وزیراعظم سے امریکی سفیرکی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پرعزم پاکستان کانفرنس پر امریکی حمایت اور سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں پر امریکی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزیدگہرا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان منظم اور وسیع البنیاد رابطے اہم ہیں۔

ڈالر کا ایک دن میں 25 روپے مہنگا ہونا معاشی تباہی ہے: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ ڈالر میں ایک دن میں 25 روپے اضافہ ہوا، ڈالر کے ریٹ کا اتنا ہونا معاشی اور سیاسی تباہی ہے، آج اوپن مارکیٹ کا ریٹ ہی نہیں آیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ جون میں آئی ایم ایف پروگرام ایکسپائر ہونے جا رہا ہے، جون سے پہلے نئی حکومت کا آنا ضروری ہے جو معاہدہ کرے، آئی ایم ایف سے پہلے سے آن بورڈ رہتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا، اس حکومت کی کوئی کریڈبیلٹی نہیں ہے، آئی ایم ایف اور عالمی ادارے اسی لیے ان سے زیادہ انگیج نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا مفتاح اسماعیل، اسحاق ڈار کی پالیسیوں نے معیشت کو تباہ کر دیا، گزشتہ نوماہ میں معاشی تباہی کےاثرات ابھی آنے ہیں ، اسحاق ڈار کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ہر چیز کی قلت پیدا ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح 30 سے 40 فیصد تک جائے گی، نو ماہ پہلے یہ ملک 6 فیصد پر معاشی گروتھ کر رہا تھا، سیاسی استحکام کو برقرار رکھتے تو آج ڈالر نیچے آتا، آج خام مال کی ایل سیز نہیں کھل رہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ فنانشل ٹائمز نے لکھا پاکستان اکنامک کولیپس کے قریب ہے، فنانشل ٹائمز نے لکھا عمران خان اس وقت بہت زیادہ مقبول لیڈر ہیں، ہزاروں کارکن زمان پارک میں پہرہ دیتے رہیں گے ، زمان پارک کے باہر کسی کو بریانی نہیں دی جاتی، مسلم لیگ کی طرح اللہ رکھا پیپسی کو نہیں بلایا جاتا، زمان پارک کے باہر ہزاروں لوگ خود آ رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ نواز شریف، زرداری نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے تھے، شہباز شریف، حمزہ شہباز کیس کے سارے گواہان مر جاتے ہیں، عمران خان کو گولیوں سے چھلنی کرنا فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے عوام کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں، ہم یہ کہہ رہے ہیں کاٹے لگانا بند کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کو دوبارہ کھڑا کریں گے، اسحاق ڈار کی پالیسیوں سے ملک کو بچانا ہوگا، انہوں نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، اقتدار میں آکر معیشت کو ریسکیو کرنا پڑے گا، ہمیں معلوم ہے مشکلات آئیں گی، ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہمارا مطالبہ شفاف انتخاب ہے۔
حماد اظہر نے کہا فواد چودھری کے اوپر چادر نہیں ڈالی گئی پورے جمہوری نظام پر ڈالی گئی، پنجاب پولیس نے عدلیہ کے احکامات کو ماننے سے انکار کیا، اس طرح نظام نہیں چل سکتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، انشاء اللہ ملک میں جمہوریت آئے گی۔
تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا چودھری پرویز الہٰی کو ادب سے جواب دینا چاہتا ہوں، پی ٹی آئی اس وقت ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، عمران خان نے روایتی سیاست کو رد کیا ہے، ہم جانتے تھے اسمبلیاں چھوڑنا مشکل راستہ ہے، معلوم ہے مزید مشکل راستے آئیں گے ہم تیار ہیں، ملک تباہ ہو رہا ہے تو ہم وزارت اعلیٰ کے مزے نہیں لے سکتے۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے اقتدار چھوڑ کر عوام کی سیاست کی ہے، عمران خان آج اگر سودے بازی کر لے تو اقتدار میں آسکتا ہے، عمران خان اقتدار کی سیاست نہیں کر رہا، یہ نہیں کہنا چاہیے کہ حکومت نہ چھوڑتے تو فواد چودھری اندر نہ ہوتے، فواد چودھری اس ملک کا ہیرو ہے، عمران خان کی سیاست مختلف ہے۔

پنجاب کی 8 رکنی کابینہ آج رات 9 بجے حلف اٹھائے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی 8 رکنی نگران کابینہ آج رات گورنر ہاؤس میں حلف اٹھائے گی۔
ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں نگران کابینہ کی حلف برداری تقریب کے حوالے سے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے لاہور پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں نگران کابینہ میں داخلہ، اطلاعات، خزانہ، قانون، فوڈ، ہیلتھ اور دیگر وزیر بنائے جائیں گے، ڈاکٹر جاوید اکرم کو صحت، امین وینس کو داخلہ، نسیم صادق کو محکمہ فوڈ کی وزارت دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔

کرن جوہر نے شاہ رخ خان کی فلم “پٹھان” دیکھ کر تعریفوں کے پل باندھ دیئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار و میزبان کرن جوہر نے شاہ رخ خان کی “پٹھان” کو دیکھ کر فلم کو میگا بلاک بسٹر قرار دیتے ہوئے فلم کے ہدایتکار،فلم ساز اور اداکاروں سمیت سب کی دل کھول کر تعریف کی اور انکی محنت کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ ہدایتکار کرن جوہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے انہوں نےپوسٹ کے کیپشن میں اداکاروں سے لے کر فلم ساز آدیتیہ چوپڑا اور سلمان خان کی انٹری تک ہر ایک کی محنت اور کوشش کو سراہا۔انہوں نے فلم کو میگا بلاک بسٹر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ “مجھے نہیں یاد کہ فلم پٹھان سے قبل میں نے کسی فلم کو اتنا انجوائے کیا۔ یہ سب سے بڑی بلاک بسٹر بلکہ میگا بلاک بسٹر فلم ہے۔فلم میں شارخ خان کا سٹار ڈم، پُرکشش ایجنٹ ڈپیکا پڈوکون اور ہینڈسم ولن جان ابراہیم کے ساتھ ساتھ سدھارت آنند کی مایانا ہدایتکاری ، فلم ساز آدیتیہ چوپڑا کی ذہانت اور سلمان خان سب کچھ ہے”۔
کرن جوہر نے شاہ رخ خان کی چار سال بعد فلموں میں واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ “کنگ کہیں نہیں گیا تھا وہ حکمرانی کے لئے صحیح وقت کا انتظار کر رہا تھا۔انہوں نے بھارت میں جاری حالیہ بائیکاٹ ٹرینڈ اور پٹھان مخالف مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ “ہوسکتا ہے کہ آپ پر اور فلم پر الزامات لگائے گئے ہوں، اس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہو لیکن ایک بات واضح ہے کہ جب آپ اپنی کرنے پر آتے ہیں تو کوئی بھی آپ کے آگے کھڑا نہیں ہوسکتا۔ سب کو پٹھان مبارک ہو”۔

عمران مذاکرات سے انکاری نہیں، حکومت کی طرف سے پیش رفت نہیں ہورہی: صدر علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی۔
سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ سے حکومت کی جانب سے خاموشی ہے، سیاست دان اگر مذاکرات کیلئے نہ بیٹھنا چاہیں تو میں کتنی بار کہوں؟
صدر مملکت نے کہا کہ مذاکرات کو ممکن بنانے کیلئے انہوں نے یہاں تک کہا کہ فوری الیکشن میں سے فوری کا لفظ نکال کر ہی بات کرلیں۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے صوبے میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کے حوالے سے بات ہوئی، گورنر کا کہنا ہے وہ اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کرتے تو تاریخ بھی ضرور دیتے ۔

فواد چودھری سے ہزار اختلاف، انہیں ہتھکڑی میں دیکھ کر دکھ ہوا: عرفان صدیقی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فواد چودھری سے ہزار اختلاف ہیں مگر انہیں ہتھکڑی میں دیکھ کر دکھ ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ کسی کی بھی گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگا کر میڈیا پر چرچا ہونا خوشی کی بات نہیں، دہشتگردوں کی طرح فواد چودھری کے چہرے پر پردہ ڈال کر لایا گیا اس پر بہت افسوس ہوا، ان پر تو پہلے پرچہ اور پھر گرفتاری ہوئی، مجھ پر تو کوئی پرچہ بھی نہیں ہوا تھا، آدھی رات کو مجھے میرے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب جیل بھیجا گیا تو ہائی سکیورٹی والے سیل میں ڈالا گیا، وہاں موجود مزید قیدیوں میں سے کوئی قتل تو کوئی دہشتگردی کے مقدمے میں آیا تھا، اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت تھی مگر کسی نے مذمت نہیں کی، مجھ پر تو کرایہ داری کا مقدمہ بنا کر یہ سب سلوک کیا گیا، نواز شریف تو اپنی بیٹی کے ساتھ پیشیوں پر جاتے تھے۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا عمران خان پر تو کئی کیسز ہیں مگر یہ کسی میں بھی پیش نہیں ہوتے، یہ کہتے ہیں کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اس وقت کہاں تھے، آج مشرف کی سزا پر کوئی بات نہیں کرتا، ہم تو مشرف کو کٹہرے میں لے کر آئے مگر آپ نے ان کی وکالت کی، ایک دوسرے کے گناہ نہ گنیں، جو کام کرنے آئیں ہیں وہ کریں۔

عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، گرفتاریوں کیخلاف بھرپور آواز اٹھانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب، یاسمین راشد اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی اس کے علاوہ شرکاء نے خاص طور پر الیکشن کمیشن کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہ ملنے پر حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
مرکزی لیڈر شپ کی جانب سے فواد چودھری اور دیگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاری اور نگران وزیر اعلیٰ کے رویے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور ہوا۔

مارچ میں روس سے پاکستان میں سستا تیل آنا شروع ہوجائے گا: مصدق ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ مارچ میں پاکستان میں سستا تیل آنا شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مارچ میں تمام کمرشل ڈیلز پر دستخط ہوجائیں گے، اگلی سردیوں کیلئے روس سے ایل این جی کا معاہدہ کیاجائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ اس کرنسی میں تجارت ہو سکتی ہے جو ہمارے پاس زیادہ ہو، کس کرنسی میں تجارت ہوگی اس سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ ہونا ہے۔

ریلوے کو عوامی استعمال کیلیے زمین لیز پر دینے کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے پاکستان ریلوے کو عوامی استعمال کے لیے زمین لیز پر دینے کی اجازت دے دی۔
عدالت عظمیٰ میں پاکستان ریلوے کی زمینوں کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پاکستان ریلوے کی لیز ہونے کے بعد زمینوں کی حیثیت تبدیل نا کی جائے اور ریلوے کی زمین پر پارک ہے تو اس پر تعمیرات نا کی جائیں، ریلوے اپنی زمینوں سے متعلق قانون سازی پارلیمنٹ یا کابینہ سے کروائے۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ریاست کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا میں ثابت ہوگیا ہے کہ ریاستی اداروں کا کام کاروبار کرنا نہیں ہوتا کیونکہ اسٹیل ملز، پی آئی اے اور دیگر اداروں میں کاروبار کا نتیجہ دیکھ لیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ریاستی ادارے اسی لیے خسارے میں ہیں کہ ان پر حد سے زیادہ بوجھ ڈال دیا جاتا ہے، کسی بھی ریاستی ادارے کو کاروبار کرنے سے پہلے پارلیمنٹ سے اجازت لینا ہوتی ہے۔
پاکستان ریلوے نے بزنس پلان بھی عدالت میں جمع کروا دیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ ریلوے کے پاس کل 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد ایکڑ زمین ہے، جس میں سے ایک لاکھ 26 ہزار زمین آپریشنل مقاصد اور 16 ہزار 742 ایکڑ زمین مستقبل کی پلاننگ کے لیے مختص ہے۔
عامر رحمان نے مزید بتایا کہ ریلوے کی 9 ہزار 985 ایکڑ زمین پر تجاوزات ہیں اور 10 ہزار 750 ایکڑ زمین اس وقت لیز پر ہے، تقریباً 6 ہزار ایکڑ زمین کسی استعمال میں نہیں ہے، سپریم کورٹ کے لیز کی پابندی کے حکم کے بعد ریلوے کی 2.5 ارب روپے کی آمدن رک گئی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ پاکستان ریلوے کو سیلاب کے دوران کتنا نقصان پہنچا ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بزنس پلان میں ریلوے نے اپنی آمدن، اخراجات اور نقصان کی تفصیل نہیں دی۔
سیکریٹری ریلوے نے بتایا کہ عدالت اجازت دے تو طے کیا ہے کہ ہر پراپرٹی لیز کے بدلے ریلوے اپنا حصہ لے گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لاہور کے دل میں متروکہ وقف املاک کی ایک پراپرٹی 500 روپے لیز پر لیکر کرایہ دار اس کا لاکھوں روپے کرایہ لے رہا ہے۔
جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیے کہ ریلوے لیز پر دی گئی زمینوں پر حصہ لینے سے ایک نیا پنڈورا باکس کھول رہا ہے، ایف بی آر کے اربوں روپے کے کیسز زیر التوا ہیں اور معاونت صفر ہے، مقدمات کی عدم پیروی سے پرائیویٹ پارٹیز جیت جاتی ہے اور ملک کا نقصان ہوتا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے مزید ریمارکس دیے کہ ریلوے زمین فروخت کر کے نقصان پورا کرنا مسئلے کا حل نہیں اور ریلوے عوامی زمین پر کاروبار کرنے لگا تو وہ سنبھلے گا نہیں، سپریم کورٹ معاملات میں صرف تب مداخلت کرتی ہے جب عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جائے، ریلوے کو اپنے بزنس پلان کے معاملے میں محتاط ہونا پڑے گا، ریلوے مارکیٹ کے حقائق کو نظر انداز نہیں کر سکتا اور تسلسل کے لیے ایک موثر نظام لانا ہوگا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ریلوے کاروبار کے بجائے اپنے اخراجات اور کھانا پینا کم کرے، ریاستی ادارے کاروبار کریں تو دوسرے کے کام میں مداخلت کرتے ہیں۔
سیکریٹری ریلوے نے کہا کہ پینشن کے اخراجات سے پاکستان ریلویز کی جان چھڑوا دیں، جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا اب ریلوے ہر چیز کے لیے عدالت آئے گا؟ پاکستان ریلوے اپنے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرے، اگر ایک انتہائی قابل افسر کو گھی کمپنی چلانے کا کہیں تو وہ کیسے چلائے گا؟ اسی لیے آپ سے کہہ رہے ہیں کہ ریلوے کاروبار کرنے کا تجربہ نہیں رکھتا۔ ایک پائلٹ کو چیئرمین پی آئی اے لگا دیا گیا، جہاز اڑانے اور ایئر لائن چلانے میں فرق ہوتا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ریلوے اپنے 6 ہزار ایکڑ خالی زمین پر جنگل ہی لگا لے، زرعی زمین کا بہترین استعمال درخت لگانا بھی ہے۔
بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ عدالت حکم دے تو ریلوے سے متعلق پالسی اور رولز بنا کر کابینہ میں پیش کر دیں گے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ریلوے کے منصوبوں کے پیچھے قانونی جواز ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے سماعت مارچ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2019 میں پاکستان ریلوے کی زمینیں 5 سال سے زائد عرصے کی لیز پر پابندی عائد کی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے 2021 میں کراچی میں ریلوے زمینوں کے کیس میں لیز پر پابندی عائد کی تھی۔ وفاقی حکومت نے لیز پر پابندی کے حکم کے خلاف نظر ثانی دائر کر رکھی ہے۔

پنجاب کی نگران کابینہ کیلئے پہلے مرحلے میں 8 وزراء کے نام فائنل

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی نگران کابینہ کیلئے پہلے مرحلے میں 8 وزراء کے نام فائنل ہو گئے، حلف برداری کی تقریب آج ہی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی نگران کابینہ میں ڈاکٹر جاوید اکرم کو صحت، امین وینس کو داخلہ، نسیم صادق کو محکمہ فوڈ کی وزارت دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔
پہلے مرحلے میں نگران کابینہ میں داخلہ، اطلاعات، خزانہ، قانون، فوڈ، ہیلتھ اور دیگر وزیر بنائے جائیں گے، پنجاب کے نگران وزراء کی تقریب حلف برداری آج ہی گورنر ہاؤس میں ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب میں سال اور لگ جاتا تو (ن) لیگ والوں کے کپڑے بھی نظر نہیں آتے: پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) والوں کو عدلیہ کے خلاف بات کرتے شرم آنی چاہیے، کل کو منتیں بھی ان سے ہی کرتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم سب اپنی عدلیہ اور ججز کو دعا دیتے ہیں، عدلیہ سے ہی انصاف مل رہا ہے تب ہی پاکستان چل رہا ہے، الیکشن کمیشن کو قوم پر ترس کھانا چاہیے، ایک بار تو صحیح فیصلہ کر لو۔
انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کے بعد عمران خان نے وزارت اعلیٰ دی، ہم نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے، ان کے شانہ بشانہ چلنا ہے، خان صاحب آج بھی پاکستان کے مقبول لیڈر ہیں، میں نے خان صاحب کو کہا تھا آپ اسمبلی جب مرضی توڑ دیں، خان صاحب کو لوگوں نے غلط گائیڈ کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا اگر ایک سال اور لگ جاتا تو مسلم لیگ (ن) والوں کے کپڑے بھی نظر نہیں آنے تھے، (ن) لیگ والے بھی چاہ رہے تھے اسمبلیاں مدت پوری کریں، ساڑھے 5 ماہ میں ساڑھے 5 سال والا کام کیا، میں نے لاہور کو 21 ارب روپے کے منصوبے دیئے ہیں۔

شہباز شریف سے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کی ملاقات شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بڑی اتحادیوں جماعتوں کے سربراہان کی ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں شروع ہو گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر استقبال کیا، پی ڈی ایم رہنماؤں کی اہم بیٹھک جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورت پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے اور پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

بھارت کے یوم جموریہ پرمقبوضہ کشمیرمیں یوم سیاہ، مکمل ہڑتال

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنایا جا رہا ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنے گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرا دئیے۔
میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔ دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ موجود نہیں۔
بھارت نے یوم سیاہ پراحتجاجی ریلیوں کو روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں اضافی فوجی دستے تعینات کردئیے ہیں۔ مختلف گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ متعدد علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
کشمیری عوام نے بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں کے محاصرے اورناکہ بندی کے باوجود قابض بھارت کے مظالم کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔