تازہ تر ین

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری ہو گئی، اعظم خان نے نگران وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، گورنر غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان سے حلف لیا۔
کے پی حکومت اور اپوزیشن نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام کی منظوری آج بروز ہفتہ 21 جنوری کو دی گئی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی جانب سے گزشتہ روز اعظم خان کے نام پر اتفاق ہونے کا اعلان کیا گیا تھا، اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ، سپیکر اور ان کی جماعت کا مشکور ہوں، جماعت کے بڑے نہ چاہیں تو بات مکمل نہیں ہو سکتی، ہمارا اپنا کوئی اختیار نہیں، جماعتوں کے فارمولے اور ہدایات پر آتے ہیں۔
اکرم درانی نے کہا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار جماعتوں کے درمیان دوریاں ہیں، صوبے میں بدامنی اور مہنگائی کا مسئلہ ہے، دو، تین نام حکومت کے تھے، دو نام اپوزیشن کے تھے، پشاور میں پرویز خٹک، وزیراعلیٰ اور سپیکر اور ان کی پارٹی کا بھی مشکور ہوں، دونوں جانب سے اچھے افراد کے نام آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان اور ظفر اللہ کے نام ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اویس احمد آغا اور صاحب زادہ سعید ہیں اور خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان پر اتفاق ہو گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھانے والے اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، وہ سابق نگران وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے ہیں۔
سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے اعظم خان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv