بات مکمل نہیں ہو سکتی، ہمارا اپنا کوئی اختیار نہیں، جماعتوں کے فارمولے اور ہدایات پر آتے ہیں۔
اکرم درانی نے کہا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار جماعتوں کے درمیان دوریاں ہیں، صوبے میں بدامنی اور مہنگائی کا مسئلہ ہے، دو، تین نام حکومت کے تھے، دو نام اپوزیشن کے تھے، پشاور میں پرویز خٹک، وزیراعلیٰ اور سپیکر اور ان کی پارٹی کا بھی مشکور ہوں، دونوں جانب سے اچھے افراد کے نام آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان اور ظفر اللہ کے نام ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اویس احمد آغا اور صاحب زادہ سعید ہیں اور خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان پر اتفاق ہو گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھانے والے اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، وہ سابق نگران وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے ہیں۔
سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے اعظم خان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ہے۔
لاہور کے تندوروں پر روٹی کی قیمت میں ازخود 2 روپے کا اضافہ
لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی کشیدگی کے باعث ضلعی انتظامیہ اور روٹی نان بائی ایسوسی ایشن میں ڈیڈ لاک برقرار، تاحال روٹی کی قیمت پر فیصلہ نہ سکا۔
لاہور کے تندوروں پر روٹی کی قیمت میں ازخود 2 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، 14 کے بجائے 16 روپے میں فی روٹی فروخت ہونے لگی، متعدد تندورں پر روٹی 18 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمتوں میں تاحال اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن نے ازخود روٹی مہنگی کر کے انتظامیہ کی رٹ چیلنج کر دی، 2 روپے اضافے کے ساتھ فروخت کرنے لگے۔
صدر نان بائی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے کہا کہ آٹا ،میدہ ،بجلی، گیس مہنگی ہونے سے اضافی بوجھ برداشت نہیں ہو رہا، ملازمین کی تنخواہیں پوری نہیں ہوتیں، اگر انتظامیہ نے کریک ڈاون کیا تو تندوروں کو تالے لگا کر احتجاج کا راستہ لیں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے کہنا ہے کہ تندور مالکان خود ساختہ روٹی اور نان مہنگا کریں گے تو سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اڑھائی ماہ قبل روٹی 12 روپے سے 14 کی گئی، اڑھائی ماہ میں فی روٹی کی قیمت میں اب ازخود 4 روپے اضافہ ہوا ہے۔
لاہور : نجی سکول کی طالبہ پر تشدد ، 3 طالبات کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور
لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نجی سکول کی طالبہ پر تشدد کے واقعہ میں 3 طالبات کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کر لی گئی ۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نجی سکول کیس میں ایڈیشنل سیشن جج نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ڈیفنس اے پولیس کو تین طالبات کی 50،50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانتیں منظور کرتے ہوئے طالبات کو 30 جنوری تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے نجی سکول کی طالبہ کو اس کی کلاس فیلوز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ، بعدازاں پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تھا۔
تھانہ ڈیفنس میں درج ایف آئی آر میں مدعی عمران نے موقف اپنایا ہے کہ اس کی بیٹی کو کلاس فیلو جنت، اس کی بہن کائنات، عمائمہ اور نور رحمان نے تشدد کا نشانہ بنایا، ایف آئی آر کے مطابق باکسر عمائمہ متاثرہ لڑکی کو کھینچ کر کینٹین کی طرف لے گئی اور بچی کو بالوں سے پکڑا، چُھریوں کے وار کیے زمین پر گرا دیا اور ٹھوکریں ماری گئیں۔
صدرمملکت کا آن لائن بینک فراڈ اور جعلسازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےآن لائن بینک فراڈ اور جعل سازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لے لیا ۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آن لائن بینکنگ فراڈ کے بڑھتے ہوئے رجحان میں نوسرباز خود کو فون پر بینک کا اہلکار ظاہر کرکے صارفین کی ذاتی بینکنگ تفصیلات حاصل کرکے شہریوں کی رقم آن لائن ذرائع سے نکلوا لیتے ہیں ۔
صدر مملکت عارف علوی نے آن لائن بینک فراڈ سے متعلق اخبارات میں خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، حال ہی میں معروف ناول نگار اور ڈرامہ نگار مرزا اطہر بیگ کو ایک آن لائن نوسرباز نے ان کے بینک اکاؤنٹ سے 11 لاکھ روپے سے محروم کر دیا تھا۔
صدرمملکت نے کہا کہ تمام بینکوں کو مشترکہ طور پر تمام ذرائع ابلاغ، روایتی اور ڈیجیٹل کے ذریعے آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے ، بینک صارفین کو آن لائن بینکنگ پلیٹ فارمز کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے ،آن لائن بینکنگ کے حوالے سےاسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات اور متعلقہ ایس او پیز کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔
صدر کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے مرزا اطہر بیگ سے رابطہ کیا اور بینک کی جانب سے مقررہ وقت میں ریلیف نہ ملنے کی صورت میں بینکنگ محتسب کو باضابطہ شکایت درج کرانے کا کہا ہے ۔
صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کو تشویشناک رجحان کا سنجیدگی سے اور سخت نوٹس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے بینکنگ محتسب کو ہنگامی بنیادوں پر مناسب چیک اینڈ بیلنس اور فول پروف سیکیورٹی سسٹم لاگو کرنے کے لیے ٹھوس، بامعنی اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے راکھی ساونت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کر دیا
ممبئی: (ویب ڈیسک) تنازعات کے باعث اکثر خبروں کی سرخیوں میں رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت کو ممبئی کی پولیس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کر دیا۔
راکھی ساونت کو ممبئی کے امبولی تھانے کی پولیس نے 19 جنوری بروز جمعرات کو اداکارہ شیرلین چوپڑا کی شکایت پر گرفتار کیا تھا۔
شیرلین چوپڑا نے راکھی پر الزامات عائد کیے تھے کہ انہوں نے بھارتی صحافیوں کو شیرلین کی برہنہ ویڈیوز دکھائیں، اس کے علاوہ اخلاق سے گری زبان کا بھی استعمال کیا جس کے بعد راکھی کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
اب بھارتی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ راکھی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چھوڑ دیا گیا ہے، پولیس نے تھانے میں ان سے کئی گھنٹوں تک تفتیش کی، اس کے علاوہ پولیس نے بتایا کہ راکھی نے اپنا موبائل دے دیا ہے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
پولیس کے مطابق راکھی ساونت کو عدالت میں پیش کیے جانے سے قبل ہی انہوں نے ضمانت کے کاغذات دکھائے اور انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چھوڑ دیا گیا۔
لاہور میں طالبہ پر ساتھی لڑکیوں کا تشدد، شوبز شخصیات بھی برہم
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے نجی سکول میں نشے کی عادی لڑکیوں کی جانب سے ساتھی طالبہ پر کئے گئے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر شوبز شخصیات نے بھی اظہار برہمی کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر شوبز شخصیات کی جانب سے بھی شدید ردِعمل سامنے آرہا ہے، اداکار احمد علی بٹ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کا ذمے دار والدین اور سکول انتظامیہ کو ٹھہراتے ہیں جنہیں بلکل اندازہ نہیں کہ ان کے بچے سکول اور نجی زندگی میں کیا کر رہے ہیں۔
احمد علی بٹ نے اپنی انسٹا گرام سٹوری میں لکھا کہ اس واقعے کو دیکھنے کے بعد یہ ثابت ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا اور منشیات نے کس طرح ہماری نوجوان نسل کو برباد کر دیا ہے۔
اداکارہ یشما گل نے بھی مذکورہ واقعے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ اس طرح تنگ کرنا لڑکی کو مارنا اور ویڈیو بنانا کسی لحاظ سے بھی اچھا نہیں ہے۔
اداکارہ میرب علی نے کہا کہ یہ بیہودہ حرکت ہے اُمید ہے کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف ملے گا اور یہ بابا کی شہزادیاں جیل میں وقت گزاریں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر لاہور کے ایک نجی اسکول کے بچوں کی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک طالبہ پر ساتھی لڑکیوں کو تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ لڑکے اسے بچانے کے بجائے ویڈیو بنانے میں مصروف رہے۔
اسپین :کارگو بحری جہاز سے 4500 کلو منشیات پکڑی گئی، 15 افراد گرفتار
میڈرڈ : (ویب ڈیسک) اسپین میں مال بردار بحری جہاز سے 4500 کلو منشیات پکڑ ی گئی، پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 13 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق جہاز کو کینری جزائر کے ساحل سے پکڑا گیا ہے جہاں 4500 کلو کوکین جنوبی امریکا سے یورپ لے جائی جارہی تھی ، کارروائی میں تمام ملوث 15 ارکان گرفتار کئے گئے ہیں جن میں 13 پاکستانی اور دو البانوی باشندے شامل ہیں۔
برازیل سے روانہ ہونے والے اس جہاز نے فروری کے وسط میں لٹویا پہنچنا تھا۔
یہ آپریشن بین الاقوامی تعاون کے نتیجے میں کیا گیاہے جس میں منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ میں مشتبہ جہاز کے ممکنہ ملوث ہونے کا تعین کیا گیا۔


















