اسرائیل کیساتھ تعلقات کی بحالی فلسطین کے 2 ریاستی حل سے مشروط ہے، سعودیہ

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں لائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے نو منتخب ویراعظم نیتن یاہو نے امریکا میں قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے ساتھ بات چیت میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی بات کی تھی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی مشیر قومی سلامتی سے یروشلم میں ملاقات میں مزید کہا تھا کہ دیگر عرب ممالک کے بعد اب ہم سعودی عرب سے بھی معاہدۂ ابراہیم کرنا چاہتے ہیں۔

جیسنڈا آرڈرن کے بعد کرس ہپکنز نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم نامزد

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی خاتون وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کے اچانک استعفے کے بعد لیبر ایم پی کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم نامزد کر دیئے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں قدیم مقامی نسل ماوری سے تعلق رکھنے والے وزیرِ اعظم کے انتخاب کیلئے دباؤ دیکھا گیا جس کے بعد ملک کے وزیرِاعظم کیلئے کرس ہپکنز کے علاوہ وزیرِ انصاف کیری ایلن اور وزیر امیگریشن مائیکل ووڈ کے نام زیرِ غور تھے۔
تاہم نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم کیلئے لیبر ایم پی کرس ہپکنز کو نامزد کر لیا گیا ہے جنہیں اس عہدے پر براجمان ہونے کیلئے اتوار کو ایوان میں لیبر پارٹی کی جانب سے باضابطہ توثیق کے بعد نیوزی لینڈ کا نیا وزیرِاعظم مقرر کیا جائے گا۔
جیسنڈا 7 فروری کو باضابطہ طور پر اپنا استعفی گورنر جنرل کنگ چارلس 3 کو پیش کریں گی جس کے بعد اگر کرس ہپکنز کو ایوان نمائندگان کی جانب سے حمایت حاصل ہوئی تو گورنر جنرل انہیں وزیرِ اعظم مقرر کریں گے۔
44 سالہ کرس ہپکنز پولیس تعلیم اور عوامی خدمت کے وزیر ہیں جو 2008 میں پارلیمنٹ کا حصہ بنے تھے۔
کرس ہپکنز عارضی طور پر نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کے عہدے کو سنبھال سکیں گے کیونکہ رواں سال اکتوبر میں عام انتخابات ہوں گے۔
یاد رہے کہ جینسڈا آرڈرن نے جمعرات کو انتخابات میں دوسری مدت حاصل کرنے کے تین سال سے بھی کم عرصے کے بعد اچانک عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
اپنا جانشین منتخب کئے بغیر اچانک عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر کے جیسنڈا نے سب کو حیران کر دیا تھا جس کے بعد فوری طور پر عبوری وزیرِ اعظم کو منتخب کرنے کیلئے پارلیمنٹ سر جوڑ کر بیٹھ گئی تھی۔

مودی سرکار میں اذان دینا بھی جرم بن گیا؛ 7 مساجد پر جرمانہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پر 7 مساجد کو پانچ پانچ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے علاقے ہریدوار میں ہائی کورٹ نے لاؤڈ اسپیکر پر بلند آواز میں اذان دینے پر جامع مسجد ہریدوار، عباد اللہ ہتلہ (ککر والی) مسجد، بلال مسجد، صابری جامع مسجد اور دیگر 3 مساجد پر پر جرمانہ عائد کردیا۔
مساجد کی انتظامیہ کو پانچ ہزار فی مسجد جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ایس ڈی ایم پورن سنگھ رانا کی جانب سے کی گئی۔ مساجد کی انتظامیہ نے سماعت کا بائیکاٹ کا کیا تھا۔

ہالی ووڈ اداکار ایلک بالڈون پر خاتون سنیماٹوگرافر کو قتل کرنے کا الزام عائد

نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ اداکار ایلک بالڈون پر فلم کی شوٹنگ کے دوران سنیماٹوگرافر پر گولی چلانے اور غیر ارادی قتل کرنے کا الزام عائد کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ اداکار ایلک بالڈون کو شوٹنگ کے دوران سنیماٹوگرافر خاتون ہالینا ہچنز کو قتل کرنے کے الزام کا سامنا ہے جس کی گزشتہ 15 ماہ سے تحقیقات چل رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پراسیکیوٹرز نے باضابطہ طور پر اعلان کرتے ہوئے اداکار پر غیر ارادی قتل کا الزام عائد کر دیا ہے اگر ایلک بالڈون پر جرم ثابت ہوا تو انہیں 5 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ چار ماہ قبل اداکار ایلیک بالڈون نے فلم ’رسٹ‘ کے سیٹ پر غلطی سے سنیماٹوگرافر ہالینا ہچنز کو گولی مار کر ہلاک اور ایک ہدایت کار کو زخمی کر دیا تھا۔
امریکی ریاست نیو میکسیکو میں شوٹنگ کے دوران 68 سالہ ایلیک بالڈون ایکشن سین عکس بند کروا رہے تھے، جس میں پروپ گن کا استعمال کیا جانا تھا تاہم نقلی سے اصلی گن کیسے تبدیل ہوئی یا بالڈون نے انہیں جان کر ہلاک کیا یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا۔
واضح رہے کہ قتل کے الزام کا سامنا کرنے والے اداکار ایلک بالڈون کا کہنا ہے کہ انہوں نے گولی چلائی نہ ہی کسی کو قتل کیا ہے۔

ڈیانا بیگ انجری کے باعث آسٹریلیا ٹی ٹونٹی سیریزاور ٹی ٹونٹی کپ سے باہر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی سیریز اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا حصہ نہیں ہوں گی۔
فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کے دائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے، ڈیانا بیگ کی جگہ صدف شمس متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گی۔
ڈیانا بیگ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں کیچ لینے کے دوران زخمی ہوئیں، ڈیانا کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایکسرے میں فریکچرکی تصدیق ہوئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی سی بی میڈیکل پینل نے ڈیانا بیگ کو 4 ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

کتے کو نام سے نہ پکارنے پر مالک نے پڑوسی کو قتل کر دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کتے کو نام سے نہ پکارے جانے پر پالتو کتے کا مالک طیش میں آگیا اور پڑوسی کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے پالتو جانور کا نام لینے کے بجائے کتا کہنے پر 62 سالہ پڑوسی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے واقعے کی تفصیل بتائی کہ نرملا اور اس کے بیٹے ڈینیئل اور ونسنٹ نے اپنے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو پالتو کتے کو کتا کہنے سے کئی بار منع کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پڑوسی نے اپنے پوتے کو قریب فارم میں چلنے والے پانی کے پمپ کو بند کرنے کے لیے کہا اور ساتھ ہی اپنے پوتے سے کہا کہ کتے کی موجودگی کے پیش نظر وہ اپنے ساتھ ایک چھڑی بھی لے جائے۔
62 سالہ شخص کے یہ الفاظ قریب کھڑے ڈینیئل نے سن لیے اور اس نے طیش میں آکر پڑوسی کے سینے میں گھونسا مار دیا جس سے پڑوسی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد نرملا اور اس کے بیٹے فرار ہوگئے تھے تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سمیت اس کی فیملی کو گرفتار کر لیا ہے۔

کھانے کا کم بل دیکھ کر صارفین حیرت میں مبتلا

لاہور: (ویب ڈیسک) آج کل کے دور میں باہر سے کھانا کھانا جیب بر بہت بھاری ہے، چاہے آپ کھانا آرڈر کرائیں یا باہر کھانے جائیں آپ کی جیب خالی ہو ہی جاتی ہے۔
ریسٹورنٹس میں اونچی قیمتوں پر موجودہ بحث کے درمیان 1971 کا ایک کھانے کا بل سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے ہیں، اس فوڈ بل میں مشہور جنوبی ہندوستانی ناشتے کا ڈوسا اور ایک کپ کافی کا ذکر کیا گیا ہے۔
حیرت کی بات تو یہ ہے کہ آرڈر کا کل بل صرف 2 روپے تھا اور اگر آج ہم کسی بھی معیاری ریسٹورنٹ میں ڈوسا اور کافی کا آرڈر دیتے ہیں، تو یہ کھانے کی جگہ کے لحاظ سے 800 روپے اور اس سے اوپر کی حد تک ہی ہوگا۔
51 سال پرانا یہ کھانے کا بل اب انٹرنیٹ پر گردش کرنے لگا ہے، 28 جون 1971 کا بل ظاہر کرتا ہے کہ ایک گاہک نے ڈوسا اور ایک کپ کافی کا آرڈر دیا تھا اور ان اشیائے خورونوش کی قیمت صرف 1 روپے تھی۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش بل نے صارفین کو پریشان کر دیا ہے کیونکہ اتنی قیمت پر اس طرح کا کھانا کھانا آج کل تصور سے باہر ہے، بہت سے صارفین خاص طور پر وہ لوگ جو 50 سال سے زیادہ ہیں، ایک گزرے ہوئے دور کے لیے پرانی یادوں کو محسوس کرتے ہیں جب قیمتیں اتنی زیادہ نہیں تھیں۔

ملک کی 64 فیصد نشستیں خالی، اب الیکشن نہیں رک سکتے: فواد چودھری

سرگودھا: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ اپنے تمام فیصلے امریکا سے لکھوا کر لاتے ہیں، الیکشن قریب ہیں، یہ الیکشن نہیں رک سکتے۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں 15 لاکھ مزدور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بیروز گار ہو گئے ہیں، آج عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے، جب تک سیاست ٹھیک نہ ہو معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی، یہ الیکشن سے ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے کالا چور چوری کرنے کے بعد بھاگتا ہے، آج ملک میں 64 فیصد نشستیں خالی ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ان سیٹوں پر الیکشن کرانے کیلئے 70 ارب روپے چاہیئں، عمران خان نے کہا تمام ایم این ایز استعفے دیں گے، 127 ایم این ایز نے اپنی سیٹیں قربان کیں، عمران خان کے مفادات پاکستان کی مٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنے ملک کی مٹی سے جڑا ہوا ہو، جب لیڈر اپنے پیسے باہر لے کر چلا جائے گا تو غربت ختم نہیں ہو سکتی۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا بند کمروں کے فیصلوں سے ملک میں سیاسی صورتحال خراب ہوئی، راجا پرویز اشرف نے اپنے کمرے میں سرنگ بنائی ہوئی ہے، ہم جب بھی استعفے لے کر جاتے تھے وہ سرنگ سے باہر نکل جاتے تھے، ہم جلد از جلد الیکشن کی طرف بڑھیں گے۔

مریم نواز کی وطن واپسی، مسلم لیگ ن کی تنظیم نو کیلئے شیڈول تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی وطن واپسی کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی، ان کے وطن پہنچنے پر پارٹی کی تنظیم نو کے لیے ڈیڑھ ماہ کا شیڈول تیار کر لیا گیا۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق سینئر نائب صدر ن لیگ وطن واپسی پر پریس کانفرنس میں سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گی، تنظیمی دوروں میں صوبائی قیادت ان کے ساتھ ہو گی، ن لیگ کا بیانیہ کیا ہو گا مریم پریس کانفرنس میں بتائیں گی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کی واپسی کا اعلان تنظیمی دوروں کے بعد ہو گا، مریم نواز ہی نواز شریف کی واپسی کا حتمی اعلان کریں گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی سیاسی قوت کیا ہے جلد ہی باقی سیاسی جماعتوں کو بھی پتہ چل جائے گا۔

پاک چین دوطرفہ تجارت نئی بلندیوں تک پہنچ جائے گی، بلاول بھٹو زرداری

بیجنگ،اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ کی توقع ہے، دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ، قابل تجدید توانائی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر سوئٹزر لینڈ میں چینی خبر رساں ادارہ ژنہوا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ 71 سال کے دوران پاک چین رہنماؤں کی کئی نسلوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو پروان چڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں، دونوں ممالک بنیادی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان اور چین علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں اور قومی ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ خواب میں بھی شریک ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) اور2013 ء میں چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) جیسے نئے اقدامات کی بدولت بھی پاک چین باہمی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ آج پاکستان اور چین کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری قائم ہے، ہمارے درمیان مضبوط تذویراتی اور دفاعی تعاون ہے، ہمارے اقتصادی اور تجارتی تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں اور ہم نے مالیات، سرمایہ کاری اور صنعتی شعبوں میں قریبی روابط کو نہ صرف برقرار رکھا ہے بلکہ ان کو فروغ دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چین پاکستان کے طلبہ کے لئے اولین منزل بن چکا ہے اور ہمارے لوگوں کے چینی لوگوں کے ساتھ مضبوط روابط ہیں جن کی آبیاری فنکاروں، ماہرین تعلیم، سائنسی برادری اور میڈیا نے کی ہے، انہوں نے کہا کہ 2013ء میں شروع کیا گیا سی پیک منصوبہ ایک راہداری منصوبہ ہے جو پاکستان کی گوادر کی بندرگاہ کو شمال مغربی چین کے سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے میں کاشغر سے جوڑتا ہے، اس کا مقصد توانائی، ٹرانسپورٹ اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور ریلوے، توانائی کے منصوبوں، بندرگاہوں اور خصوصی اقتصادی زونز سمیت ملک کے جدید نقل و حمل کے نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ سی پیک نے پاکستان کی ترقی اور بالخصوص اقتصادی ترقی کو روغ دینے کا موقع فراہم کیا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارتی روابط کے نقطہ نظر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعلقات پاک چین ہمہ موسمی تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا مرکز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کورونا کی وبائی مرض سے پہلے کی سطح سے بڑھ چکے ہیں، چین ہماری اعلیٰ برآمدی منڈیوں میں سے ایک ہے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ایک وسیع آزاد تجارتی معاہدہ (سی پی ایف ٹی اے) بھی موجود ہے جو ہمارے وسیع تر اقتصادی تعلقات میں نمایاں مقام کا حامل ہے۔

پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون؟ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون ہو گا عوام کو تاحال الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار ہے۔
آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس کل بلا لیا، اجلاس میں عہدے پر تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے دیئے گئے دو، دو ناموں پر غور ہو گا۔
واضح رہے کہ سرکار کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں جبکہ حزب اختلاف نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کر رکھا ہے۔

درختوں سے جنگلی حیات، سبزے کا ڈی این اے جمع کرنے والا ڈرون تیار

زیورخ: (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں ٹیکنالوجی کے ایک مشہور ادارے کے ماہرین نے ڈرون نما ایک اڑن مشین بنائی ہے جو گھنے جنگل کے درختوں پر رہنے یا عارضی مسکن بنانے والے پرندوں اور دیگر جانوروں کے ڈی این اے جمع کر سکتی ہے، اس کے علاوہ یہ خود درختوں کے تنوع کے بارے میں بھی ہماری معلومات بڑھا سکتی ہے۔
ای ٹی ایچ زیورخ اور سوئس فیڈرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے مشترکہ طور پر یہ مشین بنائی ہے جس سے درختوں کی صحت، تنوع اور وہاں موجود جانوروں کی معلومات مل سکیں گی کیونکہ ہمارے ڈیٹا بیس میں اب بہت ساری مخلوقات کا ڈی این اے جمع ہوچکا ہے۔
ایک گھنے جنگل میں ہر درخت کو دیکھنا اور اس پر رہائش پذیر مخلوق کا ریکارڈ رکھنا ایک امرِ محال ہے تاہم وہاں موجود نئے اور پرانے ڈی این اے سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ یہاں کون سے جانور بستے ہیں یا بیٹھتے ہیں، مثلاً کسی پرندے کی بیٹ، اس کے پروں کے ٹکڑے یا پنجوں سے اترے ہوئے خلیات بتاسکتے ہیں کہ وہ کس نوع سے تعلق رکھتا ہے۔
ڈرون پر ویلکرو جیسی چپکن پٹی لگی ہے جو تنوں اور پتوں سے رگڑ کر وہاں کے نمونے جمع کرتی ہے، پھر انہیں تجربہ گاہ لایا جاتا ہے اور وہاں ان اشیا میں سے ڈی این اے کا تجزیہ کیا جاتا ہے جسے ای (انوائرمینٹل) ڈی این اے کا نام دیا گیا ہے۔
یوں درخت کی اپنی کیفیت اور دیگر جاندار کا احوال معلوم ہوجاتا ہے لیکن اس کے لیے ڈرون بنانا ایک چیلنج تھا اور اس کے لئے پیچیدہ پروگرامنگ کی بھی ضرورت تھی جو بار بار کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔
جب ڈرون کو سات درختوں پر آزمایا گیا تو 21 جانداروں کے ڈی این اے دیکھے گئے جن میں پرندے، حشرات اور ممالیہ بھی شامل ہیں۔